سیالکوٹ: سیالکوٹ میں ٹک ٹاک کے شوق نے مبینہ طور پر طالب علم کی جان لے لی جب کہ لواحقین نے دوستوں پر قتل کا الزام لگاتے ہوئے مقدمہ درج کرادیا۔
پولیس کے مطابق گذشتہ روز سیالکوٹ کے علاقےکھروٹہ سیداں میں گولی لگنے سے فرسٹ ایئر کے طالب علم عمار کی موت واقع ہوگئی۔
عمار کے دوست ذوہیب نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہاکہ وہ اپنے دیگر دوستوں عمار اور مسلم کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنارہا تھا کہ اس دوران عمار نے اپنے پیٹ پرپستول رکھی توگولی چل گئی اور وہ جاں بحق ہوگیا۔
ورثاء نے اس بیان کو ردکرتے ہوئے دونوں دوستوں کے خلاف مقدمہ درج کرادیا اورمؤقف اختیار کیا کہ دونوں دوستوں کا کچھ دنوں قبل جھگڑا بھی ہوا تھا اور عمارکو قتل کیاگیا ہے۔
مانیٹرنگ ڈیسک : چین کی موبائل اور دیگر آلات بنانے والی مقبول کمپنی شیاؤمی نے سستے وائر لیس کی بورڈ اور ماؤس متعارف کرا دیئے ہیں۔
حال ہی میں کمپنی کی جانب سے ایک تقریب کے موقع پر متعدد دلچسپ گیجٹس متعارف کرائے گئے جس میں دو مکینیکل کی بورڈز اور وائرلیس ماؤس بھی شامل ہیں۔ شیاؤمی کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا نیا ایلیٹ کی بورڈ 85 کیز پر مشتمل ہے جس کے فریم لیس ڈیزائن میں یہ کیز گول شکل کی ہیں۔
اس کی بورڈ کی خاص بات یہ ہے کہ اسے بلو ٹوتھ اور یو ایس بی پورٹ دونوں سے ہی کنیکٹ کیا جا سکتا ہے، جب کہ اسے ونڈوز، میک او ایس سمیت آپریٹنگ سسٹم پر بھی چلایا جا سکتا ہے۔
شیاؤمی جی جانب سے متعارف کرائے جانے والے نئے کی بورڈ کی ہی طرح اس ماؤس کی بھی یہ خاصیت ہے کہ اسے بلو ٹوتھ اور یو ایس بی پورٹ دونوں کے ذریعے ہی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس ماؤس کی پشت کا خاص ڈیزائن ’نان سلپ ٹیکسچر‘ پر مبنی ہے۔
نیویارک: نیویارک میں ٹائمز اسکوائر پر نئے سال کے استقبال کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ ریہرسل کےدوران بالکونی سے ہزاروں رنگ برنگی پرچیاں پھینکی گئیں۔
دنیا بھر میں سال 2020 کے استقبال کی تیاریاں جاری ہیں، امریکا میں نئے سال کی سب سے بڑی تقریب ٹائمز اسکوائر نیویارک میں ہوگی جہاں نئے سال کی تیاریوں کی ریہرسل جاری ہے۔ ٹائمز اسکوائر کی بالکونی سے آزمائشی طور پر ہزاروں پرچیاں نچھاور کی گئیں، انتظامیہ کے مطابق نیوائیر ایوننگ کےدوران یہاں ڈیڑھ ٹن پرچیاں شہریوں پر پھینکی جائیں گی۔
ایک اندازے کے مطابق ٹائمز اسکوائر پر نئے سال کی تقریب میں 10 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے، اس موقع پر کئی معروف گلوکار بھی اپنی پرفارمنس پیش کریں گے جبکہ آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔
