Monday, 18 November 2024
پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم اکبر ایوب خان میٹرک پاس نکلے، وہ اس سے قبل محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے وزیر تھے۔
 
خیبر پختونخوا کے وزیراطلاعات نے تصدیق کی ہے کہ اکبر ایوب خان میٹرک پاس ہیں، انھوں نے اکبر ایوب کی تقرری کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں تعلیم کے لیے کسی قسم کی پابندی نہیں ہے، ایسا نہیں ہے کہ کوئی ڈاکٹر نہیں تو صحت کا محکمہ نہیں دیا جا سکتا۔ ماضی میں پرائمری پاس وزیر تعلیم بھی رہے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ اکبر ایوب اعلیٰ معیار کے ادارے کے فارغ التحصیل ہیں،محکمہ چلانے کے لیے جو صلاحیت چاہیے وہ اکبر ایوب کے پاس ہے۔ وہ پہلے بھی ایک محکمہ چلا چکے ہیں۔ سب سے بڑی بات عوام نے ان کو منتخب کیا ہے۔

مظفرآباد: آزاد کشمیر کےتمام تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کااضافہ کردیا گیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی ہدایت پر موسم کی شدت کے پیش نظر اور والدین کے مطالبے پر آزادکشمیر کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات میں 12 جنوری تک توسیع کر دی گئی ہے اور اس سلسلہ میں جمعہ کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔

اسکردو: پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے یورپ کی بلند ترین چوٹی مونٹ بلانک سر کر لی ہے۔
 
بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ نے مہم جوئی کاآغازدسمبر کے آخری ایام میں کیا تھا۔اس سے قبل مونٹ بلانک چوٹی1976میں سرکی گئی تھی۔ یورپ کی بلند ترین چوٹی مونٹ بلانک یہ چوٹی4808میٹر بلند ہے۔
 
محمد علی سدپارہ 8 ہزار میٹر بلند کے ٹو، گشہ بروم1،گشہ بروم 2، براڈ پیک، ننگا پربت، مناسلو اور دیگر چوٹیاں سر کر چکے ہیں۔
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2019 میں شریک امیدواروں کو انرولمنٹ فارم جمع کروانے کے لیے خصوصی موقع دینے کا اعلان کیا ہے۔
 
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے اعلامیے کے مطابق گورنمنٹ اور پرائیویٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے تمام گروپس کے صرف ایسے امیدواروں کو انرولمنٹ فارم جمع کروانے کے لیے خصوصی موقع دینے کا اعلان کیا گیا ہے جو انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2019 میں شریک ہوچکے ہیں لیکن کسی وجہ سے ابھی تک اپنے انرولمنٹ فارم جمع نہیں کراسکے ہیں۔
 
بورڈ کی طرف سے جاری لیٹرکے مطابق گورنمنٹ اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے ایسے طالب علم اپنے انرولمنٹ فارم 31جنوری 2020ءتک مبلغ 3000 روپے فیس کے ساتھ جب کہ پرائیویٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے طلباءاپنے انرولمنٹ فارم مبلغ 3750روپے فیس کے ساتھ بورڈ آفس کے متعلقہ سیکشن سے ضروری تصدیق کے بعد انٹربورڈ میں قائم یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے بوتھ میں جمع کرواسکتے ہیں۔
 
اعلامیے کے مطابق گورنمنٹ تعلیمی اداروں کے کسی ایسے طالب علم کے انرولمنٹ فارم کو قبول نہیں کیا جائے گا جس کے نمبرز کیپ پالیسی 2018-19 کے کٹ آف مارکس کے مطابق نہیں ہوں گے۔
کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی کراچی آمد ، چیف جسٹس نے مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔
 
چیف جسٹس گلزار احمد نے منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار مزار قائد پر حاضری دی۔
 
اس موقع پر انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور مزار پر پھول رکھے۔ چیف جسٹس کو سلامی بھی پیش کی گئی۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے

