لاہور: احتساب عدالت نے مریم نواز کی رہائی کے روبکار جاری کردیے ہیں۔
چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کے وکیل احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور جج امیر محمد خان کے روبرو مریم نواز کے ایک ایک کروڑ کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرائے جس کو عدالت نے منظور کرلیا۔
مریم نواز کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے جانے کے بعد احتساب عدالت نے مریم نواز کی رہائی کے روبکار جاری کردیے جس کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما کوٹ لکھپت جیل لیکر روانہ ہوگئے ہیں جہاں روبکار جمع کرانے کے بعد مریم نواز کو رہا کردیا جائے گا۔
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بارش کے باعث دھرنے کے شرکاء کی مشکلات کا نوٹس لے لیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ رات اسلام آباد میں بارش کے بعد دھرنے میں شامل شرکاء کی مشکلات میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو دھرنے کے مقام پر جانے کی ہدایت کی ہے، سماجی رابطے کی سائٹ پر ٹوئٹ پر وزیراعظم عمران خان نے ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین سی ڈی اے دیکھیں دھرنا شرکاء کو کس قسم کی مدد کی ضرورت ہے، چیئرمین سی ڈی اے حالات دیکھ کر بتائیں کہ دھرنا شرکاء کو کیا ریلیف یا مدد مہیا کی جا سکتی ہے
واضح رہے کہ اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کا دھرنا 7 ویں روز میں داخل ہوگیا ہے اور اپوزیشن کو حکومت کے ساتھ ساتھ موسمی چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔ رات گئے گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ تیز ہوائیں چلنے سے متعدد خیمے اکھڑ گئے جس کے نتیجے میں کچھ لوگوں نے پولیس ککنٹینرز میں پناہ لی تو بعض شرکا کو رات میٹرو اسٹیشن میں گزارنی پڑی
کراچی: محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت دنیا کے سمندروں میں بیک وقت چار طوفان موجود ہیں۔
محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ اس وقت دنیا کے سمندر میں بیک وقت چار طوفان موجود ہیں جس میں ماہا، بلبل، انویسٹ نائینٹی اور ہیلوگ ٹوئنٹی فور شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان ماہا، بلبل، انویسٹ نائنٹی ایشیائی سمندر میں موجود ہیں جب کہ ہیلوگ ٹوئنٹی فور اس وقت بحیرہ اوقیانوس پر کھلے سمندر میں موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان ماہا اب کمزور پڑ رہا ہے مگر ’بلبل‘ میں شدت آ رہی ہے۔
حکام کا بتانا ہے کہ ہیلوگ ٹوئنٹی فور ڈبلیو کسی ساحل سے ٹکرائے بغیر ختم ہو جائے گا جب کہ ہیلوگ طوفان نے سمندری طوفان کیار کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
یاد رہے کہ ’ماہا‘ سے قبل طاقتور ترین سمندری طوفان ’کیار‘ پاکستان سے ٹکرائے بغیر عمان طرف رُخ کر گیا تھا لیکن طوفان نے 700 کلو میٹر کے فاصلے سے ہی سندھ اور بلوچستان کے سمندر میں طغیانی پیدا کر دی تھی جس سے ساحلی بستیاں زیر آب آگئی تھیں۔
راولپنڈی: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم رضوی کے بھائی امیر حسین سمیت35 کارکنوں پر ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، تھانہ پر حملہ کیس میں فرد جرم عائد کر دی ہے۔
تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم رضوی کے بھائی امیر حسین سمیت35 کارکنوں پر ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، تھانہ پر حملہ کیس میں فرد جرم عائد کر دی گئی اور ایس ایچ او تھانہ پنڈی گھیب کو نوٹس جاری کر کے7نومبر سے گواہان کی شہادتیں طلب کر لی ہیں۔
تمام ملزمان کمرہ عدالت موجود تھے جنہوں نے فرد جرم کی صحت سے انکار کر دیا۔