Tuesday, 19 November 2024

لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کوپلیٹ لیٹس میں اتارچڑھاؤ کے ساتھ انجائنا کی تکلیف کا بھی سامنا ہے۔

ذرائع میڈیکل بورڈ کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبیعت بدستورناسازہے۔ نوازشریف کو پلیٹ لیٹس میں اتارچڑھاؤکے ساتھ انجائنا کی تکلیف کا بھی سامنا ہے۔ میڈیکل بورڈ نے پلیٹ لیٹس میں اضافے کے ساتھ عارضہ قلب کیلیے خون پتلا کرنے کی دوا بھی شروع کردی۔

 اسپتال ذرائع کے مطابق میاں نوازشریف کو آئی وی آئی جی انجیکشنز کا ٹریٹمنٹ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو چار سے پانچ روز تک انجیکشنز کا کورس جارے رکھا جائے گا،  نواز شریف کو دل کی تکلیف کے ساتھ گردوں میں پتھری اور آئی ٹی بی سمیت پیلٹ لیٹ کی کم کا مسئلہ ہے۔
 

 میڈیکل بورڈ کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر ڈاکٹرآج بھی بلڈ پریشر سمیت دیگرٹیسٹ کریں گے، نواز شریف کے دل کی دائیں جانب والی خون کی نالی 43 فیصد بلاک ہے جب کہ نوازکی پیلٹ لیٹس کی تعداد 22 ہزارتک ہے۔

نیویارک: ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ زیادہ نمک کھانے سے دماغ میں انتہائی مضر پروٹین ’ٹاؤ‘ جمع ہوجاتا ہے جو دھیرے دھیرے اکتساب (لرننگ) اور دماغی قوت (کوگنیشن) کو زوال پذیر کرکے کئی امراض کی وجہ بن سکتا ہے جن میں ڈیمنشااور دیگر دماغی عارضے سرِ فہرست ہیں۔

نیویارک میں وائل کورنیل میڈیسن میں واقع فائل فیملی برین اینڈ مائنڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈاکٹر گیوسپ فیراکو اس تحقیق کے مصنف ہیں۔ انہوں نے تحقیقی رپورٹ میں کہا ہے کہ نمک کا بے تحاشہ استعمال ہمیشہ ہے دماغ کے لیے نقصاندہ تصور کیا جاتا رہا ہے۔ لیکن اب اس کی سائنسی وجہ بھی سامنے آگئی ہے۔

ہم جانتے ہیں کہ ایک طرح کا سالمہ (مالیکیول) اںٹرلیوکن 17 (آئی ایل 17) دماغی خلیات کو نائٹرک ایسڈ بنانے سے روکتا ہے۔ نائٹرک ایسڈ خون کو نالیوں کو وسیع کرتے ہوئے خون کے بہاؤ کو ممکن بناتا ہے ۔ اب اگر نائٹرک آکسائیڈ کم ہوجائے تو خون کے بہاؤ پر فرق پڑتا ہے۔ زیادہ نمک آئی ایل 17 کو بڑھاتا ہے اور نتیجے میں نائٹرک آکسائیڈ کم بنتا ہے جس کے بعد خون کے بہاؤ میں بھی 25 فیصد تک کمی واقع ہوسکتی ہے۔
جب دماغ کو درست طریقے سے خون نہیں پہنچتا تو اس سے ڈیمنشیا ، پارکنسن، نسیان اور دیگر کئی امراض جنم لے سکتے ہیں۔
 

لیکن نئے تجربات سے مزید چونکا دینے والی بات سامنے آئی کہ درحقیقت رگوں میں بہتے خون کی فراوانی ہی نہیں بلکہ دماغ میں ٹاؤ نامی مضر پروٹین بھی کئی امراض کی وجہ بنتا ہے اور نمک کا اندھا دھند استعمال اس پروٹین میں اضافہ کرتا ہے۔ ٹاؤ کے ذرات جمع ہوکر لوتھڑے نما بن جاتے ہیں اور ذہنی صلاحیت متاثرکرنا شروع کردیتے ہیں۔

