جمعہ, 04 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی سینیٹ کا چوتھا اجلاس گزشتہ روز جامعہ کے سیمینار ہال میں منعقد کیا گیا جس کی صدارت انجینئرنگ یونیورسٹیز کے پروچانسلر اوروزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے تعلیم جناب نثاراحمدکھوڑو نےکی ۔

جامعہ داؤد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے سینیٹ کےچیئرمین نثار احمدکھوڑو کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں یونیورسٹی کے ترقیاتی کاموں کے بارے میں بتایا اور اپنے 8؍ سالہ دور کی کامیابیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں تیسرے سینیٹ اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی جبکہ منظور کی گئی سفارشات کی تکمیلی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اجلاس میں مالی سال 2020-21ء کی پیش کی گئی رپورٹ منظور کرلی گئی جس کی تجویز فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے نویں اجلاس اور سینڈیکٹ کے 11ویں اجلاس میں اس کی سفارش کی گئی۔ سینیٹ اجلاس میں نئے مالی سال 2021ء تا 2022ء کیلئے بجٹ تجاویز منظور کرلی گئیں

دیگر ارکان سینیٹ میں وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی ڈاکٹر سروش حشمت لودھی ، سابق چیئرمین پی ای سی سندھ ڈاکٹر مختار احمد شیخ، پروفیسر بھوانی شنکر چوہدری، مفتی فیروزالدین ہزاروی ، نمائندہ محکمہ تعلیم فقیر محمد لاکھو، ڈاکٹر اے بی سومرو، جامعہ داؤد کے نمائندوں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو ، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر ذیشان علی میمن ، رجسٹرار ڈاکٹر سید آصف علی شاہ ، ڈائریکٹر فنانس شیخ شبیر ، اکیڈمک کوآرڈینٹر ڈاکٹر دوست علی خواجہ اور تمام شعبہ جات کے چیئرپرسنز نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پرو چانسلر جناب نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ جامعہ داؤد کی ترقی دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے ، حکومت سندھ کے ماتحت آنے سے قبل یہ ادارہ انتہائی خستہ حال تھا تاہم اسے ترقی کی راہ پر ڈالنا سندھ حکومت اور وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کی کامیابی ہے، ان کا 8سالہ دور سنہری ہے جس میں نہ صرف یونیورسٹی میںاستحکام آیا بلکہ دوبارہ اپنا مقام حاصل کرلیا ہے ، یونیورسٹیز کے قانون کے تحت مجبور ہیں کہ وائس چانسلر کو تیسری مدت نہیں ملتی تاہم اس ادارے کو ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کی سوچ اور عزم جیسا وائس چانسلر چاہئے جو ترقی کے سفر کو جاری رکھ سکے۔

مزید برآں وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے اجلاس کو بتایا کہ ورثے میں ملے مسائل کے باوجود ایک مضبوط اور قابل ٹیم تشکیل دی جس کی مدد سے اس تعلیمی ادارے کو پھر سے اس قابل بنایا کہ طلباء معیاری تعلیم حاصل کرسکیں اور ہم معاشرے کو بہترین انجینئرز فراہم کریں، انتھک کاوشوں کے باعث اب یونیورسٹی میں اکیڈمک کلینڈر پر سختی سے عمل ہوتا ہے اور تمام پروگرامز منظور شدہ ہیں، ادارہ اب صحیح ٹریک پر ہے ، شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیا گیا، 8سال میں کوشش کی کہ یہ داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی دنیا میں اپنا مقام بنائے ، میرا دفتر وائس چانسلرز کے دفاتر میں واحد ہے جس میں مدت ملازمت میں رہ جانے والے دنوں کیلئے ’کاؤنٹ ڈاؤن کلاک‘ نصب ہے اور اسی لئے ہر دن اس ادارے کی ترقی کے عزم کیساتھ گزارا، کووڈ 19کی وباء کی وجہ سے یونیورسٹیز کے مالی مسائل بڑھ گئے ہیں، ترقی کیلئے مالی مسائل کا سدباب ضروری ہے ۔

