جمعرات, 10 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بدھ یکم جنوری 2020ء کو کھاتوں کی سالانہ کلوزنگ کے لیے بینکوں کی عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق یکم جنوری کو بینکوں میں عوامی لین دین بند رہے گا تاہم بینکوں کا عملہ معمول کے مطابق حاضر ہوگا۔ دریں اثنا حکومتی وصولیوں، ڈیوٹی اور ٹیکسز کی وصولی کے لیے نیشنل بینک کی مجاز شاخیں اور اسٹیٹ بینک کے بینکنگ سروسز کارپوریشن کے فیلڈ دفاتر 31 دسمبر منگل کی رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے۔

 اسٹیٹ بینک کے مطابق نیشنل بینک آف پاکستان کی برانچیں اسی دن یعنی 31 دسمبر 2019ء کو متعلقہ ایس بی پی بیایس سی فیلڈ دفاتر کے ساتھ اپنی ٹرانزیکشنز کا تصفیہ کریں گی جس کے لیے نفٹ (NIFT) نے شام 7 بجے ایک خصوصی کلیئرنگ کا اہتمام کیا ہے۔
 

 اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 31 دسمبر 2019ء (منگل) کو اپنی متعلقہ شاخیں سرکاری ٹرانزیکشنز کے لیے خصوصی کلئیرنگ مکمل ہونے تک کھلی رکھیں۔

مبئی: کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو کیون روبرٹس ون ڈے انٹرنیشنل سپرسیریز کے منصوبے پر پاکستان کو بھی اعتماد میں لیں گے۔
 
بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی 2021 سے سالانہ بنیاد پر یہ سیریز شروع کرنےکاارادہ رکھتے ہیں،جس میں کینگروز اورانگلینڈ کے ساتھ ایک اور ٹاپ سائیڈ کو جگہ دی جائے گی،پاک بھارت کشیدگی کے سبب پاکستان کی شرکت کاکوئی امکان نہیں لگتا، سیریز کا مقصد بظاہر آئی سی سی کو اضافی عالمی ایونٹس کے منصوبوں سے باز رکھنا ہے۔
 
انگلش بورڈ اس معاملے پر غور کرنے کا عندیہ دے چکا،اب سی اے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر روبرٹس نےکہا کہ ہم بھارت کےون ڈےسپرسیریز آئیڈیے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، میں آئندہ ماہ بھارت اور پھر بنگلہ دیش جاکر مستقبل کے کرکٹ کلینڈر پر بات کروں گا، میں نیوزی لینڈ اور پاکستان سے بھی تبادلہ خیال کرنا چاہوں گا، ہم آئندہ برس افغان ٹیم کی میزبانی کرنے جارہے ہیں،اس سے ہماری ورلڈ کرکٹ کے لیے لگن ظاہر ہوتی ہے۔

کراچی: قومی کرکٹرز کی فٹنس 6اور7 جنوری کو لاہور میں جانچی جائے گی۔

سری لنکا سے ہوم ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے باوجود ٹیم مینجمنٹ بعض کھلاڑیوں کی فٹنس سے مطمئن نہیں ہے، انھیں بہتری لانے کی ہدایت کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم نے گذشتہ دنوں سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز میں 1-0 سے کامیابی حاصل کی، کراچی ٹیسٹ میں بیٹسمینوں کے ساتھ بولرز نے بھی عمدہ پرفارم کیا

اس فتح کے باوجود ٹیم مینجمنٹ بعض کھلاڑیوں کی فٹنس سے مطمئن نہیں اور انھیں بہتری لانے کا کہا گیا ہے،ذرائع نے بتایا کہ سیریز کے اختتام پر مینجمنٹ نے پلیئرز پر واضح کر دیا کہ انھیں اپنی فٹنس مزید بہتر بنانا ہوگی،2020ء پاکستان کیلیے بہت اہمیت کا حامل سال ہے، ٹی 20 ورلڈکپ بھی آسٹریلیا میں ہوگا،اس میں مکمل فٹ ٹیم ہی دیگر حریفوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکے گی، اس لیے فٹنس پر خاص توجہ دیں،کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ 6 اور7 جنوری کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں لیا جائے گا۔
 
