Tuesday, 19 November 2024
کراچی: جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمود عراقی نے آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اور ڈائس فاؤنڈیشن امریکاکے اشتراک سے کلیہ فنون و سماجی علوم جامعہ کراچی منعقدہ ’’ڈائس ورچوئل اینوویشن کمپیٹیشن 2019‘‘ سے خطاب میں کہا ہے کہ ملک کی آبادی کاایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، حکومت کو انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کیلیے سازگار پالیسیاں مرتب کرنے کی ضرورت ہے جس سے نہ صرف ہماری نوجوان نسل کوروزگارکےمواقع میسر آئیں گے، معیشت میں بہتری اور غربت میں کمی واقع ہو گی۔
 
ڈائریکٹرانٹی لیکچول پراپرٹی آرگنائزیشن پاکستان (آئی پی او پاکستان) سید نصراللہ نے کہا کہ کسی بھی ایجاد کا بنیادی مقصد اس کو اپنے نام سے محفوظ کرنا ہے، دنیا بھر میں لوگوں نے چھوٹی چھوٹی ایجادات کے ذریعے لاکھوں روپے کمائے اوریہ صرف اور صرف پیٹنٹ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
 
ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن پروفیسر ڈاکٹر عالیہ رحمن نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہاکہ ہمارے طلبہ میں صلاحیتوں کی کمی نہیں، انھیں صرف مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
 
ڈائس ورچوئل اینوویشن کمپٹیشن2019 میں جامعہ کراچی کے 70 سے زائد مختلف شعبوں، سینٹرز اور انسٹی ٹیوٹس کی ٹیموں نے حصہ لیا اور اپنے پروجیکٹس پیش کیے
 
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے حکومتی قانونی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ نوازشریف سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے۔

وزیراعظم عمران خان اور حکومتی قانونی ٹیم کے درمیان رابطہ ہوا ہے، وزیراعظم نے قانونی ٹیم کو ہدایت کی ہےکہ نواز شریف سے متعلق لاہورہائی کورٹ کےتفصیلی فیصلےکاجائزہ لیا جائے اور قانونی ٹیم فیصلے کا جائزہ لے کر کابینہ میں رپورٹ پیش کرے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر حکومتی لائحہ عمل کابینہ اجلاس میں طے کیا جائے گااورفیصلے پر حکومتی حکمت عملی آئندہ کابینہ اجلاس میں طے ہوگی
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اب نہ امپائر کی انگلی اور نہ جعلی تبدیلی چلے گی، صرف اور صرف عوام کی مرضی چلے گی۔
 
بلاول بھٹو زرداری نے اپنی پرانی وڈیو ایک مرتبہ پھر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کہ میرا سوال آج بھی موجود ہے، میرا سوال سلیکٹڈ اور سلیکٹرز سے بھی ہے، سلیکٹڈ سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ کو ایمپائر کی انگلی پسند آئی، سلیکٹرز سے پوچھتا ہوں کہ کیا تبدیلی پسند آئی۔
 
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اب نہ امپائر کی انگلی اور نہ جعلی تبدیلی چلے گی، اب صرف اور صرف عوام کی مرضی چلے گی۔
کولمبو: سری لنکا میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں اپوزیشن امیدوار سابق لیفٹیننٹ کرنل 70 سالہ گوٹابايا راجا پاکسے نے میدان مار لیا۔
 
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا ميں حکمران جماعت کے صدارتی اميدوار ساجتھ پريماداسا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، اپوزیشن امیدوار گوٹابايا راجا پاکسے نے 55 فیصد ووٹ حاصل کرکے کانٹے دار مقابلے میں فتح حاصل کرلی ہے۔ نو منتخب صدر کل اپنے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے۔ پُر امن ماحول میں ووٹنگ کی شرح 80 فیصد رہی۔
 
صدارتی الیکشن کے فاتح سابق لیفٹیننٹ کرنل گوٹابایا راجا پاکسے سابق صدر مہندا راجا پاکسے کے بھائی ہیں اور اپنے بھائی کے دور حکومت میں 2005 سے 2015 کے درمیان وزارت دفاع کے سیکرٹری کے عہدے پر بھی فائز رہے اور اس دوران تامل باغیوں کی سرکوبی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ جس پر انہیں عوام میں اُن کے گھر میں پکارے جانے والے نام ’ٹرمینیٹر‘ سے شہرت ملی۔
 
