ھفتہ, 18 مئی 2024

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)الیکشن ایپلٹ ٹریبونل نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔
ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فیصل زمان پر مشتمل الیکشن ایپلٹ ٹریبونل نے میانوالی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 95 سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف عمران خان کی اپیل کی سماعت کی۔
عمران خان کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ان کے موکل کے بروقت بیان حلفی جمع نہ کرانے کا الزام لگا کر کاغذات مسترد کیے گئے لیکن ریٹرنگ آفیسر نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے. عدالت ریٹرنگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے عمران خان کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے۔
عمران خان کے خلاف اعتراض اٹھانے والے جہانداد خان کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ عمران خان کا حلف نامہ اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ نہیں اور ہر صفحے پر ان کے دستخط مختلف ہیں۔ الیکشن ایپلٹ ٹریبونل نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو این اے 95 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)مسلم لیگ ن آج کراچی سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرے گی اور صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں۔
کراچی ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہا کہ میں اس شہر کی آواز سننا اور بننا چاہتا ہوں، اپنے تجربے سے کراچی کو پھر سے روشنیوں، رونقوں اور 21 ویں صدی کا ترقی یافتہ شہر بناؤں گا۔
شہباز شریف فیڈریشن ہاؤس کراچی کا دورہ کریں گے اور ایف پی سی سی آئی کے اراکین کے سامنے پارٹی کا انتخابی منشور اور معاشی ایجنڈہ پیش کریں گے۔ شہباز شریف شام میں مقامی ہوٹل میں پارٹی عہدے داروں سے ملاقات بھی کریں گے اور مفتاح اسماعیل کے حلقے میں انتخابی جلسے میں شریک ہوں گے۔
شہباز شریف کل اپنے دورے کے دوسرے روز خواتین تاجروں سمیت کاروباری شخصیات اور یوتھ کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے جب کہ میڈیا کے سوالات کا بھی جواب دیں گے۔ لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج الیکشن مہم 2018 کا آغاز کر رہے ہیں، تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پاکستان کو اسلامی فلاحی اور جمہوری ریاست نہ بنا لیں۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سابق وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا پرویز خٹک 12 کروڑ 96 لاکھ 46 ہزار روپے مالیت کی زرعی زمین کے مالک ہیں جب کہ انہیں 2 کروڑ 52 لاکھ روپے قرض کی ادائیگی بھی کرنی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا اور تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کردہ اثاثہ جات کی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ وہ ڈھائی کروڑ روپے کے مقروض اور کرائے کے گھر میں مقیم ہیں۔ دستاویزات کے مطابق پرویزخٹک 12 کروڑ 96 لاکھ 46 ہزار روپے مالیت کی زرعی زمین کے مالک ہیں اور ان کے پاس 2012 ماڈل کی گاڑی بھی ہے جس کی قیمت 13 لاکھ 67 ہزار روپے ہے، پرویزخٹک کی اہلیہ 53 تولے سونے کی مالک ہیں۔
