کراچی: سابق اوپنر رمیز راجہ کا آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں پاکستانی ٹیم کی مایوس کن پرفارمنس سے دل ٹوٹ گیا، انھوں نے مستقبل میں کینگروز کے دیس نہ جانے کا مشورے دے دیا۔
اپنے یوٹیوب چینل پر معروف کمنٹیٹر نے کہا کہ اگر آپ کے پاس ایسے پلیئرز نہیں جو ٹیسٹ میچز جیت سکیں تو پھرآسٹریلیا کا سفر نہیں کرنا چاہیے، ای ین چیپل کا یہ کہنا بھی درست ہے کہ پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کا مقابلہ نہیں کرسکتی اور بڑے بے جوڑ مقابلے رہے، آسٹریلوی شائقین نے وارنر کی ٹرپل سنچری پر زیادہ خوشی کا اظہار نہیں کیا اور الزام لگایا کہ پاکستان نے مقابلہ نہیں کیا۔
ایڈیلیڈ: آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن بابر اعظم اور یاسر شاہ کی عمدہ بیٹنگ کے باوجود پاکستان کے سر پر فالو آن کا خطرہ ٹلنے کا نام نہیں لے رہا۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن جب پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو پاکستان کا مجموعی اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز تھا اور اسے 493 رنز کے خسارے کا سامنا تھا، کریز پر بابر اعظم اور یاسر شاہ موجود تھے۔ ایسا محسوس ہوتا تھا کہ پاکستان کے باقی ماندہ کھلاڑی بھی خزاں رسیدہ پتوں کی طرح جلد ہی پویلین لوٹ جائیں گے لیکن اس موقع پر دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور 105 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔
194 رنز پر پاکستان کو ساتواں نقصان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا، بابر اعظم نے 95 رنز بنائے۔ بابر اعظم کے بعد شاہین آفریدی بھی آئے اور کھاتہ کھولے بغیر ہی چلے گئے۔ محمد عباس نے یاسر شاہ کا ساتھ دینے کی ٹھانی اور وکٹ بچاتے ہوئے یاسر شاہ کو کھیلنے کا موقع دیا۔ چائے کے وقفے تک پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنائے تھے۔
اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کردی جس کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔
وزارت خزانہ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا گیا، پیٹرول کی قیمت میں 25 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 113 روپے 99 پیسے ہوگئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت دو روپے 40 پیسے کمی کے ساتھ 125.01 مقرر کردی گئی ہے۔
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آٹے، میدے اور سوجی سمیت گندم کی دیگرمصنوعات کی برآمد پر پابندی عائدکر دی ہے۔
وزارت تجارت کی جانب سے گزشتہ روز(جمعہ)باضابطہ طورپرنوٹیفکیشن نمبری 1481(I) / 2019 ء جاری کردیا ہے، جس کے ذریعے ایکسپورٹ پالیسی آرڈر میں ترامیم کردی گئی ہیں ۔ ترمیمی نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ فائن آٹا، میدہ اور سوجی سمیت گندم کی دیگر مصنوعات کی برآمد پر پابندی عائدکردی گئی ہے۔
مظفرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت سے 1 قانون پاس نہیں ہوا آرمی چیف کی متفقہ توسیع کیسے کرائے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کی توسیع کا معاملہ پارلیمان میں آئےگا، دیکھنا یہ ہے کہ جن سے ایک نوٹی فکیشن نہیں بن سکا اور ایک سال میں ایک قانون پاس نہیں کرسکے، وہ 6 ماہ کے اندر اتنی اہم قانون سازی میں کیسے پارلیمنٹ میں اتفاق رائے پیدا کریں گے اور آئین میں ترمیم کریں گے۔
کراچی:عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 7 ڈالر جب کہ پاکستان میں فی تولہ اور دس گرام سونا بالترتیب 100 روپے اور 85 روپے مہنگا ہوا۔
ذرائع کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 7 ڈالر کا اضافہ ہوا، اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1464 ڈالر ہوگئی، جب کہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 100 روپے اور 85 روپے کا اضافہ ہوا۔
کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں سات اسٹوڈینٹس کونسل کے سالانہ انتخابات کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیکڑوں طلبا و طالبات نے حصہ لیا
تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں سات اسٹوڈینٹس کونسل کے سالانہ انتخابات 2019-20کا انعقاد کیا گیا، انتخابات میں کل 35 نشستوں پر 84 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں سے 15 بلامقابلہ کامیاب قرار پائے،اس موقع پر تالپور بلڈنگ کے سامنے مختلف بوتھ لگائے گئے جہاں امیدواروں کے رنگ برنگی بینرز بھی ویزاں تھے، انتخابات ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز اینڈ پلیسمینٹ کی زیر نگرانی منعقد کیے گئے۔ انتخابات ڈبیٹنگ سوسائٹی، آرٹ سوسائٹی، لٹرری سوسائٹی، سائنس سوسائٹی، کمیونٹی سروس سوسائٹی، موسیقی سوسائٹی اور اسپورٹس سوسائٹی کےلئے کرائے گئے ۔
الیکشن والے دن جامعہ میں میلے کا سماں رہا، سیکڑوں نے طلبہ نے اگلے ایک سال کےلئے اپنی پسندیدہ امیدوار کو منتخب کرنے کےلئے ووٹ ڈالا اور جوش و جذبے کے ساتھ انتخابات میں حصہ لیا۔ شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد علی شیخ، رجسٹرار، ڈین اور دیگر اساتذہ نے الیکشنز کا جائزہ لیا، اس موقع پر سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی پاکستان کی واحد سرکاری جامعہ ہے جہاں اس طرح آزادنہ طور پر طلبہ سوسائٹیز کے انتخابات کرائے جاتے ہیں ، اس طرح کی سرگرمیاں طلبہ میں اعتماد کی فضا قائم کرتی ہیں اور آج کے طلبہ کل کے لیڈران ہیں، لہذا اس طرح کی ایکٹیویٹیز سے جمہوری عمل کو فروغ ملے گا، سوچ کا دائرہ وسیع ہوگا۔