Tuesday, 19 November 2024

کراچی: محکمہ اینٹی کرپشن سندھ نے ٹاؤن ایجوکیشن آفس میل لطیف آباد حیدرآباد پرچھاپہ مار کر ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق اے ڈی/ سی او باز محمد سیال نے ٹاؤن ایجوکیشن آفس میل لطیف آباد میں جعلی بھرتیوں ، ایس ایم سی فنڈز میں خردبردوغلط استعمال کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے چھان بین کے بعد ریکارڈ تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے

ڈیرہ اسماعیل خان: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہمیں بلوچستان حکومت، چیئرمین سینٹ اور گورنر کے پی کے عہدوں کی پیشکش ہوئی جسے ہم نے مسترد کر دیا ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کے دوران جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف ہماری تحریک برقرار رہے گی، نئے الیکشن اور حکومت کےخاتمے کی جلد نوید عوام کو ملے گی، عوامی قوت سے ملکی نظام بند کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مارچ اب ملک کےدیگر حصوں تک پھیل چکا ہے، ازسرنو عام انتخابات ہوں گے اور عوامی نمائندہ حکومت تشکیل دی جائے گی لہذا وزیراعظم کے پاس کوئی راستہ نہیں استعفیٰ دینا ہی پڑے گا۔

 مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، وزیراعظم کی تقریر میں جو الفاظ استعمال ہوئے وہ ان کے شایان شان نہیں، ہم ملکی ترقی چاہتے ہیں تاہم موجودہ حکومت میں ترقی سکڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی قوت خرید بالکل ختم ہوگئی ہے، ایسی حکومت کو مزید وقت نہیں دیاجائے گا جب کہ اوروں کو چور کہنے والے اب احتساب سے ڈر رہے ہیں۔
 

 سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت، چئیرمین سینیٹ اور گورنر خیبر پختونخوا کا عہدہ دینے کی پیشکش ہوئی، جسے ہم نے مسترد کر دیا ہے کیونکہ ہم اس جعلی حکومت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی اپوزیشن کی درخواست منظور کرلی۔
 
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی عدم موجودگی میں الیکشن کمیشن کے 2 ارکان نے تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی اور ممنوعہ پارٹی فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر درخواست کی سماعت کی، الیکشن کمیشن نے اپوزیشن کی درخواست منظور کرلی۔
 
اپوزیشن جماعتوں کی درخواست چیف الیکشن کمشنر اورارکان کو بھجوا دی گئی ہے جب کہ 26 نومبر سے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کی کارروائی روزانہ کی بنیاد پر چلے گی۔
 
یاد رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کے ارکان نے الیکشن کمیشن دفتر کے سامنے احتجاج بھی کیا تھا اور پی ٹی آئی کیخلاف کیس کی روزانہ سماعت کا مطالبہ کیا، رہبر کمیٹی کے کنوینر اکرم درانی نے کہا کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس 5 سال سے چل رہا ہے، فیصلہ ہو گیا تو پی ٹی آئی اور اس کی حکومت ختم ہوجائے گی۔
 
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے منحرف کارکن اکبر ایس بابر نے 2014 میں ای سی پی میں غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق کیس دائر کیا تھا۔ان کا موقف ہے کہ کہ پی ٹی آئی کے غیر ملکی فنڈز میں تقریباً 30 لاکھ ڈالر 2 آف شور کمپنیوں کے ذریعے اکٹھے کیے گئے اور یہ رقم غیر قانونی طریقے سے پی ٹی آئی ورکرز کے اکاؤنٹس میں بھیجی گئی۔

لاہور: کرتارپور راہداری کھلنے کے بعد سکھ برادری نے ننکانہ صاحب امرتسردوستی بس سروس بحال کرنے کی اپیل کردی ہے۔

پاکستان اوربھارت کے مابین لاہوردہلی بس سروس کے بعد 24 مارچ 2006 میں سکھوں کے مقدس مقام جنم استھان ننکانہ صاحب سے امرتسرکیلئے پنج آب کے نام سے بس سروس شروع کی گئی تھی۔ یہ بس ہفتے میں دو دن چلتی ہے تاہم بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کئے جانے کے بعد پاکستان اوربھارت کے مابین دوستی بس سروس اگست 2019 سے معطل ہے۔

 دونوں ہمسایہ ملکوں کے مابین کرتارپور راہداری کھلنے کے بعد اب سکھوں کی سب سے بڑی نمائندہ شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے پاکستان اوربھارت سے اپیل کی ہے کہ پنجاب بس سروس بحال کی جائے تاکہ سکھ یاتری آسانی سے جنم استھان ماتھا ٹیکنے جاسکیں۔
 
ورلڈسکھ فانڈیشن نے بھی دونوں حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ کشیدگی اور تناو کے باوجود جس طرح دونوں ملکوں نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرتار پور راہداری کھولی ہے اس طرح ننکانہ صاحب امرتسربس سروس بھی بحال ہونی چاہئے۔

پاراچنار : پاراچنار کے گاؤں پیواڑ میں 5 سالہ بچی گل سکینہ کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔

 پولیس کے مطابق گل سکینہ اسکول گئی تھی لیکن واپس نہ آئی۔ تاخیر ہونے پر اہل خانہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے اس کی تلاش شروع کی تو بڑی تگ و دو کے بعد ایک تالاب سے اس کی لاش ملی۔
 
 میڈیکل رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔ سفاک درندے نے بچی سے زیادتی کے بعد اسے قتل کرکے لاش تالاب میں پھینک دی۔ واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہے اور مقامی افراد نے احتجاج کرتے ہوئے قاتل کی گرفتاری اور سخت سے سخت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
 
سینیٹ کمیٹی برائے داخلہ نے واقعے کا سخت نوٹس لیا ہے اور سینیٹر رحمان ملک نے شدید دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت خیبرپختونخوا ننھی بچی کے قاتل کو فوری طور پر گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچائے۔

رحمان ملک نے کہا کہ ننھے بچوں کیساتھ زیادتی و قتل کرنے والے ظالموں کو سر عام پھانسی دی جائے تاکہ عبرت حاصل ہو، آئی جی پولیس خیبرپختونخوا خود ننھی بچی گل سکینہ کے قتل کی تفتیش کی نگرانی کرے

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہمیں بھارت سے کسی خیر کی توقع نہیں ہے، ہم ہندوستان سے اچھے تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں تاہم وہ ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ہولناک خواب کی طرح جاری ہے جس کو 110 روز گزر چکے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں تمام ذرائع مواصلات اور ٹیلی فون وغیرہ مکمل بند ہیں، بھارتی قابض افواج نوجوانوں اور بچوں کو غیرقانونی طور پر حراست میں لے رہی ہے۔

 ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی مشکلات اور وہاں کی دگرگوں صورتحال کواجاگر کرتا رہے گا، اسی حوالے سے وزیر خارجہ کا خط اقوام متحدہ کے سیکورٹی کونسل کے اراکین میں تقسیم بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت فوری انٹرنیٹ سروس اور موبائل سروس بحال کرے اور سیاسی قیدیوں کو فوری رہا کیا جائے۔
 
ترجمان نے کہا کہ کرنل حبیب طاہر کی موت کا سرٹیفکیٹ دیکھا ہے جو بظاہر جعلی نظر آتا ہے، کرنل حبیب کے اہلخانہ اور حکومت پاکستان ان کے حوالے سے پریشان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاچن کے حوالے سے میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں، ہندوستان کیسے سیاچن کو سیاحت کے لیے کھول سکتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی آباد کاری پر موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جب کہ افغان طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات پر سرد مہری کے حوالے سے اطلاع نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششیں جاری رہیں گی جب کہ ہمیں بھارت سے کسی خیر کی توقع نہیں ہے، ہم بھارت سے اچھے تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں تاہم وہ ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

کراچی: صوبائی حکومت نے سندھ اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے سیکریٹری ریاض الدین کوناقص کارکردگی پرعہدے سے فارغ کردیا، ان کی جگہ پرووینشل الیکشن اتھارٹی کے چیئرمین محمد حسین سید کوسیکریٹری سندھ ایچ ای سی تعینات کردیا گیا ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کی جانب سے تبادلے کانوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ ایچ ای سی کے عہدے سے ہٹائے گئے سیکریٹری محمد ریاض الدین کے پاس اب صرف سیکریٹری یونیورسٹیزاینڈبورڈزکااضافی چارج رہے گا جبکہ محمد حسین سید چیئرمین صوبائی الیکشن اتھارٹی کااضافی چارج اپنے پاس ہی رکھیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چندسال میں یہ مثال پہلی بارسامنے آئی ہے کہ سیکریٹری یونیورسٹیزاینڈبورڈزکے پاس سیکریٹری ایچ ای سی کاچارج نہ ہویاسیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈزسے سیکریٹری سندھ ایچ ای سی کاچارج واپس لے لیاگیاہے۔

یادرہے کہ اس سے قبل سابق سیکریٹریزنوید شیخ،محمد حسین سید ،قاضی کبیر اورعالیہ شاہدکے پاس سیکریٹری یونیورسٹیزاینڈبورڈزکے ساتھ ساتھ سندھ ایچ ای سی کے سیکریٹری کاچارج بھی رہااوران سیکریٹریزکے تبادلے تک دونوں اداروں یامحکموں کے چارج مذکورہ افسران کے پاس ہی رہے تاہم یہ پہلی مثال ہے جب کسی سیکریٹری یونیورسٹیزاینڈبورڈزسے سندھ ایچ ای سی کاچارج واپس لے لیاگیاہو۔

ادھریہ بھی بتایاجارہاہے کہ مشیروزیراعلیٰ سندھ برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نثار کھوڑو بھی سیکریٹری ریاض الدین کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں اورمذکورہ پوسٹ سے بھی ان کے تبادلے کے امکانات ہیں۔

