ایمزٹی وی(انٹرنیشنل)25 سال بعد ترکمانستان،افغانستان، پاکستان اور انڈیا (تاپی) گیس پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔اس پائپ لائن کے ذریعے افغانستان کو 500 ملین کیوبک فیٹ یومیہ ، پاکستان کو ایک ارب 32کروڑ اور ہندوستان کو بھی ایک ارب 32 کروڑ کیوبک فٹ یومیہ گیس ملے گی، ہندوستان سالانہ 200 تا 250 ملین ڈالر ٹرانزٹ فیس پاکستان کو ادا کرے گا، پاکستان یہی رقم بطور ٹرانزٹ فیس افغانستان کو ادا کردے گا، اس منصوبے کی سالانہ گیس فراہمی کی استطاعت 33 ارب معکب میٹر ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب میں تاپی گیس منصوبے کو خطے کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن قرار دیا۔اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اس سے چاروں ممالک میں تجارت کو بھی فروغ ملے گا۔اس موقع پر افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ تاپی منصوبہ خطے کی تقدیر بدل دے گا۔واضح رہے کہ ترکمانستان کے صدر قربان قلی بردی محمدوف نے گزشتہ ماہ اندرون ملک گیس پائپ لائن کی تعمیر کے احکامات جاری کیے تھے۔سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں میزبان ترکمانستان کے صدر قربان علی محمدوف، افغانستان کے صدر اشرف غنی، پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف اور ہندوستان کے نائب صدر حامد انصاری نے شرکت کی۔
ایمز ٹی وی (ہیلتھ ڈیسک) برطانوی ماہرین صحت کی تحقیق کے مطابق عام طور پر ذیابیطس کو لاعلاج مرض سمجھا جاتا ہے لیکن جسمانی وزن میں کمی لا کر اس مرض سے چھٹکارا ممکن ہے۔
برطانوی کیسل یونیورسٹی میں اس مرض پر تحقیق کی گئی تاکہ پتہ لگایا جاسکے کہ ذیابیطس مرض کی بنیادی وجوہات کیا ہیں اور اس کو ختم کرنے کا کیا طریقہ ہے۔ نئی برطانوی طبی تحقیق میں یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ دنیا بھر میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کے شکار کروڑوں افراد محض جسمانی وزن کم کرکے اس مرض سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس مرض کی وجہ لبلبے میں چربی جمع ہونا ہوتا ہے اوراگر ایک گرام چربی کوبھی کم کرلیا جائے تو انسولین کی سطح کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اس مرض کو بھی ختم کیا جاسکتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ذیابیطس کے نتیجے میں بینائی سے محرومی ،فالج ، گردے فیل ہونا اوراعضا سے محرومی کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ ماہرین نے ذیابیطس کے اسباب اور اس میں کمی کے لئے 25 سے 65 سال کی عمر کے 18 افراد پر تجربہ کیا جنہیں 2 ماہ تک محدود غذا دی گئی۔ اس عرصے میں ان مریضوں کے وزن میں اوسطاً 14 کلو کی کمی آئی جس کے نتیجے میں لبلبے پر جمع چربی کی 0.6 گرام مقدار بھی کم ہوگئی اور لبلبے کو معمول کی سطح پر انسولین بنانے میں مدد ملی جس کے بعد ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ مزید تحقیقات کےلئے دو سال میں 200 افراد پر تجربہ کرنے کی ضرورت ہوگی جس کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں تاہم ابتدائی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اگر جسمانی وزن میں کمی لائی جائے تو ذیابیطس کا علاج ممکن ہے۔
