لاہور: وفاقی حکومت نے فضل الرحمن کیخلاف بغاوت کی کارروائی کی مخالفت کردی۔
لاہورہائیکورٹ نے مولانا فضل الرحمن کا مارچ روکنے اور اشتعال انگیز تقاریر پر ان کے خلاف بغاوت کی کارروائی کی متفرق درخواست کی سماعت کی۔
عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کردی اور اس نوعیت کی تمام درخواستوں کو یکجا کرکے لگانے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد: آل پاکستان انجمن تاجران اور ایف بی آرکے درمیان ڈیڈلاک برقرار ہے اور تاجر برادری نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال واپس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے کہاہے کہ شناختی کارڈ کی شرط ناممکن اور پیچیدہ ڈاکیومنٹیشن ہے، ایف بی آر کو آئی ایم ایف سے معاہدہ کرتے وقت سوچنا چاہیے تھا۔ 29 اور30 اکتوبر کو ہر حال میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی۔ آل پاکستان انجمن تاجران اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے ڈیڈ لاک بر قرار ہے۔
آئی ایم ایف کو حکومت سے معاہدہ کرتے وقت پاکستان میں شرح خواندگی کا خیال رکھنا چاہیے۔ اجمل بلوچ نے کہاکہ سخت شرائط کے تحت معاہدے نے کاروبار کو تباہ کردیا ہے۔ یکم جولائی سے کاروبار کا پہیہ رک گیا ہے جس سے تاجر سخت پریشان ہیں۔ حکومت کو یہ بات سمجھ میں آجانا چاہیے کہ کاروبار نہیں ہوگا تو ٹیکس کہاں سے آئے گا۔
اسلام آباد:نریندر مودی کے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے پرپابندی عائد کردی گئی ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے پرپابندی عائد کردی گئی ہے، نریندر مودی نے پاکستان سے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سیاہ دن کے تناظر میں پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ انڈین ہائی کمشنر کو باقاعدہ تحریری طور پرفیصلے سے آگاہ کر رہے ہیں۔
کراچی: مصباح الحق کو پی ایس ایل میں کام نہ کرنے دیں،کئی فرنچائزز نے بورڈ سے مطالبہ کر دیا، ان کا کہنا ہے کہ اگر قومی ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کو اجازت دی تو یہ مفادات کا ٹکراؤ کہلائے گا۔
پی ایس ایل کی کم از کم چار فرنچائزز نے پی سی بی سے مطالبہ کیاکہ مصباح الحق کو کسی ٹیم کے ساتھ منسلک نہ ہونے دیا جائے، قومی ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کو اگر لیگ میں خدمات انجام دینے کی اجازت ملی تو یہ مفادات کے ٹکراؤ والی بات ہو گی، گزشتہ دنوں جس میٹنگ میں قومی کرکٹرز کی ڈرافٹ کیلیے کیٹیگریز طے ہوئیں وہیں یہ معاملہ بھی اٹھایا گیا۔
اجلاس میں موجود پی ایس ایل کے ہیڈ آف پلیئرز ایکویسیشن اینڈ مینجمنٹ عمران احمد خان سے کہا گیا کہ وہ فوری طور پر فرنچائزز کے تحفظات سے اعلیٰ حکام کو آگاہ کریں۔
اس وقت چیئرمین بورڈ احسان مانی نے کہا تھا کہ ان کے دور میں معاہدے نہیں ہوئے اس لیے ابھی تو کچھ نہیں کر سکتے، البتہ اگلے برس قومی ٹیم سے منسلک کسی آفیشل کو لیگ میں کام نہیں کرنے دیں گے۔
فرنچائزز نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ احسان مانی خود اپنی کہی ہوئی بات بھول گئے اور مصباح کے معاملے میں نئی روایت قائم کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق کپتان کی خدمات حاصل کرنے میں کم سے کم 2ٹیموں کو دلچسپی ہے البتہ حتمی فیصلہ تاحال سامنے نہیں آ سکا۔
فیصل آباد: آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن ،ڈرائیورز ایسوسی ایشن اور ڈیلرز نے اوگرا کی پالیسی کے خلاف 28اکتوبر سے غیر معینہ مدت کیلیے تیل کی سپلائی بند کرنے کا اعلان کردیا۔
تمام تنظیموں کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں اوگرا کے فیصلوں کا جائزہ لیا گیا، شرکا نے اوگراکی نئی پالیسی کو ناقابل عمل قرار دیتے ہوئے ہڑتال کا اعلان کردیا، شرکا نے کہا کہ اوگرا حکام کی طر ف سے بائیس صفات پر مشتمل پالیسی دی گئی ہے جس میں گاڑیوں کی اسٹینڈرڈ اور ایس او پیز بتائے گئے ہیں،گاڑیوں پر وزن اٹھانے ،انجن کی سروسز،گیئر باکس ،کلچ،سسپنشن ،وہیل اینڈ ٹائرز ،بریک سسٹم ،الیکٹر ک سسٹم اور ٹینک کے ڈیزائن سمیت ٹینکرز کیلیے اسٹینڈرز دیے گئے ہیں۔
چیئرمین آئل ٹینکرزایسوسی ایشن شرافت خٹک کاکہناہے اوگرا نے گاڑیوں میں تبدیلیوں کیلیے28 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے، ڈیڈ لائن کو موخر کرکے مذاکرات کیے جائیں، ڈیڈ لائن کے بعد پکڑ دھکڑ کی گئی تو ہڑتال پر مکمل طور پر عمل شروع کردیا جائے گا۔