ڈاکٹر گیوسپ کے مطابق چوہوں پر کئے گئے تجربات سے ثابت ہوا ہے کہ زائد نمک کھانے سے ٹاؤ پروٹین دماغ میں جمع ہونا شروع ہوجاتا ہے اور یوں اس سے دماغ کی ان گنت صلاحیتیں متاثر ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔ اس طرح نمک اور ٹاؤ کے درمیان براہِ راست تعلق پایا جاتا ہے۔

اسلام آباد: پولیس نے آزادی مارچ کے شرکاء کو وفاقی دارالحکومت میں ریڈزون میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے کنٹینرز لگانا شرو ع کردیے ہیں۔

آغاخان روڈ اور نادراچوک پر کرین کے ذریعے کنٹینر سڑک کے اطراف لگادئیے گئے ہیں جبکہ پی ٹی وی چوک اور مارگلہ روڈ پر بھی سڑک کے اطراف کنٹینر پہنچادئیے گئے۔ ریڈزون کی جانب جانے والے پانچ اہم راستوں پر کنٹینرز رکھ کر انہیں سیل کیاجائے گا۔

پولیس نے مجموعی پر 400کنٹینر کرایے پرحاصل کرلئے ہیں اور ایسے انتظامات کئے ہیں کہ پانچ منٹ کے نوٹس پر لفٹر کے ذریعے ریڈزون کوسیل کیاجاسکے گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا رویہ غیر جمہوری اور ہٹ دھرمی پر مبنی ہے عدالتی فیصلے کی روشنی میں آزادی مارچ کو ڈی چوک تک آنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی مذاکراتی کمیٹی اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے درمیان آزادی مارچ کے حوالے سے مذاکرات ہورہے ہیں۔ اس حوالے سے پرویز خٹک نے  وزیر اعظم کو اپوزیشن سے مذاکرات کے معاملے سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج کے حق کو تسلیم کرتے ہیں لیکن عدالتی فیصلوں کی روشنی میں مارچ کو ڈی چوک تک آنے کی اجازت نہیں دے سکتے اور عدالتی فیصلوں سے انحراف نہیں کرسکتے، ہم نے بات چیت کے ذریعے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی ہے لیکن اپوزیشن کا رویہ غیر جمہوری اور ہٹ دھرمی پر مبنی ہے۔

لاہور:  لاہور میں ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ کا میلہ ہفتے سے سجے گا پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں نے پہلے ٹی ٹوئنٹی معرکے کیلیے تیاریاں مکمل کر لیں ہوم سیریز میں ناکام رہنے والی مہمان ٹیم کیخلاف گرین شرٹس فیورٹ ہیں پلیئرز نے گذشتہ روز بھرپور پریکٹس کرتے ہوئے صلاحیتیں نکھارنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کی ویمنز کرکٹ ٹیمیں ہفتے کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مقابل ہوں گی، بعد ازاں سیریزکے دیگر دونوں میچز بھی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہی شیڈول ہیں، دونوں ٹیمیں 13 ماہ میں دوسری مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آرہی ہیں،گذشتہ سال اکتوبر میں بنگلہ دیش کا دورہ کرتے ہوئے گرین شرٹس نے 4 میچز کی سیریز میں3-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔
 

اس بار بھی میزبان ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے،پاکستان کو آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کھیلنے میں مصروف ندا ڈار کی خدمات حاصل نہیں،تجربہ کار اسپنر ثنا میر بھی پہلے ٹی ٹوئنٹی کیلیے دستیاب نہیں،حالیہ مقابلے انگلینڈ سے سیریز کی تیاریوں میں معاون ثابت ہونگے۔ قومی ٹیم کی کپتان بسمہٰ معروف کا کہنا ہے کہ سیریز سے قبل 10 روزہ کیمپ میں فیلڈنگ پر خاص توجہ دی گئی، بیٹرز اور بولرز بھی بھرپور فارم میں ہیں۔

