اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ نے قتل کے مقدمے میں اٹھارہ سال سے پابند سلاسل رہنے والے ملزم عتیق کی رہائی کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ملزم نابالغ ہو تو سزائے موت نہیں دی جاسکتی ، کیس کی سماعت جسٹس آصف سعیدکھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ،کیس کی سماعت شروع ہوئی تو ملزم کی وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم پر 1999میں اپنے رشتہ دار کو قتل کرنے کا الزام تھا ملزم کی عمر اسوقت پندرہ سال تھی ، ملزم کو بیس سال کی عمر میں پھانسی کی سزا سنائی گئی ہے ۔
 
 
دوران سماعت جسٹس دوست محمد خان نے ملزم کے وکیل سے استفسار کیا کہ ملزم انتخابی امیدوار تو نہیں تھا ، جبکہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ نااہلی کے لیے بھی ایسے کیس بنائے جاتے ہیں ، فریقین کو سننے کے بعد عدالت عظمیٰ نے ملزم کی رہائی کا حکم دیدیا اور قرار دیا ہے کہ ملزم نابالغ ہو تو سزائے موت نہیں دی جا سکتی ، واضح رہے کہ ملزم عتیق پر 1999میں سندھ کے علاقے گھوٹکی میں اپنے رشتہ دار کو قتل کرنے کا الزام تھا جس پر ہائیکورٹ کی جانب سے ملزم کو سزائے موت سنائی گئی تھی ۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ گوادر)گوادر سے تعلق رکھنے والی سات خواتین اساتذہ چار ماہ کی تربیتی پروگرام کیلئے چین کے صوبہ سنکیانگ پہنچ گئیں۔خواتین ٹیچرز کو تبادلے کے ایک پروگرام کے تحت چین بھیجا گیا ہے جہاں انہیں چینی زبان کی سکھائی جائیں گی جبکہ ان کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں بھی بہتری لائی جائیں گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ان خواتین اساتذہ کو انٹرنیشنل ڈویژن آف کرامے سینئر ہائی اسکول میں تربیت فراہم کی جارہی ہے اوراس مقصد کیلئے چار کل وقتی چینی اساتذہ کا تقررکیا گیاہے۔
ان خواتین اساتذہ کو قانون و ضابطوں ،بنیادی چینی زبان،چینی ثقافت اورکرامے کے بارے میں آگاہ کیا جارہاہے۔دوران تربیت یہ خواتین روایتی کاغذ کی کٹائی،ٹی آرٹ،چینی کیلی گرافی،تائیچی اوردیگر فنوں بھی سیکھیں گی۔
اسکول کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ عنقریب ان خواتین کیلئے ایک سیاحتی دورے کا اہتمام کیا جائیگا جہاں انہیں اس علاقے کے بارے میں تفصیلی طورپر معلومات فراہم کی جائیں گی۔اس اسکول میں کینیڈا،امریکا اورروس کے اساتذہ بھی تربیت حاصل کررہی ہیں۔پاکستانی خواتین اساتذہ کو 2015میں گوادراورچین کے شہر کارامے کے درمیان مفاہمت کی ایک دستاویز کے تحت بھیجا گیاہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) پی ایس ایل کھلاڑیوں کیلئے سونے کی چڑیا ثابت ہوئی ہے، کئی معروف اور غیر معروف پلیئرز پی ایس ایل کی بدولت لاکھوں روپے کی انعامی رقوم جیت چکے ہیں۔ ایسے میں غیر ملکی کھلاڑی بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔
اپنی منفرد مزاج اور جارہانہ بیٹنگ کی وجہ سے مشہور ڈیرن سیمی بھی انعامی رقوم حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں پیش پیش ہیں۔ ان کیلئے فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کی جانب سے 20 ہزار ڈالر کی خطیر رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔
جاوید آفریدی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا ان کا کہنا تھا کہ ڈیرن سیمی کی پشاور زلمی کے پلیٹ فارم سے زبردست کارکردگی اور ان کی بطور کپتان ٹیم ورک کو فروغ دینے کے جذبے کی وجہ سے ان کیلئے 20 ہزار ڈالر کا اضافی انعام دیا جائے گا ۔
اس کے علاوہ انعام پانے والوں میں بنگلا دیشی اسٹار تمیم اقبال بھی شامل ہیں، ان کو 5000 ڈالر کی انعامی رقم دی گئی ہے۔ تمیم اقبال پشاور زلمی کو پی ایس ایل کے دوران بطور اوپنر میسر رہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شاندار کارکردگی دکھانے پر افغانستان کے ڈپٹی وزیر خارجہ حکمت کرزئی نے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کو افغان صدر کی جانب سے مبارکباد دیتے ہوئے انہیں ٹیم کے ساتھ افغانستان کے دورہ کی دعوت دیدی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان اور افغانستان کی حکومتوں کے درمیان شدید تناﺅ چل رہا ہے تاہم اس دوران ایک تازہ ہوا کا جھونکا آیا ہے کیونکہ افغانستان میں دونوں نمایاں چینلز نے پی ایس ایل کے میچ دکھانے کیلئے ناصرف حقوق حاصل کر لئے تھے بلکہ پشاور زلمی کو بڑا سپانسر بھی افغانستان سے ہی ملا۔ ذرائع کے مطابق افغانستان میں اعلیٰ سطح اور عوامی سطح پر پاکستان سپر لیگ کے تمام میچ دیکھے گئے اور لیگ کو خوب سراہا گیا ہے۔
 