ایمز ٹی وی (سائنس اینڈ ٹیکنالوجی) سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی سے ملکوں کے درمیان جنگ زمین سے نکل کر اب خلاؤں تک جا پہنچی ہے اور دنیا کی سپر پاورز ریاستیں خلاوؤں میں اپنا تسلط جمانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں ایک طرف تو یورپی اور روسی خلائی ایجنسیاں چاند کا مستقل مسکن بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں تو دوسری جانب امریکا نے ایک ایسے ستارہ کو بنانے پر کام شروع کردیا ہے جو کسی بھی سیارے کو تباہ کرسکے گا اس لیے اسے موت کا ستارہ یا ڈیتھ اسٹار کا نام دیا گیا ہے۔
اب ملکوں کو تباہ کن ہتھیار تیار کرنے اور اس پر رقم خرچ کرنے کی ضروت نہیں رہے گی بلکہ خلا سے ایک ستارہ فائر کیا جائے گا اور وہ ایک سیارے کی تباہی کے لیے کافی ہوگا جب کہ اس ستارے میں کسی بھی جگہ کو تباہ کرنے والے عناصر پہلے سے موجود ہوتے ہیں اسے صرف ترتیب دینا ہوتا ہے۔ اس نظریئے کے خالق اور ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری کے چیف انجینئر کا کہنا ہے کہ کسی ڈیتھ اسٹار کو بنانے کے لیے کسی بڑے اسٹاف کو خلا میں بھیجنے کی ضرورت نہیں بلکہ اس ستارے پر موجود میٹریل کو استعمال کر کے اسے آسانی سے ڈیتھ اسٹارمیں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
چیف انجینئر کے مطابق ایک شہاب ثاقب یا ستارے میں میٹلز، نامیاتی عناصر، پانی اور تمام اجزا موجود ہوتے ہیں جو ایک ڈیتھ اسٹار کی تیاری کے لیے درکا ہیں۔ ناسا اس طرح کے ڈیتھ اسٹار کی تیاری میں مصروف ہے اور اس کے لیے اسٹرائڈ ری ڈائریکٹ مشن ترتیب دے دیا ہے جو تیزی سے اس پر کام کر رہا ہے۔ یہ مشن ایک روبوٹ کو کسی بھی شہاب ثاقب پر اتارے گا اور وہاں سے مٹی کے نمونے حاصل کرے گا جسے چاند کے مدار کے گرد رکھ کر اسے دوبارہ حاصل کیا جائے گا جس سے 2023 تک ڈیتھ اسٹار کی تیاری ممکن ہوگی۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) چین کے دیہات میں ایک ٹانگ سے مکمل معذور ڈاکٹر گزشتہ 10 سال سے مریضوں کا علاج خود ان کے گھر جاکر کررہا ہے جو خدمت کی ایک اعلیٰ مثال ہے۔
چین کے جنوب مغربی صوبے چونگ کنگ کا رہائشی ڈاکٹر روزانہ مریضوں کو علاج اور ادویات فراہم کرتا ہے وہ 14 برس کی عمر میں ایک ٹانگ سے محروم ہوگیا تھا جس کے بعد اس نے خود ڈاکٹر بن کر لوگوں کی خدمت کا ارادہ کیا اور اب گزشتہ 10 سال سے معذوری کے باوجود خود مریضوں کے گھرجاکران کا علاج کرتا ہے۔
چینی ڈاکٹر بارش اور دھوپ میں بھی اپنا بیگ اٹھائے بیساکھیوں کے سہارے گھر گھر جاکر لوگوں کا علاج کرتا ہے، 2003 سے اب تک چلتے چلتے بیساکھیوں کے 45 جوڑے گھس کرٹوٹ چکے ہیں لیکن ڈاکٹر کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی اور وہ پوری قوت سے اپنا مشن انجام دے رہا ہے۔ عزم وہمت کی مثال قائم کرنے والا یہ ڈاکٹر ایسے مریضوں کا مفت علاج کرتا ہے جو غربت کے باعث دوائیں خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
ایمزٹی وی(کوئٹہ)صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی14سالہ رہائشی دونوں ٹانگوں سے معذورثمینہ کامیاب علاج کے بعد چلنے پھرنے کے قابل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق ثمینہ دو سال قبل ٹائیفائڈ بخارکے باعث چلنے سے معذور ہوگئی تھی۔جس کے بعد انہوں نے کوئٹہ کے آرتھوپیڈک،پروستھیٹک اینڈ فزیو تھراپی سینٹر (او پی پی سی)کا دورہ کیا جہاں اسکا کامیاب علاج کیاگیاجس کے بعد متاثرہ ثمینہ چلنے پھرنے کے قابل ہوگئی ہیں اور وہ عام انسان کی طرح چلتے ہوئے اپنی تعلیم مکمل کرنا چاہتی ہیں۔واضح رہے کہ متاثرہ پناہ گزینوں اور میزبان ممالک کےلئے پروگرام(راہا) کے تحت اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی نے پاکستانی این جی او "سوشیو پاک" کے تعاون سے (اوپی پی سی)کو جدید آلات سے لیس کیا تھا تاکہ معذور افراد کو پیسوں کے بغیر مصنوعی اعضاءلگائے جاسکیں۔
