سڈنی:پاکستان کے خلاف بارش سے متاثرہ پہلے ٹوئنٹی 20 میں جیت کا موقع ہاتھ سے نکلنے پر آسٹریلیا نے قوانین میں ہی تبدیلی پر غور شروع کردیا۔
آئی سی سی اور کرکٹ آسٹریلیا کے قوانین میچ ریفری جواگل سری ناتھ کو اجازت ہی نہیں دیتے تھے کہ وہ اس مقابلے میں وقفے کا وقت 20 سے 10 منٹ کرتے کیونکہ اس کیلیے پہلی اننگز کے دوران ایک بار اوور محدود ہونے کے بعد دوبارہ موسم کی مداخلت نہیں ہوئی تھی۔
کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے بگ بیش اور اپنے ملک میں کھیلے جانے والے انٹرنیشنل مقابلوں کیلیے بارش سے متاثرہ میچز میں وقفے کے دورانیہ سے متعلق نئے قوانین وضع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
ممبئی: امریکا سے تعلق رکھنے والے شخص نے اپنی بیوی کو اس بات پر چاقو کے وار سے قتل کردیا کہ وہ بالی ووڈ اداکار ہرتھیک روشن کی مداح تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امریکا کے رہائشی 33 سالہ شخص دنیشور بدھی دت نے اپنی 27 سالہ بیوی ڈونی دوجوئے کو صرف اس بات پر چاقو کے وار کرکے قتل کردیا کہ وہ بالی ووڈ اداکار ہرتیھک روشن کی دیوانی تھی۔ دنیشور اپنی بیوی کی ہرتیھک روشن کے لیے دیوانگی دیکھ کر جلن محسوس کرتا تھا بالآخر اس نے اپنی بیوی کا قتل کردیا بعد ازاں اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔
دونوں کے ایک مشترکہ دوست کے مطابق ڈونی دوجوئے ہرتھیک روشن کی بہت بڑی مداح تھی اور یہ بات دنیشور کو پسند نہیں تھی۔ جب کہ مقتولہ ڈونی کی ایک دوست کا کہنا ہے کہ ڈونی نے اسے بتایا تھا کہ جب وہ ٹی وی پر ہرتھیک روشن کی فلم دیکھتی ہے یا کوئی گانا سنتی ہے تو اس کا شوہراسے ٹی وی بند کرنے کے لیے کہتاتھا کیونکہ اسے ہرتھیک روشن سے جلن محسوس ہوتی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد دنیشور نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کی بہن کو پیغام بھیجا جس میں اس نے بتایا کہ اس نے اپنی بیوی کو قتل کردیا ہے۔ بعد ازاں دنیشور نے ایک درخت سے لٹک کر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔
اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے دوران نیب نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کردی۔
وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس ہوا ہے۔ جس میں معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر، نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان اور نمائندہ شہباز شریف عطا تارڑ بھی شریک ہیں۔ ذیلی کمیٹی کو سیکرٹری صحت اور سربراہ میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی صحت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران ذیلی کمیٹی نے نیب کے رویے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح موقف مانگا۔
اجلاس میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے سے اپنی سفارشات مرتب کرے گی، سفارشات پر فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ آج ہی کرے گی۔
تہران:جونیئر کبڈی ورلڈکپ میں پاکستان نے ڈنمارک کے خلاف اپنا پہلا میچ جیت لیا۔
ایران کے شہر کش میں کھیلے جارہے پہلے جونیئر کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان نے ڈنمارک کے خلاف اپنا پہلا میچ جیت لیا۔ پاکستان نے 23 کے مقابلے میں 72 پوائنٹس سے کامیابی پاکر اپنی برتری ثابت کی۔
سیکرٹری فیڈریشن رانا سرور نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جونیئر ٹیم پہلی بار کسی کبڈی کے انٹرنیشنل میلے میں شرکت کررہی ہے، ابتدائی میچ میں جیت سے لڑکوں کا مورال بلند ہوا ہے، یقین ہے کہ اگلے میچز میں بھی یہ ٹیم اچھا پرفارم کرکے ملک کا نام روشن کرے گی۔
