انقرہ:ترکی نے کہا ہے کہ روس سے جدید ترین میزائل ڈیفنس سسٹم ایس-400 سجا کر رکھنے کے لیے نہیں بلکہ استعمال کرنے کے لیے خریدے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے دفاعی صنعت کے چیئرمین اسماعیل دیمر نے خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی ملک اتنا جدید اور مہنگا دفاعی میزائل سسٹم شغل میلے کے لیے نہیں بلکہ استعمال کرنے کے لیے خریدتا ہے، ترکی بھی اس سسٹم کو اپنے دفاعی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرے گا۔
ملتان: چلڈرن ہسپتال ملتان میں مفت ادویات کی عدم دستیابی کے بعد بیس سے زائد مختلف انجکشن نایاب ہو چکے ہیں۔ مریضوں کے لواحقین بازاروں کے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔
ملتان کے چلڈرن ہسپتال میں گزشتہ تین ماہ سے مفت ادویات کی فراہمی کا سلسلہ بند ہے جبکہ مختص فنڈز کی بقایا رقم نہ ملنے سے بیس مختلف انجیکشن اور آکسیجن ماسک بھی نایاب ہو چکے ہیں جن کی تلاش میں نمونیے کا شکار بچوں کے لواحقین میڈیکل اسٹوروں پر خوار ہو رہے ہیں لیکن ہسپتال انتظامیہ کو اس کی پرواہ نہیں۔
سی ای او ہیلتھ کا کہنا ہے کہ ادویات کی قلت کے ساتھ ڈی ٹی ایل کا مسئلہ بھی درپیش ہیں تاہم ہسپتال کا سسٹم چلانے کے لیے ادویات کی خریداری کے احکامات دے دیئے ہیں۔
سردی شروع ہوتے ہی نمونیا اور چیسٹ انفیکشن کا شکار بچوں کی تعداد بےپناہ بڑھ گئی ہے اور اسی لئے ہسپتال میں ایک بیڈ پر تین سے چار مریضوں کو لٹا کر کر پریشان کرنے والے ڈاکٹروں نے لواحقین کو اپنے نجی کلینکس کے راستے بتانا شروع کر دیئے ہیں
کراچی: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت رزاق داؤدنے کہاہے کہ پاکستان بین الاقوامی تجارت میں اپناحصہ بڑھانے کے لیے دنیابھرسے تجارت کا خواہاں ہے.
وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت پاکستان کے تحت اوآئی سی کانفرنس سے خطاب کے دوران وفاقی مشیرتجارت نے کانفرنس کے انعقاد کوایف پی سی سی آئی کی جانب سے بہترین اقدام قراردیتے ہوئے کہاکہ حکومت تمام مسلم ممالک کے شرکا کی پاکستان آمد پر خوش آمدیدکہتی ہے اورہم مل کر تجارت میں بہت زیادہ اضافہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مشرف کے دور میں پیاز کا مسئلہ ہوااور بعدازاں آلو کا مسئلہ کھڑا ہواتھایہ ایک سائکل ہے جوقلت کاسبب بنتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ایران سے ٹماٹر کی درآمد پر معاملات چل رہے آنے والے وقت میں چیزیں مزید بہتر ہونگی۔
انہوں نے کہاکہ ایز آف ڈوئنگ بزنس میں بہتری حکومتی پالیسیوں میں تسلسل کی بدولت ممکن ہوئی ہے جبکہ بجلی کی پیداوار کے حوالے سے بہت کام ہواہے۔
کوئٹہ: سپریم کورٹ کے حکم پر قومی اسمبلی کی نشست این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق این اے 259 ڈیرہ بگٹی کے 29 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ جاری ہے 18 پولنگ اسٹیشن کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ڈیرہ بگٹی این اے 259 کی اس نشست سے 2018ء کے الیکشن میں نواب زادہ شاہ زین بگٹی کامیاب ہوئے تھے تاہم آزاد امیدوار طارق کھیتران نے29 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج پر خدشات ظاہر کرتے ہوئے انہیں سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جواب میں سپریم کورٹ نے ان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو این اے 259 کے ان 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیاتھا۔
تہران: ایران میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافے کے خلاف احتجاج نے شدت اختیار کرلی ہے، دارالحکومت تہران کے بعد اب یہ احتجاج مختلف شہروں اور قصبات کی سڑکوں تک جا پہنچا ہے۔ متعدد مقامات پر پولیس اور کچھ شہروں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔
شیراز شہر میں مشتعل مظاہرین نے پولیس کی ایک گاڑی کو آگ لگادی جب کہ صوبہ کرمان میں مشتعل افراد نے پیٹرول کے ڈپو کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی، جھڑپ کے دوران ایک شخص کی ہلاکت جب کہ کئی کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے فیٹف ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور اسمگلنگ کی روک تھام کیلیے قومی،صوبائی اور ڈویژنل سطع پر کراسنگ پوائنٹ ٹاسک فورسز کے قیام اور بارڈر مینجمنٹ اقدام(بی ایم آئی )کیلیے موٹر سائیکلز،ہتھیار،بلٹ پروف جیکٹس اور سراغ رساں کتے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بارڈر مینجمنٹ اقدام کے تحت اسمگلروں کے خلاف کارروائی کیلئے ڈائریکٹریٹر جنرل آف لااینڈ پراسیکیوشن بھی قائم کیا جائے گا جبکہ وزارت داخلہ،ایف بی آر،وزارت قانون و انصاف،وزارت دفاع اور وزارت خزانہ سمیت دیگر متعلقہ وزارتوں کو وزیراعظم کی زیر صدارت ہونیوالے انسداد اسمگلنگ اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ہونیوالے فیصلوں پر عملدرآمد کیلیے اہداف مقرر کردیے ہیں اور تمام متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کمیٹی کے اجلاس میں طے ہونیوالے ٹائم فریم کے مطابق اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔
کمیٹی کے دیگر ممبران ایف بی آر،وزارت تجارت،وزارت نارکوٹکس کنٹرول،وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ، وزارت میری ٹائم افیئر،وزارت قانون و انصاف،اینٹلی جننس بیورو،وزارت دفاع کے نمائندوں کے علاوہ صوبائی چیف سیکرٹریز اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان شامل ہوںگے ۔
دستاویز کے مطابق اس کمیٹی کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ یہ کمیٹی 3 ماہ سے 6ماہ کے اندر اندر ملک میں قومی،صوبائی اور ڈویژنل سطع پر پر کراسنگ پوائنٹ ٹاسک فورسز کے قیام کو یقینی بنانے کیلیے پلان تیار کرکے پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ کسٹمز بارڈر مینجمنٹ اقدامات(بی ایم آئی)کے تحت آسامیوں کی تعداد بڑھائی جائیں گی جس کیلیے پہلے ہی منظوری دی جاچکی ہے اور یہ ٹاسک فوری طور پر پورا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح پاکستان کسٹمز ڈپارٹمنٹ کی بارڈر مینجمنٹ اقدامات(بی ایم آئی)کے تحت درکار لاجسٹک وآلات کی بھی فوری طور پر خریداری کی جائے گی۔ لاجسٹک اور آلات کی خریداری کیلئے منظوری دی جاچکی ہے جس کے تحت ڈبل کیبن گاڑیاں اور کوسٹرز آئندہ مالی سال 2020-21 کے بجٹ میں مختص کردہ فنڈز سے خریدی جائیں گی البتہ موٹر سائیکل ابھی دستیاب فنڈز سے خریدیں جائیں گی۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) رواں مالی سال 2019-20 کے دوران اپنے وسائل سے اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے بارڈر مینجمنٹ فورس کو مضبوط بنانے کے حوالے سے درکار جدید نوعیت کے ہتھیار،بلٹ پروف جیکٹس، اور سراغ رساں کتے خریدے گا۔
دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ تمام ایجنسیوں کیلیے درکار انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکنیکل ایکوئپمنٹس فائنل کرنے اور انکی خریداریوں کیلیے ترجیحات کا تعین کرنے کیلیے ایف بی آر کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاج کے لیے لندن روانگی کی تیاریاں مکمل ہوگئیں وہ قطرایئرویز کی ایئرایمبولینس سے ایئرپورٹ حج لاؤنج سے لندن روانہ ہوں گے جب کہ نواز شریف کو جاتی امرا سے ایمبولینس کے ذریعے حج لاؤنچ منتقل کیا جا ئے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ عدالتی احکامات کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر اعظم نواز شریف کی علاج کی غرض سے لندن روانگی کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں اس کے ساتھ ساتھ سول ایوی ایشن انتظامیہ نے علامہ اقبال ایئر پورٹ سے متصل حج لاؤنج سے ایئرایمبولینس کی روانگی کے انتظامات بھی مکمل کر لئے ہیں۔
نوازشریف کو لندن لے جانے والی ایئر ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر، ڈاکٹر پیرا میڈیکل اسٹاف وینٹی لیٹر سمیت دیگر تمام سہولیات جو آئی سی یو میں ہوتی ہیں موجود ہوں گی۔ کسی بھی ہنگامی صورت میں ایئر ٹریفک کنٹرول ضرورت پڑنے پر کسی بھی ملک میں دوران پرواز نواز شریف کی طبعیت خراب ہونے کی صورت میں طیارہ لینڈ کر سکے گا۔
فیملی میں شہباز شریف نواز شریف ڈاکٹر عدنان اور متوقع طور پر جنید صفدر بھی ساتھ روانہ ہوسکتے ہیں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے عملے کی حج لاؤنج تعیناتی کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے حوالے سے ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گے ہیں اس حوالے سے ایئر پورٹ پر سیکیورٹی فورس، ایف آئی اے امیگریشن، کسٹم،اے این ایف نے بھی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
نواز شریف کے لیے پلیٹ لیٹس کے بھی چار پیک رکھے جائیں گے اور سی بی سی کرنے سمیت ایمرجنسی میں کئے جانے والے ٹیسٹوں کی سہولت بھی موجود ہوگی۔
راولپنڈی: وزیرریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے معاملے پر نہ ڈیل ہوئی اور نا ہی ڈھیل ہوئی ہے اور عدالت نے دونوں فریقین کی عزت کو بحال رکھا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ سیاست اور جنگ میں ٹائمنگ بہت اہم ہوتی ہے۔ پاکستان کی سیاست خوشگوار ہے، 2ماہ تک حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔ آصف زرداری کےکیس میں پلی بارگین کیلئے 5 لوگ لگے ہوئے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کسی کے کہنے پر نہیں بلکہ اپنی مرضی سے واپس گئے ہیں، انہیں تو جانا ہی تھا، انہیں تو جلدی جانا تھا تاہم 2 دن مزید رکنے پر انہیں داد دیتا ہوں۔