ھفتہ, 05 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS


ایمزٹی وی(اسلام آباد)نئے عدالتی سال کے موقع پر سپریم كورٹ میں فل کورٹ ریفرنس منعقد ہوا۔ جس میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی سمیت عدالت عظمیٰ کے تمام فاضل جج صاحبان، اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتہر علی اوصاف، وائس چیئر مین پاکستان بار کونسل بیرسٹر فروغ نسیم اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید علی ظفر سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

ریفرنس سے خطاب کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ آئین میں تمام اداروں کےفرائض اورذمہ داریوں کی وضاحت کردی گئی ہے، تمام ادارے اپنی آئینی اور قانونی حدود کے اندر رہتے ہوئے کام کریں، دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے ہی گڈ گورننس کو یقینی بنایا جاسکتا ہے، تمام ادارے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں تو کرپشن اور بد امنی کا خاتمہ ہوگا۔ کرپشن کے خاتمے سے لوگوں کو غیر ضروری عدالتی چارہ جوئی سے نجات ملے گی۔

چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے، جہاں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو، ضروری ہے اس کا تدارک کیا جائے، کراچی اور بلوچستان بدامنی کیس میں اس بات کا ذکر کیا گیا ہے۔ قائد اعظم کا مقصد سیکولر پاکستان بنانا نہیں تھا، پاکستان کے قیام کا مقصد تھا کہ ہرمذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو برابر حقوق ملیں، پاکستان کا آئین ہر شہری کو مکمل مذہبی آزادی کی ضمانت فراہم کرتاہے، عدالت اپنی آئینی ذمہ داریوں پر آنکھ بند نہیں رکھ سکتی، اسی بات کومدنظررکھ کرعدالت نے گزشتہ سال چند معاملات پر ازخود نوٹس بھی لیے۔

ملک میں جاری دہشت گردی سے متعلق چیف جسٹس نے کہا کہ دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ اور اندرونی حمایت شامل ہوتی ہے، عدالت تخریبی عناصر کے سیاسی و مذہبی جماعتوں سے روابط کے تدارک کا کہہ چکی ہے، فراہمی انصاف کے اداروں کو خوف زدہ کرنے کے لئے تخریبی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے، اس لئے وکلاء اورعدلیہ بھی دہشت گردی سے متاثر ہوئے ہیں۔ بدلتی صورت حال کے پیش نظرتمام ریاستی اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

تقریب کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران جب ان سے سوال کیا گیا کہ ایک بار پھر تمام نظریں سپریم کورٹ کی طرف ہیں اور تمام لوگ سپریم کورٹ کو امید کی نظر سے دیکھ رہے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ وہ 1965 میں قائد اعظم ٹرافی کھیل چکے ہیں اور ان کے ہمراہ ظہیرعباس کھیلتے تھے، وہ روایتی کھلاڑی ہیں، کبھی کریز سے باہر نکل کر نہیں کھیلتے۔ سپریم کورٹ آئین اور قانون کے مطابق ذمے داریاں پوری کرے گی۔

ایمزٹی وی(آزاد کشمیر) لوکل گورنمنٹ رورل ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے بارے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ دور دراز پسماندہ علاقوں میں عوامی فلاح وبہبو د کے پراجیکٹ ٹائم فریم کے اندر مکمل کرے اور مالیاتی ڈسپلن قائم کرتے ہوئے ان پراجیکٹس کے مانیٹرنگ سسٹم کوموثر بنائے ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ دیہی رابطہ کونسل کے زیر اہتمام تمام پراجیکٹ مکمل کرے ۔ سابقہ حکومتوں کی ناقص حکمت عملی نے ہمیں 22ارب کا خسارہ ورثے میں دیا ہے ۔ عوام کی معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے ۔ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے شکر گزار ہیں جو آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور انہوں نے تعمیر وترقی کیلئے ممکنہ فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر محمود الحسن نے بریفنگ دی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کی معاشی ترقی و خوشحالی ہمارا ایجنڈا ہے اور ہم اس ایجنڈے کی تکمیل کر کے رہیں گے ۔ آزادکشمیر میں دسمبر تک بلدیاتی الیکشن کرائیں گے ۔ قبل ازیں راجہ فاروق حیدر سے جماعت اسلامی کی ممبر قانون ساز اسمبلی رفعت عزیز نے ملاقات کی، کوٹلی کے مسائل سے آگاہ اور اضافی حلقے کامطالبہ کیا۔