کراچی:ا سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کا مثبت آغاز ہوا، تجارت کے دوران 329 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز آج مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا، 329 پوائنٹس اضافے سے 100انڈیکس 41 ہزار 178کی سطح پر آ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں مندی رہی جب آخری روز 100 انڈیکس میں 279 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی تھی جس کے سبب سرمایہ کاروں کے 40 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے تھے۔
اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں کڑا کے کی سردی اور دھند کا راج ہے، شدید سردی کی لہر کے ساتھ دھند نے بھی ریکارڈ توڑدیا۔ موٹر وےکوکئی مقامات سے بند کر دیا گیا، ٹرینیں لیٹ ہو گئیں۔
شدید سردی کی لہر کے ساتھ دھند بھی ریکارڈ بنا رہی ہے، قومی شاہراہوں پر حد نگاہ صفر سے 20 میٹر رہ گئی۔ لاہور خانیوال سے ملتان موٹروے جبکہ ملتان سکھر موٹر وے ایم فائیو ملتان سے سکھر تک شدید دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی۔ لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، مرید کے اور شکر گڑھ روڈ پر ٹریفک کی روانگی متاثر ہو رہی ہے۔
مال بردار ٹرک اور بڑی مسافر گاڑیاں، پٹرول پمپ اور نجی ہوٹلوں پر کھڑی کر دی گئیں۔ سفر کرنے والے مسافروں کو دھند کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ملتان، لودھراں، بہاولپور، چیچہ وطنی اور میاں چنوں میں دھند کا راج ہے، رحیم یار خان، صادق آباد اور احمد پور شرقیہ بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔
نارووال شہر اور گردونواح میں شدید دھند ہے، دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہو گئی۔ شدید سردی کی لہر کے ساتھ دھند نے بھی ریکارڈ توڑ دیا۔ خان پور شہر اور گردونواح میں بھی شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی۔ ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے مسافر آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں۔
مانچسٹر: بے گھر افراد کی خدمات کے صلے میں ملکہ برطانیہ کی جانب سے پاکستانی ڈاکٹر زاہد چوہان کو آرڈر آف دی برٹش ایمپائر (او بی ای ایوارڈ) سے نوازا گیا ہے۔
ملکہ برطانیہ کی جانب سے نیو ائیر آ نر لسٹ جاری کی گئی جس میں او بی ای کا اعزاز ڈاکٹر زاہد چوہان کو بے گھر افراد کو صحت سے متعلق امداد فراہم کرنے پر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر زاہد چوہان کا تعلق آزاد کشمیر کے شہر میرپور سے ہے جن کا مشن بے گھر افراد کی صحت کا ہر ممکن خیال رکھنا ہے۔
ڈاکٹر زاہد نے ایوارڈ حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ’ایک دفعہ وہ ایک بے گھر شخص سے ملے تھے جس کے دانت میں تکلیف تھی اور وہ اپنا درد پلاس سے دانت نکال کر دور کرنا چاہتا تھا، اس دن سے میں نے بے گھر افراد کی صحت کے لیے سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ اپنا علاج کروا سکیں‘۔
.پاکستانی ڈاکٹر اولڈہم کونسل لیبر پارٹی کے چیئرمین اورکیبنٹ ممبر ہیلتھ اور سوشل کیئر بھی ہیں، وہ گزشتہ 10 سال سے اولڈہم میں کونسلر بھی ہیں.
