بدھ, 26 جون 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمزٹی وی (اسلام آباد)سولر بچوں کی اصل وجوہات تک پہنچنے کیلئے ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم آج کوئٹہ جائے گی۔ ٹیم کی سربراہی کلینکل اسپیشلسٹ ڈاکٹر زمان کریں گے جبکہ ٹیم میں جینیاتی ماہر بھی شامل ہوں گے۔ ڈاکٹروں کی ٹیم سولر بچوں کے بھائی اور رشتہ داروں کے بلڈ سیمپل لینے کے ساتھ ساتھ مقامی مٹی اورپانی کےنمونے بھی حاصل کرے گی۔ ماہرین بچوں کے قریبی عزیزوں سے انٹرویو بھی کریں گے

ایمزٹی وی (تعلیم) ضیاالدین یونیورسٹی میڈیا اسکول(ICMS)کے زیراہتمام پہلا ضیاالدین فلم فیسٹول کلفٹن کیمپس میں 21مئی کو ہوگا۔ فلم فیسٹول کاانعقاد عبدالحسن جعفری آڈیٹورئم کلفٹن میں کیا جائے گاجس میں مشہور اداکار اظفر رحمان، حسن سومرو، شمعون عباسی شرکت کرینگے ، فیسٹول میںکراچی کی مختلف جا معا ت جن میں، جامعہ کراچی، انڈس ویلی، آئی او بی ایم ، اقرائیونیو رسٹی اور آئی سی ایم ایس کی پیش کردہ شارٹ فلمیں اور ڈاکیومنٹریز کو منتخب کرلیا گیا ہے۔ منتخب کردہ فلموں اوردستاویزی فلموں کو ماہر اساتذہ پرمشتمل پینل جج کرے گا اور جیتنے والوں کو کیش انعام دیا جائے گا۔فلم فیسٹیول کو کرانے کا مقصد نوجوان فلم سازوں کےا کا م کو پروان چڑھانا، حوصلہ افزائی کرنا اوران کو محفوظ، عملی اور ضروری پلیٹ فارم فراہم کرناہے

ایمزٹی وی (تعلیم) پاکستان سینٹرل ہومیو پیتھک میڈیکل کالج کے زیر اہتمام جلسہ تقسیم انعامات اور الوداعی پارٹی کا انعقاد پرنسپل پاکستان سینٹرل ہومیو پیتھک میڈیکل کالج ڈاکٹر مختار احمد کی زیر نگرانی کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی صدر نیشنل کونسل برائے ہومیو پیتھی ڈاکٹر محمود الحق عباسی تھے اور ارکان نیشنل کونسل برائے ہومیو پیتھی نے بھی شرکت کی جبکہ طلبہ اور ہومیو ڈاکٹرز کی بھی کثیر تعداد شریک محفل تھی ۔ تقریب کیلئے تمام ہومیو فارماسوٹیکل کمپنی نے تعاون کیا اور شرکت کی، پروگرام کی ابتداء تلاوت کلام پاک اور نعت خوانی سے ہوئی اس کے بعد مختلف خاکے اور قوالی کی صورت میں طلبہ نے حاضرین کو محظوظ کیا۔

ایمزٹی وی (تعلیم)انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے دور میں نئی نسل کا کتاب سے دوستی کا رشتہ بحال کرنے کیلئے انجنیئرنگ یونیورسٹی پشاور میں کتب میلہ سجایا گیا۔ تنہائی کی بہترین دوست کتاب سے ٹوٹا ناطہ بحال کرنے کیلئے انجنیئرنگ یونیورسٹی پشاور میں کتب میلے کا انعقاد کیا گیا تو کتب بینی سے لگائو رکھنے والے نوجوان امڈ آئے۔ کسی نے اپنی تعلیمی ضرورت پوری کرنے کیلئے رعایتی نصابی کتب اٹھائیں تو کسی نے ادبی ذوق پورا کیا۔ طلبہ نے کتب میلے میں خوب دلچسپی لی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی نمائشوں میں نہ صرف نصابی کتب رعایتی نرخوں پر مل جاتی ہیں بلکہ علم وادب کا خزانہ بھی ہاتھ لگ جاتا ہے۔ نمائش کے شرکاء کا کہنا تھا کہ کتب میلوں سے سوشل میڈیا کے دور میں طلبہ اور نوجوان نسل کا کتاب سے دوستی کا رشتہ بحال کرنے میں مدد ملتی ہے.