دستاویزات میں تحریر ہے کہ پرویزخٹک نے ایک دوست کو40 لاکھ روپے قرضہ دیا ہے جب کہ انہوں نے خود 2 کروڑ 52 لاکھ روپے قرض کی ادائیگی بھی کرنی ہے اور وہ پشاور کے علاقے حیات آباد میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر ہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)پاکستان تحریک انصاف سمیت مختلف سیاسی جماعتیں آج سے اپنی ملک گیر انتخابی مہم کا آغاز کریں گی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج اپنے آبائی علاقے میانوالی کے ہاکی اسٹیڈیم سے شام 5 بجے جلسہ سے خطاب کرکے ملک گیر انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے میانوالی جلسے کے لیے ویڈیو پیغام بھی جاری کیا ہے، ویڈیو پیغام میں عمران خان نے کارکنوں سے جلسے میں شرکت کی استدعا کی ہے۔ میانوالی کے بعدعمران خان ملک بھر میں جلسوں سے خطاب کریں گے، جب کہ ایک دو روز میں تحریک انصاف ملک بھر سے اپنے امیدواروں کا باضابطہ اعلان کردے گی۔
متحدہ مجلس عمل کی مرکزی قیادت بھی آج پشاور جلسے سے خطاب کرکے انتخابی مہم کا آغاز کرے گی، ایم ایم اے جلسہ رنگ روڈ پشاور پر ہوگا۔ مولانا فضل الرحمان اورسراج الحق جلسے سے خطاب کریں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی بھی آج بڈھ بیر میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، جلسے سے صوبائی صدر اے این پی امیر حیدر ہوتی خطاب کریں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن)کل 25 جون سے کراچی سے اپنی انتخابی مہم شروع کرے گی، مسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف 2 روزہ دورے پر کراچی آئیں گے اورجلسے سے خطاب کرکے انتخابی مہم کاآغاز کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران شہباز شریف مختلف تقاریب میں شرکت بھی کریں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کے امیدواروں کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی کے لیے قربانی دینے والوں کو نظر انداز کردیا۔
مسلم لیگ (ن) کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 لاہور سے مریم نواز الیکشن لڑیں گی، این اے 124 سے حمزہ شہباز کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے، این اے 131 سے سعد رفیق الیکشن میں حصہ لیں گے، این اے 108 سے عابد شیر علی کو شیر کا نشان مل گیا ہے۔ن لیگ نے این اے 106 سے رانا ثنااللہ کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے، این اے 73 سے خواجہ محمد آصف الیکشن لڑیں گے جب کہ این اے 78 میں احسن اقبال اور این اے 81 میں خرم دستگیر ن لیگ کے امیدوار ہوں گے۔علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تمام ٹکٹوں کا باقاعدہ اعلان آج مسلم لیگ کے صدر میاں شہباز شریف کے ٹوئٹر اکاونٹ سے کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے ٹکٹوں کی تقسیم میں پارٹی کےلیے قربانیاں دینے والوں کو نظرانداز کردیا ہے۔
ٹکٹوں سے محروم ہونے والوں میں ماجد ظہور، رانا تجمل، وحید گل ،غزالی سلیم بٹ میاں نصیر، گلزار گجر، اختر رسول، محسن لطیف شامل ہیں۔ ن لیگ نے اپنے سابق اراکین اسمبلی کو حلقہ بندیاں ٹوٹنے اور شکست کے پیش نظر ٹکٹ نہیں دیا۔ جن ارکان اسمبلی نے اپے حلقوں میں ترقیاتی کام نہیں کروائے انھیں بھی ٹکٹوں سے محروم کردیا گیا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے اپنی جماعت کو عام انتخابات سے علیحدہ کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ انتخابی نظام کو صاف کرنے کی ضرورت ہے اور آرٹیکل 62،63 سے متعلق شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے تمام امیدواروں کو واپس لینے کا حکم دیا۔