ریاض : دنیا کے سب سے بڑے ریگستان میں طویل شاہراہ کی تعمیر کے ناممکن منصوبے کو سعودی حکام نے ممکن کر دکھایا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں صحرائے ربع الخالی کو دنیا کا سب سےبڑا ریتلاریگستان قرار دیا جاتا ہے، اس ریگستان میں آئےروز ریت کے طوفان اٹھتے ہیں اوراس کے درمیان سڑک کی تعمیر سب سے مشکل مرحلہ تھا۔
عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ماہرین تعمیرات نے یہ معجزہ بھی سچ کر دکھایا ہے۔
صحرائے ربع الخالی جسے ریتلے طوفانوں کی وجہ سے خوفناک اور بھیانک ریگستان قرار دیا جاتا ہے کے بیچوں بیچ سعودی عرب نے 790 کلو میٹر طویل سڑک تیارکرکے حقیقی معنوں میں معجزہ کر دکھایا ہے۔
دنیا کے سب سے بڑے اور وسیع عریض ریتلے صحرا میں روڈ انجینئرنگ کا معجزہ سمجھا جاتا ہے، اس میں تیار کی جانے والی سڑک کو تمام ضروری لوازمات سے آراستہ کیا گیا ہے۔
عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پوری سڑک کےدونوں اطراف میں روشنی کا انتظام کیا گیا اور ٹریفک سیفٹی اشارے بھی لگائے گئے ہیں، اس سڑک کی تعمیر نے مسافروں کے لیے 800 کلو میٹرکی مسافت کم کردی ہے۔
نجران کے گورنر شہزادہ جلوی بن عبد العزیز بن مساعد نے صحرائی روڈ اور اس پرہونے والے کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔اس موقع پرانہیں بتایا گیا کہ سڑک کا تعمیراتی کام 90 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ سلطنت عمان کی سرحدی گزرگاہ ام الزمول تک سڑک کا کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔
پشاور: خیبر پختون خوا ہ میں بے گھر افراد کے سلسلے میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، ہنگامی بنیادوں پر تیز ترین کارروائیوں کے دوران سخت سردی میں 307 بے گھر افراد کو شیلٹر ہومز منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خواہ میں وزیر اعظم عمران خان کےاحکامات پربےگھرافراد کے لیے ضروری اقدامات کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ کے پی کےمحمودخان نےصوبے میں متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محمود خان نے ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ، سوشل ویلفیئر اور متعلقہ ادارے فوری متحرک ہوں، ضلعی انتظامیہ، سوشل ویلفیئر ٹیموں کے ساتھ علاقوں کا دورہ کریں، عوام کو چھت، خوراک اور دیگر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے، کوئی بھی شخص چھت اور خوراک سے محروم نہ رہے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے کہا ہے کہ سخت سردی میں مختلف علاقوں سے 307 بے گھر افراد کو شیلٹر ہومز منتقل کردیاگیاہے، یہ شیلٹر ہومز پجگی، حاجی کیمپ اڈہ، کوہاٹ اڈہ، چارسدہ اڈہ اور کے ٹی ایچ میں قائم ہیں، شیلٹر ہومز میں بے گھر افراد کو مفت بستر اور کھانا مہیا کیا جا رہا ہے، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر اس سلسلے میں پوری طرح متحرک ہیں۔
وزیر اعلیٰ کےپی کے کا کہنا ہے کہ صوبے میں عارضی شیلٹرز قائم کیے جا رہے ہیں، محکمہ سوشل ویلفیئر کے مطابق مختلف اضلاع کے شیلٹر ہومز میں اضافی بیڈز، کیچن سیٹ، کمبل بھیجے جا رہے ہیں۔ ترجمان وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ 18 اضلاع میں 1000 سے زائد سیٹس بھیجے جا چکے ہیں۔
محمود خان نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ عارضی پناہ گاہوں اور خوراک کی فراہمی یقینی ہونی چاہیے، سردی کی شدت میں کمی تک روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے، فراہم کردہ شیلٹرز اور خوراک کی تصاویر رپورٹس کے ساتھ منسلک ہونی چاہئیں۔
دوسری طرف پی ڈی ایم اے نے بھی وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر پناہ گاہوں کو ضروری سامان مہیا کر دیا ہے، پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو 200 کمبل اور ضروری سامان، نو شہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو 150 کمبل کے ساتھ ضروری سامان، چترال کے لیے 200 کمبل اور ضروری سامان، شانگلہ کو 150 کمبل اور دیگر اشیا روانہ کر دیے گئے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ تمام اضلاع کو ضرورت کا مزید سامان مہیا کر دیا جائے گا، تمام ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بھی سامان مہیا کر دیا گیا تھا۔