ایمز ٹی وی(اسلام آباد)پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شام 5 بجے تک ملتوی کردیا گیا، وزیراعظم نواز شریف سری لنکن صدر سے ملاقات کے باعث اجلاس میں پیش نہیں ہوئے جس پر اپوزیشن نے اجلاس ملتوی کرنے کی تجویز دی۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف کی غیر موجودگی پر اپوزیشن نے اجلاس ملتوی اور حکومت نے جاری رکھنے پر اصرار کیا، اسحاق ڈار نے کہا کہ بحث شروع کی جائے، وزیراعظم جلد اجلاس میں شامل ہوجائیں گے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سری لنکن صدر کا دورہ پہلے سے طے شدہ تھا، وزیراعظم ساڑھے 3 بجے کے بعد اجلاس میں آئیں گے۔قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے اسپیکر کو تجویز دی کہ اجلاس شام 4 بجے تک ملتوی کردیا جائے، اہم اجلاس میں وزیراعظم کی موجودگی ضروری ہے، میاں نواز شریف بہت میٹھا بولتے ہیں، انہیں سننا اچھا لگتا ہے
ایمز ی وی(اسلام آباد)پاکستان اور سری لنکا نے باہمی تجارت ایک ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، وزیراعظم نواز شریف کہتے ہیں دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف سے سری لنکن صدر پالا سری سینا نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت ایک ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔اس سے قبل وزيراعظم ہاؤس پہنچنے پر معزز مہمان کا شاندار استقبال کیا گیا، سری لنکن صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔مشترکہ نیوزی کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ سری لنکا کے ساتھ تعلقات مزيد مستحکم بنانا چاہتے ہيں، صدر پالا سری سینا سے دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بات ہوئی
ایمز ٹی وی(اسلام آباد)وزیر دفاع کہتے ہیں تنازع کے حل کیلئے ترکی ایران سے رابطے میں ہیں، سعودی بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوج بھیجنے کا فیصلہ عوامی امنگوں کے مطابق ہوگا۔ خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کی واپسی کو جمہوریت اور پارلیمنٹ کی فتح قرار دے دیا۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر دفاع نے حکومتی پالیسی بیان پيش کردیا، خواجہ آصف کہتے ہیں سعودی عرب فوج بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا، پارلیمنٹ سے بالا کوئی فیصلہ نہیں ہوگا، عوامی امنگوں کا خیال رکھیں گے، سعودی عرب نے فضائی، بری اور بحری ضروریات سے آگاہ کیا، ترکی نے بھی یمن میں غیر ریاستی عناصر کی مخالفت کی، پاکستان اور ترکی نے سعودی عرب کے دفاع اور مسئلے کے حل کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا، خطے میں امن کیلئے مسلم امہ کا اتحاد ضروری ہے، پاکستان یمن میں غیر ریاستی عناصر کے کردار کی مذمت کرتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی سیکیورٹی ہمارے لئے اہم ہے، سعودی عرب کو خطرہ ہوا تو پاکستان اپنے بھائیوں کیساتھ کھڑا ہوگا، اس حوالے سے ہمارا مؤقف واضح ہے، مقدس سرزمین کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو بھرپور دفاع کرینگے۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ یمن کی صورتحال خطے پر اثر انداز ہوگی، اثرات پاکستان تک بھی پہنچیں گے، پاکستانیوں کا محفوظ انخلاء یقینی بنایا جارہا ہے، وزیراعظم خود نگرانی کررہے ہیں، سعودی عرب نے یمن میں پھنسے پاکستانیوں کے تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے نو فلائی زون سے پرواز گزرنے کی اجازت دی۔وہ کہتے ہیں کہ پاکستان یمن میں امن کیلئے کسی بھی عمل کی حمایت کرے گا، وزیراعظم نواز شریف نے پُرامن حل کیلئے ترکی کا دورہ کیا، یمن کے مسئلے پر پاکستان اور ترکی یکساں مؤقف رکھتے ہیں، آج سعودی عرب کے نائب ولی عہد ترکی کا دورہ کررہے ہیں جبکہ 8 اپریل کو ایران کے وزیر خارجہ پاکستان آئیں گے، سفارتی کوششوں کا مقصد یمن کی صورتحال کا پُرامن حل تلاش کرنا ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت براہ راست دہشتگردی سے نبرد آزما ہے، قوم کے ایک لاکھ 72 ہزار بیٹے دفاع وطن کیلئے برسر پیکار ہیں، پاک فوج دہشتگردی کیخلاف اپنے خون سے نئی تاریخ رقم کررہی ہے، پاکستان اپنے وسائل سے دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑرہا ہے، اس جنگ میں پاک وطن کو 100 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔خواجہ محمد آصف نے پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمنٹ میں واپسی کو ایوان اور جمہوریت کی فتح قرار دیا۔
