ھفتہ, 18 مئی 2024

 

ایمزٹی وی(لاہور)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ پولنگ کا وقت رات 12بجے تک کیاجائے۔
شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن حلف نامہ جمع کرانے کیلیے ایک دو روزکی مہلت دے اورشدید گرمی کے باعث پولنگ کاوقت رات 12بجے تک کیاجائے، ملک میں مہنگائی ہیبت ناک ہے لوڈشیڈنگ نے سابق حکومت کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ انھوں نے کہاکہ حلف نامہ اتنا مشکل ہے کہ بعض لوگوں کی چیخیں نکل جائیں۔
دریں اثنا شیخ رشید احمد عمرہ کی ادائیگی کے لیے گزشتہ روزسعودی عرب روانہ ہوگئے۔

 

 

ایمزٹی وی(سوات)نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کا کہنا ہے کہ میں صرف 2 ماہ کے لیے آیا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے۔
نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک اپنے آبائی علاقے سوات پہنچے جہاں لوگوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، ناصر الملک نے اپنے والد کی قبر پرفاتحہ پڑھی اور گلکدہ میں اپنی رہائشگاہ چلے گئے۔ نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک سے مقامی عمائدین نے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم ناصرالملک کا کہنا تھا کہ یقین دلاتا ہوں کہ انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے، میں صرف 2 ماہ کے لیے آیا ہوں، ملک میں تمام کام صرف آئین کے مطابق ہوں گے اور اپنے اختیارات کے مطابق لوگوں کی خدمت کروں گا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)الیکشن کمیشن اور نادرا حکام کی نااہلی کے باعث تقریباً ایک کروڑ سے زائد افراد ووٹ کے حق سے محروم ہوگئے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اور نادرا مرد اور خواتین رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں فرق ختم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں جب کہ الیکشن کمیشن کی صنفی فرق ختم کرنے کی مہم بھی ووٹرز کا فرق کم نہ کرسکی۔ 2013 کے عام انتخابات میں مرد اور خواتین رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں ایک کروڑ 9 لاکھ 95 ہزار 142 کا فرق تھا اور اب خواتین رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد کے فرق میں گزشتہ عام انتخابات 2013 کے مقابلے میں اضافہ ہوگیا ہے اور یہ فرق ایک کروڑ 24 لاکھ تک جا پہنچا ہے جب کہ 80 لاکھ کے قریب خواتین کے شناختی کارڈ ہی نہیں بن سکے اور اب آئندہ عام انتخابات میں ایک کروڑ سے زائد اہل خواتین ووٹرز ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم رہیں گی۔
ذرائع کے مطابق مرد اور خواتین ووٹرز کے درمیان سب سے زیادہ فرق پنجاب میں 66 لاکھ 87 ہزار 1 سو 16 ہے، جب کہ سندھ میں مرد اور خواتین ووٹرز کے درمیان 24 لاکھ 82 ہزار 4 سو 44 کا فرق، خیبر پختونخواہ میں 20 لاکھ 95 ہزار 363 ، بلوچستان میں 6 لاکھ 72 ہزار 966، فاٹا میں 5 لاکھ 5 ہزار 650 اور اسلام آباد میں 49 ہزار 578 کا صنفی فرق موجود ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں سے متعلق عدالتی فیصلے کی وجہ سے انتخابات تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے اور عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نئی حلقہ بندیوں پر عدالتی فیصلوں کے آئینی و قانونی پہلووٴں کا جائزہ لے لیا ہے اور اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ عدالت حلقہ بندیوں سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلوں کو کالعدم قرار نہیں دے سکتی۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے کے 60 روز کے اندر الیکشن کرانا آئینی ضرورت ہے، حلقہ بندیوں سے متعلق عدالتی فیصلوں کی وجہ سےعام انتخابات تاخیر کا شکارنہیں ہوں گے،عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے،الیکشن کمیشن چند روز تک عام انتخابات کا شیڈول جاری کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے جہلم، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور لوئر دیر کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو تمام اسٹیک ہولڈرز کو سن کر دوبارہ حلقہ بندیاں کرنے کا حکم دیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(واشنگٹن) ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان میں شفاف انتخابات اور اس کے بعد پرامن انتقال اقتدار کیلئے پر امید ہے۔
میڈیا پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوئرٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں شفاف الیکشن کی توقع کرتے ہیں اور انتخابی اصلاحات بل کی مکمل طور پر حمایت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان میں عام انتخابات کے بعد پرامن انتقال اقتدار کے لیے پرامید ہے اورعالمی اداروں اور مندوبین کی الیکشن کی نگرانی کی حمایت کرتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکا کی جانب سے فی الحال پاکستان میں الیکشن کے لیے مبصرین بھجوانے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوئرٹ سے جب امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے اسلام آباد میں نوجوان کی ہلاکت پر سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا۔

