ھفتہ, 18 مئی 2024

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ لاڈلے کو اوپر سے حکم لینے کی عادت بن چکی ہے جب کہ پورے پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ ’اوپر‘ سے کا کیا مطلب ہے۔
احتساب عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ لاہور کے عوام نے کل تیسری بار عمران خان کو مسترد کیا، عمران خان وکٹ گرانے کا بہانہ کر کے لاہور سے بھاگ آئے، عوام نے عمران خان کو 2013 میں بھی مسترد کیا تھا، تاہم آئندہ انتخابات کے نتائج بھی اسی طرح کے ہوں گے۔
نواز شریف نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا نے صاف گوئی یا بھول میں کہہ دیا تھا کہ اوپر سے حکم آیا ہے، اوپر کا مطلب کبھی بھی بنی گالہ نہیں تھا، پورے پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ اوپر سے کیا مطلب ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاڈلے کو اوپر سے حکم لینے کی عادت بن چکی ہے، اس طرح کی تبدیلی لائے ہیں کہ اوپر کے حکم سے تیر پر مہر لگا دی، عمران خان پاکستان کی سیاست کو بدنام کر رہے ہیں۔
 
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو یہ بھی تو بتائیں کہ یہ وکٹیں کون گروا رہا ہے، نوجوان نسل جو عمران خان کا ساتھ دیتی تھی وہ ان سے مایوس ہو چکی ہے، نوجوان نسل جان چکی ہے کہ عمران خان کون سی تبدیلی کے خواب دیکھ رہے ہیں۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہےپاکستان میں 65 فیصد نوجوان ہیں، لیکن کرپٹ سسٹم کی وجہ سے ملک کے نوجوان اپنی ڈگریاں جلارہے ہیں
تفصیلات کےمطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ کرپٹ قیادت نے پی آئی اے، ریلویز اور اسٹیل ملز کو تباہ کر دیا، ملک میں 60 فیصد آبادی نوجوانوں کی ہے مگر قومی اسمبلی میں اس کی نمائندگی نہیں، جماعت اسلامی کراچی کے نوجوانوں کو مکمل حوصلہ دینے کیلئے الیکشن کرا رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کراچی کچرے اور صاف پانی سمیت بے شمار مسائل کا شکارہے، کے الیکٹرک کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں، کراچی والوں کو پانی نہیں مل رہا، شہر میں کافی عرصے سے کوئی نیا تعلیمی ادارہ نہیں بنا، میدانوں پر چائنا کٹنگ کی گئی، حکومتِ سندھ نے اب یونیورسٹیز کو بھی اپنی مٹھی میں لے لیا ہے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ پاکستان میں 65 فیصد نوجوان ہیں، لیکن کرپٹ سسٹم کی وجہ سے ملک کے نوجوان اپنی ڈگریاں جلارہے ہیں، ہم عام انتخابات میں 50 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دیں گے، کراچی میں نوجوانوں کے الیکشن حوصلہ افزا ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کے لیے یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن ہو رہے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)مسلم لیگ (ن) کے 5 ارکان قومی اسمبلی اور 3 ارکان صوبائی اسمبلی نے علم بغاوت بلند کرتے ہوئے ’جنوبی پنجاب صوبہ محاذ‘ بنانے کا اعلان کردیا۔
حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مشکلات ختم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی جارہی ہیں۔ لاہور میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے منحرف اراکین اسمبلی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی چھوڑ کر جنوبی پنجاب صوبہ محاذ بنانے کا اعلان کردیا۔ منحرف ارکان میں مخدوم خسرو بختیار، عالم ڈار لالیکا ، باسط بخاری، سید اصغر علی شاہ اور رانا قاسم نون شامل ہیں۔
سابق وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ ن لیگ اور پارلیمنٹ کی نشستوں سے مستعفی ہونے اور ’جنوبی پنجاب صوبہ محاذ‘ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، میر بلخ شیر مزاری اس محاذ کے سرپرست ہوں گے، ہم ایک ہی سیاسی نظریاتی ایجنڈے پر اکھٹے ہیں، ہمارا مقصد نئے صوبے جنوبی پنجاب کا قیام ہے، ہمیں 10 سے زائد ارکان پنجاب اسمبلی اور 5 سے زائد ارکان قومی اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔
رانا قاسم نون نے کہا کہ ہماری حمایت کے بغیر کوئی الیکشن نہیں جیت سکے گا، جب محرومیاں بڑھ جاتی ہیں تو مایوسی میں اضافہ ہوتا ہے، یہ حساس مسئلہ ہے، نیا صوبہ بننے سے وفاق مضبوط ہوگا۔