اجلاس کے آخر میں وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے سینیٹ چیئرمین کی اجازت سے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کو خراج تحسین پیش کرنے کا اضافی ایجنڈا پیش کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ داؤد کی سینیٹ کی جانب سے ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کی اس ادارےکیلئے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا جانا چاہئے ، ایک ایسے ادارے جس کے ٹھیک ہونے کی امیدیں معدوم ہوچکی تھیں سندھ حکومت نے ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کو اس کا وائس چانسلر بنایا جنہوں نے 8سال میں اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے یونیورسٹی کو مرکزی جامعات میںشامل کردیا ہے اور تیزی سے ترقی کی منازل طے کررہی ہے ۔

کراچی: بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی اور پنجاب نوینورسٹی لاہور کے درمیان ایک مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ جس کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان تعلیمی و سائنسی بنیادوں پر باہمی مفاد پر مبنی تعلق قائم کرنا ہے۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری اور پنجاب یوینورسٹی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے جمعہ کو پنجاب یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کا شمار دنیا کے بہترین حیاتیاتی اور کیمیائی علوم کے اداروں میں ہوتا ہے جہاں عالمی سطح پر اسکالرز کو تریبیت کی دی جاتی ہے، انھوں نے کہا بین الاقوامی مرکز اپنی نوعیت کا واحد پاکستانی تحقیقی ادارہ ہے جونہ صرف آئی ایس او سے سند یافتہ ہے بلکہ "یونیسکو، ڈبلیو ایچ او، او آئی سی اور این اے ایم سائینس اور ٹیکنا لوجی سینٹر فار ایکسلینس کے منصب پر بھی فائز ہے۔

معاہدے کے تحت دونوں اداروں کے درمیان اساتذہ، محقیقین، طلبہ و طالبات، اشاعتوں، تعلیمی پروگرامز اور ریسرچ پروجیکٹس کا باہمی تبادلہ بھی ہوگا۔ اس معاہدے کے تحت پنجاب یونیورسٹی کا تیکنیکی افراد بین الاقوامی مرکز کی جدید سائینسی مشینوں پر تربیت حاصل کرنے کے بھی مجاز ہوں گے۔ اس معاہدے کی مدت پانچ سال ہے جبکہ باہمی رضا مندی سے اس کی مدت میں اضافہ ممکن ہوگا۔

اسلام آباد : قومی اسمبلی کے اجلاس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے خطاب کرتے ہوئےکہا ہے کہ وزارتِ تعلیم کےاچانک اعلان سے پورے ملک میں بچے سراپااحتجاج ہیں۔

کووڈکی وجہ سے کلاسز نہیں ہوئی اوروزارتِ تعلیم نے اچانک امتحانات کااعلان کردیا جس کےبعد پورے ملک کے بچے احتجاج کررہے ہیں کہ ہم پڑھایا ہی نہیں تو امتحان کس چیز کا؟فیل ہو نگےتو سال ضائع ، نمبر کم آئے تو اچھےکالج ، یونیورسٹی میں داخلہ ناممکن ہے۔

انہوں نے چیئر مین سے کمیٹی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں اس مسئلے کا حل تلاش کریں طالبعلم اگر حق پر ہیں تو ان کے جائز مطالبات پورے کریں وہ اس قوم کے بیٹے اور بیٹیاں ہیں کیا ہم ان کی آواز یں نہیں سنیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ فاطمہ جناح یونیورسٹی میں طلبا کے ساتھ ناروا سلوک پرمذمت کرتا ہوں کسی بھی تعلیمی ادارے میں طالبات کے ساتھ ایسے سلوک نہیں ہونا چاہیئے۔

 

بہاولپور : بورڈآف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاولپورنےایچ ایس ایس سی سال دوم سالانہ امتحانات 2021 کاشیڈول جاری کردیا ہے۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق انٹر سال دوم کے امتحانات 10 جولائی سے شروع ہونگے۔ بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق فزکس اورکیمسٹری کے پرچوں کا امتحان دو مختلف اوقات میں دو گروپس میں ہوگا ۔ پہلے گروپ کا پرچہ صبح 30:8 بجے جبکہ دوسرے گروپ کا پرچہ دوپہر 30:2 بجے اور جمعۃ المبارک 30:2 بجے ہوگا۔ امتحان میں شریک ہونے والے امیدواروں کو پرچے کےآغازسے آدھا گھنٹہ قبل سینٹر میں موجودگی ہرصورت یقینی بنانی ہوگی۔رواں سال کسی بھی مضمون کا عملی امتحان نہیں لیاجائے گا۔

