Tuesday, 19 November 2024
خیبرپختونخواہ : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ترقیاتی فنڈز کا صوابدیدی اختیار ختم کردیا گیا،رولز آف بزنس میں ترامیم کے بعد ایم پی ایز بھی ترقیاتی اسکیموں کی الاٹمنٹ سے باہر ہو گئے۔
 
دستاویزکے مطابق ترقیاتی منصوبوں کیلئے متعلقہ محکمہ کو خودنشاندہی کرنے کا اختیار دیاگیا،متعلقہ محکمے اسکیم کی منظوری کیلئے محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کو ارسال کرینگے ،صوابدیدی ترقیاتی فنڈز ختم کرنے کا فیصلہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی نئی پالیسی میں کیاگیا۔
اسلام آباد: کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب 9 نومبر کو ہوگی،وزیراعظم عمران خان افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گے جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ شریک نہیں ہوں گے۔
 
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کابینہ ارکان کو کرتارپور راہداری افتتاحی تقریب میں شرکت کی ہدایت کی ہے ،وزیراعظم کے ہمراہ وزیرشارجہ شاہ محمود قریشی ،وزیرداخلہ اعجاز شاہ اوردیگر بھی شریک ہوں گے ۔نجی ٹی وی کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ افتتاحی تقریب میں شریک نہیں ہونگے۔
بھوٹان: بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے اپنی اہلیہ انوشکا شرما کے ہمراہ بھوٹان میں 31 ویں سالگرہ منائی۔
 
ویرات کوہلی اپنی اہلیہ انوشکا شرما کے ہمراہ بھوٹان میں چھٹیاں گزار رہے ہیں وہیں پر انھوں نے اپنی 31 ویں سالگرہ بھی منائی۔ انوشکا نے اس موقع پر خوبصورت وادی میں کھینچی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیں جبکہ کوہلی نے ٹویٹر پر ایک خصوصی نوٹ اپنے 15 سال کے ورژن کیلیے لکھا جب انھیں فیملی میں ’چیکو‘ کے نام سے پکارا جاتا تھا۔
 
انھوں نے لکھا کہ ویرات زندگی نے تمھارے لیے بڑی چیزیں اپنے پاس رکھی ہوئی ہیں مگر تمھیں ہر ایک کیلیے تیار اور ہر موقع جو ملے اسے حاصل کرنا ہوگا اور کبھی بھی کسی چیز کو اپنے لیے یقینی نہیں سمجھنا

لاہور: سابق قومی فاسٹ بولر شعیب اختر نے آسٹریلیا کے ہاتھوں دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو کھری کھری سنا دیں۔

 ایک انٹرویو میں شعیب اختر نے کہا کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بیٹنگ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار تھی، 200 رنز آسانی سے بن سکتے تھے لیکن  قومی کھلاڑی بیٹنگ میں میچورٹی نہ دکھا سکے اور پاکستان نے جیت کا موقع ضائع کردیا، حارث سہیل اور فخرزمان کی کارکردگی دکھائی ہی نہیں دی، بابر اعظم نے ٹیم کی کامیابی کے لئے  بھرپور کوشش کی لیکن مجھے دکھ ہوا کہ اس کی تمام کوششیں رائیگاں گئیں، بابر کے علاوہ ٹیم میں کوئی ایسا کھلاڑی ہی دکھائی نہ دیا جو آسٹریلین بولرز کو پھینٹی لگا سکتا۔

سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ جیت کے باوجود آسٹریلیا بہت زیادہ اچھا نہیں کھیل سکا، اسٹیو اسمتھ نے گو نصف سنچری بنائی لیکن اس کی بیٹنگ میں بھی خاص تکنیک دکھائی نہ دی، اس کی بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ دلیر کھلاڑی ہیں اور اس نے محمد عامر کو تین چار چوکے بھی لگائے، محمد عامر کی جگہ میں ہوتا تو کم ازکم تین سے چار باؤنسرز  ضرور مارتا اور اگر بارش نہ ہوتی تو پاکستان میں پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بھی ہار سکتا تھا

سری نگر: دنیا بھر میں کشمیری یوم شہدائے جموں وکشمیر منارہے ہیں اور قابض فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے ہزاروں کشمیریوں کو خراجِ عقیدت پیش کررہے ہیں۔

6 نومبر1947 کو بھارت اور مہاراجہ ہری سنگھ کی افواج نے ہزاروں کشمیریوں کو بے رحمی سے شہید کرکے جموں و کشمیر پر اپنا قبضہ جمایا تھا۔

یوم شہدائے جموں وکشمیر کے موقع پر مقبوضہ اور آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں دعائیہ تقریبات منعقد کی گئی ہیں۔ شہداء کی یاد میں خصوصی سیمینارز کا انعقادبھی کیا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے کشمیریوں کے حق میں صدائے احتجاج بلند کی جا رہی ہے۔

اس روز ڈوگرہ فوج نے سازش کے تحت پاکستان ہجرت کرنے والے جموں کے لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کیا۔ انہیں پاکستان پہنچانے کا دھوکا دے کر بچوں اور خواتین سمیت لاکھوں مسلمانوں کو نہایت سفاکی سے قتل کیا۔ اس روز سے  شروع ہونے والا  کشمیریوں کا قتلِ عام آج تک جاری ہے۔