کراچی:ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت 90 ہزار 200 روپے کے بعد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سونے کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں، آج فی تولہ سونے کی قیمت میں 550 روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔

اضافے کے بعد صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، فیصل آباد، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت 90 ہزار 200 روپے ہو گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں میں فی تولہ سونا 5 ہزار روپے تولہ مہنگا ہوا۔

اسلام آباد: پاکستان میں ایڈز کی بیماری تیزی سے پھیلنے لگی ، ملک میں ایڈز سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 37 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
 
ایڈز سے زیادہ متاثرہ صوبوں میں پنجاب 17 ہزار 790 مریضوں کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ بلوچستان میں سب سے کم 1 ہزار 104 افراد ایڈز کی بیماری میں مبتلا ہیں۔ دستاویز کے مطابق ملک میں ایڈز کی بیماری میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے
 
ملک میں ایڈز سے متاثرہ رجسٹرڈ مریضوں میں سب سے زیادہ پنجاب کے 17 ہزار 790 مریض شامل ہیں سندھ میں ایڈز سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 10 ہزار 931 ہے ، اسلام آباد میں 3 ہزار 717 ، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 360 جبکہ بلوچستان میں 1 ہزار 104 افراد ایڈز کی بیماری میں مبتلاء ہیں ، اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں ایڈز سے متاثرہ 2951 مریض رجسٹرڈ ہیں ۔ راولپنڈی کے سی ایم ایچ میں 157 جبکہ بینظیر ہسپتال میں 609 مریض رجسٹرڈ ہیں ۔
 
لاہور کے میو ہسپتال میں 2548 ، جناح ہسپتال میں 1983 ، شوکت خانم میں 494 ، عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات میں 2058 کراچی میں 837 مریض رجسٹرڈ ہیں ۔ خیبر پختونخوا میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں 2366 ، لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں 494 ، ڈی ایچ کیو کوہاٹ میں 500 سو مریض رجسٹرڈ ہیں ۔
لندن: اگر آپ زیادہ دیر میز پر بیٹھ کر ذہنی دباؤ کا کام کرتے ہیں تو کام کرنے کی میز پر رکھا ایک ننھا منا پودا آپ کو خوشگوار احساس دلاتے ہوئے کام کے دباؤ کو کم کرسکتا ہے۔
 
یونیورسٹی آف ہیوگو کے سائنس دانوں کا اصرار ہے کہ دفتر کے اندر پودے رکھنے سے دماغی صحت بہتر رہتی ہے اور ذہنی دباؤ بھی کم ہوتا ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے ایک سروے کیا ہے اور اس بات کا جائزہ لیا ہے کہ سبزے سے دور رہنے کے باوجود دفتر میں کچھ پودے رکھنے سے نفسیاتی اور دماغی صحت پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
 
اس کے لیے سائنس دانوں نے 63 افراد کو شامل کیا اور مطالعے سے پہلے اور بعد میں ان کی نفسیاتی اور فعلیاتی کیفیات کا جائزہ بھی لیا۔ اس دوران چھ مختلف پودوں میں سے لوگوں کی پسند کا ایک پودا ان کی میز پر رکھا گیا۔ ان پودوں میں بونسائی، ایئر پلانٹس، سان پیڈرو کیکٹس، کوکیڈیما اور ایشویریا قسم کے پودے موجود تھے۔
 
ماہرین نے مختلف مروجہ ٹیسٹ سے معلوم کیا کہ پودے رکھنے اور دیکھنے سے شرکا کی بے چینی اور دباؤ کم ہوا۔ اس کے علاوہ نفسیاتی دباؤ میں بھی کمی دیکھی گئی اور جب نبض کی رفتار نوٹ کی گئی تو اس میں بھی بہتری تھی۔
 
دلچسپ بات یہ ہے کہ پودے رکھنے اور اسے دیکھنے سے تمام افراد کو فائدہ ہوا خواہ وہ جوان تھے یا بوڑھے یا پھر کسی بھی عمر کے درجے میں موجود تھے۔ اسی طرح پودوں کے انتخاب سے بھی کوئی خاص فرق نہیں پڑا اور تمام پودے ہی مفید ثابت ہوئے۔
 
