پیر, 07 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے پی ٹی آئی کے ایک اہم اجلاس میں عمران خان نے کہا کہ چودھری نثار نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں معلوم ہے کہ خبر کہاں سے لیک ہوئی توپھر کمیشن بنانے کی کیا ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریٹائرڈ جج عامر رضاخان کی تعیناتی شفاف تحقیقات کیلئے سوالیہ نشان ہے، عامررضا خان ن لیگ کے نگران وزیراعلیٰ کے امیدوار تھے،خبرلیک ہونے میں حکومتی لوگ ملوث ہےں، موجودہ تحقیقاتی کمیشن کو ئی ماننے کو تیار نہیں ہے۔عمران خان نے کہا کہ جس وقت خبر لیک ہوئی اس وقت بھارت ایل او سی جارحیت کر رہا تھا، ریٹائرڈ جج پر مشتمل کمیشن کا قیام معاملہ سرد خانے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان سے زیادہ نوازشریف کا کوئی مددگار نہیں ہے، پی ٹی آئی نے حکومت کے ہاتھ اور مضبوط کیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت میں ابھی کمیشن بننے کا فیصلہ ہوگا،پانامہ لیکس پر پارلیمنٹ میں احتجاج کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے ایکشن نے نواز شریف کو مضبوط کیا ، حکومت خود چاہتی تھی کہ پانامہ کا کیس سپریم کورٹ میں جائے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی حکومت نے یوم اقبال پر چھٹی نہ دینے کا فیصلہ کرلیا ،اقبال ڈے پر وفاقی دفاتر معمول کے مطابق کھلیں گے
ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے 9نومبر کی چھٹی کی سمری مسترد کر دی ۔ وزارت داخلہ ذرائع کا کہنا ہے کہ یوم اقبال پر وفاقی دفاتر معمول کے مطابق کھلیں گے ۔

واضح رہے کہ سندھ اور خیبر پختونخواہ کی حکومتوں نے اقبال ڈے پر چھٹی کا اعلان کر دیا ہے ۔دونوں صوبوں میں اقبال ڈے پر علامہ اقبال کے کردار پر روشنی ڈالنے کے لیے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ۔

 

 

ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت تمام تر مسائل کے باوجود اپنے موقف پر ڈٹی ہوئی ہے ، گزشتہ روز نظربندی ختم ہوتے ہی میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کی بزرگ رہنما علی گیلانی سے ملاقات ہوئی ہے ،تینوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی غلامی سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ، صدر آزاد کشمیر نے یقین دلایا کہ ہم حریت قیادت کے ساتھ ہیں، وہ تحریک آزادی کے حوالے سے جو لائحہ عمل طے کریں گے آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت اور حکومت اس کی پیروی کرے گی۔


ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں وکشمیر حق خودارادیت برطانیہ کے سربراہ راجہ نجابت حسین کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو قیدخانے میں تبدیل کر رکھا ہے ۔
اس کے باوجود نہتے نوجوان باہر نکل کر احتجاج کرتے ہیں جن کے خلاف مہلک ترین ہتھیار استعمال کئے جاتے ہیں، شہداء کے جنازوں میں شرکت کرنے والوں پر لاٹھی چارج کیا جاتا ہے اور آنسو گیس کی شیلنگ ہوتی ہے ۔ قابض فوج شہداء کی میتوں کی بے حرمتی کرتی ہے ، لیکن اسے پوچھنے والا کوئی نہیں، انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری تارکین وطن مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بڑے متحرک اور فعال ہیں، وہاں کشمیری کمیونٹی کے علاوہ برطانوی ممبران پارلیمنٹ اور ذرائع ابلاغ بھی ہماری بات سننے کوتیار ہیں۔

یہاں مسئلہ کشمیر کی مناسبت سے کانفرنسیں بہت ہوتی ہیں، لیکن ان کی رپورٹس بر وقت شائع نہیں ہوتی ہیں نہ متعلقہ اداروں تک پہنچتی ہیں جس کی وجہ سے ساری محنت ہی رائیگاں جاتی ہے انہوں نے زور دیا کہ بہتر حکمت عملی اختیار کی جائے ،قبل ازیں صدر آزاد کشمیر سے خالد احمد،وائس چانسلر مسٹ پروفیسر ڈاکٹرحبیب الرحمن ، معروف ماہر تعلیم اور دانشور ڈاکٹر امینہ ہوتی اور دیگر نے بھی ملاقاتیں کیں اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ -

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم/کراچی) سندھ حکومت نے یوم اقبال کے موقع پر صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کر دیا ۔

زرائع کے مطابق سندھ حکومت نے یوم اقبال کی مناسبت سے تعلیمی اداروں میں 9نومبرکو تعطیل کا اعلان کر دیا ہے ۔جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کرد یا گیا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوٹیفکیشن میں صوبے بھر کے اسکولز اور کالجوں کو یوم اقبال کی مناسبت سے پروگرامز منعقد کرنے کی بھی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔

 
 

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم/پشاور) ورکرزویلفیئربورڈ کے تحت صوبے میں قائم ورکنگ فوکس اسکولوں کے اساتذہ نے صوبائی حکومت سے 9مہینوں سے بند تنخواہوں کی فراہمی اور انہیں مستقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ ہم 21دنوں سے دھرنادیئے ہوئے ہیں۔