تاحال سرکاری سطح پر انتخابات کے نتائج کا اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن گوٹابایا راجا پاکسے کے ترجمان نے کامیابی کا اعلان کردیا ہے جب کہ حکمراں جماعت کے امیدوار ساجتھ پريماداسا نے بھی اپنی شکست کو تسلیم کرلی ہے اور حریف امیدوار کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں۔
 
واضح رہے کہ سری لنکا میں رواں برس ایسٹر کے موقع پر گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے 6 خود کش حملوں میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس سے قبل صدر متھری پالا سری سینا اور وزیراعظم وکرم سنگھے کے درمیان اقتدار کی آنکھ مچولی سے آئینی بحران پیدا ہوگیا تھا جس پر سپریم کورٹ کو بھی مداخلت کرنا پڑی تھی۔
کراچی: ناموراداکار وپروڈیوسر ہمایوں سعید کا کہنا ہے کہ لوگ چاہے جتنی تنقید کریں وہ ہیرو کا کردار کرتے رہیں گے۔
 
ورسٹائل اداکار ہمایوں سعید کو سوشل میڈیا پر اکثر ان کی عمر کو لے کر مذاق کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور لوگوں کا کہنا ہے کہ اس عمر میں ہمایوں کو ہیرو کے نہیں بلکہ بڑی عمر کے افراد کے کردار نبھانا چاہیے۔ ایک مقامی ویب سائٹ کو دئیے گئے انٹرویو میں ہمایوں سعید نے خود پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کوئی کچھ بھی کہے میں اسی طرح فلموں اور ڈراموں میں ہیرو کے کردار کرتارہوں گا۔
ہمایوں سعید نے کہا کہ میں ناقدین کو زبان سے نہیں بلکہ اچھا کام کرکے جواب دیتا ہوں اگر کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ مجھے بطور ہیرو فلموں اورڈراموں میں کام نہیں کرنا چاہیے تو میں صرف یہی کہوں گا کہ میں تو ہیرو کا کردار ہی کروں گا لہٰذا آپ لوگوں کو جتنی تنقید کرنی ہے کرلیں مجھے فرق نہیں پڑتا۔
 
ہمایوں سعید کا نجی ٹی وی چینل سے نشر ہونے والا ڈراما ’’میرے پاس تم ہو‘‘ آج کل خاصا مقبول ہورہا ہے تاہم ڈرامے کی کہانی اور عائزہ خان کے کردار پر تنقید بھی ہورہی ہے۔ اس حوالے سے ہمایوں سعید نے کہا اس ڈرامے میں عورت کے کردار کو مسخ نہیں کیا گیا بلکہ اس دنیا میں ایسی خواتین موجود ہوتی ہیں جو شوہر سے بےوفائی کرتی ہیں اور ایسے مرد بھی ہوتے ہیں جو اپنی بیوی سے بے وفائی کرتے ہیں۔
 
 ہمایوں سعید نے کہا کہ اس ڈرامے میں مہوش جیسی عورتوں اور شہوار جیسے مردوں کے لیے پیغام ہے کہ عورتوں کے لیے ان کا گھرا ور خاندان پہلے جب کہ مردوں کو چاہیے کہ دوسروں کا گھر خراب نہ کریں۔
 
واضح رہے کہ ہمایوں سعید ڈراما سیریل’’میرے پاس  تم ہو‘‘ میں دانش کا مرکزی کردار نبھارہے ہیں اور اس کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے انہوں نے وزن میں اضافہ بھی کیا ہے۔ ڈرامے میں ہمایوں سعید کی اداکاری دیکھ کر ان کے ناقدین کے منہ بند ہوگئے ہیں۔

لاہور: بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی سیریزمیں پاکستان نے مسلسل چوتھی فتح حاصل کرلی۔

عجمان میں منعقدہ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے جارحانہ آغاز کیا،محسن خان 14اور ریاست خان 4رنز بناکر آؤٹ ہوئے بدر منیر کا بیٹ رنز اگلتا رہا،انیس جاوید نے 78کی اننگز کھیلی،ثناء اللہ صرف4 رنز بناپائے، بدرمنیر172پرناٹ آؤٹ رہے۔