راجہ فاروق حیدر نے رفعت عزیز کی جانب سے را ج محل دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہاکہ وہ اکتوبر کے آخرتک دورہ کریں گے ،راجہ فاروق حیدر نے کہاکہ کشمیرکی آزادی اور آزادخطے میں اچھی حکومت کا قیام میرا مشن ہے ،ریاستی اداروں میں اصلاح ہوگی تو نظام کی اصلاح ہوگی میری خواہش ہے کہ ریاست کے ادارے مضبوط کئے جائیں تاکہ وہ عوام کو انصاف فراہم کریں،ہماری حکومت کی ترجیح ہے کہ عوامی مسائل حل ہوں اور عوام چند ماہ بعد تبدیلی محسوس کریں گے ۔

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں کریک ڈائون کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم مہذب دنیا کو بھارتی حکمرانوں کا اصل روپ دکھائیں گے،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا جابرانہ تسلط ختم کرائے ۔


ایمزٹی وی(آزادکشمیر)پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چو ہدری نے کہا ہے کہ حریت کانفرنس کی کال پر20 ستمبر کو پی ٹی آئی کشمیر کی خواتین مظفرآباد میں مظاہرہ کریں گی

یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے یہاں کی خواتین یہ ثابت کریں کہ وہ بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکرٹریٹ میں اخبارنویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ اپنی اس جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ ہم انکے ساتھ ہیں ۔ میں نے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو عالمی سطح پر اٹھانے کا اپنا پروگرام دے دیا ہے.

۔ اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرونگا۔جبکہ اسی طرح لندن ، پیرس اور برسلز میں بھی مظاہرے کیے جائیں گے ۔


ایمزٹی وی(تعلیم)جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن اورامریکا کی جارج میسن یونیورسٹی کے اشتراک سے تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان منیجنگ میگا سٹیز2016بروزمنگل 20 ستمبر سے جامعہ کراچی کے ایچ ای جے آڈیٹوریم میں شروع ہورہی ہے ۔

اختتامی سیشن کی صدارت وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کریں گے ۔ کانفرنس میں معروف بین الاقوامی اورقومی اسکالرزبڑے شہروں کودرپیش مسائل سے نبردآزماہونے کیلئے اپنی قیمتی آرا اور مقالے پیش کریں گے جبکہ مقررین اورمقالہ نگاروں میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرمحمد قیصر،رئیس کلیہ نظمیات وانصرام، پروفیسرڈاکٹرخالد عراقی اور دیگر شامل ہیں۔

دریں اثنا مذکورہ بین الاقوامی کانفرنس کے حوالے سے پریس بریفنگ آج بروز پیر 19ستمبر کو دوپہرایک بجے جامعہ کراچی کے رئیس کلیہ نظمیات وانصرام کے دفترمیں ہوگی


ایمزٹی وی(تعلیم)جامعہ کراچی اسلامک اسٹڈیز کے ڈین ڈاکٹر شکیل اوج کے قتل کو دو سال بیت گئے ’ لواحقین آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔

دو سال قبل کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع بیت المکرم مسجد کے قریب نامعلوم افراد نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں جامعہ کراچی اسلامک اسٹڈیز کے ڈین ڈاکٹرشکیل اوج زخمی ہوگئے تھے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے

۔ڈاکٹرشکیل کے ہمراہ پروفیسرآمنہ اور ایک ساتھی پروفیسر بھی تھے ۔ واقعے کے وقت تمام افراد ایرانی سفارتخانے کی ایک تقریب میں شرکت کیلئے جارہے تھے ۔

واضح رہے کہ پولیس نے قاتلوں کی نشاندہی پر 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔ڈاکٹر شکیل اوج کے قتل کے چند ماہ بعد پولیس نے پیشہ ور قاتلوں کے ایک گروہ کے رکن کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا جس کا تعلق سیاسی جماعت سے بتایا گیا تھا۔

پولیس کا دعویٰ تھا کہ مذکورہ گروہ ڈاکٹر شکیل اوج، پروفیسر سبط جعفر اور کئی دیگر قابل شخصیات کے قتل میں ملوث ہے۔

