ایمز ٹی وی(اسلام آباد)چینی صدر شی جنگ پنگ سترہ سے انیس اپریل تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔
پاکستان اور چین کے درمیان چینی صدر کے دورہ پاکستان کی تاریخوں پر اتفاق ہوگیا ہے، چینی صدر شی جنگ پنگ سترہ سےانیس اپریل تک پاکستان کا دورہ کریں گے، دورے کی حتمی تاریخوں کا اعلان یمن کی صورتحال کو مدِ نظررکھ کر کیا جائے گا۔پاک فوج کی اسپیشل سیکیورٹی فورس چینی صدرکی سکیورٹی کے فرائض ادا کرے گی۔گزشتہ روز ہی اسپیشل سیکیورٹی فورس کا قیام صدارتی آرڈیننس کے زریعہ عمل میں لایا گیا ہے
ایمز ٹی وی(اسلام آباد)ترجمان تحریک انصاف شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ پورا ہونے کے بعد پارلیمنٹ میں آنے کا فیصلہ کیا۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا ہمارا موقف تھا کہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کیلیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے جو پورا ہو گیا ،اس لیے پارلیمنٹ میں آ گئے ہیں، اب کمیشن انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کرے گا۔ آج ہونے والے مشترکہ اجلاس سے متعلق ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پاک فوج کو یمن بھیجنے کی مخالفت کرتی ہے ۔ یمن کی جنگ میں حصہ لینے سے متعلق پارٹی اپنا موقف ایوان میں پیش کرے گی۔ایک سوال کے جواب میں شیریں مزاری نے کہا کہ ہم معافی کس بات کی مانگیں ،ہم نے جنگلے نہیں توڑے ۔شیریں مزاری نے تحریک انصاف کے 5 منحرف ارکان کے بارے میں پارٹی موقف واضح کرتے ہوئے کہا جن5ارکان نےپارٹی چھوڑی وہ اب تحریک انصاف میں واپس نہیں آسکتے۔
ایمز ٹی وی (شوبز) بھارتی ٹی وی چینلز سے دکھائے جانے والے پاکستانی ٹی وی ڈراموں کی مقبولیت کے بعد پاکستانی ٹیلی ویژن فنکاروں کی عمدہ کارکردگی نے بھارتی فلم پروڈیوسرز کو اس قدر متاثر کیا کہ انھوں نے اب اپنی نئی فلموں میں وہ پاکستانی فکاروں کو کاسٹ کرنے کے لیے رابطے شروع کردیے ہیں۔
گزشتہ چند ماہ کے دوران ٹیلی ویژن کے نامور فنکاروں کو بھارتی فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی، جس کے بعد ماڈل اور اداکارہ مائرہ خان ان دنوں اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ فلم’’رئیس‘‘ میں اہم کردار ادا کررہی ہیں، فواد خان بھی متعدد فلموں میں کام کررہے ہیں بلکہ فواد خان تو بھارتی فلم پروڈیوسرز کے لیے ہاٹ کیک بن چکے ہیں وہ بھارتی فلم پروڈیوسرز کی اولین ترجیح ہیں، عمران عباس، عمائمہ ملک، ثنا، سارہ لورین حال ہی میں بھارتی فلموں میں کام کرکے اپنے فن کا لوہا منواچکی ہیں، جاوید شیخ بھی ان دنوں دو بھارتی فلموں میں کام کررہے ہیں، پاکستان کے معروف مزاحیہ اداکار علی حسن، عرفان ملک بھی ان دنوں بھارتی فلموں میں کام کررہے ہیں، پاکستانی فنکاروں کی بھارت میں مقبولیت کے بعد پاکستان اور بھارت کے فلم پروڈیوسرز نے مشترکہ فلم سازی کی خواہش ظاہر کی ہے۔
فلم ساز مہیش بھٹ بھی پاکستانی فنکاروں کے معترف ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کیا ہی اچھا ہو کہ اگر پاکستان اور بھارت مشترکہ فلم سازی کا آغاز کریں۔ نصیر الدین شاہ بھی پاکستان آکر کام کرنے کے خواہش مند ہیں وہ رواں سال کے آخر میں آکر پاکستانی فلم میں کام کریں گے۔ بھارتی اداکار اوم پوری، شبانہ اعظمی،شترو گھن سنہا بھی پاکستان کے ساتھ کسی بھی پروجیکٹ میں کام کرنے کے لیے تیار ہیں
ایمز ٹی وی(کراچی): ڈیفنس کے علاقے میں رینجرز سے مقابلے کے دوران لیاری گینگ وار کے 3 کارندے مارے گئے۔ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، ہلاک کارندوں میں سے ایک کا تعلق سیاسی جماعت سے تھا۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق خفیہ اطلاع پر ڈیفنس میں ٹارگٹ کلر ٹیم کے سربراہ سلیم عرف ڈالر کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کردی
