ایمز ٹی وی(کراچی)ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے گرفتار مزید سات ملزمان کے ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کر دی گئی ۔
نائن زیرو سے گرفتار ایم کیو ایم کے مزید سات ملزمان کو انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، پولیس نے عدالت سے ریمانڈ کی استدعا کی، جوعدالت نے منظور کرلی۔
عدالت میں ملزمان توصیف ،رضوان ، ممتاز، وجیہ الرحمن، فیضان، نعیم اور زبیر برگر کو پیش کیا گیا، ملزمان کو رینجرز کی سخت سیکیورٹی میں عدالت لایا گیا جبکہ ایم کیو ایم کے لیگل ایڈ وکلا کو چیمبر سے باہر نکال دیا گیا۔
گزشتہ روز بھی عدالت نے ملزم فیصل محمود عرف موٹا، فرحان شبیر عرف ملا، نادر شاہ، عبید کے ٹو،عامر سلیم عرف سرکٹا، امتیاز، کاظم رضا رضوی، عبدالقادر ہنگورو اور ندیم احمد عرف مچھڑ کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔
عدالت نے دھماکہ خیز مواد رکھنے کے الزام میں عبید کے ٹو کے ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کرتے ہوئے گلبرگ پولیس کے حوالے کردیا جبکہ ملزم عبدالقادر ہنگورو پر زبیر، کریم اور پولیس اہلکار چمن کو کلری تھانے کی حدود میں قتل کرنے کا الزام بھی ہے۔
عدالت نے ملزم نادر شاہ کی طبیعت ٹھیک نہ ہونے پر اس کے اہلخانہ سے ملاقات کرانے کی اجازت بھی دی۔
اس سے قبل بھی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نائن زیرو سے گرفتار ایم کیو ایم کے پانچ کارکنوں کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا
ایمز ٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ یمن سے متعلق کسی بھی پلان اور پالیسی پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے، تاہم مشرق وسطیٰ فوج بھیجنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
قومی اسبملی میں اظہار خیال کے دوران وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جغرافیائی حیثیت کوخطرہ ہوا تو پاکستان دفاع کریگا، کسی بھی فوجی اقدام سے پہلے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ کسی جنگ کا حصہ بننے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، مسلم امہ کو اتحاد کی ضرورت ہے، سعودی عرب کا ہر حال میں دفاع کریں گے، تاہم کوئی بھی فیصلہ ایوان سے بالا نہیں کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ مسلم امہ کی یکجہتی کیلئے پاکستان جو کردار ادا کرسکا کرے گا، اپوزیشن کے خدشات بےبنیاد ہیں، ہم افغانستان میں بدامنی کے براہ راست نتائج دیکھ رہے ہیں
ایمز ٹی وی(کوئٹہ)لورالائی کےعلاقے میحتر میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے، سرچ آپریشن کے دوران چیچلو اور ملحقہ علاقوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔
ایف سی ذرائع کے مطابق لورالائی کے علاقے میحتر میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے، سرچ آپریشن میں ایف سی ، پولیس اور لیویز اہلکار شریک ہیں۔ آپریشن کے دوران میحتر میں چیچلو اور ملحقہ علاقوں کی ناکہ بندی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سرچ آپریشن گزشتہ شب شہید کیے جانے والے پولیس اہل کاروں کے قاتلوں کی تلاش میں کی جارہا ہے، گزشتہ روز دشہت گردوں نے بس سے اتار کر ایف سی اور پولیس اہلکار کو شناختی کارڈ دیکھ کر شہید کیا تھا، دوسری جانب لیویز ذرائع کے مطابق حملے کے بعد لاپتا ہونے والے پانچ پولیس اہلکار گھر پہنچ گئے۔ چیچلو میں پولیس وین پر حملے میں ایک اہلکار جاں بحق ہواتھا
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق نیویارک کے علاقے مین ہٹن کی ایک عمارت میں گیس سے چلنے والے آلات کی جانچ کا کام جاری تھا کہ اسی دوران گیس لیکج کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے دیکھتے ہی 3 قریبی عمارتوں کو اپنے لپیٹ میں لے لیا، آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ 2 عمارتیں کچھ ہی دیرمیں منہدم ہوگئیں جس کے ملبے تلے دب کر 19 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا جب کہ فائر فائٹرز کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا
ایمز ٹی وی(اسلام آباد )وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے کراچی بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور دھماکے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کراچی میں ہونے والے اسپشیل یونٹ کی بس پر حملے کی شدید مذمت کی ہے، اپنے بیان میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ قیمتی جانوں کےضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتا ہوں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بزدلانہ حملے دہشت گردی کیخلاف عزم کمزور نہیں کرسکتے، وہ دن دور نہیں جب دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر دیا جائے گا۔
ایمز ٹی وی(راولپنڈی)آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب میں آرمی میڈیکل کالج کی انتظامیہ اور اسٹاف نے شاندار خدمات انجام دیں ہیں، اس کی خدمات قابل تحسین ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آرمی میڈیکل کالج راول پنڈی کے سائنٹیفک سمپوزیم میں شرکت کی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جنگ اور امن میں آرمی میڈیکل کالج کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر سیمپوزیم سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آرمی میڈیکل کالج کا اسٹاف عزم وہمت سے کام لے رہا ہے، جنرل راحیل شریف نے قدرتی آفات اورانسانی بنیادوں پر شروع کی جانے والی مہمات میں آرمی میڈیکل کالج کی خدمات کو بھی سراہا
