ھفتہ, 18 مئی 2024

 

ایمزٹی وی(آزادکشمیر)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہرنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن )پا کستان کی ترقی و خوشحالی کا سفرمحمد نواز شریف کی قیادت میں جاری رکھے گی۔
2013 میں ملک کے ابتر حالات پوری پاکستانی قوم کے سامنے ہیں ۔ نواز شریف نے اپنے عزم اورعوام دوست پالیسیوں سے پاکستان کے عوام کے دلوں میں جگہ حاصل کی ہے اس کو بے بنیاد الزامات اور پراپیگنڈ ے کے ذریعے ختم نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کے خلاف جانبدارانہ احتساب کے حقا ئق عوام کے سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ 2018کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو نقصان پہنچانے کے مذموم منصوبے دھرے کے دھرے رہ جائیں گے ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ عام انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے لیے منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے 2018 کے عام انتخابات کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام نجی پرنٹنگ پریس سے نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیلٹ پیپر کی چھپائی کا تمام کام سرکاری چھاپے خانے میں ہوگا۔
عام انتخابات کے لیے 20 کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے، جن پر 2 ارب روپے کے لگ بھگ رقم خرچ ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے اس مرتبہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ واٹر مارکڈ والے بیلٹ پیپرز چھاپنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے صرف کاغذ پر ایک ارب روپے خرچ ہوں گے۔
واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں کئی بے ضابطگیاں سامنے آئی تھیں ، جن پر ملک کی بیشتر جماعتوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
 

 

 

ایمزٹی وی(ڈیوس)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئےکہا کہ وہ اپنی بہادر افواج پر کسی بھی صورت میں تنقید نہیں کرسکتے۔
پاک فوج سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی فوج میری فوج ہے، جو دہشتگردی کے خلاف جنگ بہت کامیابی سے لڑ رہی ہے، اس لئے اپنی ہی فوج پر تنقید کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کےمعاملات میں دخل اندازی نہیں کرتا مگر بھارت ریاستی سطح پر پاکستان کے معاملات میں مداخلت ضرور کرتا ہے۔ آج کا دور سوشل میڈیا کا دور ہے، بھارت لاکھ چھپائے لیکن موجودہ دور میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والا ظلم دنیا دیکھ رہی ہے۔
نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ بھارت میں قوم پرستی بڑھتی جا رہی ہے جس کی وجہ سے بھارت اپنا سیکولر تشخص کھورہا ہے ، میں لوگوں کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرکے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنا کامیابی نہیں سمجھتا۔

 

 