 

 

ایمزٹی وی(حویلیاں)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ 100 دن کا پلان پیش کرنے والے 5 سال صرف رکاوٹیں ڈالتے اور دھرنے دیتے رہے۔
حویلیاں میں تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف نے جووعدے کیے اس کو پورا کررہے ہیں، حویلیاں موٹروے کوئی چھوٹا منصوبہ نہیں ہے، نومبرتک موٹروے مکمل ہوجائے گا، اس منصوبے کی لاگت 142 ارب روپے ہے، وہ وقت دورنہیں جب عوام موٹروے پرخنجراب تک سفر کریں گے۔
 
مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکرکرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں دس سال آمریت رہی، اس کے بعد جمہوری دورآیا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بجلی، گیس اور یونیورسٹی کے منصوبے مکمل کیے، مسلم لیگ (ن) کے دورمیں جو ترقی ہوئی وہ 65 سال میں نہیں ہوئی اور یہ سب عوام کے ووٹ کا ہی نتیجہ ہے، ہماری کوشش تھی کہ حکومت مدت پوری کرے، 25 جولائی کوالیکشن ہوگا، ہمارا پانچ سال کا کام ختم ہوگیا اب 25 جولائی کو عوام کو فیصلہ کرنا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دورمیں ترقی ہوتی ہے جب کہ باقی لوگوں کے دور میں صرف باتیں ہوتی ہیں۔ 100 دن کا پلان پیش کرنے والوں نے 5 سال صرف باتیں کیِ، وہ رکاوٹیں ڈالتے اور دھرنے دیتے رہے، مجھے نظر نہیں آتا کہ لوگ دھرنے دینے والوں کو ووٹ دیں گے، ووٹ صرف خدمت، ترقی اورشرافت کی سیاست کوملے گا اوریہ سیاست صرف مسلم لیگ (ن) اورنوازشریف نے کی ہے۔ عوام موجودہ سیاست کودیکھ کرفیصلہ کرے، 25 جولائی کوعوام جو فیصلہ کریں گے وہی قابل قبول ہوگا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)عام انتخابات 2018 کے لئے الیکشن کمیشن نے واٹر مارک بیلٹ پیپپرز کی چھپائی کے لیے مخصوص کاغذ منگوا لیا، مخصوص کاغذ کی درآمد پر 1 ارب سے زائد کے اخراجات آئے ہیں، عام انتخابات میں سیکیورٹی فیچرز والے واٹر مارک بیلٹ پیپر استعمال کیے جائیں گے۔
واٹر مارک بیلٹ پیپپرز کی چھپائی کے لیے مخصوص کاغذ پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے منگوایا گیا ہے،ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق بیلٹ پیپر کا مخصوص کاغذ فرانس اور برطانیہ سے درآمد کیا گیا۔
بیلٹ پیپر کی چھپائی پر بھی 1 ارب سے زائد اخراجات آئیں گے، عام انتخابات میں 21 کروڑ کے قریب بیلٹ پیپر چھاپے جائیں گے۔
21 کروڑ بیلٹ پیپر کی مکمل تیاری پر 2 ارب سے زائد کے اخراجات ہوں گے،واٹر مارک بیلٹ پیپر قومی اسمبلی کے لیے سبز، صوبائی اسمبلی کے لیے سفید ہو گا۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)پاکستان تحریک انصاف لاہور میں مینار پاکستان پر اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی جس کیلیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے لاہور کی شاہراہوں کو عمران خان کی تصاویر، نعروں پر مبنی بینرز، سٹیمرز اور فلیکسز سے سجا دیا گیا، جلسے میں شرکت کیلیے ملک بھر سے مرکزی رہنماؤں سمیت مرد و خواتین کارکنوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ ملک میں چند لوگوں کی بہت خوشامد اور چاپلوسی کی جارہی ہے حتیٰ کہ پرویز مشرف کے خوشامدی بھی موجود ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ماڈل ٹاؤن