 کراچی: آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے ریفنڈ کی عدم ادائیگی کے اور بدترین مالیاتی بحران کے تسلسل کے باعث رواں ماہ کا سیلز ٹیکس ادانہ کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

منگل کے روز اپٹما کے سینٹرل چیئرمین امان اللہ قاسم نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے برآمدکنندگان سنگین مالیاتی بحران میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ٹیکسوں کے ساتھ اپنے ورکرز کوتنخواہیں دینے کی بھی سکت نہیں رکھتے ہیں، انھوں نے کہاکہ حکومت نے سیلز ٹیکس ریفنڈ پر بانڈز جاری کیے لیکن دلچسپ امر یہ ہے کہ ان ریفنڈ بانڈز پر حکومت کی کوئی ضمانت نہیں دی گئی، یہی وجہ ہے کہ ان جاری کردہ ریفنڈ بانڈز کو نہ بینک قبول کررہے ہیں اور نہ ہی وہ کیش ہورہے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ حکومت کے پاس جب ریفنڈسسٹم ہی نہیں ہے تو اسے فی الفور زیروریٹنگ سہولت بحال کردینا چاہیے، یوں محسوس ہوتاہے کہ حکومت نے اپنے ریونیوجنریشن کے لیے ایس آراو1125ختم کیاہے۔

اسلام آباد:  چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی پاکستان ریونیواتھارٹی کے قیام کے معاملے پراپنے ادارے کی سینئربیوروکریسی کوقائل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

ایف بی آرکے چیف کمشنرز کی دو روزہ کانفرنس میں بیوروکریسی کا کہنا تھا ایف بی آرکی جگہ پاکستان ریونیو اتھارٹی کا قیام گھوڑے کوگاڑی کے آگے جوڑنے کے مترادف ہوگا۔ایف بی آرکی عبوری ری اسٹرکچرنگ کے منصوبے کی منظوری وزیراعظم نے دی تھی ۔اس منصوبے کے تحت ملک میں پاکستان ریونیواتھارٹی کے نام سے ادارہ قائم کرنا تھا۔وزیراعظم اس منصوبے پر جی ایچ کیوسے بھی مشاورت کرچکے ہیں۔

اجلاس کے بعد چیئرمین ایف بی آر نے ٹویٹ کیا ہے کہ اس معاملے پرچیف کمشنرز اور دوسرے افسروں سے میٹنگ مفید رہی تاہم اب اس معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز ،تنظیموں اور اسٹاف لیول کے ملازمین سے فیڈ بیک لینے کا بعد فیصلہ کیا جائیگا

 کراچی:کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق 6 نومبر کو کراچی سمیت سندھ بھر کے مختلف اضلاع میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی جو کہ چپ تعزیہ جلوسوں کے سلسلے میں عائد کی گئی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

 نوٹی فکیشن کے تحت کراچی کے علاوہ حیدرآباد، لاڑکانہ، خیرپور، سکھر، میرپور خاص، جامشورو، شہید بےنظیر آباد، نوشہرو فیروز میں بھی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی جب کہ ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق کراچی کے تمام اضلاع پر ہوگا۔

 کراچی:بلدیہ عظمیٰ کراچی میں مالی بحران عروج پر پہنچ گیا،کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور عباسی شہید اسپتال کے ملازمین 4 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔

کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور عباسی شہید اسپتال کے ملازمین کا گزشتہ چار ماہ سے تنخواہوں کی عدم فراہمی پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کا احتجاج 19ویں روز میں داخل ہوگیا۔

تنخواہوں سے محروم ملازمین کی تعداد 600 ہے جس میں کے ایم ڈی سی اور عباسی شہید اسپتال کا ٹیچنگ اسٹاف و نان ٹیچنگ اسٹاف شامل ہیں، کے ایم ڈی سی میں 18 اکتوبر سے تدریسی عمل اور ڈینٹل او پی ڈی کا بائیکاٹ جاری ہے، جس کی وجہ سے کالج میں زیر تعلیم 1800 سے زائد طالبعلم اپنے مستقبل کو لے کر پریشانی میں مبتلا ہیں۔

 کے ایم ڈی سی ایکشن کمیٹی کا ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چند روز قبل ہمارے احتجاج کرنے پر وزیر اعلیٰ سندھ نے 9کروڑ روپے کابیل آؤٹ پیکیج دے دیا تھا جس میں سے ہماری دو ماہ کی تنخواہیں نکل جاتیں لیکن وہ پیسہ ہم تک پہنچا ہی نہیں، سندھ حکومت نے 9 کروڑ روپے بھی کاٹ کر ساڑھے 4 کروڑ روپے کردیے ہیں جس کی اطلاع ہمیں فناننس سیکریٹری سے ملی کس چیز کی کٹوتی ہوئی اس کی وجہ تک ہمیں معلوم نہیں۔

میئر کراچی کے پاس تنخواہیں فراہم کرنے کا کوئی پلان ہی نہیں، ہمیں ہر بار یہی کہا جاتا ہے کہ بجٹ نہیں ہے، 4 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہورہی ہے،کے ایم ڈی سی ایکشن کمیٹی میں پروفیسر فریدہ اسلام، پروفیسر آفتاب امتیاز اور ڈاکٹر عقیل شیخ شامل ہیں