رواں سال سوالیہ پرچہ جات کے ماڈل پیپرز میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں ہوئی لہذٰا سوالیہ پرچہ جات سابقہ پیٹرن کے مطابق ہونگے۔ جملہ امیدواران کا امتحان( ALP(accelerated Learning Programکے مطابق ہوگا۔

بورڈ کی جانب سے واضح طور پرہدایت کی گئ ہے کہ اگر کوئی امیدوار کسی بھی وجہ سے کمرہِ امتحان احتجاجاً چھوڑےگا تو کسی بھی صورت میں اس پرچہ/مضمون میں اس کا دوبارہ امتحان نہیں لیاجائے گا۔

 

بہاولپور: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاولپورنےایس ایس سی سال دوم سالانہ امتحانات کی ڈیٹ شیٹ جاری کردی ہے۔

بورڈ کے اعلان کے مطابق ایس ایس سی سال دو م کے امتحانات 29 جولائی 2021سے شرو ع ہونگے۔

ریاضی سائنس، جنرل ریاضی، فزکس، کیمسٹری ، بیالوجی، جنرل سائنس، اسلامیات اختیاری اور کمپیوٹر سائنس کے پرچوں کا امتحان دو گروپس میں مختلف اوقات میں ہوگا۔پہلے گروپ کا پرچہ صبح 8:30 بجے جبکہ دوسرے گروپ کا پرچہ 1:30 بجےاورجمعۃ المبارک کے دن سہ پہر 2:00 بجے ہوگا۔

بورڈ کی جانب سے یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی مقامی چھٹی کا اعلان ڈیٹ شیٹ پر ہرگز اثرانداز نہیں ہوگا رواں سال سوالیہ پرچہ جات کے ماڈل پیپرز میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں ہوئی لہذٰا سوالیہ پرچہ جات سابقہ پیٹرن کے مطابق ہونگے۔

بورڈ کی جانب سے واضح طور پرہدایت کی گئ ہے کہ اگر کوئی امیدوار کسی بھی وجہ سے کمرہِ امتحان احتجاجاً چھوڑےگا تو کسی بھی صورت میں اس پرچہ/مضمون میں اس کا دوبارہ امتحان نہیں لیاجائے گا۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے انتخاب کے سلسلے میں جمعہ 18جون کو صبح ڈاکٹر لبنی بیگ،امجد سراج میمن اورڈاکٹر خواجہ مصطفی قادری کو طلب کرلیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ تینوں امیدواروں کے انٹرویو زکے بعد وائس چانسلر کے تقرر کی منظوری دیں گے۔

تلاش کمیٹی نےکینیڈا کی کیلگری یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی حامل سابق پی وی سی جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر لبنی بیگ کو 70 نمبر دے کر پہلی، ڈائو میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر امجد سراج میمن کو 67 نمبر دے کر دوسری، اور ڈاکٹر خواجہ مصطفی قادری کو 48 نمبر دے کر تیسری پوزیشن پر رکھا تھا۔

یاد رہے کہ تلاش کمیٹی کی جانب سے امیدواروں کی قابلیت کی درست جانچ نہ ہونے کے باعث معاملہ عدلات میں چلا گیا تھا اور تلاش کمیٹی کی جانب سے معاملہ عدالت میں لے جانے پر ڈاکٹر عمر فاروق کو تین ٹاپ امیدواروں کی دوڑ سے خارج کردیا گیا تھا

کراچی: دو سالہ ڈگری پروگرام کے خاتمہ کےمعاملےپرجامعہ کراچی نےسنجیدگی سےغور کرنا شروع کردیا ہے