ایمزٹی وی(لاہور)قصور کے علاقے الٰہ آباد میں ورکشاپ میں کام کرنے والے تین کمسن بچے زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔تفصیلات کے مطابق قصور کے نواحی علاقہ الہ آباد میں ایک ورکشاپ میں کام کرنے والے چار بچوں نے قریبی ہوٹل سے کھانا خریدا تھااور کھا کرسو گئے۔ رات گئے ان کی حالت خراب ہوگئی جس کے باعث 10سالہ ابرار، 11سالہ صادق اور 15سالہ کاشف موقع پر جاں بحق جبکہ کاشف نامی بچے کی حالت تشویشناک تھی۔اس واقعہ کا علم صبح اس وقت ہوا جب فیکٹری کا مالک جاوید فیکٹری میں پہنچا تو تینوں بچے جاں بحق ہوچکے تھے جبکہ فیصل کو نازک حالت کے پیش نظر مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایمزٹی وی(کراچی)جسٹس سجاد علی شاہ نے سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کا حلف اٹھا لیا۔ نئے چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ عدلیہ میں کرپشن برداشت نہیں کی جائےگی۔ تقریب میں ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں کے ججز کے علاوہ آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔ حلف برداری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چیف جسٹس جسٹس سجاد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عدلیہ میں کرپشن برداشت نہیں کی جائےگی۔ 1966 سے 2000 تک کے تمام مقدمات کو آئندہ سال جون تک نمٹا دیا جائےگا‘ سابق چیف جسٹس کی پالیسی برقرار رہے گی۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی تقریب حلف برداری ارود میں ہوئی۔ تقریب میں ڈی جی رینجرز پہلی بار شریک ہوئے۔
ایمز ٹی وی (کراچی)جم خانہ کلب میں لاڑکانہ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ عجیب بات ہے رینجرز کے معاملے کو بہت اچھالا گیا، رینجرز ہمارے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے پولیس کے ساتھ مل کر بہت اچھا کام کیا ہے اور امن قائم کرنے میں بہت کامیابی حاصل کی ہے، اس کو فراموش نہیں کر سکتے، یہ ایک قانونی بات ہے جس پر تھوڑی سی تاخیر ہوئی ہے، رینجرز اور سندھ حکومت ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ رینجرز پر سیاست چمکانا مناسب نہیں۔ نیب بغیر اطلاع کے کافی ایکٹو ہے۔ رینجرز وفاق کا ادارہ ہے لہٰذا آرٹیکل 147 کے تحت اسمبلی سے توسیع لینا ضروری ہے۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) مصر میں گدھے کے گوشت کی بڑھتی ہوئی فروخت کو روکنے اور اس مکروہ کاروبار میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے گدھوں کے شناختی کارڈز بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
گزشتہ کچھ عرصے سے مصر کے مختلف حصوں میں گدھے کے گوشت کی فروخت ہونے کی خبریں منظر عام پر آنے کے بعد عوامی حلقوں میں سنسنی پھیل گئی۔ مصر کی حکومت نے اس حوالے سے عوام کو متنبہ کرنے کے لیے الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے آگہی مہم اور خاکے بھی چلائے۔
پولیس نا صرف جگہ جگہ چھاپے مار کر قصابوں اور دکانداروں کو گرفتار کر رہی ہے بلکہ گدھوں کی گنتی کر کے ان کے شناختی کارڈز جاری کیے جارہے ہیں۔ یوں اب جس شخص کا گدھا بھی غائب نظر آیا۔ پولیس پوچھ گچھ کرسکتی ہے کہ کہیں اْسے ذبح کر کے قصاب کی دکان پر تو نہیں پہنچا دیا گیا۔