 

 

کرا چی(ایمز ٹی وی)پی ایس پی چیئرمین مصطفی کمال نے مہاجروں کے نام پر سیاست کرنے والوں کو مہاجروں کا بدخواہ قرار دیدیا، کہتے ہیں وہ قومیت کی چنگاری کو ہوا نہیں دیں گے۔پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اگلے الیکشن میں شہری علاقوں سے کلین سوئپ کریں گے، وزیراعلیٰ ہمارا ہوگا یا ہمارا حمایت یافتہ ہوگا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کو پر امن شہر بنانا چاہتے ہیں ،الیکشن میں شہری علاقوں سے کلین سوئپ کریں گے، مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی میں صاف پانی ،نوجوانوں کی گرفتاریوں، بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور پارک اجڑنے کی بات کسی نے نہیں کی، ہم نے مسائل کے حل کیلئے دھرنا دیا اور ریلی نکالی کراچی کی بھلائی کےلیے16نکات دیئے، جس پر ہمارے مخالف میئر نے بھی ہمارے8نکات سے اتفاق کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مہاجر نام پر سیاست کرنے والے مہاجروں کے بدخواہ ہیں، قومیت کی چنگاری کو ہوا نہیں دوں گا، شہر کی تمام قومیت کو ساتھ لے کر چلیں گے۔پی ایس پی چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ ایک نسل قومیت کے نام پر ختم ہوچکی ہے اب بس کرو، شہر کے ٹھیکیدار آج بھی اسی سیاست کو ہوا دے رہے ہیں۔

 

 

 


کرا چی(ایمز ٹی وی)الیکشن کا موسم قریب آتے ہی کراچی کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کا شیرازہ بکھرنے لگا۔ایم کیوایم کی مزید 3 پتنگیں کٹ کر پی ایس پی کے آنگن میں آگریں۔کراچی کی سیاست میں تبدیلی آنے لگی۔ شہرکی سب سے بڑی سیاسی جماعت کا شیرازہ بکھرنے لگا۔

الیکشن کا موسم قریب آتے ہی وفاداریاں تبدیل ہونے لگیں۔گیارہ روز میں چار ایم این اے اور چار ایم پی اے کمال کے ہوگئے۔رکن قومی اسمبلی محبوب عالم متحدہ کا ساتھ چھوڑگئے۔ایم پی اےکامران فاروق نے پی ایس پی میں شمولیت کی وجہ پارٹی میں اختلافات کو قرار دیا۔

ایم کیوایم کوتیسراجھٹکا ایم پی اے سیف الدین خالد کی صورت میں لگا۔ایم کیوایم میں قیادت کے جھگڑے نے کئی رہنماو¿ں کو بدظن کردیا۔مزمل قریشی،سید وسیم حسین، نائلہ منیر،ناہید بیگم،ڈاکٹر فوزیہ،محبوب عالم ، سیف الدین خالد اور کامران فاروق پی ایس پی کے قافلے میں شامل ہو گئے

