اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)باکسرعامر خان کی اہلیہ فریال مخدوم کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد ’پریوں‘ جیسی زندگی کا سوچا تھا لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔
عامرخان کے اہل خانہ اوراہلیہ فریال مخدوم کے درمیان چند ماہ قبل ایک نہ ختم ہونے والا تنازع شروع ہوا جو تاحال ختم ہی نہیں ہوا اور اب ایک مرتبہ پھر فریال مخدوم نے اپنے سسرال والوں کو نشانے پر رکھ لیا اور شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
فریال مخدوم کا انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ لباس کے معاملے میں شروع سے ہی بہت زیادہ آزاد خیال ہوں لیکن مسلمان ہوں اور اپنے لباس کی مناسبت کو خوب سمجھتی ہوں، سسرال والوں کی طرف سے عریانیت کا الزام بے بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد ’پریوں‘ جیسی زندگی کا سوچا تھا لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا، مجھے عامر پراورعامر کو مجھ پر پورا اعتماد ہے۔
فریال مخدوم نے پلاسٹک سرجری کی خبروں کی بھی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پلاسٹک سرجری نہیں بلکہ اپنے چہرے پر’فلر‘ کرائی ہیں کیونکہ نیند اور پانی کی کمی کے باعث بہت ہلکے پڑ گئے تھے جس کے باعث میں نے ڈاکٹر سے رابطہ کیا تھا۔
 
فریال مخدوم نے کہا کہ میں نے اپنے گالوں پر بھی ’فلر‘ کروایا کیونکہ مجھے بھرے ہوئے گال پسند ہیں اوراس پر ہی میرے سسرال والوں نے مجھے مائیکل جیکسن سے تشبیہہ دے دی۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی پاک چین اقتصادی راہداری کا محافظ ہے،ان کا کہنا تھا کہ معاشی خوشحالی دہشت گردی کے خلاف بہترین ہتھیار ہے۔
میڈیاذرائع کے مطابق بیجنگ میں پاکستانی سفیر مسعود خالد کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ سی پیک کی سیکورٹی کے لیے پاک فوج نے15 ہزار جوانوں پر مشتمل خصوصی ڈویژن بنایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ نے بھی خصوصی ٹاسک فورس گوادر میں تعینات کی ہے، صوبے بھی اس سلسلے میں اپنے اپنے انتظامات کررہے ہیں۔پاکستانی سفیر مسعود خالد نے کہا کہ 19 ہزار چینی باشندے پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کررہے ہیں ،جن کی حفاظت کا حکومت نے بندوبست کیا ہوا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(خیرپور)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عدالت نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی گرفتاری کے احکامات جاری کررکھے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں۔
خیرپور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کا معاملہ الگ الگ ہے شرجیل میمن نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت لے رکھی تھی انہیں گرفتار کرنے والوں کو شاید ان کی ضمانت کا علم نہیں تھا۔ شرجیل میمن خود پر لگے الزامات کا سامنا کرنے کے لئے وطن واپس آگئے ہیں عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی وہ اس کی پاسداری کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ فاروق ستار کو گرفتار نہیں کیا گیا تھا لیکن پھر بھی وہ اپنی گرفتاری کے الزامات لگا رہے ہیں جب کہ ان پر شدید نوعیت کے الزامات ہیں اورعدالت نے ان کی گرفتاری کے احکامات بھی جاری کررکھے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی رہنما اگر جرائم میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی وزیرمنظور وسان کے خواب واقعی سچے ہوتے ہیں پیپلزپارٹی میں دیگر جماعتوں کے رہنما شمولیت اختیار کررہے ہیں لیکن ان کی شمولیت سے متعلق قیادت ہی فیصلہ کرے گی جو ہمیں بھی قبول ہوگا۔ مردم شماری کے حوالے سے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملک میں 19 سال بعد مردم شماری کو خوش آمدید کہتے ہیں لیکن غیر شفاف آدم شماری کو کوئی بھی سیاسی جماعت قبول نہیں کرے گی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)شاہد آفریدی اور محمد حفیظ کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے بھی میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
 