مطالعے میں شامل افراد کی اکثریت نے پودے کا خاص خیال رکھا اور کہا کہ پودے کو بڑھتے ہوئے دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی یا پھر یہ ایک دلچسپ تفریحی عمل تھا۔ ماہرین نے خود پودے کے انتخاب کا حق اس لیے دیا تھا کہ وہ جذباتی طور پر پودے سے وابستہ ہوسکیں۔
 
اگرچہ اس مطالعے میں شرکا کی تعداد محدود تھی لیکن سب پر پودے کے جادوئی اثرات ضرور سامنے آئے۔
کراچی: ملک کی نامور شیف اور ماہر امور خانہ داری زبیدہ طارق عرف ’’زبیدہ آپا‘‘ کو کو مداحوں سے بچھڑے دو برس بیت گئے۔
 
زبیدہ آپا کا تعلق ملک کے مایہ ناز ادبی گھرانے سے ہے جن کی خدمات کی ایک طویل فہرست ہے، اپنے خانوادے کے لکھنے لکھانے کے سلسلے کے برعکس انہوں نے کھانے پکانے کی نت نئی اور ذائقہ دار ترکیبوں میں اپنی دھاک بٹھائی۔ روایتی اور چٹخارے دار دیسی کھانوں کے علاوہ انہیں دیگر ممالک کے کھانے پکانے پر بھی عبور حاصل تھا جب کہ وہ لذیذ کھانوں اوراپنے کارآمد گھریلو ٹوٹکوں کی وجہ سے خواتین میں بے پناہ مقبول تھیں۔
 
یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کہ ان کی ٹیلی وژن پر بتائی گئی کھانوں کی نت نئی ترکیبوں کی وجہ سے خواتین امور خانہ داری میں ماہر ہوگئیں۔ معروف ڈرامہ نویس مرحومہ فاطمہ ثریا بجیا ان کی ہمشیرہ تھیں جبکہ منفرد لہجے کی حامل شاعرہ زہرہ نگاہ اور معروف مصنف و مزاح نگار انور مقصود بھی ان کے بھائی ہیں۔
زبیدہ طارق دو سال قبل کراچی میں حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئیں تھیں
پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ میں ردو بدل اور توسیع کردی گئی۔
صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی کے مطابق اقبال وزیراورشاہ محمد صوبائی کابینہ میں بطور وزیر شامل ہوگئے۔ اقبال وزیر کو وزیر ریلیف اور شاہ محمد کو وزیر ٹرانسپورٹ بنادیا گیا۔ اقبال وزیرکا تعلق قبائلی ضلع شمالی وزیرستان سے ہے۔
 
خلیق الرحمان کو وزیراعلی کا مشیر برائے ہایئر ایجوکیشن کا قلمدان سونپا گیا ہے، جب کہ عارف احمد زئی، شفیع اللہ، ریاض خان، ظہور شاکر معاونین خصوصی بنادیے گئے۔ وزیرزادہ، احمد خان سواتی، غزن جمال اور تاج محمد بھی معاونین خصوصی ہوں گے۔ وزیر زادہ چترال سے پی ٹی آئی کے اقلیتی رکن ہیں۔
 
عارف احمد زئی کو معدنیات اور غزن جمال کو ایکسائز کا محکمہ دیا گیا ہے۔ جب کہ وزیر بلدیات شہرام ترکئی کا قلمدان تبدیل کرکے انہیں وزیر صحت بنادیا گیا۔ وزیر صحت ہشام انعام اللہ کی وزارت تبدیل کرکے انہیں سماجی بہبود کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
 
شوکت یوسفزئی کے مطابق اکبرایوب خان سے سی اینڈ ڈبلیو کا محکمہ واپس لے کر انہیں محکمہ تعلیم کا محکمہ دیا گیاہے جب کہ معاون خصوصی آئی ٹی کامران بنگش کے حوالے محکمہ بلدیات کا قلمدان کیا گیا ہے۔