Tuesday, 19 November 2024

جینیوا: عالمی ادارہِ صحت نے دنیا بھر میں ذیابیطس کے مریضوں کے لیے انسولین کی قیمتیں کم کرنے کے ایک منظم منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

ڈبلیو ایچ او چاہتا ہے کہ مختلف کمپنیاں جنیرک یا فارمولے کے تحت انسولین تیار کریں اور بعض کمپنیوں نے اس پر آمادگی بھی ظاہر کی ہے۔ عالمی ادارہ برائے صحت کی سربراہ ڈاکٹر ایمر کک نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ذیابیطس تیزی سے پھیل رہی ہے۔ انسولین کی قلت ہے اور اسی وجہ سے ان کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ اس ضمن میں فوری طور پر کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

 اس وقت تین کمپنیاں انسولین کی مارکیٹ پر حاوی ہیں۔ اس تناظر میں دوا کا جینیرک یا فارمولہ ورژن اس کمی کو پورا کرسکتا ہے تاکہ دیگر کمپنیاں بھی انسولین بناسکیں۔ انسولین کے اس قسم کی افادیت اور جانچ پڑتال کا مکمل عمل خود عالمی ادارہ برائے صحت انجام دے گا۔
 
 اس سے قبل ڈبلیو ایچ او کی کوششوں سے کئی ویکسین بھی عین اسی طرح سے بنائی جاتی رہی ہیں جن میں ٹی بی، ملیریا اور ایچ آئی وی کی غیربرانڈ شدہ ویکسین اور دوائیں شامل ہیں جن پر کسی کمپنی کی چھاپ نہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر ایمرنے کہا کہ شروع میں ایچ آئی وی کی ادویہ بہت مہنگی تھیں اور اسی طرز پر یہ دوائیں بنائی گئیں تو دنیا کے 80 فیصد غریب افراد تک ان کی رسائی ممکن ہوئی۔
 

’جب پہلی مرتبہ ایچ آئی وی کا اینٹی ریٹرو وائرس بنایا گیا تو فی مریض اس کی سالانہ قیمت 10 ہزار ڈالر تھی۔ اس کے بعد جینرک طریقے سے تیار کیا گیا تو قیمت کم ہوکر 300 ڈالر فی سال تک آگئی۔ اب انسولین کے لیے بھی یہی کچھ کرنا ہوگا،‘ ڈاکٹر ایمر نے کہا۔

اس ضمن میں انسولین کی ایک قسم بنائی گئی ہے جو معیار، تاثیر اور قیمت کے تمام ٹیسٹ سے گزرچکی ہے اور جلد ہی یہ نئی ویکسین بناکر دنیا بھر کو بھیجی جائے گی۔ ڈبلیو ایچ او اپنے اس منصوبے کی تفصیلات سوئٹزرلینڈ میں منعقدہ ایک کانفرنس میں جلد ہی پیش کرے گا۔

 سنگاپور: ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جانوروں کے غذائی اجزا اور گوشت کی بجائے سبزیوں اور دالوں وغیرہ کا استعمال دماغی صحت کے لیے انتہائی مفید ہے اور عمر گزرنے کے ساتھ ساتھ دماغی کمزوری اور اعصابی ٹوٹ پھوٹ کو بھی روکتی ہے۔

نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کے پروفیسر کوہ وون پوائے اور ان کے ساتھیوں نے ڈیوک میڈیکل اسکول کے تعاون سے جو مطالعہ کیا ہے وہ امریکن جنرل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ہوا ہے۔

ان ماہرین نے ثابت کیا ہے کہ سبزیوں اور پودوں سے حاصل شدہ غذائی اجزا اگر عمر کے وسطی حصے میں استعمال کی جائیں تو آگے چل کر الزائیمر اور ڈیمنشیا سمیت کئی امراض کی وجہ بننے والی کیفیات کو روک سکتی ہیں۔ اس ضمن میں پھل، سبزیاں، مکمل اناج اور صرف دودھ دہی کو ہی استعمال کیا جائے تو اس سے بڑھاپے میں دماغی انحطاط کو کم کیا جاسکتا ہے۔

 اس ضمن میں سنگاپور کے 63 ہزار سے زائد افراد کا بھرپور جائزہ لیا گیا اور ان سے کھانے پینے، تمباکو اور شراب نوشی، جسمانی ورزش، نیند، وزن، امراض اور دیگر کیفیات کے بارے میں انٹرویو نما سوالات کیے گئے۔ پہلے اپریل 1993ء، دسمبر 1998ء اور آخر میں 2016ء میں ان سے مختلف سوالات کیے گئے۔

تینوں مواقع پر کھانے پینے کے معمولات، دماغی صحت اور دیگر امور کے بارے میں پوچھا گیا۔ معلوم ہوا کہ جن لوگوں نے سبزیاں اور پھل کھانے کو اپنا معمول بنایا ہوا تھا ان میں دماغی امراض کی شرح کا خطرہ 33 فیصد کم دیکھا گیا۔

