بدھ, 16 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی (نئی دہلی)بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر عملدرآمد رکوانے کے لئے بھارت نے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کر لیا ہے، درخواست میں بھارتی جاسوس تک کونسلر رسائی کا مطالبہ کیا گیا ہےجبکہ عالمی عدالت انصاف سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پاکستان کو عدالت کی کارروائی مکمل ہونے تک کلبھوشن کی موت پر عملدر آمد سے روک دے ۔
تفصیلات کے مطابق عالمی عدالت انصاف میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی فوجی عدالت نے ایک پریس ریلیزکےذریعے کلبھوشن کی سزائے موت کا اعلان کیا گیا جبکہ کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی بھی نہیں دی گئی، کلبھوشن تک قونصلر رسائی نہ دینا ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سوشل میڈیا ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینئر وکیل ہارش سلیو عالمی عدالت انصاف میں بھارت کی نمائندگی کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے صدارتی حکم کے تحت عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا ہےجبکہ انہوں نے آج کلبھوشن یادیو کی والدہ سے بھی ملاقات کی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان کرکٹ کے 2 اہم ستارے آخری بار انٹرنیشنل سطح پر جگمگائیں گے، ویسٹ انڈیز کیخلاف بدھ سے شروع ہونے والا ڈومینیکا ٹیسٹ یونس خان اور مصباح الحق کے کیریئر کا آخری میچ ہوگا، دونوں عمدہ کھیل کیلیے پُرعزم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یونس خان اور مصباح الحق نے دورئہ ویسٹ انڈیز سے قبل ہی اعلان کردیا تھا کہ وہ اپنے کیریئر کی آخری سیریز کھیلنے کیلیے جا رہے ہیں،یوں پاکستان کرکٹ کے 2 اہم ستون ڈومینیکا میں ٹیسٹ کے بعد کبھی انٹرنیشنل مقابلوں میں نظر نہیں آئینگے، دونوں نے ٹوئنٹی20اور ون ڈے کرکٹ کو پہلے ہی خیرباد کہہ دیا تھا،یونس نے پہلا ٹیسٹ 26 فروری کو سری لنکاکیخلاف راولپنڈی میں کھیلنے کے بعد اب تک 117میچز میں 52.32 کی اوسط سے 10046 رنز بنائے ہیں، انھوں نے 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والا پہلا پاکستانی بننے کا اعزاز حالیہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں حاصل کیا تھا، اپنے کیریئر میں یونس نے انضمام الحق کا سب سے زیادہ 25 سنچریوںکا ریکارڈ بھی توڑا، انھوں نے 34تھری فیگر اننگز کھیلی ہیں۔ یونس خان نے نومبر 2015 میں آسٹریلیا کیخلاف یواے ای میں سیریز کے دوران ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا،انھوں نے بطور کپتان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی2009 کا ٹائٹل جیت کر مختصر فارمیٹ کی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا تھا۔ مصباح نے نیوزی لینڈ کیخلاف 2001میں ڈیبیو کرنے کے بعد اب تک 74 ٹیسٹ میں 10سنچریوں کی مدد سے 46.91 کی اوسط سے 5161رنز بنائے ہیں۔ سلمان بٹ کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کے بعد 2010میں ٹیم کی کمان انھوں نے سنبھالی، وہ پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنھوں نے ٹیسٹ میچزکی ففٹی مکمل کی،انھوںنے 55مقابلوں میں قیادت کرتے ہوئے 25 جیتے، 19میں شکست جبکہ 11 ڈرا ہوئے، مصباح الحق نے فتوحات کے سفر میں عمران خان کو پیچھے چھوڑا، گزشتہ سال ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے اپنی تاریخ میں پہلی بارآئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر قبضہ جمایا،مصباح الحق نے ہی گرز وصول کیا تھا، رواں سال یونس خان اور مصباح الحق کو وزڈن کرکٹرز کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا۔