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اگر صوبے میں ترقی گورنر کے ذریعے کروانا چاہتی ہے تو یہ غلط ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے سی پی این ای کے 26 رکنی وفد نے صدر عارف نظامی کی سربراہی میں ملاقات کی ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تمام ایڈیٹرز کو خوش آمدید کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےوزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میرے گورنر کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں ہم ملتے ہیں، میں نے وزیراعظم کو مختلف خطوط لکھے ہیں لیکن ایک کا بھی جواب نہیں آیا ، میں وفاقی وزیر سے ملتا ہوں کام کے حوالے سے بات بھی ہوتی ہے، وفاقی حکومت اگر ترقی گورنر کے ذریعے کروانا چاہتی ہے تو یہ غلط ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جام شورو سیہون سڑک پر بہت حادثات ہوتے ہیں، میں نے وفاقی حکومت سے درخواست کی کہ اس سڑک کو دو رویہ کریں، وفاقی حکومت نے کہا کہ سندھ حکومت آدھی رقم دے ہم نے اپریل 2017 کو وفاقی حکومت کو 7 بلین روپے دیئے، وزیراعظم نے وزیر مملکت مراد سعید کو کہا کہ سندھ حکومت کے ساتھ کوآرڈینیٹ کریں، جب مراد سعید کراچی آئے تو مجھے پیغام دیا کہ اگر آپ نے ملنا ہے تو گورنر ہائوس آئیں میں نے شائستگی سےمنع کیا کہ مناسب نہیں،پھر مراد سعید نے کہا کہ میں وزٹ پر جا رہا ہوں، وزیراعلیٰ سندھ وہیں آئیں، اس کے بعد مراد سعید کو وزیر مملکت سے وفاقی وزیر بنادیا گیا۔
سڈنی: مائیک ہسی بھی بابراعظم کی صلاحیتوں کے گن گانے لگے اور ان کے روشن مستقبل کی پیش گوئی کردی۔
مسٹر کرکٹ کے نام سے پہچانے جانے والے سابق آسٹریلوی بیٹسمین نے کہا ہے کہ پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسٹار بلے باز بابراعظم انتہائی باصلاحیت ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں بھی وہ چند بڑی سنچریز بنانے میں کامیاب ہوجائیں تو ویرات کوہلی، اسٹیون اسمتھ، کین ولیمسن اور جوئے روٹ جیسے صف اول کے بیٹسیمنوں کی فہرست میں شامل ہوجائیں گے۔
آسٹریلوی بیٹسمین ٹریوس ہیڈ کا کہنا ہے کہ بابراعظم نے وائٹ بال کی عمدہ فارم کا سلسلہ طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں بھی برقرار رکھتے ہوئے پریکٹس میچ میں سنچری اسکور کی، آنے والے وقتوں میں بولرز کو انہیں رنز بنانے سے روکنے کے لیے خاص حکمت عملی بنانے کی فکر ہوگی۔
کراچی: پاک فضائیہ نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا سامان اور اس کے تباہ کئے گئے طیارے کی باقیات نمائش کے لیے پیش کردیں۔
ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے پی اے ایف میوزیم ابھی نندن گیلری ہر خاص و عام کے لیے کھول دی ہے ۔ اس حصے میں ابھی نندن کا باوردی مجسمہ، اس کے زیر استعمال نقشے، گھڑی اور دیگر سامان کے علاوہ اس کے تباہ شدہ جہاز کی باقیات بھی رکھی گئی ہیں۔
رواں سال 27 فروری کو پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر پاک فضائیہ نے دوبھارتی طیارے مار گرائے تھے جس میں ایک طیارے کا ملبہ آزاد کشمیر اوردوسرا مقبوضہ کشمیرمیں گرا تھا۔ پاکستان کی حدود میں گرنے والے طیارے کے پائلٹ ابھی نندن کو پاک فوج نے حراست میں لے لیا تھا۔
نئی دہلی: اپنی فلموں میں پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والے بھارتی اداکار سنی دیول حقیقی زندگی میں پاکستان اور پاکستانیوں کی محبت کے گرویدہ ہوگئے۔