اس لحاظ سے ماہرین کا اصرار ہے کہ 40 سال کے بعد پھلوں اور سبزیوں کا استعمال معمول بنالیا جائے تو اس کے طویل مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ڈھاکا : ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 3 رنز سے شکست دیدی۔
 
ڈھاکا کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 267رنز بنائے، عمیر یوسف 66 اور سیف بدر 47 (ناٹ آﺅٹ)، حیدر علی 43 اور کپتان روحیل نذیر 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
 
بھارت کی جانب سے شیوام ماوی، سوراب ڈی اور ہرتیک شوکیم نے 2،2 شکار کیے جب کہ سدھارتھ ڈیسائی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
 
بھارت کی جانب سے سنویر سنگھ 76، کپتان پی آر شرتھ 47 اور ارمان جعفر نے 46 رنز کی اننگز کھیلی، ایک وقت میں بھارتی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 244رنز بنالیے تھے اور 27 گیندوں میں ہدف کا حصول مشکل نظر نہیں آرہا تھا تاہم گرین شرٹس نے کم بیک کرتے ہوئے مزید 2وکٹیں حاصل کرلیں۔
 
میچ کے آخری اوور میں 8 رنز درکار تھے، عماد بٹ نے 4 رنز دیے اور ایک وکٹ بھی حاصل کی، محمد حسنین اور سیف بدر نے 2،2، عماد بٹ اور عمر خان نے ایک ایک شکار کیا

کراچی: اقرا یونیورسٹی کے زیر اہتمام سوشل انٹرپرینیورشپ پر سیشن بروز جمعرات 21 نومبر 2019 کو سہ پہر 3:30 بجے مرکزی سماعت گاہ ،اقرا یونیورسٹی  ای ڈی سی کیمپس میں منعقد ہوگا۔

 سیمینار میں معروف سماجی رہنما اور باکستان کی سب سے بڑی مائیکرو فنانس آرگنائزیشن ’’اخوت‘‘ کے بانی و سربراہ ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کلیدی خطاب کرینگے۔

وائس چانسلر شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر تنویر خالق نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کی زمین کاحصول ترجیح ہے جس کی منظوری کیلئے آئندہ ہفتے صدر پاکستان سے ملاقات کروں گا۔

یونیورسٹی میں پروفیسر ز سمیت فیکلٹی کی 25 اسامیاں خالی ہیں۔ چار سال بعد یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی ڈگری کااجرا کیا جائے گا ۔

یونیورسٹی میں تحقیق کے شعبہ میں بہتری کیلئے نئے شعبے قائم کررہے ہیں، تحقیقی کام کیلئے صنعت کاروں کو اعتماد میں لے رہے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے گزشتہ روز پریس کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اسلام آباد: چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے خود نوازشریف کو باہر جانے کی اجازت دی تھی، ہائی کورٹ نے صرف جزویات طے کیں۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے وزیراعظم کا عدلیہ سے متعلق بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے جس کیس کا طعنہ دیا اس پر بات نہیں کرنا چاہتا، ججز پر تنقید اور طاقتور کا طعنہ ہمیں نہ دیں، ججز پر اعتراض کرنے والے تھوڑی احتیاط کریں، وزیراعظم نے خود نوازشریف کو باہر جانے کی اجازت دی تھی، ہائی کورٹ نے صرف جزویات طے کیں۔

 چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آج کی عدلیہ کا تقابلی جائزہ 2009 سے پہلے والی عدلیہ سے نہ کریں، ہمارے سامنے طاقتور صرف قانون ہے، ایک وزیراعظم کو ہم نے سزا دی، دوسرے کو نااہل کیا اور سابق آرمی چیف کے مقدمے کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے، کوئٹہ کے کیس کا 3 ماہ میں سپریم کورٹ سے فیصلہ ہوا، 2 دن پہلے ایک قتل کیس کا ویڈیو لنک کے ذریعے فیصلہ کیا۔
 
 چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 3100 ججز نے گذشتہ سال 36 لاکھ مقدمات کے فیصلے کیے، سپریم کورٹ میں 25 سال سے زیرالتواء فوجداری اپیلیں نمٹائی گئیں، جن لاکھوں افراد کو عدلیہ نے ریلیف دیا انہیں بھی دیکھیں، 36 لاکھ مقدمات میں سے صرف تین چار ہی طاقتور لوگوں کے ہوں گے۔

وزیراعظم نے جس کیس کی بات کی وہ ابھی زیرالتواء ہے اس لیے اس پر بات نہیں کروں گا، وزیراعظم نے طاقتور اور کمزور کی بھی بات کی، اب ہمیں وسائل کی کمی محسوس ہو رہی تھی، وزیراعظم جب وسائل دیں گے تو مزید اچھے نتائج بھی سامنے آئیں گے، محترم وزیراعظم نے دو دن پہلے خوش آئند اعلان کیا کہ عدلیہ کو وسائل دیں گے۔

 چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ ماڈل کورٹس نے تمام نتائج صرف 187 دنوں میں دیے، فیملی مقدمات طاقتور لوگوں کے نہیں ہوتے، 20 اضلاع میں کوئی سول اور فیملی اپیل زیرالتواء نہیں، منشیات کے 23 اضلاع میں کوئی زیرالتواء مقدمات نہیں، ماڈل کورٹس کی وجہ سے 116 اضلاع میں سے 17 میں کوئی قتل کا مقدمہ زیر التواء نہیں، تمام اپیلوں کے قانون کے مطابق فیصلے کیے گئے، تمام اپیلیں ناتواں لوگوں کی ہیں طاقتور اور کمزور میں کوئی فرق نہیں کیا گیا۔

کراچی:کراچی کے قریب غیر ملکی طیارہ پاکستان کی فضائی حدود میں بغیر اجازت داخل ہو گیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے طیارے کو واپس جانے پر مجبور کر دیا۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرول حکام نے طیارے سے پاکستان میں داخلے کا اجازت نامہ اور کوڈ طلب کیا جس پر غیر ملکی پائلٹ نے اجازت نامہ اور کوڈ بتانے سے انکار کر دیا۔

طیارہ مسقط سے ہوتا ہوا کراچی ریجن میں داخل ہوا تھا، ایئر ٹریفک کنٹرولر نے وارننگ دی جس پر طیارے کو واپس جانا پڑا، سول ایوی ایشن نے بغیر اجازت داخل ہونے کی فوری اطلاع اعلیٰ حکام کو دے دی

برسبین:آسٹریلیا کیخلاف کل سے گابا میں شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ سیشن برسبین میں گزشتہ روز بھی جاری رہا اور کینگروز کو مات دینے کیلئے پرعزم قومی کرکٹرز کھیل کے تینوں شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کی بہتری میں مصروف دکھائی دیئے۔
 
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے بیٹسمینوں کو بیٹنگ کے گر سکھائے جنہوں نے نیٹ پر بیٹنگ کے دوران ان کی ہدایات پر عمل جاری رکھا۔ ٹریننگ سیشن کے دوران عابد علی کو بیٹنگ کے ساتھ وکٹ کیپنگ کی مشقیں بھی کروائی گئیں کیونکہ وکٹ کیپر محمد رضوان سائیڈ میچ کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے انجری کا شکار ہو گئے تھے۔
 
باؤلنگ کوچ وقار یونس کی زیر نگرانی باؤلرز نے بھی ٹیسٹ میچز میں آسٹریلوی بیٹسمینوں کو ٹف ٹائم دینے کیلئے لائن لینتھ پر توجہ مرکوز کرلی.

کراچی:  ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ زرعی قرضے ایک ہزار ارب روپے سے تجاوز کرگئے ہیں۔

رواں مالی سال زرعی قرضوں کی فراہمی کے لیے بینکوں کو 1350 ارب روپے کا ہدف دیا گیا ہے۔ گورنر بینک دولت پاکستان ڈاکٹر رضا باقر نے زراعت کے شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں اضافے کیلیے کوششیں کرنے پر بینکوں کی تعریف کی، جو مالی سال 19کے اختتام تک تاریخی لحاظ سے بلند ترین سطح تک پہنچ گئے ہیں۔

 گورنر اسٹیٹ بینک نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ زرعی شعبے کے قرضے ایک ٹریلین روپے سے تجاوز کر چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بات زرعی قرضہ مشاورتی کمیٹی (اے سی اے سی) کے پشاور میں منعقد ہونے والے سالانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ یہ اجلاس اسٹیٹ بینک کی جانب سے ملک کے پسماندہ صوبوں اور علاقوں میں زرعی قرضہ بڑھانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
 
 ڈاکٹر رضاباقر نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ زرعی قرضوں کے متعلق اسٹیٹ بینک کی تزویراتی تبدیلی اور اہم پالیسی اقدامات کی روشنی میں دیے گئے اہداف کے معیاری پہلووں کے حصول کے لیے کوششوں میں اضافہ کریں۔

کراچی: پاکستان نے انگلینڈ میں منعقدہ جونیئرورلڈ اسکریبل چیمپئن شپ جیت لی۔

Image result for world scrabble championship 2019

سید عماد علی کم عمرجونیئرورلڈ چیمپئن بن گئے، انھوں نے 20 میں سے17 میچزمیں کامیابی سمیٹی،طحہ مرزا انڈر18، صائم وقارانڈر14، مونس خان انڈر12جبکہ مصباح الرحمان انڈر10کے عالمی چیمپئن بنے۔