اس میں سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز کے ساتھ دیگر کو بھی مدعو کیا گیا ہے، یویو ٹیسٹ کے ساتھ ایک کلومیٹر کی دوڑ لگوائی جائیگی،اس کے بعد ٹرینر جم میں مختلف طریقے سے فٹنس جانچیں گے، پاکستان کرکٹ ٹیم کی بنگلہ دیش سے سیریز جنوری کے اواخر میں شروع ہونی ہے۔
 
البتہ اب تک اس پر سیاہ بادل ہی چھائے ہوئے ہیںٹی ٹوئنٹی کپتان بابراعظم اورٹیسٹ قائد اظہر علی ان دنوں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں قائد اعظم ٹرافی کا فائنل کھیل رہے ہیں،بورڈ نے شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام کا موقع فراہم کیا تھا، تمام کرکٹرز اب 5 جنوری کو لاہور میں یکجا ہونگے جہاں اگلے روز سے فٹنس ٹیسٹ کا آغاز ہونا ہے۔
کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبصورت جوڑی اقرا عزیز اوریاسرحسین رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
 
ڈراما سیریل ’’رانجھا رانجھا کردی‘‘اور’’سنو چندا‘‘ کے ذریعے شوبزمیں اپنی پہچان بنانے والی اداکارہ اقرا عزیزاورفلموں میں مزاحیہ کردارادا کرنے والے اداکاریاسرحسین کی رومانوی کہانی کا آغاز لکس اسٹائل ایوارڈ کی تقریب کے دوران ہوا جب یاسرنے اقرا کو سب کے سامنے شادی کی پیشکش کی
 
شادی کی پیشکش کے دوران یاسرحسین کو اقرا کا بوسہ لینے پرشدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا لیکن دونوں نے کسی کی کوئی پرواہ نہیں کی اور اپنی تصاویر سوشل میڈیا پرشیئر کرتے رہے۔
 
رواں ماہ اقرا اوریاسر نے اپنے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پراپنی شادی کاکارڈ شیئر کرکے اعلان کیا کہ دونوں دسمبرکی 28 تاریخ کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے.
 
بالآخرپاکستان شوبز کی یہ خوبصورت جوڑی آج شادی کے بندھن میں بندھ گئی۔ اقرا عزیز نے نکاح کی تقریب کے لیے ڈیزائنر نومی انصاری کا سرخ لہنگا زیب تن کیا جب کہ انہیں معروف میک اپ آرٹسٹ وقارنے تیار کیا۔
 
دلہے یاسرحسین نے نکاح کی تقریب کے لیے سنہرے رنگ کی روایتی شیروانی کا انتخاب کیا اوراس موقع پر یاسر بھی بے حد خوش نظر آئے۔

پشاور: پہاڑی پورہ کےعلاقے میں شادی کے دوران خواتین کی ویڈیو بنانے پردلہا کو فائرنگ کرکے قتل کردیاگیا۔

پشاور کے علاقے تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود چغلپورہ میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے دوران عابد ولد ریاض نامی شخص کو رشتے داروں نے ہی فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ مقتول کا آج ولیمہ تھا۔

ملزمان کی شناخت شہزاد، شبیر اور شاہ فہد کے نام سے ہوئی جن میں سے ایک مقتول کا بہنوئی ہے۔ مقتول کے اہل خانہ کے مطابق شادی کی تقریب میں خواتین کی ویڈیو اور تصاویر بنانے پر جھگڑا ہوا جس پر یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔
 
پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے ڈی ایس پی فقیر آباد کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
پشاور: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت کشمیر میں اورمسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے۔
 
پشاورمیں وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام سے کہتا ہوں آپ نے گھبرانا نہیں، تبدیلی کے لیے ہرجگہ پرمزاحمت کا سامنا ہے، اداروں میں اصلاحات پراسٹیٹس کو کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اسٹیٹس کواصلاحات کو سبوتاژکرنے کی کوشش کرے گی، بنگلہ دیش بھی آج پاکستان سے آگے نکل چکا ہے، ترکی اور ملائیشیا نے اصلاحات سے اپنے ممالک کواوپراٹھایا۔
 