تین روز قبل سکھوں کے مذہبی پیشوا گروونانک کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات اور کرتار پور راہداری کے افتتاح کے لیے بھارت سے آنے والے وفد میں بالی ووڈ اداکار سنی دیول بھی شامل تھے۔ سنی دیول بالی ووڈ میں ’’غدر‘‘ اور ’’بارڈر‘‘ جیسی پاکستان مخالف فلموں میں کام کرچکے ہیں۔
اپنی فلموں میں پاکستان کی اینٹ سے اینٹ بجانے کی دھمکیاں بھی دینے والے اداکار سنی دیول کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد جب بھارت واپس گئے تو ایک بھارتی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے پاکستان سے ملنے والی محبت کے گن گانے شروع کردئیے۔
ایک صحافی کے سوال کے جواب میں سنی دیول نے کہا آپ نے دیکھا ہے نا ٹی وی پر لوگ بہت پیار کرتے ہیں، دونوں ممالک میں یہ بہت اچھی چیز شروع ہوئی ہے لڑنے کا کیا فائدہ پیار ہی پیار رہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سنی دیول نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کرتار پور گرودوارا کی تصویر شئیر کی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ انسانیت زندہ باد
پشاور:محکمہ موسمیات نے جمعرات سے خیبر پختونخوا کے میدانی اور بالائی اضلاع میں بارش، برفباری اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
پراویژنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق محکمہ موسمیات نے جمعرات 14 نومبر سے خیبر پختونخوا کے میدانی اوربالائی اضلاع میں تیز بارش، برفباری اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، یہ سلسلہ ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو تیز بارشوں، برفباری اور ژالہ باری کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات کردی ہے۔ سیاح دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ پی ڈی ایم اے کا ایمر جنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے۔ عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700پر دیں۔
اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کی علاج کے لیے کراچی منتقلی کی درخواست مسترد کردی۔
اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کی، فریال تالپور کو اڈیالہ جیل سے عدالت پہنچایا گیا تاہم آصف زرداری زیر علاج ہونے کے باعث پیش نہ کئے جاسکے۔
اہل خانہ اور وکلا سے ملاقات کے حوالے سے نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ آصف زرداری سے ملاقات کے لیے پانچ دن مقرر ہیں، پمز اسپتال نے وکلاء کی آصف زرداری سے ملاقات کے لیے دو دن مقرر کئے ہیں، فیملی ارکان تین دن آصف علی زرداری سے اسپتال میں ملاقات کرسکتے ہیں۔ جس پر فریال تالپور اور آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ اگر ایسا ہے تو ہم درخواست واپس لیتے ہیں۔
درخواست کے خلاف اپنے دلائل میں نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس عدالت میں کراچی منتقلی کی درخواست قابل سماعت ہی نہیں، معاملہ عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، یہ لوگ درخواست سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل یا پھر ایگزیکٹو کو دیں، آصف زرداری کو جیل سے اسپتال پہلے ہی منتقل کیا جا چکا ہے، اسپتال کو سب جیل قرار دے رکھا ہے، حکومت کے بنائے ہوئے میڈیکل بورڈ کی تجویز پر ہی زرداری اسپتال منتقل ہوئے، اب اُسی میڈیکل بورڈ اور حکومت کی رائے لینے کو یہ بھیک مانگنے سے تعبیر کر رہے ہیں، عدالت اسپتال بھجوا سکتی تھی باقی سہولیات کے لئے حکومت کو ہی درخواست دیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد آصف زرداری کی کراچی منتقلی کی درخواست مسترد کردی۔ آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے انہیں 26 نومبر کو عدالت دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