اسلام آباد: ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے احتجاجاً ملازمت سے استعفیٰ دے دیا۔
ایف آئی اے کے ڈائریکٹر بشیر میمن نے احتجاجاً ملازمت سے استعفیٰ دیدیا ہے، بشیر میمن نے استعفی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو بھجوا دیا جس میں کہا گیا ہے کہ سرکاری افسر کو ریٹائرمنٹ کے نزدیک پوسٹنگ نہ دینا آداب کی خلاف ورزی ہے، ریٹائرمنٹ سے چند روز قبل تبادلہ کرنے کا مطلب حکومت مجھ سے خوش نہیں لہذا حکومتی فیصلے کے پیش نظر میں ملازمت سے استعفیٰ دیتا ہوں۔
ذرائع کے مطابق بشیر میمن حکومت سے کچھ ایشوز پر اختلافات کی وجہ سے چھٹی پر چلے گئے تھے جب کہ ان پر حزب اختلاف کے لیڈروں پر مقدمات بنانے کے لیے دباؤ تھا تاہم بشیر میمن نے سیاسی دباؤ قبول کرنے سے انکار کر دیاتھا۔
کراچی : دنیا بھر کی طرح کراچی میں بھی یکم دسمبرکوایچ آئی وی اور ایڈز سے بچاؤ اور آگاہی کا عالمی دن منایاگیا۔
کراچی میں ایچ آئی وی سے آگاہی کے لیے بائیک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین بائیکرز نے بھی حصہ لیا، تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر میں ایچ آئی وی (ایمیونو ڈیفیشنسی وائرس) ایڈز کی آگاہی کے لیے مختلف مقامات پر ریلی سمیت سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
نیویارک: عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کردی۔
موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ منفی سے مستحکم قرار دیدی ہے، موڈیز کے مطابق پاکستان کے ادائیگیوں کے توازن میں بہتری کی توقع ہے، پالیسی ایڈجسٹمنٹ اور آزادانہ شرح مبادلہ سے ادائیگیوں کے توازن کی بہتری میں مدد ملے گی جب کہ زرمبادلہ ذخائر میں بہتری آنے میں وقت لگے گا۔
ایڈیلیڈ:دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو اننگز اور 48 رنز سے شکست دیکر سیریز میں وائٹ واش کردیا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے قومی ٹیم کو اننگز اور 48 رنز سے شکست دیکر سیریز میں وائٹ واش کردیا۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن جب پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو پاکستان کا مجموعی اسکور 3 وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز تھا جب کہ کریز پر شان مسعود اور اسد شفیق موجود تھے۔
کھٹمنڈو: پاکستان نے ساف گیمز میں پہلا گولڈ میڈل جیت لیا۔کراٹے ایونٹ میں شاہدہ نے انفرادی کاتا میں پاکستان کا پرچم بلند کیاہے۔
ساف گیمز نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں جاری ہیں۔ پاکستان کا تین سو پانچ رکنی دستہ ان کھیلوں میں شریک ہے، پاکستان کا والی بال ایونٹ میں بھی میڈل یقینی ہوچکا ہے، پاکستان نے والی بال کے فائنل میں کوالیفائی کیاہے جہاں اس کا مقابلہ منگل کو بھارت سے ہورہاہے۔
پشاور: پشاور میں ٹریفک کو رواں رکھنے اور پارکنگ کا مسئلہ حل کرنے کے لیے بنائے گئے ٹریفک منیجمنٹ پلان پر 5 سال بعد بھی عمل درآمد نہ ہوسکا۔
پی ٹی آئی کے گزشتہ دور حکومت کے دوران 2014 میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے موجودہ وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کی سربراہی میں ٹریفک منیجمنٹ پلان کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے مختصر عرصے میں ٹریفک پلان تشکیل دیا پلان اس وقت کے وزیراعلیٰ پرویزخٹک کو پیش کیا جس پر عمل درآمد کرنے کے احکامات جاری کیے گئے لیکن بلدیاتی نظام کے بعد ٹریفک منیجمنٹ پلان ضلعی حکومت کے حوالے کردیا گیا اور پانچ سال کا عرصہ گزرنے جانے کے باوجود اس پر عمل نہ ہوسکا۔
ٹریفک منیجمنٹ پر عمل درآمد کے لیے ڈپٹی کمشنر اور ٹریفک پولیس کو احکامات جاری کیے گئے ہیں لیکن ابھی تک ٹریفک منیجمنٹ پلان پر عمل درآمد نہ ہوسکا، وزیراعلیٰ نے پشاور میں ٹریفک پولیس کی کمی کے پیش نظر مزید ٹریفک پولیس اہلکار بھرتی کرنے کی منظوری دی ہے۔
اسلام آباد:میں ایم کیو ایم کے مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی تفتیش کرنے والے برطانوی چیف انویسٹی گیشن آفیسر نے عدالت کے روبرو ریکارڈ پیش کردیا۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے لندن میں ایم کیو ایم کے مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران لندن پولیس کے چیف انویسٹی گیشن افسر اسٹیورڈ گرین وے، سارجنٹ اور کانسٹیبل اپنا بیان ریکارڈ کرانے پہنچے۔ اس موقع پر تینوں ملزمان خالد شمیم، محسن اور معظم علی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