ایمزٹی وی(ہری پور)سابق وزیراعظم نوازشریف کا ہری پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ میری خواہش تھی کہ ہری پور سمیت پورے ملک میں سڑکوں کا جال بچھادوں اور موٹروے بناؤں، ہم نے عوام کو لوڈشیڈنگ سے چھٹکارا دلایا، دہشت گردی کا خاتمہ کیا لیکن مجھے عوام کی خدمت کا صلہ نہیں ملا بلکہ الٹا بیٹے سے تنخواہ لینے کا الزام لگا کر مجھے نااہل قرار دے دیا گیا۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ عدالتی لاڈلہ جس تھالی میں کھاتا ہے اسی میں چھید کرتا ہے، وہ جس اسمبلی سے تنخواہ لیتا اور جس کے لیے الیکشن لڑتا ہے اسی پر لعنت بھیجتا ہے، لیکن دوسروں کو گالیاں دینے والا خود جیل جائے گا، عمران خان کہتے تھے ہم پورے ملک کو بدل دیں گے لیکن پاکستان کے ایک صوبے خیبرپختون خوا کو تبدیل نہیں کرپائے، وہ بتائیں کہ 4 سال کے عرصے میں بجلی کے کتنے کارخانے لگائے، کتنے اسکول بنائے، ایک ارب درخت لگانے کا دعویٰ کرتے تھے مجھے 200 درخت بتادیں۔
نواز شریف نے کہا کہ آئے روز عمران خان کے حوالے سے اخباروں میں آتا رہتا ہے، ان کا کام سیاسی مخالفین اور قومی ادارے کے عہدیداروں اور سربراہوں کو گالیاں اور بہتان تراشی و الزامات لگانا ہے، جلسوں میں قوم کے اخلاق کو بگاڑا جارہا ہے، دھمکیاں دیتے ہیں اور کبھی آئی جی اور کبھی قومی ادارے کے سربراہوں کو دھمکیاں دیتے ہیں کہ تمھیں جیل میں ڈال دوں گا، عمران خان کو صادق و امین قرار دینے والے ججز کو سلام پیش کرتا ہوں اور بتا دیتا ہوں کہ دوسروں کو گالیاں دینے والا خود جیل میں جائے گا اور عوام گندی سیاست کرنے والوں رد کردیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(ہری پور)نواز شریف کے داماد اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے جس اسمبلی کو لعنتی کہا اسی نے 73 کا مقدس آئین بنایا تھا اور اب غیرت کا تقاضا ہے کہ وہ دوبارہ اسمبلی نہ آئیں۔
ہری پور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عدل کی بحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، عام انتخابات میں رکاوٹ ڈالنے والے ریاست کے مخلص نہیں، سینیٹ کے الیکشن بھی ہوں گے اور عام انتخابات بھی وقت پر ہوں گے، بلوچستان میں حکومت تبدیل کرنے کا فائدہ مسلم لیگ (ن) کو پہنچا ہے اور تحریک انصاف نے اگر خیبر پختونخوا اسمبلی توڑی تو خود نقصان اٹھائے گی۔ عمران خان نے جس اسمبلی کو لعنتی کہا اسی نے 73 کا مقدس آئین بنایا تھا اور اب غیرت کا تقاضا ہے کہ وہ دوبارہ اسمبلی نہ آئیں۔
ڈاکٹر طاہر القادری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ پاکستان جب ترقی کی طرف گامزن ہوتا ہے تو طاہر القادری رکاوٹیں ڈالنے آجاتے ہیں، اہل لاہور نے اس امپورٹڈ مولوی کی منفی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان نے 17 جنوری کو پاکستان عوامی تحریک کے کنٹینر میں آصف زرداری کے ساتھ بیٹھنے سے انکار کردیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان نے 17 جنوری کو پاکستان عوامی تحریک کے کنٹینر میں آصف زرداری کے ساتھ بیٹھنے سے انکار کردیا ہے۔ اب عمران خان اور آصف زرداری الگ الگ خطاب کریں گے۔
دوسری جانب ماڈل ٹاؤن لاہور میں عوامی تحریک کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا ہے جس میں منگل کو اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے اجلاس اور17 جنوری کے احتجاج کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر 17 جنوری کے احتجاج میں سیاسی جماعتوں کے قائدین کے خطابات کے شیڈول پر بھی غور کیا گیا۔
عوامی تحریک نے تحریک انصاف اورپیپلزپارٹی کے ایک دوسرے سے متعلق تحفظات پر فیصلہ کیا ہے کہ آصف زرداری اور عمران خان الگ الگ وقت پر احتجاج میں شرکت اور شرکا سے خطاب کریں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف احتجاج میں اپوزیشن جماعتیں ایک گلدستے کی مانند شریک ہوں گی۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے علاوہ ملک کی تمام اپوزیشن جماعتوں نے 17 جنوری کو لاہور میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف احتجاج کا اعلان کررکھا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) الیکشن کمیشن نے انتخابات 2018 کی تیاری کے لیے انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی شروع کردی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کا آج سے آغاز کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق نئے ووٹرزکی رجسٹریشن گھرگھر تصدیقی مہم کے بعد ہوگی۔ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے پہلے مرحلے میں تصدیقی عمل کے بعد 73 لاکھ 60 ہزار 279 افراد کا نئے ووٹر کے طور پر اندراج کیا جائے گا۔ 9 لاکھ 23 ہزار 947 ووٹرز کو انتخابی فہرستوں سے خارج کیا جائے گا جن کے انتقال کا ریکارڈ یونین کونسلوں اور نادرا میں موجود ہے۔
پنجاب میں 41 لاکھ 13 ہزار 595 نئے ووٹرز، سندھ میں 14 لاکھ 54 ہزار 398، خیبر پختونخوا میں 10 لاکھ 15 ہزار 327، بلوچستان میں 4 لاکھ 52 ہزار 143، فاٹا میں 2 لاکھ 88 ہزار اور اسلام آباد میں 35 ہزار نئے ووٹرز رجسٹرکیے جائیں گے ۔ نئے رجسٹر ہونے والے ووٹرز میں 40 لاکھ 72 ہزار مرد اور 32 لاکھ 87 ہزار خواتین ووٹرز شامل ہوں گی۔