ندا ڈار اور ثنا میر کا خلا پُر کرنے والی جونیئرز کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔ بنگلہ دیشی کپتان سلمٰی خاتون نے کہا کہ پاکستان اپنے ہوم گراؤنڈ پر آسان حریف نہیں،ہم ایک یونٹ بن کر سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔دوسری جانب دونوں ٹیموں نے پہلے معرکے سے قبل بھرپور پریکٹس سیشنز کیے۔
 

گرین شرٹس نے فیلڈنگ ڈرلز کے بعد بیٹنگ اور بولنگ میں صلاحیتیں نکھارنے کا کام کیا،عالیہ ریاض نے مسلسل اونچے اسٹروکس کھیلے،بنگلہ دیشی ویمن کرکٹرز نے بھی نیٹ سیشن میں دل کھول کر شاٹسکھیلے،بولرز نے سنگل وکٹ کو نشانہ بناتے ہوئے لائن اور لینتھ پر کام کیا۔

 

لاہور:میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا طبی معائنہ مکمل کرلیا ہے جس کے بعد حکومت پنجاب کو ان کی صحت سےمتعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔

9 رکنی میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا طبی معائنہ مکمل کرلیا ہے، سروسزاسپتال لاہور میں زیرعلاج سابق وزیراعظم نواز شریف کے بون میرو  ٹیسٹ کی رپورٹ بھی آگئی ہے، میڈیکل بورڈ ذرائع کے مطابق نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 20 ہزار ہوگئی ہے، ان کا بون میرو مکمل فنکشنل ہے، نوازشریف کو کینسر کا مرض لاحق نہیں۔ میڈیکل بورڈ نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا ہے۔

رپورٹ آنے کے بعد ڈاکٹرز نے نواز شریف کو فوری طور پر آئی وی آئی جی انجکشن لگا دیاہے، ذرائع کے مطابق اس انجکشن سے خون کے خلیوں کی تعداد، قوت مدافعت بہتر ہوگی۔ نواز شریف کو لاحق بیماری کی تشخیص کے لئے میڈیکل بورڈ ان کے مزید ٹیسٹ کے لئے پی کے ایل آئی شفٹ کرنے کا فیصلہ کرے گا

 رکن پور: کینیڈا میں مقیم رکن پور کے خاندان کی ہونہار لڑکی اقراء خالد کینیڈا میں دوسری بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہو گئیں۔

اقرا کے دادا صوفی فقیر محمد نے بتایا کہ اقرا نے 14000 ووٹوں کی برتری سے کامیابی حاصل کی۔ انھوں نے بتایا اقراء خالد رکن پور میں پیدا ہوئیں ابتدائی تعلیم رکن پور کے گرلز ایلیمنٹری اسکول سے حاصل کرنے کے بعد والد حافظ خالد اور خاندان کے ساتھ کینیڈا میں مقیم ہو گئیں۔

‏سوات ‏: سوات میں آرمی کی گاڑی گہری کھائی میں گرگئی
 
گاڑی کھائی میں گرنے سے آرمی کے 8 جوان شہید اور 15 شدید ز خمی ہوگئے
زخمیوں کواسپتال پہنچادیا گیا.
ساہیوال : انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ساہیوال مقدمہ میں ملوث تمام ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم دے دیا۔
 
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس پر سماعت کی۔ سانحہ ساہیوال کے ملزمان میں صفدر حسین، احسن خان، رمضان، سیف اللہ، حسنین اور ناصر نواز عدالت میں پیش ہوئے۔ مقتول ذیشان کے بھائی سمیت مجموعی طور پر 49 گواہوں کے بیان قلمبند کیے گئے۔
 
سانحہ ساہیوال کے مقتول خلیل کے بچے عمیر، منیبہ اور بھائی جلیل سمیت دیگر نے بھی اپنا بیان قلمبند کروایا۔