 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)جامعہ کراچی میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب کل ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم جامعہ کراچی کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر محمد ظہیر خان کے مطابق ایچ ای سی کی جانب سے جامعہ کراچی میں تیسرے مرحلے کے لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب جمعرات11مئی صبح 11بجے ڈاکٹر اے کیو خان انسٹیٹیوٹ آف بائیو ٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ کی سماعت گاہ میں ہوگی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے افغانستان میں قیام امن سیمینارسے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ داعش اور مہاجرین کی آباد کاری کی وجہ سے افغانستان میں قیام امن کا عمل سست ہو گیا ہے جب کہ افغانستان میں امن کے بغیر پاکستان میں امن ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن قائم کرنے کے لیے ہمیشہ مخلصانہ کوششیں کی لیکن ماضی قریب میں تمام دہشت گرد حملوں کے تانے بانے افغانستان سے ملے۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے، آپریشن ضرب عضب دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کیا گیا اور آپریشن ردالفساد بھی دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے شروع کیا گیا، افغان حکومت کو بھی داعش اور طالبان کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ بارڈرمینجمنٹ بہت ضروری ہے جب کہ ٹرانزٹ ٹریڈ میٹنگ بھی جلد ہی ہو گی، افغان مہاجرین کے لیے ویزے کا عمل شروع کیا گیا اور افغان طلبہ کو اسکالر شپ دینے کے ساتھ پڑوسی ملک کو 500 ملین ڈالر کی امداد بھی دی گئی۔
پاک افغان سرحد بندش کے حوالے سے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد جزوی طور پر کھولی گئی ہے اور پہلے مرحلے میں بیمار افغانیوں کو وطن واپس جانے کی اجازت دی گئی، اشرف غنی نے پاک افغان مذاکرات کے لیے کسی تیسرے فریق کی شرط نہیں رکھی جب کہ پاک افغان تعلقات کے حل کے لیے 4 فریقی نظام موجود ہے جہاں بات ہو سکتی ہے۔
بھارتی خاتون کے بارے میں بات کرتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا کہ عظمیٰ کی سفری دستاویزات کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور قانونی پیچیدگیاں دور ہوتے ہی اسے بھارت بھیج دیا جائے گا۔ ایران اور افغانستان کے حوالے سے سرتاج عزیز کا مزید کہنا تھا کہ دونوں پڑوسی ملک ہمارے دوست ہے، پاک ایران بارڈر کمیشن تشکیل دے دیا گیا ہے، دونوں ممالک سے 4،4 ممبران کمشین میں شامل ہوں گے اور ایک ماہ کے اندر اس کمیشن کا اجلاس ہوگا۔ پاک ایران سرحد پر صرف دہشتگردوں کا مسئلہ نہیں، اسمگلراور دیگر مسائل بھی موجود ہیں، جیش العدل کے زیادہ تر لوگ ایران کے اندر پھیلے ہوئے ہیں، دہشت گرد افغان ایران سرحد سے بھی داخل ہو سکتے ہیں جب کہ این ڈی ایس اور افغان سیاسی قیادت کا دورہ عید کے بعد متوقع ہے اور ان دوروں کے نتیجے میں امید ہے حالات بہتر ہوں گے۔
مشیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کے معاملے پرکل درخواست دی، بھارتی درخواست اور عالمی عدالت انصاف کے دائرہ اختیار کا جائزہ لے رہے ہیں جب کہ ایک دو روز میں دفتر خارجہ اس حوالے سے اپنا بیان جاری کرے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ میں بنی گالہ اراضی کیس کی سماعت ہوئی۔
 
اس موقع پر سی ڈی اے حکام کی جانب سے عمران خان کا گھر غیر قانونی قرار دینے پر کپتان سے جواب طلب کرنے کی وضاحت کی۔
 
جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ اگر بنی گالہ میں ایک غیر قانونی گھر گرانا ہے تو تمام غیر قانونی تعمیرات گرانا ہوں گی، یہ عدالت کا کام نہیں کہ ہزاروں گھروں کو گرانے کا حکم دے، ادارے اس حوالے سے خود فیصلہ کریں۔ عدالت نے اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 ہفتے کے لئے ملتوی کردی۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین ظفر حجازی نے کہا ہے کہ ملک کے ایک اور بڑے بینک کے 24 افراد کے ان سائیڈر ٹریڈنگ میں ملوث ہونے کا سراغ لگالیا گیا ہے جس کے بارے میں جلد تفصیلات منظر عام پر لائی جائیں گی۔ فیس بک اور مختلف ذرائع استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو لوٹنے والے32 سے زائد لوگوں کی فہرست ایف آئی اے کو بھجوائی گئی ہے جس پر ایف آئی اے نے ایس ای سی پی کے ساتھ مل کر لاہور میں باقاعدہ کارروائی کا آغاز بھی کر دیا ہے جبکہ کمیشن نے مالیاتی سائبر کرائم کا سراغ لگاتے ہوئے فیس بک پر اسٹاک مارکیٹ کا گرو بن کر عوام کو سرمایہ کاری کے مشورے دینے والے محمد علی خان نامی دھوکہ بازشخص کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرکے باقاعدہ قانونی کارروائی شروع کردی ہے،کمیشن میں سائبر کرائم کی روک تھام کیلیے خصوصی یونٹ قائم کردیا گیا ہے جبکہ سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں خصوصی ٹاسک فورس کے قیام کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس میں انھوں نے کمیشن کی جانب سے پکڑے جانے والے دھوکے بازکے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ شخص نے اپنی والدہ کے نام سے اکاؤنٹ کھول رکھا تھا جس کے ذریعے شیئرز خریدے جاتے تھے مگر شیئرزخریدنے کے لیے اکاؤنٹ کھولنے کے لیے مجاز محمد علی خان خود ہی تھا اور اس کا مقصد فیس بک پر اپنے فالورز سے یہ چھپانا تھا کہ اصل ٹریڈنگ کون کررہا ہے۔ یہ شخص امریکا میں بھی فراڈ میں ملوث رہا جہاں اس پرکروڑوں ڈالر جرمانہ بھی عائد ہوا، پھر اس نے پاکستان آکر یہ کام شروع کر دیا،کمیشن نے مسلسل نگرانی اور تفصیلی تحقیقات کے نتیجے میں اسے رنگے ہاتھوں پکڑا اور اس کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)پاکستان اور ایران نے تجارتی لین دین کا طریقہ کار طے کرلیا، اس مقصد کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے مذکورہ نظام کا حصہ بننے کے لیے فارن ایکس چینج کے مجاز ڈیلرز (بینکوں) سے 31مئی تک تحریری درخواستیں طلب کر لی ہیں اور ساتھ ہی درآمدی وبرآمدی پروسیسنگ کی تفصیل بھی جاری کردی ہے۔ ایس بی پی کی جانب سے گزشتہ روز فارن ایکس چینج کے مجاز ڈیلرز کے صدور اور چیف ایگزیکٹوز کو سرکلر جاری کردیا گیا ہے۔ سرکلر کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت میں سہولت کی فراہمی کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) اور بینک مرکزی جمہوریہ اسلامی ایران (بی ایم جے آئی آئی) نے پیمنٹ سیٹلمنٹ میکنزم تیار کیا ہے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی لین دین کا تصفیہ کیا جا سکے۔ مذکورہ طریقہ کار ایس بی پی کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ ہدایات کے مطابق تجارتی لین دین کے تصفیے کے لیے منظور شدہ دیگر طریقوں میں رکاوٹ نہیں ڈالے گا بلکہ ایک اضافہ طریقہ ہوگا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان اشیا اور خدمات کی تجارت کی ادائیگیوں کے لیے یہ طریقہ کار دستیاب ہوگا، اس طریقہ کار کے تحت لین دین کا تصفیہ یورو یا جاپانی ین میں کیا جائے گا اور یہ آئی سی سی سے شائع شدہ یونی فارم کسٹمز اینڈ پریکٹس فار ڈاکیومینٹری کریڈٹس یو سی پی 600 کے مطابق دستاویزی لیٹر آف کریڈٹ (ایل سیز) پر مبنی ہوگا، اس میکنزم میں لین دین کی پروسیسنگ کے طریقے کے تحت پاکستان کی درآمدی ادائیگیوں کے لیے پاکستان میں درآمدکنندہ کا بینک زرمبادلہ (ایل سی کی رقم) ایس بی پی کے نوسٹرو اکاؤنٹ میںمنتقل کرے گا تاکہ ایرانی ایکسپورٹر کو ادائیگی کی جا سکے اور اس سے ایس بی پی کو بطور ضمیمہ اے منسلک فارمیٹ کے مطابق آگاہ کرے گا۔ نوسٹرو اکاؤنٹ میں فنڈز ملنے کی تصدیق پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ایرانی مرکزی بینک (بی ایم جے آئی آئی) کو ایرانی برآمدکنندگاہ کو ادائیگی کے لیے ایکسپورٹر کے بینک کو پیمنٹ کی ہدایت کرے گا، اسی طرح پاکستان سے ایکسپورٹ کے عوض فنڈز کی وصولی کے لیے ایران میں درآمدکنندہ کے بینک سے ادائیگی کی ہدایات پر بی ایم جے آئی آئی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو پاکستان میں ادائیگیوں کی ہدایت کرے گا۔ ایس بی پی ہدایات ملنے پر پاکستان میں ایکسپورٹر کے بینک کے نوسٹرواکاؤنٹ میں فنڈز کریڈٹ کر دے گا۔ پاکستانی بینکاری ریگولیٹر کے مطابق شراکت دار بینکوں کو یقینی بنانا ہوگا کہ مذکورہ نظام کے تحت لین دین ممنوع ہو نہ بین الاقوامی قوانین کے تحت اس میں ممنوع قراردی گئیں انٹیٹیز و افراد شامل ہوں، مذکورہ نظام کے تحت تمام لین دین زرمبادلہ کے تمام رائج قوانین واصولوںپر عملدرآمد سے مشروط ہوگا، مذکورہ میکنزم کے تحت کام کرنے میں دلچسپی رکھنے والے مجاز ڈیلرز اپنی تحریری درخواستیں ڈائریکٹر ڈومیسٹک مارکیٹس اینڈ مانیٹری مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ ایس بی پی کراچی کو 31مئی تک بھیج سکتے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(صحت)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نظامی ، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد اور دیگر عہدیداران نے اپنے ایک بیان میں بھارتی حکومت کے غیر انسانی رویے کی سخت مذمت کی ہے جس میں پاکستانی شہریوں کیلئے میڈیکل ویزا دینے پر غیر اعلانیہ پابندی لگا دی گئی ہے ۔ بیان کے مطابق عہدیداروں نے اس صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ جس سے ہزاروں پاکستانی متاثر ہونگے جو اپنی صحت کے مختلف مسائل کے حل کیلئے انڈیا جانا چاہتے ہیں ۔ تقریباً 500مریض دل اور جگر کی بیماریوں کے علاج کیلئے دہلی ، چنائے اور دوسرے شہروں کے بڑے اسپتالوں کا رُخ کرتے ہیں۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، ہومن رائٹس کمیشن آف پاکستان اور حکو مت پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اس مسئلے کو انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ عالمی سطح پر اُٹھائے