تفصیلات کےمطابق کراچی یونیورسٹی نے دو سالہ ڈگری پروگرام ختم کرنے کے بجائے اسے کچھ عرصہ تک برقرار رکھنے اور ساتھ ہی الحاق شدہ کالجوں میں ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام شروع کرنے پر سنجیدگی سے غور کرنا شروع کردیا ہے اس سلسلے میں جلد ہی اکیڈمک کونسل کا اجلاس طلب کرکے وہاں سے اس کی حتمی منظوری لی جائے گی۔ جس کے بعد آئندہ چند سال میں بی اے بی ایس سی اور بی کام مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے دو سالہ ڈگری پروگرام بی اے، بی ایس سی اور بی کام ختم کرکے اس کی جگہ چار سالہ ڈگری پروگرام بی ایس متعارف کرانے کی ہدایت دی تھی جس کی مخالفت مشیر نثار کھوڑو، جامعہ کراچی کے اساتذہ اور سپلا ایکشن کمیٹی نے کی تھی۔

تاہم اس دوران جامعہ کراچی کے علاوہ سندھ کی تمام جامعات نے اسے اپنا لیا تاہم جامعہ کراچی اسے تاحال نہیں اپنایا ہے جس کی وجہ سے تاحال کالجوں ڈگری کلاسوں کے داخلے شروع نہیں کیے جاسکے ہیں۔

واضح رہے کہ ہائر ایجوکیشن کی پالیسی کے مطابق کالجوں میں چار سالا ڈگری پروگرام شروع ہوگا تاہم طالبعلم دو سال مکمل ہونے پر دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری کی ڈگری حاصل کرسکے گا۔ لیکن اس پروگرام میں پرائیویٹ امیدواروں کے لیے کوئ گنجائش نہیں رکھی گئی ہے۔

کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈکراچی نے سالانہ امتحانی فارم جمع کرانے کی آخری مہلت دے دی۔

ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے چیئرمین پروفیسر سید شرف علی شاہ نے جماعت نہم و دہم سائنس وجنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے سالانہ امتحانی فارم سال 2021کے جمع کرانے کی تاریخ میں آخری دفعہ 21جون سے30جون2021ء تک توسیع کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آخری تاریخ گزرنے کے بعد کسی بھی طرح کا امتحانی فارم جمع نہیں کیا جائے گا۔

لہٰذا بورڈ سے الحاق شدہ اسکول اور طلباء وطالبات جلد ہی اپنے امتحانی فارم لیٹ فیس 2500روپے کے ساتھ لازمی جمع کرادیں۔

راولپنڈی : راولپنڈی تعلیمی بورڈ نےسالانہ امتحانات کی ڈیٹ شیٹ جاری کردی۔

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے تحت ایس ایس سی سال اول و دوم کےسالانہ امتحانات 29 جولائی سے شروع ہونگے

جبکہ بارہویں جماعت کےسالانہ امتحانات کاآغاز 10 جولائی سے ہوگا۔

تمام امتحانات دو گروپس میں منعقد کئے جائیں گے۔پہلے گروپس کا امتحان صبح 8:30 بجے جبکہ دوسرے گروپ کاامتحان1:30 بجے ہوگا۔

فیصل آباد: چیئرپرسن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد پرفیسر طیبہ شاہین کی خصوصی ہدایت پر کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ فیصل آباد مسز شہناز علوی نے میٹرک سال اول و دوم کے سالانہ امتحانات 2021 کا شیڈول کااجراءکردیا ہے

کنٹرولر امتحانات کے مطابق حکومت ِ پنجاب محکمہ ہائر ایجوکیشن لاہور و چیئرمین پی بی سی سی کی ہدایت کی روشنی میں طلبا و طالبات کے مفاد کو مدِ نظر رکھتے ہوئےرواں سال انٹر میڈیٹ کے بعد میٹر ک کے امتحانات منعقد کئے جارہے ہیں۔

جاری کردہ ڈیٹ شیٹ کی کے مطابق میٹرک سال دوم کے امتحانات کا آغاز 29 جولائی سےہوگا جو 9 اگست تک جاری رہے گا، جبکہ نہم جماعت کے امتحانات 28 اگست سے شروع ہوکر 8 ستمبر کو اختتام پذیرہوگا۔

میٹرک سال اول ودوم کے امتحانات دو گروپس میں مختلف اوقات کار میں منعقد ہونگے