ایمز ٹی وی(کراچی)قائد آباد میں مرغی خانے کے قریب اسپیشل یونٹ پولیس کی بس کے قریب دھماکے میں دو اہل کار شہید، جب کہ پانچ پولیس کمانڈوز سمیت پندرہ سے زائد زخمی ہوگئے۔ شہید اہل کاروں کی شناخت گلزار اور چندر کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے قائد آباد میں مرغی خانہ اسٹاپ کے قریب پولیس وین پر پلانٹڈ ڈیوائس کے ذریعے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دو اہل کار شہید ، جب کہ پانچ پولیس کمانڈوز سمیت پندرہ افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی اہلکاروں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔
پولیس حکام کی جانب سے دھماکے کی تصدیق کردی گئی ہے،حکام کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، بس کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کی بس پولیس اہلکاروں کو لے کر ڈیوٹی پر شہر کی جانب آرہی تھی۔
پولیس چیف کے مطابق اسپیشل یونٹ پولیس کے اہل کار اور کمانڈوز بلاؤل ہاؤس کی سیکیورٹی کیلئے جا رہے تھے، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پولیس اور رینجرز نے دھماکے کی جگہ سے دو افراد کو حراست میں لے لیا۔دونوں افراد نے دہشت گردوں کو جائے وقوعہ پر موٹرسائیکل کھڑے کرتے دیکھا تھا۔ سما
ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک)سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی سے نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان کے علاوہ سعودی عرب کو یمن کے حوثی قبائل کے خلاف مراکش، مصر اور سوڈان کی حمایت بھی حاصل ہے اور یہ ممالک ضرورت پڑنے میں جنگ میں عملی طور پر بھی شریک ہو سکتے ہیں۔
گزشتہ روز تک سعودی حکام کہہ رہے تھے کہ وہ یمن کے اندر کارروائی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے اور یمن کی سرحد پر سعودی عرب کی فوج میں اضافہ دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے ہے۔
قبل ازیں پاکستان کی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی میں حصہ لینے کے لیے سعودی عرب کی حکومت نے پاکستان سے رابطہ کیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان تسنیم اسلم نے بتایا کہ سعودی حکومت نے اس سلسلے میں پاکستان سے رابطہ کیا ہے اور ہم اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔
یمن میں باغیوں کے خلاف کارروائی کے لیے کیا پاکستان اپنی فوج بھیجیے گا اور سعودی عرب کو کس قسم کی مدد فراہم کی جاسکتی ہے؟ اس سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
اس سے قبل امریکہ میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نے کہا تھا کہ ان کی فوج نے یمن کے صدر منصور ہادی کی درخواست پر فوجی آپریشن شروع کیا ہے اور یہ آپریشن دارالحکومت صنعا پر قبصہ کرنے والے حوثی قبائلیوں کے خلاف ہو رہا ہے۔
امریکہ میں سعودی کے سفیر عادل الجبير کے مطابق یمن کے صدر عبدالربہ منصور ہادی کی قانونی حکومت کو بچانے کے لیے ان کے ملک نے یہ قدم اٹھایا ہے۔
سعودی سرکاری ٹی وی کے مطابق سعودی عرب نے یمن میں حکومت مخالف باغیوں کے خلاف کارروائی کے لیے سو جنگی جہاز فراہم کیے ہیں جبکہ ڈیڑھ لاکھ سعودی فوجی آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
اردن نے بھی اپنے لڑاکا طیارے یمن میں کارروائی کے لیے بھیجے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یمن میں سعودی آپریشن کو سوڈان، موراکو، مصر اور پاکستان کی حمایت حاصل ہے ۔ ان ممالک نے وقت پڑنے پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔
یمن کے صدر کی درخواست پر سعوری عرب ، بحرین، کویت، قطر اور متحدہ عرب امارات عملی طور پر یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی میں مصروف عمل ہیں۔
ایمز ٹی وی (شوبز) جاپانی ماہرین کا تیار کر دہ دنیا کا پہلا بولنے والا روبوٹ اپنے خلائی سفر کے بعد واپس زمین پر آ گیا ہے۔۔ 34 سینٹی میٹر قدوقامت والے اس روبوٹ میں بولنے اور پوچھے گئے سوالات کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت مو جود ہے جس کا عملی مظاہرہ اس روبوٹ نے ٹوکیو میں اسپیس میں جانے سے قبل اپنی رونمائی کے موقع پر پیش کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔۔ خلاء میں اس روبوٹ کی ذمہ داری کسی جسمانی مشقت کے بجائے خلابازوں کیلئے ایک دوست کی تھی اور اسی مقصد کیلئے اسے تیار کیا گیا تھا ۔
ایمز ٹی وی(کراچی)شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا جب کہ کراچی پولیس چیف نے حملے میں ایک ہی گروپ کو ملوث قرار دیا ہے۔
زرائع کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ ایم اے جناح روڈ پر لائٹ ہاؤس کے قریب پیش آیا جہاں موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شکیل جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا اور اس کی شناخت ارشد کے نام سے ہوئی۔
لائٹ ہاؤس پر فائرنگ کے بعد فرار ہوتے ملزمان نے صدر رمپا پلازہ پر معمول کی ڈیوٹی پر تعینات 15 کی پولیس موبائل پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی شکیل اور ہیڈ کانسٹیبل سعید موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو کا واقعے پررد عمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ فائرنگ کے دونوں واقعات میں ایک ہی حملہ آور ملوث تھے، گزشتہ روز دہشت گردوں کے خلاف بھر پور آپریشن کیا گیا جس کے بعد دہشت گردوں نے پولیس پر حملے کیے تاہم پولیس پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔
دوسری جانب وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے 4 پولیس اہلکاروں کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ شہر میں امن و امان کے لیے مزید اقدامات کئے جائیں