 

 

 

ایمزٹی وی(صحت)شہر میں ہزاروں افراد کے چکن گنیا سے متاثر ہونے کے باوجود تاحال صوبائی محکمہ صحت نے اس مرض سےبچاؤ ، علاج اور احتیاط سےمتعلق آگہی مہم شروع نہیں کی۔ محکمہ کے تحت اسپرے مہم اور مچھروں کے خاتمے کیلئے بھی اقدامات شروع نہیں کئےجاسکے جس نے عوام کی پریشانی میں اضافہ کر دیا ہے ۔ چکن گنیا سے متاثر ہ افراد شدید درد کے ساتھ اسپتالوں میں کراہتے نظر آتے ہیں مریضوں کی جانب سے ڈاکٹروں سے صرف ایک ہی مطالبہ کیا جارہا ہے کہ کسی طرح اس درد کو ختم کیا جائے اور انہیں اس سے نجات کا طریقہ بتایا جائے ۔ دوسری جانب ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اس بخار کی علامات ہونے پر اینٹی بائیوٹک اور درد کی ادویات نہ لی جائیں ۔ اس ضمن میں عالمی ادارہ صحت نےبھی ہیلتھ ایڈوائزری جاری کی تھی جس کے مطابق چکن گنیا ایک وائرل ڈیزیز ہے یہ مرض ایڈیز ایجپٹی اور ایڈیز ایلبوپکٹس مچھر کے کاٹنے کے لاحق ہوتا ہے ۔ مچھر کے کاٹنے کے 3سے 7دنوں میں اس کے آثار سامنے آتے ہیں ۔ اس کی علامات اور ڈینگی کے علامات تقریباً ایک جیسی ہوتی ہیں اور عموماً ڈاکٹر اس کی غلط تشخیص کر دیتے ہیں ۔

 

 

ایمزٹی وی(صحت) پاکستان میں 6فیصد آبادی تھیلیسیمیا مائنر کے مرض میں مبتلا ہے، نسل در نسل پھیلنے والے مہلک مرض پر قابو پانے کے لئے ضروری ہے کہ تھیلیسیمیا کی روک تھام کے لئے سندھ اسمبلی سے پاس ہونیوالے بل پر ہنگامی بنیادوں پر عملدرآمد کرایا جائے۔ سکھر بلڈ اینڈ ڈرگز ڈونیٹنگ سوسائٹی کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق سکھر بلڈ اینڈ ڈرگز ڈونیٹنگ سوسائٹی صدر ڈاکٹر محمد نعیم نے کہا کہ سکھر، روہڑی، پنوعاقل، صالح پٹ، کندھرا، سنگرار، علی واہن سمیت آس پاس کے علاقوں میں تھیلیسیمیا کی بیماری تیزی سے بڑھ رہی ہے، صوبائی زکوٰۃ کونسل حکومت سندھ کی جانب سے مہلک مرض میں مبتلا بچوں کے علاج و معالجے کے لئے 5 ملین سالانہ فراہم کیے جاتے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 8ملین کے اخراجات ہوتے ہیں۔