ایمز ٹی وی(اسلام آباد)پارلیمان کے باہر کراچی آپریشن کی بھی گونج سنی گئی، ڈاکٹر فاروق ستار کہتے ہیں ٹارگٹ کلنگ کا سب سے زیادہ نشانہ ایم کیو ایم کے کارکن بنے، شہداء کے قاتلوں کو بے نقاب ہونا چاہئے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے مشترکہ اجلاس کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان تحریک انصاف کے مستعفی ارکان پارلیمنٹ میں آئے، کسی رکن نے استعفیٰ نہ دینے کی بات نہیں کی۔کراچی آپریشن پر سوال اٹھاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں سب سے زیادہ متحدہ کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ ہوئی، شہداء کے قاتلوں کو بے نقاب ہونا چاہئے۔
اس موقع پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کوئی مک مکا، کوئی معاہدہ آئین تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دیتا، استعفیٰ کی صورت طلاق جیسی ہوتی ہے دے دی تو دے دی، 7 ماہ 3 روز تک ایوان سے رجوع نہ کرنے والے نامحرم ہیں
ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک)افغان طالبان نے اپنے 'کرشماتی' سپریم لیڈر ملا عمر کی تفصیلی سوانح حیات شائع کر دی ہے اور یہ اقدام بظاہر عسکریت پسندوں حلقوں میں دولت اسلامیہ کے بڑھتے ہوئے اثر رسوخ کا توڑ لگ رہا ہے،شائع ہونے والی سوانح عمری ملا عمر کے بطور سپریم لیڈر انیس برس مکمل ہونے پر ایک خراج تحسین ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ اب بھی 'جہادی سرگرمیوں' میں بھرپور انداز سے متحرک ہیں
ایمز ٹ وی(اسلام آباد) یمن میں کشیدہ صورتحال اور سعودی عرب کو مدد فراہم کرنے سے متعلق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہورہا ہے،یمن میں حکومت مخالف حوثی قبائل کے خطرے سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب نے پاکستان سے مدد مانگ رکھی ہے،اس سلسلے مین وزیرِاعظم نے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور عسکری قیادت سے مشاورت کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا، یمن جنگ میں سعودی عرب کی معاونت کے حوالے سے پاکستان کا کیا کردار ہونا چاہیئے، اس پر سیاسی جماعتیں اپنا نکتہ نظر بیان کر کے تجاویز پیش کریں گی
ایمزٹی وی(فارن ڈیسک)وزیرخارجہ جواد ظریف نے ایک سرکاری ٹی وی کے ایک ٹاک شو کے دوران کہا کہ اگر مغربی ممالک اس معاہدے سے جسے 30جون کو حتمی شکل دی جانی ہے سے پیچھے ہٹ گئےتوایران اپنی جوہری سرگرمیوں کو دوبارہ شروع کرنے کا اہل ہوگا،
جوادظریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی تومعاہدے میں شامل تمام فریق اس پرعمل کرنے کی ذمے داری سے الگ ہوسکتے ہیں
ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک)سعودی عرب کی قیادت میں مسلسل جاری فضائی حملوں کے باوجود حوثی عسکریت پسندوں کو یمن کے شہر عدن میں کچھ پیش قدمی میں کامیابی حاصل ہوئی ہے،ایک رپورٹ کے مطابق حوثی جنگجوؤں اور اتحادی فوج کے یونٹوں کے درمیان جاری تصادم یمن کے جنوبی شہر عدن میں اتوار کے روز شدید ہوگیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شدید فائرنگ اور گولہ باری کی آوازیں بندرگاہ کے قریب مرکزی شہر میں گونجتی رہیں
ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک)عالمی میڈیا کے مطابق یہ اپیل فرانس کی جامع مسجد کے ناظم اور فرانسیسی مسلم کونسل کے صدر دلیل ابوبکر نے کی ہے،ان کا کہنا ہے کہ فی الحال فرانس میں مساجد کی مجموعی تعداد 2200 ہے، جو کہ ملک کی مسلم آبادی کے تناظر میں ناکافی ہے اور ان سے مسلمانوں کی ضرورت پوری نہیں ہوتی،انھوں نے کہا ملک میں مسلمانوں کی تعداد کے تناسب میں مساجد کی کمی کے سبب مساجد کھچا کھچ بھر جاتی ہیں اور اس مسئلے کا حل مساجد کی تعداد دوگنی کرنے میں ہے
ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک)یمنی حکومت کے حامی اورمخالف گروہوں کے درمیان جھڑپوں کے باعث عدن میں بجلی غائب اور پانی کی قلت ہوگئی ہے جبکہ کئی دکانوں میں اشیائے خوردونوش کی بھی کمی ہوگئی ہے،
شہر کے ایک کنویں پر خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد پیلے رنگ کے کین میں پانی بھرنے کے لیے اپنی باری کے منتظر ہیں، شہری اپنے استعمال کے لئے صاف پانی بھر کر گھروں کو لےجارہے ہیں کیونکہ حالات خراب ہونے کے باعث عدن میں نہ صرف پانی بلکہ بجلی اور اشیائے خوراک کی بھی قلت ہوگئی ہے