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی لفظ فریادی کو فساد کی طرف لے جارہے ہیں۔
اسلام آباد میں خیبر پختونخوا سے رکن صوبائی اسمبلی وجیہ الزمان کی مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ وزیر اعظم کو چاہیے تھا کہ چیف جسٹس سے ملنے کے لیے وہ دو تین وزیر ساتھ لے جاتے اور چیف جسٹس بھی دو تین ججز ساتھ رکھتے،وزیراعظم لفظ فریادی کو فساد کی طرف لے کر جارہے ہیں۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں سینیٹرز نہیں بکے، انتخابات وقت پر کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، میری کتاب اگلے ہفتے مارکیٹ میں آرہی ہے، کتاب کا نام ’’سچ تو یہ ہے‘‘ ہے، اس کتاب میں سچے واقعات ہیں جسے پڑھ کر لوگوں کو ایسی باتوں کا علم ہو گا جو پہلے کسی کو پتہ نہیں تھیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کہتے ہیں کہ دعا کریں اس ملک میں الیکشن وقت پرہوجائیں،ملک کے تمام ذمہ دار اپنے اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں۔
انہوں نے لاہورمیں اپنے انتخابی حلقے میں ایک اسکول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب رشتہ داری اور برادری پر ووٹ نہیں ملتا،کام پر ووٹ ملتا ہے۔
وزیر ریلوےنے کہا کہ کوشش کی جارہی ہے کہ ہمیں بدنام کرکے لوگوں کو ہم سے دور کردیا جائے، بھٹو کے مرنے سے پیپلزپارٹی ختم نہیں ہوئی،مزید مضبوط ہوئی تھی۔
سعد رفیق نے مزید کہا کہ مہربانی ہو آصف زرداری کی جنہوں نے پیپلزپارٹی کا ستیاناس کر دیا، زرداری صاحب کراچی کا کچرا اٹھائیں، عمران خان پشاور کے آدم خور چوہے ماریں۔
ان کا کہنا ہے کہ گالیاں دے کر ووٹ نہیں ملتا،ووٹ خراب ہوتا ہے،دعویٰ کرتا ہوں کہ عمران خان کو جتنے ووٹ پہلے ملے تھے اب نہیں ملیں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان میں بڑے پن کی خصوصیت نہیں، ان کی حرکتیں 18سال کے لڑکے جیسی ہیں ان کی جوانی ختم ہی نہیں ہو رہی۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کا آدمی میئر نہیں بن سکتا وزیراعظم کیسے بنے گا،وزیراعظم بننا ہے تو گالی دینا چھوڑو۔
سعد رفیق نے دعویٰ کیا کہ شہبازشریف 2018ء میں مسلم لیگ نون کی طرف سے وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پارٹی امور، پارٹی کے اندر حل کیے جاتے ہیں اور چوہدری نثار کے سیاسی مستقبل کے بارے میں فیصلہ پارٹی کرے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کے لیے وزیراعظم نے مشاورت کا سلسلہ شروع کردیا ہے، جمہوریت کے مفاد میں بہترین ناموں پر اتفاق کرلیں گے، ایسے بہترین افراد کا انتخاب کرنا ہے جو شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں، ایسے افراد نہ ہوں جن سے انتخابی عمل خرابی، عدم شفافیت یا التواء کا شکار ہو۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کے سیاسی مستقبل کے بارے میں فیصلہ پارٹی کرے گی، پارٹی امور پارٹی کے اندر حل کیے جاتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ای سی ایل میں 600 افراد کے نام کابینہ کو بھجوا دیے ہیں، یہ افراد اگست 2016 کے بعد سے ای سی ایل میں ڈالے گئے، ای سی ایل میں شامل ان 600 افراد سے متعلق فیصلہ کابینہ کریگی۔

 