فائنل میچ میں پشاور زلمی کی جیت پر افغانستان کے ڈپٹی وزیر خارجہ حکمت کرزئی نے جاوید آفریدی کو فون کر کے افغان صدر اشرف غنی کی مبارکباد پہنچائی اور اس کے ساتھ ہی انہیں پوری ٹیم کے ساتھ افغانستان کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ وہ افغان صدر ان کی دعوت کرنا چاہتے ہیں ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ۔ ذرائع کے مطابق جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخیوں کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو کل عدالت طلب کر لیا ۔
دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ بیوروکریسی پر نہیں چھوڑا جاسکتا، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر بتائیں کہ اس اہم معاملے پر کیا اقدامات اٹھائے گئے۔ عدالت نے سیکریٹری داخلہ واطلاعات اورڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو بھی عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نےضلع صوابی میں دہشت گردوں سے لڑائی کے دوران کیپٹن جنید اور سپاہی امجد کی شہادت پراظہار تعزیت کرتےہوئے کہاکہ ہم دہشت گردوں کواپنے مذموم عزائم کو فروغ دینے کی اجازت دے سکتے ہیں اور نہ دیںگے اور اس عزم کو دہرایا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے تک آپریشن رد الفساد جاری رہے گا.
 
وزیراعظم نے ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف مسلح افواج کے اہلکاروں کی جانب سے بہادری کے ساتھ لڑنے کو سراہا۔ انہوں نے ان بہادر فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے دہشت گردوں کے ساتھ دلیری کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ جنہوں نے شہادت کو گلے لگایا وہ ہماری قوم کے اصل ہیرو اور محافظ ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ مسلح افواج ہماری زندگی ،آزادی،آئین اور ہمارے جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے دہشت گردی کی لعنت سے لڑ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کو اجازت دے سکتے ہیں اور نہ دیںگے کہ وہ اپنے مذموم عزائم کو فروغ دیں۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم)ملک کی پہلی قانون کی جامعہ شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورٹی آف لاء کراچی کے پہلے وائس چانسلر قاضی خالد ایڈوکیٹ کو توسیع دینے کے بجائے نیا وائس چانسلر مقرر کرنے کے لئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔
درخواستیں طلب کرنے کا اشتہار تاخیر سے دینے کے باعث قاضی خالد اگلی مدت کے لئے وائس چانسلر کی دوڑ سے باہر ہو جائیں گے کیونکہ گزشتہ ماہ کے آخری عشرہ میں انہوں نے 65 ویں سالگرہ منائی ہے اور اشتہار کے مطابق درخواست دیتے وقت امیدوار کی عمر 65 سال سے زائد نہیں ہونی چاہئے، اس طرح قاضی خالد اگلی مدت کے لئے درخواست بھی نہیں دے سکیں گے۔
حال ہی میں انہوں نے 9 جامعات کے ساتھ کنسوریشم بھی قائم کیا تھا اورگزشتہ ہفتے انھیں 9 جامعات کے کنسورشیم کا دو سال کے لئے چیرمین بھی مقرر کردیا گیا تھا جس کا نوٹفیکشن بھی جاری کردیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ جامعہ این ای ڈی، دائود انجینئرنگ یونیورسٹی اور لاء یونیورسٹی تینوں جامعات کے وائس چانسلر کی چار سالہ مدت رواں سال بالترتیب 17 مارچ، 18 مارچ اور 19 مارچ کو ختم ہو رہی تھی لیکن جنوری میں صرف این ای ڈی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لئے اشتہار دیا گیا جبکہ تینوں جامعات کا ایک ساتھ اشتہار دیا جانا چاہئے تھا مگر 6 مارچ کو لاء یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے لئے اشتہار دیا گیا جب کہ دائود یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے لئے تاحال اشتہار نہیں دیا گیا ہے۔