ڈاکٹر عمران فاروق 16 ستمبر 2010 کو لندن میں اپنے دفتر سے گھر جارہے تھے کہ انہیں گرین لین کے قریب واقع ان کے گھر کے باہر چاقو اور اینٹوں سے حملہ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
وقوعہ لندن میں ہونے کے باوجود 2015 میں اس وقت کے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت پر ایف آئی اے نے عمران فاروق کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے شبہ میں بانی متحدہ اور ایم کیو ایم کے دیگر سینئر رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ کاشف خان کامران، محسن علی سید، معظم خان اور خالد شمیم کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا تھا۔ 2015 میں ہی محسن علی سید، معظم خان اور خالد شمیم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا جب کہ کاشف خان کامران تاحال مفرور ہے جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ اس کی موت ہوچکی ہے
کراچی: اقوام متحدہ کے تعاون سے سندھ بھر کی جیلوں کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔
سندھ بھر کی جیلوں کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کرنے کا سلسلہ اقوام متحدہ کے تعاون سے شروع کردیا گیا ہے، اس حوالے سے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونائیٹڈ نیشن آف آن ڈرگ اینڈ کرائم کے افسران جیلوں کے افسران و اہلکاروں کو ٹریننگ فراہم کررہے ہیں، سندھ بھر کی 24 جیلوں میں قید تقریباً 20 ہزار قیدیوں کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے جب کہ اقوام متحدہ نے خصوصی سوفٹ ویئر تیار کیا ہے جو کہ جیل افسران کے حوالے کردیا گیا ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات کے مطابق ڈیٹا میں قیدی کا جرم، اس کی جیل آمد، پرسنل پروفائل، عدالتوں میں پیشی اور کیس ہسٹری سمیت دیگر کوائف شامل ہوں گے، جیل میں قیدی سے ملنے کے لیے آنے والے افراد کا ڈیٹا بھی کمپیوٹرائزڈ رکھا جائے گا۔
ایڈیلیڈ: آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھی قومی ٹیم کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 100 سے زائد رنزدرکار ہیں۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن جب پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو پاکستان کا مجموعی اسکور 3 وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز تھا جب کہ کریز پر شان مسعود اور اسد شفیق موجود تھے۔
اس وقت پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنالیے ہیں جب کہ اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے قومی ٹیم کو مزید 100 سے زائد رنز درکار ہیں۔
گزشتہ روز قومی ٹیم نے جب اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو پاکستان کا مجموعی اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز تھا اور اسے 493 رنز کے خسارے کا سامنا تھا، بابراعظم اور یاسر شاہ کی مزاحمت کے باعث قومی ٹیم281 رنز ہی بناسکی تھی جب کہ فالو آن کا شکار ہونے کے بعد دوسری اننگز میں بھی قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔
واضح رہے کہ 2 میچز کی ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو پہلے ہی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔ اگر پاکستان ایڈیلیڈ ٹیسٹ بھی ہار جاتا ہے تو اسے آسٹریلیا میں کھیلی گئی ایک اور ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس کے علاوہ پاکستان وہ ٹیم بن جائے گی جو میزبان ٹیم سے مسلسل 14 ٹیسٹ ہاری ہو;
اسلام آباد: حکومت نے آرمی چیف کی توسیع سے متعلق قانون سازی کے معاملے پر 3رکنی کمیٹی بنادی ہے۔
ذرائع کے حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قانون سازی کے لیے 3 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر پر مشتمل ہے۔ حکومتی کمیٹی آرمی چیف کی توسیع سے متعلق قانون سازی کے لئے اپوزیشن سے مذاکرات کرے گی۔
پس منظر
عدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ 6 ماہ تک بطور آرمی چیف اپنی خدمات جاری رکھیں گے، ان کی موجودہ تقرری پارلیمنٹ کی قانون سازی سےمشروط ہوگی۔