حال ہی میں تعلیمی بورڈزکے سیکریٹریزکے ٹیسٹ اورانٹرویوزکے بعد ان کی تقرری کے نوٹیفکیشن کے اجرا کے باوجودان افسران کی تعیناتی نہ ہونے کے سبب سیکریٹری ریاض الدین ہدف تنقید بنے ہوئے ہیں کیونکہ انھوں نے سیکریٹری تعلیمی بورڈزکی تعیناتی کانوٹیفکیشن ایک ایسے وقت میں جاری کیاجب محض دوروزکے بعد عدالت میں یہ معاملہ پیش ہوناتھا جس کے سبب نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجودمتعلقہ تعلیمی بورڈزکے سیکریٹریز اپنے عہدوں کاچارج نہیں لے سکے اورسندھ کے تعلیمی بورڈزمیں ناظم امتحانات اورسیکریٹریزکی تعیناتی کامسئلہ حل ہونے کے بجائے مزیدپیچیدگی اختیارکرگیا

اسلام آباد: جے یو آئی (ف) کے رہنما اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ جمعہ سے ملک بھر میں حکومت کے خلاف احتجاج اور مظاہرے ہوں گے۔

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع کے لیے رہبر کمیٹی کے کنوینئر اکرم درانی اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے۔

 اس موقع پر اکرم درانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج صوبائی قیادت بیٹھے گی اور پلان سی کو عملی جامہ پہنانے پر غور کرے گی، کل سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہرے ہوں گے۔
 الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کی روزانہ سماعت کا مطالبہ منظور ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں اکرم خان درانی نے کہا کہ یہ تو کمال ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو جلد ہی
 
خوشخبری ملے گی، دھرنے کا مقصد اور فائدہ جلد عوام کے سامنے آجائے گا، عمران خان کو چاہیے کہ پہلے ہی اخلاقی طور پرمستعفی ہوجائیں، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ میں عدالتوں کے پیچھے چھپنے کا معاملہ اب ختم ہوچکا، الیکشن کمیشن کے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد عمران خان کی پارٹی ختم ہو جائے گی۔
 
واضح رہے کہ جے یو آئی نے حکومت کے خلاف مہم میں پہلے آزادی مارچ کیا اور اسلام آباد کے گراؤنڈ میں دھرنا اور جلسہ کیا۔ پلان بی کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں سڑکیں بند کرکے احتجاج کیا گیا اور اب پلان سی کا اعلان کیا ہے
اسلام آباد: عالمی ادارے پاکستان سے پولیوکے خاتمے کیلئے 2.06 ارب ڈالر فراہم کریں گے۔
 
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے ابو ظبی میں بل گیٹس فاؤنڈیشن کے سربراہ سے ملاقات کی۔ بل گیٹس نے پاکستانی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا پولیوکے خاتمے کیلئے وہ 1.08 ارب ڈالردیں گے۔ بیان کے مطابق حکومت اس ضمن میں 150 ملین ڈالردے گی۔
 
ظفر مرزانے ناروے کے نائب وزیر اکسل جیکوسن، ڈائریکٹر سی ڈی سی رابرٹ ریڈ فیلڈ، صدر بل گیٹس اینڈ ملنڈا فاؤنڈیشن کرس ایلس سے بھی ملاقات کی۔

کراچی: مرکزی انجمن اخبار فروشاں کا اخبارات کے اسٹالز بند کرنے کا اعلان کردیا۔

مرکزی انجمن اخبار فروشاں کراچی کا اجلاس زیر صدارت محمد اقبال نون کے ہوا اجلاس میں جنرل سیکریٹری عبدالحمید ڈاڈا، فیڈریشن کے نائب صدر عبدالستار کارساز، شفیق بھائی، ناصر نثار شامل تھے۔

 اجلاس میں شہر بھر سے اسٹال ہولڈرز اراکین مجلس عاملہ نے شرکت کی اجلاس میں بتایا گیا کہ تجاوزات کیخلاف جاری آپریشن کی آڑ میں پولیس نے اخبار فروشوں کا جینا دوبھر کردیا ہے ،اخبارات کے اسٹالوں کی توڑ پھوڑ اور اخبار فروشوں کی گرفتاریوں کیخلاف ہر سطح پر آواز بلند کی گئی ہے۔
 
 چیف سیکریٹری سندھ، کمشنر کراچی، آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی اور سی پی این ای کو اس صورتحال سے آگاہ کیا گیا لیکن افسوس اخبار فروشوں کے خلاف جاری آپریشن کم ہونے کے بجائے بروز بدھ کو جاری آپریشن کے دوران قائد آباد، ملیر میں اخبارات کے اسٹالوں کو مسمار کردیا گیا جس کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہر بھر میں قائم تمام اخبارات کے اسٹال بند کرنے کا اعلان کرتے ہیں اگر پھر بھی مالکان اخبارات اور انتظامیہ نے ہماری دادرسائی نہ کی تو دوسرے مرحلے میں شہر بھر میں تمام اخبارات کا بائیکاٹ کیا جائے گا اور جلد ہی سندھ بھر میں احتجاجی مہم کا آغاز کیا جائے گا