اگر جنوری میں لاء یونیورسٹی کا اشتہار این ای ڈی کے ساتھ دے دیا جاتا تو قاضی خالد بھی اگلی مدت کے لئے درخواست دینے کے اہل ہو جاتے۔ ’’جنگ‘‘ نے قائم مقام سیکریٹری بورڈز نوید شیخ کو فون اور ایس ایم ایس کیا مگر ان کا جواب نہیں آیا۔ ایڈیشنل سیکریٹری بورڈ و جامعات حفیظ عمرانی کا موبائل فون خاتون نے اٹھایا اور کہا کہ باہر گئے ہوئے ہیں موبائل ساتھ نہیں لے گئے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) اسلام آباد میں ”محفوظ پاکستان“ کے موضوع پرنمائش کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ مضبوط و پرامن پاکستان ہم سب کیلئے ناگزیر ہے ، محفوظ پاکستان کے لئے طلباءمیں شعور اور جدید ٹیکنالوجی ناگزیر ہے ، ہمیں متحد ہوکر پاکستان کو محفوظ بنانا ہو گا ،ملکی سلامتی وزیراعظم نوازشریف کا وژن ہے جس کے تحت سکیورٹی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ،غیر ملکی کھلاڑیوں بارے گھٹیا الفاظ عمران خان کی سوچ کے عکاس ہیں، پی ایس ایل کا فائنل دہشت گردوں کو پرامن پاکستان کی جانب سے جواب تھا، عمران خان کے ایک جملے سے کسی ایک طبقے کی دل آزاری افسوسناک ہے
وزیر مملکت نے کہا کہ 2013ءسے پہلے ملک میں دہشت گردی کیخلاف باضابطہ نظام موجود نہیں تھا ، تاہم وزیراعظم نوازشریف کے ویژن کے مطابق موجودہ حکومت نے باقاعدہ سکیورٹی پالیسی دی اور یہی وجہ ہے کہ ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات سالانہ 2200سے کم ہو کر 160پر آگئے ہیں جبکہ گزشتہ ساڑھے تین برس میں این ڈی ایم اے کا کردار بھی قابل تعریف رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سکیورٹی انتظامات کو مزید مﺅثر بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے اور موجودہ حکومت خطے کا محفوظ اور مضبوط ملک بنانے کے لئے کوشاں ہے ، سیف سٹی پراجیکٹ سکیورٹی کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال کی واضح مثال ہے ۔وزیرمملکت نے کہا کہ قومی سلامتی سے متعلق طلباءاور معاشرے میں شعور اجاگر کرنے سمیت ان کو تربیت کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور اس حوالے سے صوبوں کے ساتھ ملکر کام کر نے کا سلسلہ بھی شروع کررکھا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ، تاہم قوم کی تربیت اور ان میں شعور اجاگر کر نے میں میڈیا کو بھی اپنا کردار مﺅثر انداز میں ادا کرنا چاہیے جبکہ محفوظ پاکستان کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد بھی وقتاً فوقتا ہونا چاہیے ۔
انہوں نے کہاکہ محفوظ اور پرامن پاکستان ہم سب کی ضرورت اور خواہش ہے جس کے لئے نہ صرف حکومت بلکہ تمام طبقات بالخصوص کارپوریٹ سیکٹر کو بھی اپنا کردار ادار مﺅثر انداز میں ادا کرنا ہو گا ۔
دریں اثناءوزیر مملکت مریم اورنگزیب نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جو گھٹیا الفاظ غیر ملکی کھلاڑیوں کے استعمال کئے ہیں ان سے پوری قوم کو اندازہ ہو گیا ہوگا کیونکہ آزادی اظہار رائے ہر انسان کا بنیادی حق ہے لیکن عمران خان کے بیان سے غیر ملکی کھلاڑیوں کی دل آزاری ہوئی ہے ان کے ایک جملے سے کسی طبقے کی دل آزاری افسوس ناک ہے ۔
انہوں نے کہاکہ جو لیڈر ایسی زبان استعمال کرتا ہے تو 2018ءکے الیکشن میں لوگوں کو فیصلہ کرلینا چاہیے کہ وہ ایسے لوگوں کو ووٹ دیے کر قومی و صوبائی اسمبلیوں میں لے کر آئیں گے جو کہ ملکی مفاد کو بالائے طاق رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے ، اصل میں فائنل دہشت گردوں کو پرامن پاکستان کا جواب تھا ۔

