لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان کشمیر کو پاکستان کا حصہ نہیں بنا سکتے، ہم نوازشریف کی قیادت میں ہی کشمیر فتح کریں گے۔
لاہور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم عمران نیازی کیلئے نہیں کشمیر کی آزادی کیلئے بات کر رہی ہے، ہمیں دن رات محنت کرکے پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنا ہوگا، عمران نیازی نے ملک کی معیشت کو کھوکھلا کر دیا ہے، باہر صلح اور اندر لڑائی کی دوغلی پالیسی نہیں چلے گی، نوازشریف نے ملک میں بجلی کے اندھیرے دور کیے، وہ دن آئے گا جب ہم نوازشریف کی قیادت میں کشمیر فتح کریں گے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مودی نے 5 اگست کو کشمیر میں کرفیو نافذ کیا جو آج بھی جاری ہے، اسکول، مارکیٹیں بند، کشمیریوں پر زندگی تنگ ہے، مودی نے امریکا میں کہا میں جو قدم اٹھا رہا ہوں ٹرمپ میرے ساتھ ہے جب کہ عمران خان نیازی کشمیر کو پاکستان کا حصہ نہیں بنا سکتا، یہ قوم اور ن لیگ ہی کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنائے گی۔
کراچی: بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کے شدت اختیار کرنے کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کیار مغرب اور شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے جو کراچی کے جنوب مشرق سے 950 کلومیٹر دور ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ سمندری طوفان کے اثرات 28 سے 30 اکتوبرکے دوران واضح ہوں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرد آلود ہوائیں 45 سے 54 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں جب کہ ساتھ ہی کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں گرد آلود تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے طوفان کے خدشے کے باعث ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد: وزیراطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ امن کے لیے قوم نے بہت بھاری قیمت دی ہے فضل الرحمان امن کے چراغ کیوں بجھانا چاہتے ہیں؟
فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ امن کے لیے قوم نے بہت بھاری قیمت دی ہے، ہزاروں جانوں کی قربانی سے ملک میں امن کے دیے روشن ہوئے۔ فضل الرحمان امن کے چراغ کیوں بجھانا چاہتے ہیں؟ جمہوریت میں مذاکرات ہی غلط فہمیوں کے خاتمے اوراتفاق رائے پیدا کرنے کا واحد راستہ ہے۔ بات چیت سے ہی مسائل کا حل نکلتا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا فضل الرحمان اپنی انا، ضد اور ذات کے خول سے باہر نکلیں۔ پاکستان کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ قومی ترقی کے حصول اور پاکستان کو عظیم تربنانے کے لیے سب کو مل کرکاوشیں کرنا ہوں گی۔
لاہور: قلعہ آسٹریلیا تسخیر کرنے کا عزم لیے پاکستانی ٹیم علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور سے روانہ ہوگئی ہے۔
کیریئر میں پہلی بار بابراعظم قیادت کا بوجھ اٹھانے کیلیے تیار ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں فخرزمان، امام الحق، حارث سہیل، آصف علی،خوشدل شاہ، افتخار احمد، عماد وسیم، شاداب خان، محمد رضوان(وکٹ کیپر)،عثمان قادر، محمد عامر، محمد حسنین، وہاب ریاض، محمد عرفان، موسیٰ خان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم سیریز سے قبل ایک وارم اپ میچ جمعرات کو کرکٹ آسٹریلیا الیون کیخلاف کھیلے گی، پہلا ٹی ٹوئنٹی3 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں شیڈول ہے، دوسرا مقابلہ 5 تاریخ کو کینبرا جب کہ تیسرا 8 نومبر کو پرتھ میں ہوگا۔
فیصل آباد میں ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں صلاحیتیں نکھارنے والے بیشتر کرکٹرز کی بہتر فارم ٹیم کیلیے خوش آئند ہے، البتہ ہمیشہ مشکل ثابت ہونے والی آسٹریلوی کنڈیشنز سے ہم آہنگی سخت چیلنج ثابت ہوگی، قومی ایونٹ میں واجبی کارکردگی دکھانے والے حارث سہیل اور عماد وسیم اعتماد کی بحالی کیلیے فکرمند ہوں گے۔