سری نگر: بھارتی جبر اور بدترین کرفیو کے باوجود گزشتہ روز نمازِ جمعہ کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارت مخالف مظاہرے کیے گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ مظاہرے سری نگر، بڈگام، گندربل، اسلام آباد، پلوامہ، کلگام، شوپیاں، باندیپورہ، بارہ مولہ، کپواڑہ اور مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں کیے گئے۔
مظاہرین کشمیر کی آزادی کے حق میں اور بھارت مخالف نعرے لگا رہے تھے۔
بھارتی فورسز نے اپنی سفاکانہ روایات برقرار رکھتے ہوئے ان نہتے مظاہرین کے خلاف طاقت کا بے رحمانہ استعمال کیا جس سے کئی مقامات پر مظاہرین شدید زخمی بھی ہوئے۔
قابض بھارتی فوج نے اس جمعے کو بھی سری نگر کی تاریخی جامعہ مسجد میں نمازِ جمعہ کی اجازت نہیں دی جبکہ مقبوضہ وادی کی دیگر مرکزی مساجد بھی 5 اگست سے نافذ ہونے والے کرفیو کے مسلسل 17 ویں ہفتے میں بھی بند رہیں۔
مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقوں میں اس وقت بھی زندگی کے معمولات شدید متاثر ہیں۔ فون اور انٹرنیٹ تک رسائی انتہائی محدود ہے جبکہ روزمرہ اشیائے ضرورت اور دواؤں کی قلت سے ان علاقوں میں بدترین انسانی المیہ جنم لے چکا ہے
اسلام آباد: پاک فضائیہ کی ہاک آئی مشق کا انعقاد کیا گیا، مشق میں فضائیہ کے تمام جدید طیاروں نے حصہ لیا۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ نے ایک اعلیٰ سطح کی آپریشنل مشق کا انعقاد کیا۔اسلام آباد میں ہونے والی اس مشق میں تینوں ریجینل کمانڈز کے تمام آپریشنل ایئربیسز نے حصہ لیا ۔
پاک فضائیہ کے تمام اقسام کے جنگی طیاروں، فورس ملٹی پلائیرز اور خصوصی دستوں نے مختصر وقت میں جارحانہ حکمتِ عملی کی بڑے پیمانے پر مشق کی جس کی ذریعے پاک فضائیہ کی جارحانہ صلاحیتوں کو جانچنے کا موقع ملا۔ ان مشقوں میں پاک فضائیہ کے پائیلٹ اورطیاروں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز آج نواز شریف کے جسم کے اندرونی حصوں کا برقی شعاعوں کی مدد سے معائنہ کریں گے جس کا مقصد کینسر کے خدشات دور کرنا ہے۔
سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی صحت سے متعلق اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق انتہائی اہم ٹیسٹ آج ہوگا، ڈاکٹرز نواز شریف کا پوزیٹرون ایمشن ٹوموگرافی اسکین آج کریں گے۔ جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے پلیٹ لیٹس گرنے کی تشخیص کی جائے گی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ برقی شعاعوں کی مدد سے نواز شریف کے جسم کے اندرونی حصوں کا معائنہ کیا جائے گس کا مقصد خدانخواستہ کینسر کے خدشات کو دور کرنا ہے، ٹیسٹ کے نتیجے میں معالجین کو نواز شریف کے مرض کی تشخیص اور علاج میں خاصی مدد ملنے کی امید ہے، قوم سے اپیل ہے کہ محمد نوازشریف کے لئے خصوصی دعا کریں۔
لاہور:پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ حکومت نے تیاری کی ہوتی تو آرمی چیف کے معاملے پر سبکی نہ ہوتی۔
پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران حمزہ شہباز نے کہا کہ اگر حکومت نے ہوم ورک کیا ہوتا تو آرمی چیف کے معاملے پر اسے عدالت میں سبکی نہ ہوتی، آرمی چیف کی توسیع پر تفصیلی فیصلہ آئے گا تو اس پر لائحہ عمل دیا جائے گا۔
رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 13 سے 14 ماہ میں ماحول بہت تلخ ہو گیا ہے، سیاست میں تلخی اس حد تک بڑھا دی گئی ہے کہ بیماری ثابت کرنے کے لئے مرنا پڑتا ہے، نواز شریف نے عمران خان کی تیمارداری کی اور 2 دن کے لئے انتخابی مہم تک معطل کی، بڑا ظرف کسی کسی کو ہی ملتا ہے، نواز شریف کے گردے، دل اور دیگر مسائل ہیں، دوران قید ان کی بیوی فوت ہو گئیں، مریم نواز نے جیل میں اپنی ماں کو کھویا، انہیں والد کی تیمارداری کے لئے نواز شریف کے پاس جانا چاہیے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ نالائقی اور نااہلی نے پنجاب میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں، تبدیلی یہ ہے کہ 14 ماہ میں پنجاب میں پانچواں آئی جی آ گیا ہے۔ ڈینگی کو ہم نے ایسا کنٹرول کیا کہ سری لنکن خود شہباز شریف کو ٹریننگ کا کہتے رہے۔
اسلام آباد: حکومت نے یکم دسمبر2019 سے اگلے ایک سال کے لیے بجلی کی فی یونٹ پر 11 پیسے وصولی کے نوٹیفکیشن کی منظوری دے دی۔
مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ای سی سی نے رواں مالی سال2019-20کی پہلی سہہ ماہی کے لیے نیپرا کی منظور شدہ 15 پیسے فی یونٹ سہہ ماہی اضافہ میں سے 11 پیسے فی یونٹ اضافی وصولی کے نوٹیفکیشن کی منظوری دے دی، نوٹیفکیشن کا اطلاق یکم دسمبر2019 سے اگلے ایک سال کے لیے ہوگا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مستقبل میں بجلی کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کو مزید جامع اور سہل بنانے کے لیے مشیر خزانہ و محصولات حفیظ شیخ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کردی، جس میں وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق مخدوم خسرو بختیار،وزیر توانائی عمر ایوب خان،مشیر صنعت و پیداوار عبد الرزاق داوٴد اوروزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر شامل ہوں گے۔
لندن: فضائی آلودگی کی تباہ کاریوں سے ایک دنیا پریشان ہے لیکن اب بری خبر یہ ہے کہ انتہائی آلودہ فضا میں مسلسل رہنے والے افراد میں دیگر کےمقابلے میں نابینا پن کی وجہ بننے والے ایک خطرناک مرض گلوکوما یا سبز موتیا کے زیادہ شکار ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب ایک اور تحقیق میں فضائی آلودگی کو یادداشت کے لیےبھی خطرناک قرار دیا گیا ہے۔
اس ضمن میں یونیورسٹی کالج آف لندن کے سائنسدانوں نے برطانیہ کے بایوبینک سے 111,370 کا ڈیٹا لیا اور مسلسل چار سال تک ان افراد کے آنکھوں کے ٹٰیسٹ لیے گئے۔ ان تمام شرکا کے گھر کے پاس فضائی آلودگی اور دیگر کیفیات کا جائزہ بھی لیا گیا ۔ آخر میں ماہرین اس نتیجے پر پہنچے کہ اگر کوئی فرد مسلسل فضائی آلودگی والی جگہہ پر رہائش اختیار کرتا ہے تو اس میں عمر کے ساتھ ساتھ گلوکوما کے خطرات میں چھ فیصد اضافہ ہوجاتا ہے۔
واضح رہے کہ سبزموتیا کا علاج بہت مشکل ہوتا ہے اور یہ اب بھی نابینا پن کی ایک بڑی وجہ بھی ہے۔
ایک اور مطالعے سے انکشاف ہوا ہے کہ فضائی آلودگی دماغ میں کچھ ایسی تبدیلیاں پیدا کرتی ہے جس سے یادداشت میں کمزوری کے ساتھ ساتھ الزائیمر جیسے مرض کو بھی بڑھاوا ملتا ہے۔
یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا کے کیک اسکول آف میڈیسن کے پروفیسر اینڈریو پیٹکس اور ان کے ساتھیوں نے کہا ہےکہ فضائی آلودگی اور یادداشت متاثر ہونے کا سائنسی تعلق دریافت ہوا ہے۔ جسے شماریاتی ماڈل قرار دیا گیا ہے۔
اگرچہ اس ضمن میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے لیکن فضائی آلودگی انسانی دماغ میں ایسی بنیادی تبدیلیاں پیدا کرتی ہے جو کمزور حافظے کی وجہ بن سکتی ہے۔