ایمزتی وی (اسلام آباد)قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل متحدہ اپوزیشن کا اجلاس جاری ہے جس میں ایوان کی کارروائی سے متعلق حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے چیمبر میں متحدہ اپوزیشن کا اجلاس جاری ہے جس میں تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی، مسلم لیگ (ق)، مسلم لیگ عوامی اور دیگر جماعتوں کے رہنما اور ارکان شریک ہیں۔ اجلاس میں قومی اسمبلی میں آج کی کارروائی سے متعلق حکمت عملی تیار کی جارہی ہے اور اس موقع پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ اپوزیشن رہنما اور ارکان اکٹھے اسممبلی میں جائیں گے۔ متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے ارکان ایک مرتبہ پھر شریک نہیں ہوئے جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے کے رہنماؤں کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں منایا جائے گا۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) گزشتہ روزپاک امریکا سیکیورٹی،اسٹریٹیجک استحکام اور عدم پھیلاؤ ورکنگ گروپ کے آٹھویں مرحلے کااجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان نیوکلیئر سپلائر گروپ کا مکمل رکن بننے کی اہلیت رکھتا ہے۔ امریکا نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ اور دیگر کثیرالجہتی ایکسپورٹ کنٹرول رجیم کے ساتھ اسٹرٹیجک ٹریڈ کنٹرول ہم آہنگ کرنے کیلیے پاکستان کی نمایاں کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔ سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے اجلاس میں پاکستان جب کہ امریکی نائب سیکریٹری خارجہ برائے آرمز کنٹرول و بین الاقوامی سیکیورٹی روز گوٹی موئیلر نے امریکا کی نمائندگی کی۔ پاکستانی وفد نے اس بھرپور اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان ایکسپورٹ کنٹرول رجیم خصوصاً نیو کلیئر سپلائر گروپ (این ایس جی ) اور میزائل ٹیکنالوجی کنٹرول رجیم کا مکمل رکن بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان نے سماجی و اقتصادی ضرورت کے تحت نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال تک رسائی پر زور دیا اس کے علاوہ پاکستان نے صحت، زراعت اور واٹر سیکٹرز میں نیوکلیئر سائنس کے پرامن استعمال میں امریکا کے ساتھ تعاون میں دلچسپی ظاہر کی۔ امریکا نے بھی پاکستان کے ساتھ نیوکلیئر سائنسی تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ امریکی وفد نے اپنی اسٹریٹیجک ٹریڈ کنٹرولز کو نیوکلیئر سپلائرز گروپ کے کنٹرولز سے ہم آہنگ کرنے کے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی۔ پاکستان نے اپنے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ وہ خطہ میں نیوکلیئر ٹیسٹنگ میں پہل نہیں کرے گا۔ اجلاس میں دونوں ملکوں نے نمایاں تنازعات کو پرامن طریقہ سے حل کرنے پر زور دیا۔

ایمزٹی وی (تعلیم)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر آفس میں گزشتہ روز ڈاکٹر جمیل جالبی ریسرچ لائبریری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ مفاہمتی یادداشت پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر اور چیئرمین ایکسپورٹ پروسسنگ زون ڈاکٹر محمد خاور جمیل نے دستخط کئے ۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ لائبریری کراچی یونیورسٹی کے لئے ڈاکٹر جمیل جالبی کی طرف سے ایک بہت بڑاعلمی تحفہ ہے جس میں ایک لاکھ کتابیں اور قلمی مخطوطے شامل ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کتب خانے کی تعمیر سے طالب علموں کی دانش اور ریسرچ کے معیار میں اضافہ ہوگا۔

ایمزٹی وی(تعلیم) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹوریٹ آف کنٹینو پروفیشنل ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام لفظی اور غیر لفظی کمیونی کیشن سے متعلق انتہائی معلوماتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ سیمینار میں دائود یونیورسٹی کے تمام شعبوں کے چیئرپرسنز ، اساتذہ ، کلیہ ممبران اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے شعبہ بنیاد سائنس کی عائشہ عامر نے موثر کمیونی کیشن کے فوائد اور طریقوں سے طلباء و طالبات کو آگاہ کیا ۔ عائشہ عامر نے اپنی پریذنٹیشن میں لفظی اور غیر لفظی کمیونی کیشن کی صلاحیتوں کے مثبت پہلوؤں کو اُجاگر کیا۔