 

 

ایمزٹی وی(کامرہ )پاکستان میں ایوی ایشن انڈسٹری وجہاز سازی کے تاریخ ساز دن پرپی اے سی نے 1000 جہازوں کی ”مکمل اوور ہالنگ کرلی“۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس میں ایک ہزارویں جہاز کی رولنگ آﺅٹ تقریب منعقد کی گئی جس میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر مہمان خصوصی تھے جبکہ چینی ایروٹیکنالوجی کمپنی کے نائب صدر بھی تقریب میں موجود تھے۔
پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے ایک ہزار جہازوں کی اوور ہالنگ مکمل کی۔اس موقع پر ایئر چیف مارشل سہیل امان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مکمل تعاون اور حمایت پر حکومت کے شکر گزار ہیں، یکجہتی اوراتحادکی وجہ سے ہم آج تاریخ ساز دن دیکھ رہے ہیں۔ سہیل امان نے کہا کہ پی اے سی ملک میں ایک بہترین ادارے کے طور پر سامنے آیا ہے، پی اے سی نے دفاعی پیداوارکے شعبے میں کئی سنگ میل عبورکیے ہیں،پی اے سی پاک فضائیہ کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی اے سی ایک نئے اور جدید ادارے کے طور پر سامنے آیا ہے،مستقبل ففتھ جنریشن طیاروں کی پیداوارکا ہے، ناصرف اوورہالنگ بلکہ طیاروں کےساتھ بم کی انٹیگریشن بھی ایک اہم کامیابی ہے۔ایئرچیف مارشل کا مزید کہنا تھا کہ پی اے سی نے پاکستان کو دنیا میں ہوابازی اورجہازسازی میں خودانحصاربنادیا، پی اے سی کے تیارشدہ طیاروں سے ملکی خزانے کوبے پناہ فائدہ پہنچتا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) گزشتہ ماہ رونما ہونے والے دہشت گردی کے پے درپے واقعات کے سبب کیے گئے سخت سیکیورٹی اقدامات بھی کرکٹ کی کمی کے شکار شائقین کو 25 ہزار افراد کی گنجائش کے حامل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں اتوار کو پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں آنے سے نہ روک سکے۔

l 190513 092704 updates 

پشاور کے 25 سالہ شائق محمد افضل نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگر ہمیں ایک درجن سیکیورٹی چیک پوائنٹس کو بھی عبور کرنا پڑتا تو بھی ہم برا نہیں مناتے۔

