لاہور:ہائی کورٹ نے چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ کیس میں مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ کیس میں فریقین کا موقف سننے کے بعد 31 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے آج سنایا گیا۔
عدالت نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے مریم نواز کو ایک ایک کروڑ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت کی مریم نواز کو ڈپٹی رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ کو پاسپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کردی، پاسپورٹ جمع نہ کرانے کی صورت میں 7 کروڑ روپے زرضمانت جمع کرانا ہو گا۔
واضح رہے کہ 8 اگست کو مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کے بعد واپس جارہی تھیں۔ مریم نواز نے 24 اکتوبر کو اپنے والد نواز شریف کی تیمارداری کے لیے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔
عراق: عراق میں مظاہرے شدت اختیار کر گئے جس کے بعد دفاتر اور کاروبار ٹھپ ہوگئے ہیں، مظاہرین نے ملک میں نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کر دیا۔
مظاہرین نےسول نافرمانی کی نئی مہم شروع کرتے ہوئے تمام سرکاری دفاتر اور کاروباری مراکز کو بند کردیا ہے۔ مظاہرین نے ملک میں نئے انتخابات کرانے کا بھی مطالبہ کر دیا۔
کراچی: مارکیٹ میں آج امریکی کرنسی کا ریٹ گر گیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 155 روپے 70 پیسے اور انٹربینک میں ڈالر 155 روپے 66 پیسے پر ٹریڈ ہوا۔ اسٹاک مارکیٹ میں 549 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
سٹاک مارکیٹ میں آج 549 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے دوران 100 انڈیکس 34 ہزار 927 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق ملک میں جاری حالیہ دھرنے کے سبب کاروباری سرگرمیوں میں سست روی کا خدشہ ہے جس کا منفی اثر پاکستانی روپے کی قدر پر بھی پڑ سکتا ہے۔