اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آزادی مارچ سے متعلق اپوزیشن سے ہونے والے رابطوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن معاہدے پر قائم رہتی ہے تو حکومت بھی پاسداری کرےگی۔
وزیراعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر اسد قیصر نے وزیراعظم کو مسئلہ کشمیر پر پارلیمانی سفارتکاری سے آگاہ کیا اور پارلیمنٹ میں قانون سازی اور ایوان کے موثر کردار پر بھی بات چیت کی۔
ملک کے مختلف شہروں میں تاجروں کی دوسرے روز بھی شٹرڈاؤن ہڑتال جاری ہے تاہم بعض علاقوں میں بازار کھلے ہیں اور کاروبار معمول کے مطابق جاری ہے۔
راولپنڈی کے راجہ بازار، گندم منڈی، گنج منڈی، فروٹ منڈی، مرغی منڈی، مچھلی منڈی میں سناٹے کا راج ہے۔ مری روڈ، مال روڈ، بینک روڈ، ٹینچ بازار، کمرشل مارکیٹ میں تمام دکانیں اور پلازے بند ہیں۔
پشاور کے قصہ خوانی بازار میں تاجروں نے احتجاجی کیمپ لگایا ہے جس میں کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد موجود ہے۔
اسلام آباد: پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں وفد نے پاکستان کی معاشی کارکردگی کو سراہا۔
اسلام آباد میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان باضابطہ مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات میں ایف بی آر،اسٹیٹ بینک اوروزارت تجارت حکام شریک ہوئے۔ حکام کے مطابق مذاکرات میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے اقتصادی اہداف کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام نظرآرہا ہے، حکومتی آمدن میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اسٹاک مارکیٹ میں بہتری آئی ہے جب کہ بجٹ خسارہ کم ہورہا ہے۔ عالمی بینک نے پاکستان کی تعریف کی ہے اور ہمارے معاشی کارکردگی کو سراہا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں تاجر رہنماؤں کے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کے ساتھ مذاکرات کیے۔ مذاکرات میں فکس ٹیکس اسکیم ودیگر معاملات پرگفتگو کی گئی۔ تاجروں نے مطالبات منوانے کیلئے 24 گھنٹے کی ڈیڈلائن دے دی اور کہا کہ مرجائیں گے مگر اس ٹیکس اسکیم کو نہیں مانیں گے۔
لاہور: بسمہ معروف نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی سیریزکی ٹرافی پاکستان کے نام کر دی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کو پہلا نقصان 35رنز پر سدرہ امین(19) کی صورت میں اٹھانا پڑا، دوسری وکٹ کی شراکت میں جویریہ ودود نے بسمہ معروف کے ہمراہ 95رنز کی شراکت سے ٹوٹل 135تک پہنچایا، انھوں نے 44گیندوں پر 2چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے،تیسری وکٹ143 پر گری، ارم جاوید صرف 3 رنز بنا سکیں۔
کپتان بسمہ معروف 70پر ناقابل شکست رہیں، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 9چوکے شامل تھے،گرین شرٹس نے 3 وکٹ پر167 رنز بنائے، جہاں آرا نے 2 اور لتا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی عائشہ رحمان 5اورشمسہ سلطانہ11 تک محدود رہیں، سنجیدہ اسلام نے 45 کی اننگز کھیلی، نگار سلطانہ21رنز بنا سکیں۔