لاہور میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں رانا ثنا اللہ ، خواجہ آصف ، راجہ اشفاق سرور اور احسن اقبال سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، انتخابات 2018 کے حوالے سے لائحہ عمل وتیاریوں سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ انتخابات 2018 میں 3 ماہ رہ گئے ہیں اور ہمارے لئے اپنی مدد آپ کے تحت کام کرنے کا وقت آگیا ہے جو لوگ جماعت کے ساتھ مخلص ہیں وہ الیکشن کی تیاری کریں ہمیں آئندہ انتخابات میں ووٹ کو عزت دلوانی ہے اور ملک کے طول و ارض میں یہ پیغام پہنچانا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں چند لوگوں کی چاپلوسی اور خوشامد کی جارہی ہے حتٰی کہ پرویز مشرف کے خوشامدی بھی موجود ہیں، کیا ہم کسی اصول پر کھڑے نہیں ہوں گے، ہمیں اپنے بہتر مستقل کو سنوارنے کے لئے خامیوں کو دور کرنا ہوگا، اپنی سوچوں، ذہنوں اور فکر کو تبدیل کرنا ہوگا۔ گزشتہ 30 سال سے ہم اس حوالے سے کوئی اہم پیشرفت نہیں لاسکے اور اب پاکستان آبادی کے لحاظ سے 5ویں یا چھٹے نمبر ہے جس میں منتخب نمائندوں کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کا کردار قابل تعریف ہے، انہوں نے ملکی ترقی کےلئے عمدہ اور مؤثر کردار ادا کیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں سڑکوں کے جال بچھا دیئے اور صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے نئے اسپتال و کالجز بنائے اور ثابت کردیا کہ اگر دل میں عوام کی مخلوق کی قدر نہیں ہے تو کوئی منصب نہیں رکھنا چاہیے، لیکن دوسری جانب مخالفین پنجاب کی ترقی سے خوفزدہ ہوکر منفی پروپیگنڈا کررہے ہیں۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)ہائی کورٹ نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دے دیا۔ ذرائع کے مطابق جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل تین رکنی لارجر بینچ نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو نااہل قرار دے دیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ خواجہ آصف کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا گیا، وہ 2013 کا الیکشن بھی نہیں لڑ سکتے تھے۔ عدالت کی جانب سے تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے اقامہ چھپانے پر وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا جو آج سنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نااہلی سے بچ گئے
درخواست گزار عثمان ڈار نے موقف اپنایا کہ وزیر خارجہ دبئی میں ایک نجی کمپنی کے ملازم ہیں جہاں سے وہ ماہانہ تنخواہ بھی حاصل کرتے ہیں، لیکن انہوں نے بینک اکاؤنٹ اور تنخواہ کی تفصیلات 2013 کے انتخابی گوشواروں میں ظاہر نہیں کی، اس لیے وہ صادق اور امین نہیں رہے، لہذا انھیں غلط بیانی پر نااہل کیا جائے۔
عثمان ڈار نے یہ بھی کہا کہ غیر ملکی کمپنی میں ملازمت کرنے والا شخص کیسے وزیرخارجہ کے اہم منصب پر فائز رہ سکتا ہے۔ ادھر خواجہ آصف کا موقف تھا کہ وہ پہلے دبئی میں ایک بینک میں ملازمت کرتے تھے، لیکن وہ کل وقتی نہیں بلکہ مشیر کے طور پر ملازمت کرتے تھے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو بھی اقامے اور تنخواہ چھپانے کی بنیاد پر نااہل قرار دیا تھا۔

 

Page 5 of 13