نئی رجسٹریشن کے بعد انتخابی فہرستوں میں درج ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 40 لاکھ سے تجاوزکر جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں تمام انتخابی فہرستوں کو ہر ضلع کے مقرر کردہ ڈسپلے سینٹرز میں آویزاں کیا جائے گا۔ رائے دہندگان انتخابی فہرستوں کا جائزہ لیکر اندراج منتقلی اور درستگی کے لیے درخواستیں دے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ موجودہ حکومت جون میں اپنی آئینی مدت پوری کرے گی جس کے بعد عبوری حکومت اقتدار سنبھالے گی اور 15 جولائی کو جنرل الیکشن کرائے گی۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور) پیپلز پارٹی نے بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو کو لیاری یا ٹنڈوالہیار سے الیکشن لڑانے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو 2018 کے عام انتخابات سے عملی سیاست کا آغاز کرنے کو تیار ہیں۔ پی پی پی قیادت نے فیصلہ کر لیا ہے کہ آصفہ بھٹو لیاری یا ٹنڈوالہیار سے انتخاب لڑیں گی۔ آصفہ بھٹو اگلے ماہ تین فروری کو 25 سال کی ہوکر عام انتخابات میں حصہ لینے کی کم از کم عمر کو پہنچ جائیں گی۔
آصفہ بھٹو لیاری سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 248 سے عملی سیاست شروع کریں گی جب کہ ٹنڈوالہیار کا حلقہ این اے 223 بھی آصفہ بھٹو کیلئے مختص کردیا گیا ہے۔ انتخابات لڑنے کیلئے آصفہ بھٹو کی لیاری میں دلچسپی ہے اور ٹنڈوالہیار میں ووٹ کا اندراج ہے۔ دونوں نشستوں سے کس نشست پر الیکشن لڑانا ہے اس کا حتمی فیصلہ پارلیمانی بورڈ کرے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(سرگودھا)میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آج ملک میں ترقی کا سفر آہستہ ہو گیا ہے ،اس بارے میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا قصور نہیں بلکہ قصور وار وہ فیصلہ ہے جس کی وجہ سے ملک میں انتشار پھیل رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سازش کرنے والوں نے پھر سر اٹھا لیا ہے ،لاڈلے کے علاوہ ایک سازشی کینیڈا سے آکر بیٹھ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر قوم نے مجھے 2018کے الیکشن میں جتوایا تو لوگوں کے گھروں کی دہلیز پر عدل لے کر آوں گا۔
سرگودہ کے علاقے کوٹ مومن میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آج کوٹ مومن کے نوجوانوں نے بھاری تعداد میں آکر خوش کردیا ،یہ ساتھ کبھی نہیں چھوٹ سکتا ،یہ جلسہ نہیں اللہ کی شان ہے ،یہ فیصلہ عوام کی عدالت کا ہے ،یہ اس بات کا اعلان ہے کہ وہ فیصلہ پاکستانی عوام کو منظور نہیں ،عوام نواز شریف کو اہل کر کے بھیجیں اور کوئی نا اہل قرار دے دے ۔نواز شریف نے عوام سے پوچھا کیا یہ فیصلہ عوام کو منظور ہے جس پر حاضرین نے نفی میں جواب دیا تو سابق وزیراعظم نے میڈ یا والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دیکھ لو خلق خدا کیا فیصلہ دے رہی ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ مجھے خیالی تنخواہ پر نا اہل قرار دےدے دیا گیا ،یہ کہاں کا مذاق ہے ،اس فیصلے کے خلاف جی ٹی روڈ ،ایبٹ آباد ،کوئٹہ ،سرگودہ کے عوام تاریخی اعلان کرچکے ہیں ،اس ملک میں انصاف اور عدل ہر کسی کو ملے گا ۔
انہوں نے کہا کہ آج پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ ختم ہو گئی ،گزشتہ چار سالوں میں اتنا کام ہوا جو پہلے بیس بیس سال بھی نہ ہوا تھا لیکن یہ جو گزشتہ پانچ ماہ سے ہوا ہے ،اس سے ترقی کی رفتار آہستہ ہو گئی ہے ،اس حوالے سے وزیراعظم کو دوش نہیں دیتا کیونکہ وہ جوان مردی سے کام کر رہے ہیں لیکن اس فیصلے سے پوچھنا ہو گا جس نے ملک میں انتشار پھیلا یا ،اس فیصلے نے پاکستان کو دنیا میں تماشا بنا دیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں روپے کی قدر میں کمی آئی ،ڈالر کی قیمت اوپر گئی اور اسٹاک مارکیٹ میں بھی مندی آئی ،آج ملک میں دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھا یا ہے ،سازش کرنے والے بھی سامنے آگئے ہیں ،لاڈلے کے علاوہ کینیڈا سے بھی ایک سازشی آکر بیٹھ گیا ہے ۔نواز شریف نے کہا کہ لاڈلا مان رہا ہے کہ لاکھوں پاونڈ کی آف شور کمپنی میری ہے لیکن عدالت کہتی ہے یہ پیسہ تمہارا نہیں کسی اور خان کا ہے ،میں کس کی بات مانوں عمران خان کی یا سپریم کورٹ کی؟۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)چئیرمین پیپلرپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں کسی کے ساتھ اتحاد ممکن نہیں اور انتخابی میدان میں اپنے نشان کے ساتھ اتریں گے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی زیرِصدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں جماعت کی سیاسی حکمت عملی کی تشکیل کے لئے اہم فیصلے کئے گئے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی سینئر قیادت سے مشاورت کے بعد انتخابی حکمت عملی کا فیصلہ کیا اور سینئر قیادت کی مشاورت سے ہی فیصلے کی منظوری بھی دی۔
بلاول زرداری نے آئندہ عام انتخابات میں کسی بھی جماعت کے ساتھ اتحاد کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جماعت کے ساتھ اتحاد کے بجائے آئندہ انتخابات میں اپنے نشان پر الیکشن لڑا جائے گا اور ہر حلقے میں اپنا امیدوار کھڑا کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات کی تیاریاں شروع کردی جائیں گی اور اس حوالے سے اپنے سیاسی حریف عمران خان اور نوازشریف کوسخت جواب دیا جائے گا، عمران خان کی الزام تراشی اورجھو ٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا جب کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے خلاف محاذ کو مزید گرم کرنے اور حکمران جماعت کے طرز سیاست کا جم کر مقابلہ کیا جائے گا۔
 

 

Page 7 of 13