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق بھی میچ فکسرز کے خلاف میدان میں آ گئے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو میچ فکسنگ کے معاملات پر قابو پانے کےلئے سخت قانون بنانا ہو گا اور پی سی بی کو میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگانی چاہیئے۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کا دورہ آسان نہیں ہو گا، وہاں کی کنڈیشنز بھی مشکلات کا باعث بن سکتی ہیں اور ویسٹ انڈین ٹیم اپنی کنڈیشن کا بھرپور فائدہ بھی اٹھاتی ہے، سیریز کے لئے خود کو فٹ رکھنے کے لئے ڈومیسٹک گریڈ 2 کرکٹ کھیل رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کھلاڑیوں کی سلیکشن سلیکٹرز کا کام ہے اور اس معاملے پر کوئی بات نہیں کروں گا تاہم جو بھی ٹیم حتمی ہو گی اسے ہرشعبے میں اچھی کارکردگی دکھانا ہو گی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاک بھارت آبی تنازعات پربات چیت کے لیے بھارتی انڈس واٹر کمشنر کی سربراہی میں 10 رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔
پاک بھارت انڈس واٹرکمشنرز کے مابین مذاکرات کل اسلام آباد میں شروع ہوں گے جو 21 مارچ تک جاری رہیں گے، مذاکرات میں دریائے چناب پر بننے والے 3 منصوبے زیر بحث آئیں گے، دریائے چناب پر بننے والے متنازع منصوبوں میں مایار ڈیم، لوئر کلنائی ڈیم اور پاکل دل ڈیم شامل ہیں۔ 1960 میں طے پانیوالے سندھ طاس معاہدے کے بعد دونوں ملکوں کے مابین پانی کے تنازعہ پر یہ 113 ویں مذاکرات ہوں گے جب کہ مذاکرات میں فریقین متنازع امور کے حل کے لیے ثالثی کے قیام پر بات چیت کرسکتے ہیں۔
ذرائع انڈس واٹرکمیشن کے مطابق بھارت کی طرف سے زیر تعمیر کشن گنگا اور رٹلے ڈیمز پربات چیت ایجنڈے میں شامل نہیں۔ واضح رہے کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے مابین مذاکرات 2 سال بعد ہو رہے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)لاہور میں منہاج القرآن کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میرے منہ میں خاک لیکن اگر انصاف نہ ملا تو ملک زندہ نہیں رہے گا، (ن) اور قانون میں سے کسی ایک کا جنازہ نہ نکلا تو پھر خون نکلے گا، لوگ موجودہ نظام سے تنگ آ گئے ہیں، یہاں جمہوریت کے نام پر ڈکٹیٹر شپ قائم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جتنے بڑے کرپٹ لوگ پاکستاں میں آکر منہ صاف کر لیتے ہیں کہیں اور ایسا نہیں ہوتا، یہاں چوروں، ڈاکوں اور منافقوں نے اتحاد قائم کر لیا ہے اور اس گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لیے سب کو اٹھنا ہو گا،2017 پاکستان کی سیاست کا اہم ترین سال ہے لہذا عوام ہوش اور سچائی سے کام لیں۔۔
شیخ رشید نے کہا کہ شرجیل میمن کی ائیرپورٹ پر گرفتاری کا ڈرامہ کیا گیا،شرجیل میمن کی گرفتاری اور رہائی ملٹری کورٹس کے پیچھے ڈیل کا نتیجہ ہے جب کہ شرجیل میمن کے بعد ڈاکڑ عاصم اور عزیر بلوچ کا بھی پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ نام اسلام کا لیتے ہیں لیکن چھاؤنی اسلام آباد میں ڈالنا چاہتے ہیں جب کہ ہمارے ملک میں دودھ، دوائی اور حکومت بھی خالص نہیں ہے، امریکی صدر اوبابا کی بیٹی باپ کے صدارت سے فارغ ہونے کے بعد نجی ہوٹل میں کام کرتی ہے لیکن ہماری بیٹی لندن میں 800 کروڑ کے فلیٹ رکھتی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے سلیکٹرز نے پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے کیرن پولارڈ، سنیل نارائن، لینڈل سیمنز اور سیمیول بدری کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔
 
یہ چاروں کھلاڑی پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کے ابتدائی 2 میچوں کیلئے منتخب اسکواڈ میں شامل کئے گئے ہیں۔ ٹی 20 سیریز 26 مارچ کو بارباڈوس میں شروع ہو گی جس کے بعد باقی میچ ٹرینیڈاڈ میں 30 مارچ، یکم اپریل اور 2 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کورٹنی براﺅن نے چاروں کھلاڑیوں کو آگاہ کر دیا ہے تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ چاروں کھلاڑی باقی دو میچوں میں بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے یا صرف ابتدائی 2 میچ ہی کھیلیں گے کیونکہ یہ سیریز ختم ہونے کے صرف 3 دن بعد ہی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) شروع ہونے جا رہی ہے اور یہ چاروں کھلاڑی اس لیگ کے مختلف فرنچائز کے کھلاڑی ہیں۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ کی فاتح ٹیم پشاور زلمی گورنر ہاﺅس خیبر پختونخوا پہنچ گئی ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا سے پشاور زلمی کے کھلاڑیوں اور فرنچائز مالک جاوید آفریدی نے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر ہاﺅس پہنچنے پر ٹیم کا بھرپور استقبال کیا گیا اور کھلاڑیوں کو گلدستے بھی پیش کیے گئے ۔
اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی نے پاکستان کا نام روشن کیا ، فائنل اس بات کا ثبوت تھا کہ ہم دہشتگردی سے ڈرنے والے نہیں ۔”قوم نے فائنل کے موقع پر دہشتگردوں کو واضح پیغام دیا “۔
انہوں نے اچھا کھیل پیش کرنے پر پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کرکٹ سے بے پناہ محبت کرتی ہے اور فائنل کے موقع پر قذافی سٹیڈیم میں جگہ کم پڑ گئی تھی۔
 

 

 

ایمزٹی وی(پشاور) سرحد پار سے دہشت گردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تاہم جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔
میڈیا کے مطابق خیبرایجنسی میں سرحد پار سے دہشت گردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تاہم چوکس جوانوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنادیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی جانب سے حملے کا فوری اور موثر جواب دیا گیا جس کے نتیجے میں 3 حملہ آور مارے گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزافغانستان سے دہشت گردوں نے خیبر ایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے لوئی شلمان میں چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

 

 

ایمزٹی وی(باجوڑ ایجنسی)تحصیل اتمان خیل کے گاﺅں نوڈھیری میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے 1شخص زخمی ہو گیا ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق باجوڑ ایجنسی کی تحصیل اتمان خیل کے نواحی گاﺅں نوڈھیری میں نامعلوم ملزمان نے سڑک کنارے نصب بم سے تخریب کاری کی کوشش کی جہاں زور دار دھماکے سے 1راہگیر زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا ہے جو شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں تاہم دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ بھی کی گئی جس سے مزید خوف و ہراس پھیلا تاہم دھماکے میں زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ۔