 

میچ کے آغاز سے کئی گھنٹے قبل ہی اسٹیڈیم میں آنے والے 18 سالہ طالب علم افتخار احمد نے کہا تھا کہ یہ کسی کی جیت یا ہار کا مسئلہ نہیں، یہ پاکستان کیلئے بڑا دن ہے کیونکہ ہم دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں کہ ہم بھی انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی کر سکتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ اور پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ وہ پی ایس ایل فائنل کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا نقطہ آغاز سمجھتے ہیں۔ آسٹریلیا، سری لنکا، انگلینڈ اور بنگلہ دیش سے سیکیورٹی آفیشلز سمیت حفاظتی اقدامات کی نگرانی اور جانچ کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نمائندے بھی بذات خود موجود تھے۔

58bd688f058f1 

اعلیٰ معیاری سیکیورٹی اقدامات کے طور پر ٹیموں کے ہوٹل کے راستوں اور اسٹیڈیم کے اطراف میں فوجی اور پولیس اہلکاروں سمیت ہزاروں سیکیورٹی آفیشلز کو تعینات کیا گیا تھا۔ ایک ٹوئٹ میں آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف شکور نے کہا کہ کھیل ان کو فروغ دے رہا ہے۔

 

دونوں ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے میچ میں شرکت کے لیے آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں اور میچ دیکھنے کے لیے پاکستان آنے والے غیر ملکی مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ سیکیورٹی خدشات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کرکٹ کے متوالے شائقین نے ملک میں ہوم گراؤنڈ پر ہونے والے کرکٹ میچ کے موقع سے ہاتھوں ہاتھ فائدہ اٹھایا۔

 

اسٹیڈیم کے قریب اپنے اہلخانہ کے ہمراہ کھانے کیلئے آئی ہوئی 48 سالہ اسکول ٹیچر ملیحہ رضوی نے کہا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے ہم دہشت گردی کے خطرات کی وجہ سے ریسٹورنٹ نہیں جا رہے تھے لیکن پی ایس ایل فائنل کے جوش و خروش اور جشن نے ہمیں بھی گھر سے باہر نکلنے پر مجبور کردیا۔

58bd6a72425b4 

انہوں نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ اس ایونٹ نے دہشت گردی کو شکست دے دی۔ قذافی اسٹیڈیم کے سامنے اس شاندار ایونٹ کا ماحول اور جوش واضح تھا۔ عوام تالیاں بجا کر قومی نغمے گنگنانے کے ساتھ ساتھ ڈانس بھی کر رہے تھے اور تمام ہی لوگ بغیر کسی شکایت کے صبر کا دامن تھامے فائنل میچ کے منتظر تھے۔

 

جیسے ہی مقررہ پارکنگ میں خصوصی شٹل بسیں شائقین کو اسٹیڈیم تک لے جانے کیلئے پہنچیں، تمام ہی عمر کے خواتین و حضرات میچ کے مقام تک جلد از جلد پہنچنے کیلئے جوق در جوق بسوں میں سوار ہونے لگے۔ تاہم اس سب کے باوجود رہ جانے والے حضرات بھی بنا کسی شکایت کے پارکنگ میں اپنی باری آنے کا انتظار کر رہے تھے۔

 

58bd687266cd6 

میچ سے قبل پورے شہر کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا تھا۔ لاہور میونسپل کارپوریشن نے تمام اہم شاہراہو کی گرین بیلٹ خصوصاً کینال روڈ کے دونوں جانب برقی قمقموں سے چراغاں کیا ہوا تھا۔ لاہور میونسپل کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا کہ اس کی وجہ محض شہر کو سجانا نہیں بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کرنابھی ہے تاکہ وہ لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھ سکیں۔

 