لیکن صوبائی وزیر انیسہ زیب اور متعلقہ حکام نے ہمارے احتجاج پر مکمل خاموشی اختیارکررکھی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزپشاور پریس کلب کے سامنےمظاہرے کے دوران کیا ۔مردو خواتین اساتذہ سمیت طلبہ نے مظاہرے میں شرکت کی ،مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرزاور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے۔

جن پر تنخواہوں کی فوری ریلیز اور مستقل کرنے کے حوالے سے نعرے درج تھے ۔ اس موقع پر مقررین نے کہاکہ ورکرزویلفیئربورڈ کے تحت صوبہ بھر میں قائم اسکولوں کے 3ہزار سے زائد مرد وخواتین اساتذہ اسکولوں میں تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

لیکن اس کے باوجود 9ماہ گزرنے کے باوجود تنخواہیں نہیں دی گئیں جوکہ سراسر زیادتی کے مترادف ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اپنے مطالبات کیلئے وطن کور کے سامنے 21دنوں سے دھرنادیئے ہوئے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے ۔

 
 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم/ کوئٹہ) بلوچستان امن جرگہ کے سربراہ اور خلجی قومی تحریک کے چیئرمین لالا محمدیوسف خلجی نے ایک بیان میں بلوچستان یونیورسٹی میں پاک اسٹیڈیز اور بلوچستان اسٹیڈیز ڈیپارٹمنٹس میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے داخلوں پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جامعہ میں پاکستان کے متعلق اعلیٰ تعلیمی کورسز کو نظرانداز کرنے پر جامعہ کے ذمہ داران کی سوچ مشکوک اور قابل تشویش ہے۔

گورنر بلوچستان وائس چانسلر رجسٹرار ودیگر شعبہ جات کی طرح ان ڈیپارٹمنٹس میں بھی فی الفور داخلوں کا اعلان کریں۔

انہوں نے یونیورسٹی کے ذمہ داران کی ان اہم شعبہ جات پر عدم توجہی پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر باعث تشویش اور لمحہ فکریہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں اپنی سرزمین قومی زبان اور تاریخ سے لگائو رکھنے والی قومیں زندہ رہتی ہیں اور ترقی کرتی ہیں مگر ہمارے صوبے میں ملکی تاریخ کو دفن کیاجارہا ہے۔

انہوں نے گورنر بلوچستان سے بحیثیت چانسلر بلوچستان یونیورسٹی وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی رجسٹرار ودیگر ذمہ دار حکام سے اس سنجیدہ مسئلے کا فی الفور نوٹس لینے اور دیگر شعبہ جات کی طرح پاکستان اسٹیڈیز ڈیپارٹمنٹ اور بلوچستان اسٹیڈیز ڈیپارٹمنٹ میں داخلوں کے اعلان کا مطالبہ کیا۔

 

 


جامعہ اردو میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلباء و طالبات میں پرائم منسٹر محمد نواز شریف اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ اسکیم سے مستفید ہونے والے طلباء و طالبات جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے علوم اور رجحانات سے آگاہی حاصل کریں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں

انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر حکومت کی جانب سے پاکستانی جامعات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کا یہ عمل مثبت اورخوش آئند ہے اس طرح طلباء کو تحقیق اور ڈیٹا محفوظ کرنے میں مدد ملے گی۔ اس سے تحقیق سے وابستہ طلبہ میں تعلیم کے حصول کیلئے ایک نیا جذبہ پیدا ہوگا۔

اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر محمد صارم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے لیپ ٹاپ کی تقسیم تعلیمی میدان میں ایک نئی جہت ثابت ہوگی ۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر ایڈمیشن پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کے اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر آف فارمیسی میں سال2017 ء کے لئے داخلوں کا آغاز07 نومبر 2016سے ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ اور ایوننگ پروگرام) میں داخلے، داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر دیئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے تحت ہوگا۔داخلہ فارم بمعہ کتابچہ
2200/=روپے کے عوض16نومبر2016ء تک یوبی ایل بینک کائونٹر واقع سلور جوبلی گیٹ جامعہ کراچی سے حاصل / جمع کرائے جاسکتے ہیں۔واضح رہے کہ مخصوص نشستوں پر داخلے کے خواہشمند طلبا وطالبات کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ڈاکٹر آف فارمیسی کا داخلہ فارم جمع کرائیں اور داخلہ ٹیسٹ میں لازماً شرکت کریں بصورت دیگر انہیں داخلے کے لئے اہل نہیں سمجھا جائیگا

 

 


ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کےلئے اتوار کو انٹری ٹیسٹ این ای ڈی یونیورسٹی میں منعقد کیے گئے جو نیشنل ٹیسٹنگ سروسز کےتحت لئے گئے ۔

انٹری ٹیسٹ صبح 10بجے شروع ہو ا جو 12بجے تک جاری رہا ۔ امیداروں کو امتحانی مرکز میں موبائل نہ لے جانے سمیت دیگر ہدایات جاری کی گئی تھیں جبکہ واک تھرو گیٹ بھی نصب کیے گئے تھے ۔

ڈاؤ یونیورسٹی میں 350اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں 350ایم بی بی ایس کی نشستوں کےلئے پر داخلہ برائے سال 2016-17کیلئے 6ہزار 4سو امیدواروں نے فارم جمع کرائے تھے لیکن گزشتہ روز انٹری ٹیسٹ میں 40امیدوار شرکت نہ کرسکے۔

واضح رہے کہ لیاری میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کے داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ 2ہفتوں بعد منعقد کیے جائیں گے ۔