Monday, 18 November 2024

  اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کو ملکی معیشت سے متعلق مزید اچھی خبریں ملیں گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں معاشی صورتحال، مختلف منصوبوں اور  موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کو پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری پر بریفنگ دی گئی جب کہ وزیر اعظم اور کابینہ نے عالمی معاشی درجہ میں بہتری پر معاشی ٹیم کی تعریف کی۔

اجلاس کے دوسرے سیشن میں آرمی ایکٹ میں ترمیم پر قانون سازی اور چیف الیکشن کمشنر وممبران کی تقرری پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے نیشنل انشورنس کمپنی کے سی ای او کی تقرری اور آزاد جموں کشمیر کے مالی سال 2019-20 کے پراپرٹی بجٹ کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں اور خصوصی کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ معاشی ٹیم ملکی معیشت کو درست سمت پر لے آئی ہے اب قوم کو ملکی معیشت سے متعلق مزید اچھی خبریں ملیں گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی اداروں کی جانب سے پاکستانی معیشت سے متعلق مثبت رپورٹس آرہی ہیں۔

 
کراچی: پاکستان پبلشر اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کےتحت نیشنل بک فاؤنڈیشن حکومتِ پاکستان کے اشتراک سے 15ویں کراچی انٹر نیشنل بک فیئر 2019ء کراچی ایکسپو سینٹر میں 5 دسمبر سے شروع ہورہی ہے۔
 
5 روزہ نمائش 9 دسمبر تک جاری رہے گی۔ نمائش کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اس ضمن میں کراچی انٹر نیشنل بک فیئر کے چیئرمین عزیز خالد اور کنوینئر وقار متین دیگر عہدیداروں کے ہمراہ آج بروز منگل کو پی سی ہوٹل میں سہ پہر تین بجے پریس کانفرنس کریں گے۔
اسلام آباد: معذور افراد کے عالمی دن پروزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت معذور افراد کو تعلیم اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کریگی۔
 
میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت نے معذوروں کو خود مختار بنانے کیلئے بل بھی تیار کرلیا ہے۔
 
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق دنیا میں اس وقت600 ملین افراد معذور ہیں یعنی دنیا میں ہر10 میں ایک شخص معذور ہے۔
 
ترقی پزیر ممالک میں80 سے 90 فیصد خصوصی افراد کو زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع میسر نہیں، جبکہ ترقی یافتہ ممالک میں اس کا تناسب 50سے 70فیصد ہے جبکہ ان میں سے 80فیصد کا تعلق ترقی پزیر ممالک سے ہے
 

 کراچی: ضیاءالدین یونیورسٹی کی جانب سے چوتھی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس بہ عنوان''ادویہ کی دریافت اور معالجیات کو درپیش مسائل" 6 تا 7 دسمبر ابوالحسن جعفری آڈیٹوریم، ضیاءالدین یونیورسٹی میں منعقد کی جارہی ہے۔

کانفرنس کا مقصد بین الاقوامی مندوبین کی مدد سے پاکستان میں جدید آلات کو استعمال کرتے ہوئے ایسی ادویات متعارف کروانا ہے جو علاج معالجے کو زیادہ کامیاب اور موثر بنا سکیں ۔

کانفرنس میں پاکستان سمیت ملائیشیا ، کینیڈا، ایتھوپیا اور امریکہ کے سائنسدان اور مندوبین شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں ینگ سائنٹسٹ، پوسٹ کانفرنس ورکشاپ اور سیٹلائٹ سمپوزیہ کے سیشنز بھی شامل ہوں گے ۔

لاہور: نیب لاہور نے شہباز شریف کے تمام اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کردیے۔     

نیب ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے تمام اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں،

منجمد کیے جانے والے اثاثوں میں لاہور کی 96 ایچ اور 86 ایچ ماڈل ٹاؤن کی پراپرٹی سمیت ایبٹ آباد ڈانگہ گلی میں 9 کنال کا پلاٹ اور ہرہ پور میں 2 پراپرٹیاں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ جوہر ٹاؤن میں 13 پراپرٹیاں، چنیوٹ میں 2 پراپرٹیاں اور ڈیفنس فیز 5 لاہور میں پلاٹ بھی شامل ہیں۔

لاڑکانہ: لاڑکانہ میں چار بچوں کے معذور باپ نے بے روزگاری سے تنگ آکر خودکشی کرلی۔

 دڑی تھانہ کی حدود میں بلاول کالونی کے رہائشی اللہ بخش سومرو نے خود کو مبینہ طور پر گھر میں لگے درخت سے لٹکا کر خودکشی کی۔ پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے چانڈکا سول اسپتال منتقل کردیا ہے۔

ورثا نے پولیس کو بیان دیا کہ اللہ بخش نے خودکشی سے قبل اہلخانہ اور بچوں کو اپنے عزیزوں کے گھر بھیجا اور پھر انتہائی قدم اٹھایا۔

واضح رہے کہ معذور افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج دن منایا جا رہا ہے۔ جس کا مقصد معذوروں کو درپیش مسائل اجاگر کرنا اور معاشرے میں ان افراد کی افادیت پر زور دینا ہے۔

کراچی اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ انٹر میڈیٹ حصہ اول سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2019ء کی مارکس شیٹس تیار ہوگئی ہیں۔

کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے نمائندے  پرنسپل کے اتھارٹی لیٹر کے ساتھ بروز منگل 2 دسمبر 2019ء سے بورڈ کے متعلقہ سیکشن سے مارکس  شیٹس حاصل کرسکتے ہیں۔

کراچی اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ انٹر میڈیٹ حصہ اول سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2019ء کی مارکس شیٹس تیار ہوگئی ہیں۔

کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے نمائندے  پرنسپل کے اتھارٹی لیٹر کے ساتھ بروز منگل 2 دسمبر 2019ء سے بورڈ کے متعلقہ سیکشن سے مارکس  شیٹس حاصل کرسکتے ہیں۔

واشنگٹن : سیب کی ایک نئی قسم جسے تیار کرنے میں دو دہائی کا عرصہ لگا ہے کو ممکنہ طور پر ایک سال تک فریج میں بغیر خراب ہوئے رکھا جا سکتا ہے اور گزشتہ روزامریکہ میں اس کی فروخت شروع ہو گئی ہے ۔سیب کی اس نئی قسم کو " کاسمک کرسپ " کا نام دیا گیا ہے اور یہ ہنی کرسپ اور انٹرپرائز سیب کی پیوند کاری سے وجود میں آیا ہے ۔
 
اسے پہلی بار 1997 میں واشنگٹن ا سٹیٹ یونیورسٹی میں اگایا گیا تھا۔اس ٹھوس، خستہ اور رس دار سیب کی لانچ میں ایک کروڑ امریکی ڈالر خرچ آیا ہے ۔واشنگٹن کے کسانوں کو آنے والی دہائی میں اس کی کاشت کی اجازت دی جائے گی۔
 
واشنگٹن اسٹیٹ یونیورسٹی میں اس سیب کی افزائش اور نشوونما کی شریک سربراہ کیٹ ایوانز نے بتایاکہ یہ زیادہ خستہ اور نسبتاً سخت سیب ہے ، اس میں ترش و شریں ذائقہ کا اچھا توازن ہے اور یہ بہت ہی رسیلا ہے ۔ اس کے گودے کا رنگ تبدیل ہونے میں کافی وقت لگتا ہے اور اگر اسے ریفریجریٹر میں رکھا جائے تو دس بارہ ماہ تک کھانے میں اس کی اچھی کوالٹی برقرار رہتی ہے ۔کاسمک کرسپ کے ایک کروڑ 20 لاکھ درخت لگائے گئے ہیں اور سخت قواعد و ضوابط کی وجہ سے کسانوں کو اسے ملک کے دوسرے حصوں میں اگانے کی اجازت نہیں دی گئی

 لاہور: آسٹریلیا میں رسوائیوں کی نئی تاریخ رقم ہو گئی،کسی ایک ملک میں مسلسل سب سے زیادہ ٹیسٹ ہارنے کا ریکارڈ پاکستان ٹیم کا داغ بن گیا، آسٹریلیا میں 14شکستوں کے ساتھ بنگلہ دیش کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ایڈیلیڈ میں ناکامی کے ساتھ کینگروز کے دیس میں گرین کیپس کی 1999سے تاحال شکستوں کی تعداد 14 ہوگئی، اس دوران میزبان ٹیم نے 4بار 3-0سے کلین سوئپ کیا، اس مرتبہ بھی دونوں میچز جیتے، پاکستان کی آسٹریلیا میں آخری فتح 24سال قبل تھی، اس سے قبل بنگلہ دیش نے اپنے ہی ملک میں مسلسل 13میچز میں شکست کھائی تھی۔

آسٹریلیا کی پاکستان کیخلاف ہوم سیریز میں فتح کا تناسب 70.27 ہے، اس سے بہتر ریکارڈ صرف سری لنکا کیخلاف رہا،گرین کیپس کو دوسری بار مسلسل چھٹے ٹیسٹ میں شکست ہوئی،جنوبی افریقہ کیخلاف تینوں، نیوزی لینڈ کیخلاف ایک اور اب آسٹریلیا میں دونوں میچز میں ناکامی ہوئی۔

اس سے قبل 2016-17میں بھی پاکستان کو مسلسل 6ٹیسٹ میں ناکامی ہوئی تھی۔گرین کیپس نے ایک منفرد تجربہ کرتے ہوئے 3 انڈر20 فاسٹ بولرز نسیم شاہ، محمد موسیٰ اور شاہین شاہ آفریدی کو کھیلنے کا موقع دیا،تاریخ میں پہلی بار کسی ٹیم نے اتنے زیادہ کم عمر بولرز کے ساتھ سیریز کھیلی ہے۔

حالیہ سیریز میں آسٹریلیا نے اپنی تیسری بہترین بیٹنگ اوسط فی وکٹ 87.84 حاصل کی،اس سے قبل سری لنکا کیخلاف2007-08 میں 112.36اور ویسٹ انڈیز کیخلاف  2015-16کی سیریز میں 119.66کی ایوریج سے رنز بنے تھے۔

ڈیوڈ وارنر نے 2ٹیسٹ کی سیریز میں کسی بھی آسٹریلوی بیٹسمین کی جانب سے دوسرا بڑا سکور 489کیا، اس سے قبل میتھیو ہیڈن نے زمبابوے کیخلاف 2003میں 501رنز جوڑے تھے۔