شٹل بس سروس پکڑنے کیلئے برکت مارکیٹ پارکنگ کی جانب رواں دواں لاہور گرامر اسکول کے ایک طالبعلم احمد اقبال نے بتایا کہ یہ ایک عید کا موقع لگ رہا تھا جو ہم ہر سال مناتے ہیں۔ میں بہت خوش ہوں کہ میرے والدین نے مجھے میچ دیکھنے کیلئے جانے کی اجازت دی۔

 

اپنی پسندیدہ ٹیموں کی شرٹیں زیب تن کیے نوجوانوں کے جوش و خروش کا اندازہ ان کی جانب سے لگائے جانے والے نعروں سے لگایا جا سکتا تھا۔ عون رضا نے کہا کہ میں پشاور زلمی کو سپورٹ کر رہا ہوں ۔۔۔ وہ یقیناً جیتے گی لیکن اگلے ہی لمحے ساتھ ہی کھڑے ڈاکٹر شرجیل احمد نے ان کی نفی کرتے ہوئے نعرہ لگایا نہیں نہیں، یقیناً کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہی جیتے گی، میں ان کو سپورٹ کر رہا ہوں‘۔

1347411 psl 1488788690 

اپنے پانچ دوستوں کے ہمراہ زلمی، زلمی، زلمی کے نعرے لگانے والے اعزاز نے کہا کہ ’میں زلمی کو پسند کرتا ہوں ۔۔۔ یہ ایک مضبوط ٹیم ہے‘۔ شائقین میں موجود عوام میں بڑی تعداد ملک کیلئے بھی نعرے لگا رہی تھی۔ میچ دیکھنے کیلئے آنے والے ان کے اطراف میں موجود تمام ہی لوگ یکجہتی اور بھائی چارے کے احساس سے مغلوب نظر آتے تھے۔

 

بس میں سوار ہونے کیلئے اپنی باری کا انتظار کرنے والے کامران صدیقی نے کہا کہ میں یہاں محفوظ محسوس کر رہا ہوں کیونکہ یہاں اطراف میں کئی پولیس آفیشلز ہماری جان کی حفاظت کیلئے موجود ہیں۔ ہم یہاں صرف قومی اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے کیلئے دیکھنے نہیں آئے بلکہ ساتھ ساتھ ان کی سپورٹ کرنے بھی آئے جنہوں نے پرخطر حالات اور بیش بہا خطرات کے باوجود اس ایونٹ کا انعقاد یقینی بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس آفیشلز کا رویہ بھی بہت شاندار ہے۔

 

پارکنگ کی جانب جاتے ہوئے قومی نغمے پر اپنے دوستوں کے ہمراہ ڈانس کرنے والے ایک طالبعلم فہیم چوہدری نے کہا کہ کئی سالوں کے بعد آج کے مناظر اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ بالآخر ہم دہشت گردی کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئے۔ میں دہشت گردی سے نفرت کرتا ہوں اور حکومت کو بہرصورت اس کا خاتمہ کرنا چاہیے۔

psl final759 

انہوں نے کہا کہ اب انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا وقت آ چکا ہے جو 2009 میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد رک گئی تھی۔ برکت مارکیٹ ٹریفک سگنل سے اسٹیڈیم کی جانب رواں دواں ایک نیوز ایجنسی کے سینئر صحافی قیوم زاہد نے کہا کہ کئی سالوں کے بعد میں نے اس طرح کی سرگرمی دیکھی ہے جس میں عوام نے بھرپور جوش و جذبے، جرات اور عزم کے ساتھ شرکت کی۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ قریب ہے۔

 

میچ دیکھنے کیلئے آنے والے ایک اور شائق شجاعت انور نے لاہور کے عوام کیلئے اس بہترین میچ کے کامیابی سے انعقاد پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ لوگوں کا جوش و خروس اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں۔ میں پولیس، فوج دیگر تمام چاہے وہ حکومت کا حصہ ہیں یا نہیں، سب کو خوف و دہشت کے اس ماحول کو میلے کے ماحول میں بدلنے پر سلام پیش کرتا ہوں۔