لاہور: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فود چوہدری کا کہنا ہے کہ اداروں کو ایک دوسرے سے اختیارات کی لڑائی میں نہیں پڑنا چاہیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دل قوم کے ساتھ دھڑکتا ہے، انہوں نے ہمیشہ اداروں کی مضبوطی کی بات کی ہے، اس میں ان کا کوئی ذاتی مفاد نہیں، وہ حقیقی معنوں میں ملک کو نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔ انہیں طاقت یا پروٹوکول میں کوئی دلچسپی نہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ملکی مسائل کو ایک ادارہ یا ایک فرد حل نہیں کرسکتا، اداروں کو ایک دوسرے کے ساتھ اختیارات کی لڑائی میں نہیں پڑنا چاہیے۔ اداروں کے درمیان ایک نئے میثاق کی ضرورت ہے ، جب تک اداروں میں میثاق نہیں ہوتا مسائل میں جکڑے رہیں گے۔ سپریم کورٹ کے ججز بہت قابل لوگ ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ بہت بڑے جج ہیں، انہوں نے کہا کہ ڈائیلاگ ہونے چاہییں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کے حوالے سے اپوزیشن اور حکومت میں معاملہ آسانی سے طے ہوجائے گا، شہباز شریف نے جو نام بھیجے ہیں وہ سنجیدہ ہیں، پی ٹی آئی کے بھیجے گئے نام بھی سنجیدہ ہیں
سائنس کے میدان میں ترقی کے حوالےسے فواد چوہدری نے کہا کہ چین کے تعاون سے 2022 میں ہمارا پہلا خلائی مشن جائے گا، پاک فضائیہ نے خلا باز منتخب کرنے کا کام شروع کر دیا ہے، چین کے بعد روس کے ساتھ کمیٹی قائم کرنے جارہے ہیں جو سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق تعاون بڑھائےگی۔ پاکستان میں سولر پینل بننا شروع ہوجائے گا،پوری دنیا بیٹریز پر چلی گئی ہے، پاکستان جنوبی ایشیا میں لیتیھئم بیٹری بنانے والا پہلا ملک ہوگا۔ اگلے10سال میں بائیوٹیکنالوجی سے 4 ارب ڈالر کی برآمدات بڑھائیں گے۔
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو جلد از جلد فعال بنانے کے لیے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان فارن فنڈنگ کیس کے باعث الیکشن کمیشن کو دانستہ طور پر غیر فعال رکھنا چاہتے ہیں۔ اس لئے الیکشن کمیشن کو جلد از جلد فعال بنانے کے لیے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے معاملے پر عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، عمران خان نے خود اپنے وزرا کو بتایا کہ نواز شریف کی صحت ٹھیک نہیں۔ میڈیکل بورڈ نے بتایا کہ نواز شریف کی صحت ٹھیک نہیں۔ کم پلیٹس پلیٹس والا مریض بھی چل پھر سکتا ہے، ہم یہ نہیں چاہتے کہ نواز شریف ہمیں وہیل چیئر پر نظر آئیں۔
رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پر سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے، جس کے بعد مشترکہ اپوزیشن باہمی مشاورت سے اس حوالے سے فیصلہ کرے گی۔
لندن: لندن برج پر چاقو حملےکی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کر لی،دو روز قبل لندن برج کے قریب ایک چاقو بردار شخص نے حملہ کر کے دو افراد کو ہلاک اور تین کو زخمی کر دیا تھا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو ہلاک کر دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق لندن برج پر حملہ کرنے والےملزم کی شناخت 28 سالہ عثمان خان کے نام سے ہوئی تھی جو پہلے بھی لندن اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی سازش میں جیل کاٹ چکا تھا اور دسمبر 2018 میں رہا ہوا تھا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق لندن برج پر حملے کئی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے۔داعش کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لندن میں دو افراد کو قتل کرنے والا ہمارا جنگجو تھا تاہم داعش کی جانب سے اس حوالے سے کسی قسم کے شواہد پیش نہیں کیے گئے۔
دوسری جانب برطانوی میڈیا کا بتانا ہے کہ لندن برج پر چاقو سے حملہ کرنے والے ملزم کے لندن آنے پر پابندی عائد تھی، ہلاک ملزم عثمان خان کو ایک دن کے لیے لندن آنےکا استثنیٰ دیا گیا تھا۔مقامی میڈیا کا یہ بھی بتانا ہے کہ عثمان خان کو گزشتہ سال دسمبر میں 20 شرائط پر رہا کیا گیا تھا، شرائط میں رہائی کے بعد لندن نا جانا بھی شامل تھا