Tuesday, 19 November 2024

راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو دل کی تکلیف پر ہولی فیملی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

شیخ رشید نے راول پنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کیا جس کے بعد میڈیا سے سیاسی امور پر گفتگو بھی کی۔ اس تقریب کے بعد اچانک شیخ رشید کو سینے میں تکلیف اٹھی جس پر فوری طور پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹرز نے شیخ رشید کو ابتدائی امداد فراہم کی ہے اور اب ٹیسٹس کیے جارہے ہیں۔ شیخ رشید کے بھتیجے اور رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے بتایا کہ شیخ رشید کی طبعیت پہلے سے بہتر ہے، انہیں معمولی دل کی تکلیف ہوئی ہے۔

راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ تسلیم کرتا ہوں ملک میں مہنگائی ہے گڈ گورننس نہیں۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ بہت ہوچکا زیادہ بیماری بیماری نہ کریں کہیں یہ نہ ہو کہ یہ فلم ہی الٹی ہوجائے، جائیں باہر علاج کراکر واپس آئیں ہم ان کا انتظار کر رہے ہیں جب کہ فضل الرحمان غلط فہمی دورکر لیں ق لیگ عمران خان کے ساتھ ہے۔

 شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تسلیم کرتا ہوں ملک میں مہنگائی ہے، گڈ گورننس نہیں تاہم عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ زمہ داری سے کہتا ہوں خورشید شاہ کے سوا سب پلی بارگین پرہیں جب کہ صرف حمزہ شہباز اور خورشید شاہ پھنسے ہوئے ہیں۔

راولپنڈی: پاکستان نے ہر قسم کے وار ہیڈز لے جانے والے شاہین ون میزائل کاکامیاب تجربہ کر لیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں بتایا کہ پاکستان نے شاہین ون میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، میزائل ہر قسم کے وار ہیڈز650کلومیٹر تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ڈی آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے کا مقصد کم ازکم دفاعی صلاحیت برقرار رکھنا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شاہین ون زمین سے زمین پر مار کرنے والا بیلسٹک میزائل ہے اور میزائل کا تجربہ پاک فوج کی تربیتی مشقوں کا حصہ ہے، ڈی جی اسٹریٹیجک پلان ڈویژن، چیئرمین نیسکام اور دیگر اعلی حکام نے تجربے کا مشاہدہ کیا۔

دبئی:   ٹیسٹ رینکنگ میں بھارتی کرکٹرزترقی سے محمد عباس اور بابراعظم کے پاؤں پھسل گئے۔

محمد شمی کی 8 درجے چھلانگ نے پاکستانی فاسٹ بولر کو 12 ویں نمبر پر پہنچادیا، بابر کو میانک اگروال کی ترقی کے باعث ایک درجہ نیچے 15 ویں نمبر پر جانا پڑا، پہلے ٹیسٹ میں شکست سے دوچار  ہونے والے بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو بھی تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فاسٹ بولر محمد شمی نے بنگلہ دیش کے خلاف اندور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 3 جبکہ دوسری باری میں 31 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں جس کی بدولت انھیں ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں ایک ساتھ 8 درجے ترقی حاصل ہوئی۔

 جس سے وہ ساتویں نمبر پر پہنچ گئے، ان کو جگہ دینے کیلیے کچھ بولرز کو ایک ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑا جن میں پاکستانی پیسر محمد عباس بھی شامل ہیں جوکہ اب بارہویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ٹاپ 20 میں شامل دوسرے پاکستانی بولر یاسر شاہ بدستور 17 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ٹاپ پوزیشن پر بدستور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز قابض ہیں، کاگیسو  ربادا کا دوسرا نمبر ہے۔
 اسی طرح اندور ٹیسٹ میں 243 رنز کی اننگز کھیلنے والے بھارتی اوپنر میانک اگروال کو 7 درجے ترقی نے گیارہویں نمبر پر پہنچادیا، اسی وجہ سے باقی کچھ بیٹسمینوں کی طرح بابر اعظم کو بھی ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑا، جس سے وہ اب 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، اسد شفیق بدستور 20 ویں اور اظہر علی 22 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
 
ٹیم سے باہر سرفراز احمد کا 38 واں نمبر ہے۔ بنگلہ دیشی بیٹسمین محمود اللہ کی تنزلی کے باعث حارث سہیل ترقی پاکر 44 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ٹاپ بیٹنگ پوزیشن آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیون اسمتھ کے پاس ہے جبکہ بھارتی قائد ویرات کوہلی دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں ٹاپ پر ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر موجود ہیں، دوسرے نمبر پر رویندرا جڈیجا اور تیسرا نمبر انگلینڈ کے بین اسٹوکس نے سنبھالا ہوا ہے۔
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول سائنس پری میڈیکل کے سالانہ امتحانات برائے 2019ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین انعام احمد نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سائنس پری میڈیکل گروپ کے امتحانات میں 23222امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کرکے 22874امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے
 
نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر بھی اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ طلباء اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ کے ذریعہ بھی معلوم کرسکتے ہیں۔
 
اس اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔

 کراچی: ڈیفنس میں بنگلے کے اندر سے نوجوان لڑکی کی لاش ملی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ طبعی موت ہے جبکہ مرنے والی پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے رکن ممتاز علی چانڈ کی بیٹی تھی۔

گزشتہ روز ڈیفنس فیز 6 خیابان راحت میں ایک بنگلے سے نوجوان لڑکی کی لاش ملی تھی ، ایس ایچ او گزری رضوان حیدر نے ایکسپریس کو بتایا کہ متوفیہ شفا چانڈ دختر ممتاز علی چانڈ رات کو سوئی تھی تو صبح جب اہل خانہ نے اسے جگایا تو وہ نہیں اٹھی جس پر انھوں نے ڈاکٹر کو بلایا تو موت کی تصدیق کردی گئی ۔

 مرنے والی پنجاب اسمبلی کے رکن ممتاز علی چانڈ کی بیٹھی تھی جن کا تعلق پاکستان پیپلزپارٹی سے ہے ، ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ واقعہ چونکہ طبعی موت ہے لہٰذا اس سلسلے میں کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی ۔
 
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مصباح الحق محنتی اور ایماندار سپورٹس مین ہے اور مصباح میں سلیکشن اور کوچنگ کی صلاحیت موجود ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے دو روز کے لیے سرکاری اور سیاسی مصروفیات ترک کی ہوئی ہیں اور اس دوران وہ اپنے دوستوں اور فیملی کو وقت دے رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے دوستوں کی محفل میں پاکستان کرکٹ سے متعلق بھی بات چیت کی۔

 وزیراعظم نے کہا کہ جب تک معیاری فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں ہوگی ہماری کرکٹ باقی دنیا سے پیچھے رہ جائے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا ڈومیسٹک نظام حقیقی ٹیلنٹ اوپر لائے گا اور نیا نظام ملک کو طویل مدتی کیریئر والے کھلاڑی دے گا۔ تاہم دیگر شعبوں کی طرح کرکٹ میں بھی نئے نظام کو مزاحمت کا سامنا ہے۔
 
 قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سے برطرف کیے جانے پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرفراز اچھا کھلاڑی ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں محنت کرکے واپس آئے اور کرکٹر کا اصل امتحان ٹیسٹ کرکٹ ہوتا ہے۔

مصباح الحق سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ مصباح الحق محنتی اور ایماندار سپورٹس مین ہے، مصباح میں سلیکشن اور کوچنگ کی صلاحیت موجود ہے۔

 تہران:ایران میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کے دوران سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 36 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایران میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے۔ مہنگائی کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔ دارالحکومت تہران سے شروع ہونے والا یہ احتجاج اب مختلف شہروں اور قصبات تک جا پہنچا ہے۔

 متعدد مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور سیکیورٹی اہلکاروں نے احتجاج کو سختی سے کچلنے کی کوشش کی۔ فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے براہ راست فائرنگ کی اور آنسو گیس کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 4 روز کے دوران 36 افراد ہلاک ہوچکے اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 40 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے پٹرول مہنگا کرنے کی حمایت کرتے ہوئے احتجاج کرنے والوں کو غیر ملکی آلہ کار قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی معیشت مالی بحران کا شکار ہے اور حکومت نے پٹرول کی قیمت 10 ہزار ریال فی لٹر سے بڑھا کر 15 ہزارریال فی لیٹر کرنے کے ساتھ اس کی راشن بندی بھی کردی ہے۔ اس قیمت پر ہر نجی کار کو ایک ماہ میں صرف 60 لیٹر پٹرول ملے گا۔ اس سے زائد پٹرول خریدنے پر قیمت 30 ہزار ریال فی لیٹر ہو گی۔

اوکاڑہ: علاقہ ملحو شیخو کے قریب دریائے ستلج میں کشتی الٹنے سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اوکاڑہ میں علاقہ ملحو شیخو کے قریب دریائے ستلج میں کشتی الٹنے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے، واقعہ کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں جب کہ کشتی میں 30 سے زائد افراد سوار تھے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق اب تک دریا سے 7 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ کشتی ڈوبنے کے مقام پر دیگر افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، ریسکیو ذرائع کے مطابق کشتی آمدورفت کے لیے استعمال کی جاتی ہے تاہم آج سفر کے دوران اچانک حادثہ پیش آیا۔