ایمزٹی وی(ڈیرہ غازی خان)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور عمران خان نیازی نے آپس میں گٹھ جوڑ کرلیا ہے۔
ڈیرہ غازی خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مخالفین کہتے ہیں کہ ہم سڑکیں ،پل اور میٹرو بناتے ہیں اسپتال اور اسکول نہیں، وہ آکر دیکھیں کہ ڈی جی خان میں اسپتال اور اسکول بنا ہے اور اب ٹیچنگ اسپتال بن رہا ہے۔ تم نے اپنے علاقے میں نا اسکول بنایا اور نا ہی اسپتال بلکہ قوم کا وقت اور پیسے ضائع کیے، عوام کو فیصلہ کرنا ہے کس نے خدمت کی اور کس نے وقت ضائع کیا، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) تمام سیاسی مخالفین کا صفایا کردے گی۔ عوام ووٹ کی طاقت سےمخالفین کوجواب دیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آصف زرداری اور عمران خان نیازی اکھٹے ہوگئے ہیں، ان دونوں نے گٹھ جوڑ کرلیا ہے، دونوں نے مل کر بے بنیاد الزامات لگاتے ہیں۔ عمران خان نیازی کہتے ہیں کہ آصف زرداری جو کرتے رہیں میں اس کا نام نہیں لوں گا، عمران خان اپنے صوبے میں دھیلے کا کام نہیں کیا اور جھوٹ کا کلچر پھیلاتے ہیں، انہوں نے خیبر پختونخوا میں بلین ٹری کا جھوٹ بولا۔عمران خان بھگوڑے ہیں بھاگ جائیں گے، سیاست ان کے بس کی بات نہیں ، وہ کان پکڑیں، توبہ کریں اور کسی درگاہ پرجاکر اللہ اللہ کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان نےالزام لگایا کہ میں نے میٹرو منصوبے میں کمیشن لیا، ملتان میٹرو پر چیف جسٹس نوٹس لیں اور تحقیقات کے لئے فل بنچ بنائیں، ملتان میٹرو میں ایک روپے کی کرپشن ہوئی تو سیاست چھوڑدوں گا۔ نیب نے میٹرو کا کیس لے لیا ہے، جس پر درجنوں پیشیاں بھگت رہے ہیں، نیب ملتان میٹرو میں کرپشن ثابت کردے تو قوم سے معافی مانگوں گا۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے 4 سال صرف ملک کے مسائل کے بارے میں سوچا جب کہ (ن) لیگ اور شہباز شریف نے دن رات ایک کرکے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی کوشش کی۔
مسلم لیگ(ن) کے مرکزی جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے تاحیات قائد نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج ہم شہباز شریف کو نیا صدر منتخب کرنے آئے ہیں، یہ صورتحال پیدا کردی گئی ہے جس کے تحت یہ فیصلہ کرنا پڑا، 2013 میں مجھے کروڑوں ووٹ دیکر پاکستان کا وزیراعظم بنایا گیا لیکن 4 سال بعد کروڑوں ووٹ لینے والے وزیراعظم کو اچانک گھر بھجوادیا گیا، 4 سال صرف ملک کے مسائل کے بارے میں سوچا جب کہ (ن) لیگ اور شہباز شریف نے دن رات ایک کرکے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کہیں موٹرویز، کہیں سڑکوں کے منصوبے تو کہیں بجلی کے منصوبے ہیں، اگر کہیں ترقی ہو رہی ہے تو اس کو صدق دل سے تسلیم کیا جانا چاہیے، تاریخ کے صفحیں دیکھیں سب پتہ چل جائے گا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان نے کہا کہ آپ منصوبوں کا افتتاح کرنے ساتھ چلا کریں لیکن میں نے کہا کہ جومیرے ساتھ ہوا اس کے بعد منصوبوں کا افتتاح کرنے کا دل نہیں چاہتا، پاکستان میں جس طرح پچھلے 70 سال گزرے ہیں، اگلے 70 سال ایسے نہیں ہونے چاہئیں، میں کوشش کروں گا کہ اگلے 70 سالوں میں ایسا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں (ن) لیگ کے منشور کے 4 الفاظ ہوں گے، ووٹ کوعزت دو، لاکھوں لوگ آج یہی نعرہ لگا رہے ہیں کہ ووٹ کو عزت دو، ووٹ کو عزت دینے کا مطلب عوام کے مینڈیٹ کو عزت دو۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں صرف پاکستان اور آنے والی نسلوں کے لیے جدوجہد کرنا چاہتا ہوں، عوام 2018 کے الیکشن کو ریفرنڈم بنا دیں، میں آج اپنے کسی کیے کی سزا نہیں بھگت رہا، آج کوئی بتائے مجھے میں نے کہاں کرپشن کی ہے، مجھ پر کس چیز کے مقدمات ہیں کوئی بتائے مجھے، میرا ایجنڈا پاکستان کی ترقی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کا کہنا تھا کہ کل یہاں پر ایک تماشہ لگا تھا، کل سینیٹ الیکشن میں بنی گالا، بلاول ہاؤس اور کے پی کے والے کوئٹہ میں جاکر جھک گئے اور ایک ہی بارگاہ میں سجدہ ریز ہوگئے، کون ہے وہ اور اس کی ملک کے لیے کیا خدمات ہیں، کسی کو کچھ نہیں پتہ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ عوام کو کیا بتائیں گے کہ اس جگہ جاکر کیوں جھکے، یہ لوگ جھوٹے، منافق اور چابی والے کھلونے ہیں، ان کے قول و فعل میں تضاد ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ یہ پاکستانی قومی کے لیڈر نہیں بلکہ شرمندگی ہیں، تم جیت کر بھی ہار گئے ہم ہار کر بھی جیت گئے، مجھے اپنی جان سے زیادہ قوم کی پرواہ ہے، پاکستان کی ترقی کی بات کرنے پر آج سب سے زیادہ میں کھٹکتا ہوں، کل جو کام ہوا ہے پاکستان کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔
 

 

Page 6 of 13