ایمز ٹی وی(اسلام آباد)جمیعت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ کا کہنا ہے کہ وہ یمن کے بحران پر بحث کے لیے پیر کو طلب کیے گئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کرے گی اور اس معاملے پر اپنا نکتہ نظر پیش کرے گی۔جے یو آئی ایف کے ترجمان محمد خان اچکزئی نے پارٹی کے ایک مشاورتی اجلاس کے بعد ڈان کو بتایا کہ ’’ہمیں حکومت کی پالیسی کے بارے میں علم نہیں ہے کہ وہ کس طرح اس صورتحال سے نمٹنا چاہتی ہے۔ ہماری جماعت نے فیصلہ کیا ہے کہ پہلے حکومتی مؤقف کو سنا جائے پھر اس کے بعد اس معاملے پر اپنی رائے دی جائے۔‘‘جے یو آئی ایف کا یہ مشاورتی اجلاس اس کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی سرکاری رہائشگاہ پر اتوار کے روز منعقد ہوا، جس میں یمن کے بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ایف کا اصولی مؤقف یہ تھا کہ اگر سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کو خطرہ لاحق ہوتو ’’ہم غیرجانبدار نہیں رہ سکتے، اس لیے کہ وہ ہمارے اچھے دوست ہیں۔ لیکن چونکہ یہ خانہ جنگی ایک تیسرے ملک میں جاری ہے، چنانچہ ہمیں اپنی فوج کو اس میں ملوث نہیں کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ اگرچہ جے یو آئی ایف اور پاکستان تحریک انصاف ایک دوسرے کے سیاسی حریف ہیں اور ان کے درمیان اچھے تعلقات نہیں ہیں، تاہم یمن میں جاری بحران کے معاملے پر دونوں جماعتوں کا نکتہ نظر یکساں ہے
ایمز ٹی وی(کوہاٹ) کوہاٹ روڈ پر واقع بنوولمنٹ اسکول کی بندش کے خلاف والدین نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور کوہاٹ روڈ پر ٹائر نذرآتش کر کے روڈ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ والدین نے احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی اور الزام عائد کیا کہ اسکول کی بندش کا نوٹیفیکیشن مارچ کے مہینے میں جاری ہوا تھا لیکن والدین کو ایک روز قبل اطلاع دی گئی۔ مظاہرین کاکہنا تھا کہ اب بچے کہاں جائیں گے جبکہ تعلیم کے حصول کے لیے کوئی متبادل بندوبست نہیں کیا گیا۔
ایمز ٹی وی (کراچی) رینجرز کے سامنے عبید کے ٹو کو شناخت کرنے والا گواہ عدالت کے سامنے اپنے بیان سے منحرف ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق 2009 میں یوسف پلازہ کے قریب اے ایس آئی عباس کی ٹارگٹ کلنگ کے گواہ نے رینجرز کی موجودگی میں عبید کے ٹوکوملزم کے طور پر شناخت کیا تھا تاہم عبید کےٹو کو جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کراچی علی سلیمان کے رو برو ایک مرتبہ پھرشناختی پریڈ کے لئے پیش کیا گیا جہاں گواہ نے اسے ملزم ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ شخص نہیں جس نے اس کے سامنے پولیس اہلکار کو قتل کیا تھا۔ واضح رہے کہ عبید کے ٹو کو رینجرز نے گزشتہ ماہ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو اور اس کے اطراف کے گھروں میں کارروائی کرکے گرفتار کیا تھا۔
ایمز ٹی وی (ہیلتھ ڈیسک) سندھ میں پہلی ڈی این اے ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کردی گئی ہے۔ لیاقت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزجامشورو میں قائم ڈی این اے لیبارٹری کانوٹیفیکیشن منگل کوصوبائی محکمہ صحت نےجاری کیا، لیبارٹری لیاقت یونیورسٹی کے فارنسنک میڈیسن کے ماتحت ہوگی۔ اسپیشل سیکریٹری خالد شیخ کے مطابق صوبے میں پہلی بار ڈی این اے لیبارٹری قائم کی گئی ہے۔ لیبارٹری کے قیام سے حادثات میںجاں بحق ہونے والے افرادکی ڈی این اے کے ذریعے فوری شناخت کی جاسکے گی، اس سے قبل ڈی این اے کیلیے نمونے اسلام آباد بھجوائے جاتے تھے۔
ایمز ٹی وی (ہیلتھ ڈیسک) تھر میں غذائی غلت کے باعث مزید 2 بچے جاں بحق ہو گئے جس کے بعد رواں برس زندگی کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 155 ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تھر کی تحصیل مٹھی کے سول اسپتال میں غذائی قلت کے باعث 2 بچے موت کی آغوش میں چلے گئے، جان کی بازی ہارنے والوں میں ایک 4 روز جب کہ ایک 2 ماہ کا بچہ شامل ہے۔واضح رہے کہ رواں برس جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 55 ہو گئی ہے کہ گزشتہ برس بھی غذائی قلت اور صحت کی بنیادی سہولیات کے فقدان کے باعث بھی سیکڑوں بچے جاں بحق ہو گئے تھے۔