اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں نے سانحہ تیز گام کے باعث آزادی مارچ جلسہ منسوخ کردیا ہے۔
سانحہ تیز گام کی وجہ سے اپوزیشن جماعتوں نے آزادی مارچ کا آج ہونے والا جلسہ منسوخ کردیا ہے، ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ جلسہ ٹرین حادثے کے باعث منسوخ کیا گیا تاہم اسلام آباد میں متحدہ اپوزیشن کا آزادی مارچ جلسہ اب کل ہوگا۔
اسلام آباد: سینیٹر فیصل جاوید نے نوجوت سنگھ سدھو سے رابطہ کرکے کرتارپور کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جو سدھو نے قبول کرلی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے کرتارپور میں دنیا کے سب سے بڑے گودوارے کے فقیدالمثال افتتاح کی تیاریاں جاری ہیں، وفاقی حکومت نے سرحد پار سے اسٹار کردار نوجوت سنگھ سدھو کو افتتاحی تقریب میں مدعو کرلیا اور اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر سینٹر فیصل جاوید نے نوجوت سنگھ سدھو سے رابطہ کرکے نوجوت سنگھ سدھو کو تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔
سڈنی: پاکستان نے دورہ آسٹریلیا کا شاندار آغاز کرتے ہوئے وارم اپ ٹی ٹوئنٹی میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کو باآسانی 6 وکٹوں سے ہرادیا۔
قومی کرکٹ ٹیم نے دورہ آسٹریلیا کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ آسٹریلیا الیون کو شکست دیدی ہے، میزبان الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے باعث کرکٹ آسٹریلیا الیون 6 وکٹوں پر 134 رنز بناسکی۔
پاکستان کی جانب سے ٹیم میں کم بیک کرنے والے محمد عرفان نے 4 اوورز میں صرف 19 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی، شاداب خان نے 3 شکار کئے۔ جواب میں فخرزمان اور بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے ہدف با آسانی 4 وکٹوں پر 13 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔
کراچی: بحیرہ عرب میں موجود سپر سائیکلون ’کیار‘ مزید کمزور پڑگیا ہے لیکن محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب میں ایک اور طوفان ماہا کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کیار مزید کمزور پڑگیا ہے اور کراچی سے اب طوفان کا فاصلہ 120 کلو میٹر مزید بڑھنے کے بعد 910 کلو میٹر ہوگیا ہے، آج صبح تک کراچی سے طوفان کا فاصلہ 790 کلومیٹر تھا۔ اگلے 12 گھنٹوں میں کیار طوفان مزید ایک درجہ کم ہوکر کیٹگری 2 میں جاسکتا ہے اور اگلے 24 گھنٹوں میں گلف آف عدن میں داخل ہوگا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے نئے سمندری طوفان ماہا کے حوالے سے پہلی ایڈوائزری جاری کردی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ بحیرہ عرب میں ایک اور سمندری طوفان ماہا بن گیا ہے۔ ہوا کا کم دباؤ انتہائی تیزی سے تبدیل ہونے والا نیا طوفان ماہا اگلے 24 گھنٹوں میں شدت اختیار کرے گا۔