 313 رنزکے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ کی بیٹنگ لائن استحکام کو ترستی رہی،صرف ناتھا فوئے(2) اور سام مرے 22 ہی کچھ مزاحمت کرپائے،بدر منیر اور محسن خان 2،2، شاہ زیب اور فخرعباس ایک ایک شکارکرنے میں کامیاب ہوئے،بدر منیر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، پاکستان کو سیریز میں4-0 سے برتری حاصل ہوگئی، پانچواں میچ اتوار کو کھیلا جائیگا

لاہور: اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں محمد حسنین کی تباہ کن بولنگ کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو 90 رنز سے قابو کرلیا۔

اے سی سی ایمرجنگ ٹیمزایشیا کپ میں پاکستان نے سری لنکا کو 90 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی ، کاکس بازار بنگلہ دیش میں منعقدہ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بیٹنگ کے لیے مشکل کنڈیشنز کے باعث قومی ایمرجنگ ٹیم کے کپتان سعود شکیل سمیت ابتدائی 3 کھلاڑی محض 31 اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ روحیل نذیر اور سیف بدر کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 49 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

روحیل نذیر 37 اور سیف بدر 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد عماد بٹ اور خوشدل شاہ نے قدرے تیزکھیل کا مظاہرہ کیا۔ عماد بٹ نے 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 44رنز کی اننگز کھیلی۔ خوشدل شاہ کی 32 رنز کی اننگز میں 2 چوکے اور 2 چھکے  شامل تھے، قومی ایمرجنگ ٹیم 49.5 اوورز میں 183 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، سری لنکا کی جانب سے فرنینڈو نے 3وکٹیں حاصل کیں۔

184 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن اپ محمد حسنین کی تیز رفتار بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ محمد حسنین نے حریف ٹیم کے اوپنر بھنوکا کو 15 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کرکے میچ میں پہلی وکٹ حاصل کی۔

 دوسری وکٹ کے لیے نیسانکا اور ہسیتا نے پاکستان ایمرجنگ ٹیم کے بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ  بھی 45 رنز کی شراکت کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ نیسانکا نے 34 اور ہسیتا نے 22 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوتے ہی فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور31ویں اوور میں محض93 رنز پر حریف ٹیم کی بساط لپیٹ دی، محمد حسنین نے 19 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔
 
عمر خان اور خوشدل شاہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، عمدہ بولنگ پر محمد حسنین کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، قومی ایمرجنگ ٹیم ایونٹ میں اپنا تیسرا میچ پیر 18نومبر کو اومان کے خلاف کھیلے گی،دوسرے میچ میں افغانستان نے اومان کو 9 وکٹ سے ہرادیا۔

 

 سڈنی: کرکٹ آسٹریلیا نے ڈومیسٹک میچ میں حریف ٹیم کےکھلاڑی سے بدزبانی پر جیمز پیٹنسن کو معطل کردیاہے جس بعد اب وہ پاکستان کیخلاف برسبین ٹیسٹ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے پیسر جیمز پیٹنسن کے جرم کی تفصیلات تو نہیں بتائیں تاہم اتنا ضرور آگاہ کیا ہے کہ انہوں نے وکٹوریا اور کوئنز لینڈ کے درمیان ڈومیسٹک میچ میں فیلڈنگ کے دوران حریف کھلاڑی کے ساتھ بدزبانی کی ہے، جس کے بعد انہیں معطل کردیا گیا ہے اور اب پاکستان کیخلاف برسبین ٹیسٹ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

جیمز پیٹنسن کا کہنا ہے کہ میچ کی گرما گرمی میں ہونے والی حرکت پر معذرت خواہ ہوں، افسوس ہے کہ پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پاؤں گا لیکن قوانین سب کے لیے ہیں، اپنی غلطی اور سزا کو قبول کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ جمعرات کو شروع ہونے والے اس میچ کی پلیئنگ الیون میں شمولیت کے لیے جیمز پیٹنسن اور مچل اسٹارک میں سخت مقابلہ تھا، دیگر بولرز جوش ہیزل ووڈ، پیٹ کمنز اور ناتھن لیون کی جگہ پکی نظر آرہی ہے،اب جیمز پیٹنسن کی معطلی نے مچل اسٹارک کا راستہ صاف کردیا ہے۔