ایمزٹی وی(تعلیم/اسلام آباد)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور عمر اصغر خان سنٹر کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔ یاداشت پر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی اور سامعہ رئوف علی نے معاہدہ کی دستاویز پر دستخط کیے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تعلیمی نیٹ میں لانا اور قومی مفاد کی خاطر انہیں منزل مقصود تک پہنچانا اوپن یونیورسٹی کا بنیادی مشن ہے جس کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ"سٹوڈنٹس سپورٹ نظام" کو مضبوط سے مضبوط کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور گزشتہ 2سالوں سے طلبہ کی سہولتوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے۔

عمر اصغر خان سنٹر نے اوپن یونیورسٹی میں " انفارمیشن اینڈ ریسرچ سنٹربرائے جامع تعلیم" کے قیام کے لئے تعاون کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ معاہدہ کے مطابق دونوں ادارے یونیورسٹی کارکنوں کی پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے مربوط فریم ورک تیار اور صلاحیتوں میں اضافے کیلئے باقاعدگی سے تربیتی کورسز کا انعقاد کریں گے ۔


ایمزٹی وی(تعلیم)آل پا کستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے رہنمائوں ملک ابرار حسین ، ڈاکٹر افراہیم ستی ، ملک دین محمد اعوان ، ذوالفقار علی صدیقی اشرف ہراج ، کرنل شاہد اور قاسم عباس نے تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کی مد میں لاکھوں روپے سالانہ اضافہ پرشدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے تعلیم کے خلاف سازش قرار دیا

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس اضافے سے والدین پر بوجھ پڑے گا اور طلبا پر معیاری تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے دروازے بند ہو جائیں گے۔


ایمزٹی وی(کھیل)برطانوی نژاد پاکستانی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں باکسنگ کے فروغ میں کوئی مشکل حائل نہیں، اسلام آباد میں پہلی باکسنگ اکیڈمی قائم ہوچکی ہے، دوسری باکسنگ اکیڈمی کا افتتاح کراچی میں ہوگا ۔

باکسر عامر خان نے لاہور میں ایک تقریب میں شرکت کےبعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےان کا کہناتھاکہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اورانہیں پاکستان سے بے حد پیار ہے، پاکستان کو آگے بڑھتے ہوئے دیکھنا ان کا مشن ہے۔

عامر نے کہا کہ انہیں کسی وزیر سے کوئی مسئلہ نہیں، اسپورٹس مین کھیل میں چیلنج فٹنس برقرار رکھتا ہے۔


ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف نے پاناما لیکس کے معاملے پر حکومت کے خلاف 30ستمبر کو رائیونڈ مارچ کا فیصلہ کر لیا ۔

میڈ یا رپورٹس کے مطابق بنی گالا میں تحریک انصا ف کے چیئر مین عمران خان کی زیرصدارت کور گروپ کا اجلاس ہوا جس میں جہانگیر ترین ،شاہ محمود قریشی اورنعیم الحق سمیت دیگر اہم رہنماوں نے شرکت کی ۔اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف30ستمبر کو رائیونڈ مارچ کرے گی ۔عمران خان فیصلے کا باقاعدہ اعلان ورکر کنو نشن سے خطاب کے دوران کریں گے ۔


ایمزٹی وی(گلگت بلتستان)ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 28ستمبرکو اسکردو کچورا کے مقام پر گلگت آسکردو سڑک کے پلوں کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کریں گے.

اس موقع پر ڈی جی ایف ڈبلیو او ،کمانڈر ایف سی این اے اور چیرمین این ایچ اے بھی وزیر اعلی کے ہمراہ ہونگے۔ترجمان نے واضح کیا کہ پلوں کے باقاعدہ افتتاح کے بعد ایک سال کے اندر اندر اُن کے تعمیراتی کام کی تکمیل کے حوالے سے بھی خصوصی حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے ،جبکہ پلوں کی تعمیر سے گلگت اسکردو روڈ کا ابتدائی مرحلہ مکمل ہوگا۔

دوسری جانب گلگت اسکردو روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں صوبائی و وفاقی حکومتیں ٹھوس اقدامات اُٹھا رہی ہیں ۔گلگت سکردو روڈ کے تکنیکی ٹینڈر ہوچکے ہیں ،جبکہ چند دنوں میں مالیاتی ٹینڈربھی ہونگے۔گلگت سکردوروڈ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے،اور موجودہ صوبائی حکومت گلگت سکردو روڈ کی تکمیل کی ضمامن ہے۔