Tuesday, 19 November 2024
لاہور:صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں اسموگ کی شدت میں اضافے کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔
 
اسموگ کے باعث پنجاب محکمہ تعلیم نے آج لاہور کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
رحیم یارخان : سانحہ تیز گام میں جاں بحق ہونے والے 30 افراد کی میتیں میر پور خاص جب کہ چار افراد کی میتیں کراچی پہنچا دی گئیں ہیں۔
 
گزشتہ ہفتے کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیزگام ایکسپریس کی تین بوگیوں میں ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور کے قریب آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 75 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
 
تیزگام ایکسپریس میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والے 58 افراد کی شناخت نہ ہونے پر ڈی این اے کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
 
ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے شناخت کے بعد گزشتہ روز 40 میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں جس میں 30 افراد کی میتیں میرپور خاص جب کہ 4 افراد کی میتیں کراچی منتقل کی گئیں اس کے علاوہ کچھ میتوں کو عمر کوٹ بھی پہنچایا گیا۔
 
عمرکوٹ میں تین افراد کی نماز جنازہ ادا کی گئی جب کہ میرپور خاص کے مختلف علاقوں میں تدفین کی تیاریاں جاری ہیں۔
 
کراچی سے تعلق رکھنے والے ماں بیٹے سمیت 3افراد کی میتیں سہراب گوٹھ کے سردخانے منتقل کی گئیں، ماں بیٹا گلشن حدید اور ایک شخص کورنگی کا رہائشی تھا۔
لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں اسموگ کی شدت میں اضافے کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔
 
محکمہ ماحولیات کے مطابق لاہور میں اسموگ کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسموگ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
 
محکمہ ماحولیات کے حکام نے بتایا کہ اسموگ بھارتی شہر جالندھر سے آرہی ہے، جالندھر میں فصلوں کی باقیات جلائی جارہی ہیں جس کی وجہ سے ہوا کا رُخ تبدیل ہو کر بھارت سے لاہور کی طرف آرہا ہے۔
 
لاہور میں اسموگ کے باعث شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے اور لوگوں کو سانس لینے میں بھی شدید دشواری پیش آرہی ہے۔
 
شدید اسموگ کے باعث پنجاب محکمہ تعلیم نے آج لاہور کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
 
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی اسموگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔
 
وزیراعلی پنجاب نے محکمہ زراعت کو فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرنے کا حکم دیا ہے۔
 
انہوں نے آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ لاہور میں رات گئے ہونے والی بارش سے مزید اسموگ کا خطرہ ٹل گیا ہے۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں اسموگ نہیں بھارتی علاقے میں فصلوں کے جلنے کا دھواں پھیل رہا ہے تاہم کُھل کر بارش ہونے پر ہی اسموگ کی شدت میں کمی آ سکتی ہے جب کہ آج اور کل بارش کا امکان ہے۔

لاہور:منہاج یونیورسٹی لاہور میں تعلیمی سیشن (2019) موسم خزاں میں داخلہ لینے والے طلبہ کے استقبال کے لئے منہاج یونیورسٹی انتظامیہ نے استقبالیہ اور ظہرانے کا اہتمام کیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم غوری نے کہا منہاج یونیورسٹی کا بنیادی مقصد طلبہ کو بہترین تعلیم کے ساتھ ساتھ معاشرے کا کار آمد فرد بنانا ہے ،طلبہ کو ہمیشہ اپنی منزل کو سامنے رکھ کر محنت کرنا ہو گی۔

تقریب سے ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر خرم شہزاد،ڈائریکٹر لائبریریز ظہیر احمد،ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن میجر (ر) سلمان جہانگیر، منیجر ایڈمیشن عمیر سلطان ٹیپو،کوآرڈینیٹر سیکرز کلب عمارہ مقصود نے بھی خطاب کیا ۔ طلبا کودستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں شعبہ جات،بنیادی ڈھانچے ، درجہ بندی اور یونیورسٹی کی شاندار روایات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

لاہور: محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اساتذہ کے تبادلوں کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اب اساتذہ 7 سے 15 نومبر تک 6 کیٹگریز کے تبادلوں کے لیے درخواستیں دے سکیں گے ۔ جن اساتذہ نے پہلے درخواستیں جمع کرائی ہیں وہ بھی نئی شامل ہونے والی سیٹوں کے لیے درخواستیں جمع کرا سکیں گے ۔ 16 سے 18 نومبر تک تبادلوں کی درخواستوں کی لسٹ تیار کی جائے گی ،5 دسمبر کو آرڈر آن لائن کردئیے جائیں گے 

لاہور: پنجاب یونیورسٹی میں داخلے منسوخ ہونے پر طلبہ نے یونیورسٹی گیٹ پر احتجاج کیا۔

 طلبہ نے کہا ہمارے داخلے بحال کئے جائیں ۔ مظاہرین کے ساتھ سرائیکی کونسل کے طلبہ بھی شامل ہوگئے ۔

پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) نے صارفین کی سہولت کے لیے فلائٹ بُکنگ ایپلی کیشن متعارف کرا دی۔

پی آئی اے نے موبائل ایپ ترکی کی آئی ٹی کمپنی ’ہٹ اٹ‘ کے تعاون سے بنائی ہے، ایپ صارفین کو فلائٹ بُکنگ کے علاوہ فلائٹ کے اسٹیٹس، فلائٹ کے اوقات کار اور بُکنگ کے حوالے سے دیگر معلومات بھی فراہم کرے گی۔

اس اسمارٹ فون ایپ کا سائز 26  ایم بی ہے جسے اینڈرائڈ 4.1 اور اس سے زائد کے صارفین اپنے فون میں ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔

یہ ایپ ترکی کی آئی ٹی کمپنی کی پاکستان انٹرنیشل ائیرلائن کے ساتھ شراکت داری کو ایک سال مکمل ہونے کی تقریب کے موقع پر متعارف کرائی گئی۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکیوٹو آفیسر ارشد ملک کا کہنا ہے کہ ہٹ اٹ نے کمپنی کو آمدنی پیدا کرنے میں مدد کی ہے، ہم ترکی کی آئی ٹی کمپنی کے ساتھ شراکت داری کو ایک سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

اس موقع پر ترکش کمپنی کے سی ای او نور گوکمین کا کہنا تھا کہ دونوں کمپنیوں کے مابین شراکت داری بہت آگے تک جائے گی اور یہ دونوں کمپنیوں میں خوشحالی لائے گی۔

پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کی ایپ صارفین کے لیے گوگل پلے اسٹور پر میسر ہے، ایپ سے فی الحال اینڈرائڈ صارفین ہی استفادہ کر سکتے ہیں کیونکہ یہ ابھی ایپل اسٹور پر دستیاب نہیں ہے۔

کراچی: پاکستان میں آج کل صرف ایک ہی ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کی گونج سنائی دے رہی ہے اور یہ ڈراما ہمایوں سعید، عائزہ خان اور عدنان صدیقی کی بہترین اداکاری کی وجہ پاکستانیوں کا پسندیدہ ڈراما بن گیا ہے تاہم اس کی مقبولیت میں خلیل الرحمان قمر کے ڈائیلاگ ’دوٹکے کی لڑکی کے لیے 50 ملین‘ نے بھی اہم کردارکیا ہے جس نے سوشل میڈیا پرطوفان مچادیا ہے۔
 
لوگ ڈرامے میں فنکاروں کی حقیقت سے قریب تراداکاری کو بے حد سراہ رہے ہیں اورکہا جارہا ہے کہ یہ کردار ہمایوں سعید، عائزہ خان اورعدنان صدیقی کے علاوہ کوئی کرہی نہیں سکتا تھا لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ڈراما بننے سے قبل پاکستان کے کئی مشہور اداکاروں کو اس ڈرامے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے مختلف وجوہات کی بنا پریہ ڈراما اور کردار ٹھکرادئیے تھے۔
 
ڈرامے میں اداکار ہمایوں سعید دانش کا مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ حالانکہ ہمایوں سعید کو ابتدا میں دانش کا کردار بے حد پسند آیا تھا لیکن ڈراما بننے سے قبل دیگر مصروفیات کی وجہ سے انہیں یقین نہیں تھا کہ وہ یہ کردار کرپائیں گے، لہذٰا وہ چاہتے تھے کہ دانش کا کرداراداکار فیروز خان ادا کریں۔ اس کے علاوہ ان کے ذہن میں عدیل حسین کا نام بھی تھا۔ لیکن ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمان قمرہمایوں سعید کے اس فیصلے سے متفق نہیں تھے وہ چاہتے تھے کہ دانش کا کردارہمایوں سعید ہی ادا کریں بعد ازاں ایسا ہی ہوا۔
 
ڈراما سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کا اسکرپٹ 5 سال قبل لکھا گیا تھا۔ ہمایوں سعید نے خلیل الرحمان کے لکھے گئے ڈرامے ’پیارے افضل‘ کی کامیابی کے بعد ان سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنا اگلا پراجیکٹ ان کی پروڈکشن کمپنی کو دیں۔ تاہم خلیل الرحمان قمر نے یہ اسکرپٹ پروڈیوسر حسن سومرو کو دیا تھا جن سے ہمایوں سعید نے یہ اسکرپٹ خرید لیا۔ شروع میں ہمایوں سعید اس پراجیکٹ میں اداکاری کرنا نہیں چاہتے تھے بلکہ ان کا صرف پروڈیوس کرنے کا ارادہ تھا لیکن اسکرپٹ پڑھنے کے بعد ہمایوں سعید کو دانش کا کرداربے حد پسند آیا۔
 
ایک انٹرویوکے دوران ہمایوں سعید نے انکشاف کیا کہ عائزہ خان سے قبل اداکارہ عائشہ خان کومہوش کے مرکزی کردار کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ ہمایوں کو یقین تھا کہ عائشہ خان اس کردار کے ساتھ بھرپور انصاف کریں گی۔ لیکن عائشہ خان نے شادی کے بعد شوبز چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا جس کی وجہ سے وہ اس پراجیکٹ کا حصہ نہیں بن پائیں۔ بعد ازاں مہوش کے کردار کی پیشکش سونیا حسین کو کی گئی لیکن انہوں نے یہ کہہ کر ڈرامے کو ٹھکرادیا کہ مہوش کا کردار بہت ’خطرناک‘ ہے اور اس میں خواتین کے بُرے پہلو پرروشنی ڈالی گئی ہے۔
 
جب ہمایوں سعید نے ڈرامے کا اسکرپٹ پڑھا تو انہیں بے حد پسند آیا تاہم اس وقت ہدایت کار ندیم بیگ فلم میں مصروف تھے جس کی وجہ سے ہمایوں سعید نے 4 مختلف ہدایت کاروں سے ڈرامے کی ہدایات دینے کے لیے رابطہ کیا، لیکن ان چاروں ہدایت کاروں نے یہ کہہ کر ڈراما ٹھکرادیا کہ کہانی بہت بورنگ ہے۔ بالآخراس ڈرامے کی ہدایات کاری کے فرائض ندیم بیگ کے حصے میں آئے۔