ان کا کہنا تھاکہ جمہوریت کے نام پر جو جرم ہورہا ہے، اس کا حصہ نہیں بننا چاہتے، ہم سیاسی نظام کو کرپشن سے پاک کرنے کی جنگ لڑرہے ہیں لیکن بعض سیاسی جماعتیں اوررہنماوں نےدہرا معیار اپنا رکھا ہے۔

پریس کانفرنس میں صحافی نے سوال کیا آپ انتخابات کا بائیکاٹ کررہے ہیں؟جس کے جواب میں طاہر القادری کا کہنا تھا کہ میں نے بائیکاٹ کا لفظ استعمال نہیں کیا، اسی لیے میں نے محتاط لفظ استعمال کیا ہے، ہم بطور جماعت انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے۔

یاد رہے کہ ملک میں قومی و صوبائی اسمبلیوں پر انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے جس میں چھوٹی بڑی سیاسی و مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)بنی گالہ میں پی ٹی آئی کے سیکڑوں کارکن ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم پرمسلسل چوتھے روز بھی دھرنا دیئے بیٹھے ہیں جب کہ پارٹی چیئرمین عمران خان اپنے گھر میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق بنی گالہ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے گھر کے باہر ملک بھر سے آئے سیکڑوں پارٹی کارکن انتخابی ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم پر مسلسل چوتھے روز بھی دھرنا دیئے ہوئے ہیں جب کہ ملتان اور کرک کے بعد مزید اضلاع سے مظاہرین کے آج بنی گالہ پہنچنے کا امکان ہے۔
بنی گالہ میں احتجاج ختم کرانے کے لیے عمران خان اور پارٹی رہنماؤں کی بارہا یقین دہانیاں بھی رائیگاں چلی گئی ہیں اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنے گھر میں محصور ہوکر رہ گئے جب کہ کارکنوں کا کہنا ہے کہ وہ ٹکٹ لے کر ہی جائیں گے۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)الیکشن کمیشن نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کردی۔
الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن سے متعلق سماعت کی۔
ملی مسلم لیگ کے وکیل نے کمیشن کے سامنے مؤقف اپنایا کہ ملی مسلم لیگ کے سربراہ سیف اللہ خالد کا حافظ سعید سے کوئی تعلق نہیں، اس پارٹی عہدیداران کے خلاف کسی جگہ کوئی ایف آئی آر بھی درج نہیں۔
الیکشن کمیشن کے چار رکنی بینچ نےپہلے درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جسے بعد ازاں سناتے ہوئےملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کردی۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) سپریم کورٹ نے شیخ رشید کی نااہلی سے متعلق مسلم لیگ (ن) کے رہنما شکیل اعوان کی درخواست خارج کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کو اہل قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ شیخ رشید کی نااہلی کے لیے درخواست مسلم لیگ (ن) کے رہنما شکیل اعوان نے دائر کی تھی جس میں ان پر 2013 کے انتخابات کے دوران کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
لیگی رہنما کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی تھی اور 20 مارچ کو فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جو 85 دن بعد سنایا گیا۔
سپریم کورٹ نے آج مختصر فیصلہ سناتے ہوئے شیخ رشید کی نااہلی کے لیے لیگی رہنما شکیل اعوان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کو اہل قرار دے دیا۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ 'شیخ رشید انتخابات 2018 لڑسکیں گے'۔
شیخ رشید کے خلاف درخواست پر فیصلہ 2 کے مقابلے میں ایک کے تناسب سے سنایا گیا اور فیصلے میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اختلافی نوٹ بھی لکھا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے اختلافی نوٹ میں لکھا کہ 'معاملے پر فل کورٹ بنایا جائے'۔
شیخ رشید کے خلاف کیس کا پس منظر
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما شکیل اعوان نے شیخ رشید کی نااہلی کے لیے الیکشن ٹریبونل میں درخواست کی تھی، تاہم الیکشن ٹربیونل نے تکنیکی بنیادوں پر شکیل اعوان کی پٹیشن خارج کردی تھی، جس کے بعد شکیل اعوان نے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
شکیل اعوان نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ شیخ رشید نے 2013 کے عام انتخابات کے دوران کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثے چھپائے۔
درخواست میں کہا گیا کہ شیخ رشید نے گھر کی قیمت ایک کروڑ 2 لاکھ ظاہر کی جب کہ گھر کی بکنگ 4 کروڑ 80 لاکھ سے شروع کی گئی تھی۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیئے تھے کہ فتح جنگ کے موضع رامہ میں شیخ رشید کی زمین زیادہ ہے لیکن کاغذات میں کم ظاہر کی گئی ہے۔
ریکارڈ کے مطابق شیخ رشید کی زمین ایک ہزار 81 کنال ہے لیکن انہوں نے کاغذات نامزدگی میں 968 کنال اور 13 مرلہ ظاہر کی ہے۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ میں جان بوجھ کر کبھی بھی اپنے کسی دیرینہ اور وفادار کارکن سے ناانصافی نہیں کروں گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دیرینہ کارکنان کیلئے میرا پیغام ہے کہ اگر آپ میں سے کوئی سمجھتا ہے کہ پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے دوران اسے نظر انداز کیا گیا یا اس سے ناانصافی کی گئی تو وہ تحریک انصاف کے مرکزی دفتر کے پتے پر ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ارشد داد کو اپنی درخواست بھیجے۔
 
عمران خان کا کہنا تھا کہ کارکنان اپنی شکایات بھیجیں میں بذات خود ہر درخواست کا جائزہ لوں گا اور اس کے مطابق کارروائی کروں گا، میں جان بوجھ کر کبھی بھی اپنے دیرینہ اور وفادار کارکنان میں سے کسی سے ناانصافی نہیں کروں گا۔

 

 

Page 4 of 13