وزیراعظم نے کہا کہ اسٹیٹس کونے ہمارے تمام ادارے تباہ کردیے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومتیں 5 سال پورے کرنے کے لیے آتی ہیں لیکن ہم اصلاحات کے لیے آئے ہیں، حکومت کسی صورت اصلاحات سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
 
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت کی امریکا میں لابی بہت طاقتورہے، اووسیزپاکستانی بھی اپنی لابی مضبوط کریں، بھارت کشمیر میں اورمسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے، نریندرمودی ہٹلر کے پیٹرن پر چل رہا ہے، آر ایس ایس کے نظریے پر بی جے پی اپنا نظریہ مسلط کر رہی ہے، 21 ویں صدی میں بھی ہم بھارت میں فاشسٹ اقدامات دیکھ رہے ہیں، بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف سب کھڑے ہوں، بھارت احتجاج سے توجہ ہٹانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کرسکتا ہے۔
 
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں کاروبارکے لیے آسانیاں پیدا کررہے ہیں، بیرون ممالک مقیم پاکستانی بہت بڑی طاقت ہیں، بھارت میں بوتل سے نکلا جن واپس نہیں جائے گا، اس ملک کا مستقبل روشن ہے، 2019 مشکل سال تھا، ہمارا روپیہ مستحکم اورسرمایہ کاری بڑھ رہی ہے جب کہ چین کے ساتھ سی پیک معاہدہ ہماری خوش قسمتی ہے۔
ڈھاکہ: ٹیلی میڈیسن اور آئی سی ٹی کو استعمال کرتے ہوئے عوامی صحت کے مسائل حل کرنے اور نرسوں اور دائیوں (مڈوائف) کی تربیت کرنے والی، پاکستان کی ابھرتی ہوئی اسٹارٹ اپ کمپنی ’ڈاکٹہرز‘ (DoctHERs) نے پاکستان کا نام روشن کرتے ہوئے بین الاقوامی ٹائیگر چیلنج 2019 مقابلے میں تین سرِفہرست کمپنیوں میں سے ایک کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
 
یہ مقابلہ بنگلہ دیش میں منعقد کیا گیا جسے میساچیوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) سولو کے تعاون سے انٹرنیشنل ٹائیگر فاؤنڈیشن نے منعقد کیا تھا۔ بین الاقوامی ٹائیگر چیلنج 2019 کی انٹرنیشنل کیٹگری میں ڈاکٹہرز تین منتخب بہترین کمپنیوں میں شامل رہی۔ اس کے اعتراف میں نہ صرف ڈاکٹہرز کو ایوارڈ دیا گیا ہے بلکہ مجموعی طور پر تین اسٹارٹ اپ میں 20 لاکھ ڈالر تک کی سرمایہ کاری بھی کی جائے گی.
 
ڈاکٹہرز کے ساتھ صاف پانی فراہم کرنے والی ایک کمپنی ’ڈِرنک ویل‘ اور سانس کے نظام کی صحت سے متعلق کمپنی ’فلیکس آرٹیفیشل‘ کو بھی تین بہترین اداروں میں شامل کیا گیا تھا۔
 
پاکستان میں خصوصاً خواتین صحت کے ان گنت مسائل سے دوچار ہیں اور خود کئی خواتین ڈاکٹر ایم بی بی ایس کے بعد اپنی عملی پریکٹس جاری نہیں کرپاتیں۔ ڈاکٹہرز پلیٹ فارم نے ابتدا میں خواتین ڈاکٹروں ٹیلی میڈیسن کے ذریعے مریضوں سے جوڑا اور اس کے بعد آئی سی ٹی استعمال کرتے ہوئے اپنے دائرہ اختیار کو وسعت دی۔
 
اس کے بعد ڈاکٹہرز نے پورے پاکستان میں ٹیلی میڈیسن کی مدد سے نرسوں اور مڈوائف کی تربیت کا آغاز کیا اور اب تک ادارے سے 150 سے زائد خواتین ڈاکٹر وابستہ ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر دس لاکھ سے زائد افرد کو طب و صحت کے کسی نہ کسی شعبے میں علاج کی سہولت دی گئی ہے۔ پورے ملک میں ڈاکٹہرز کے موبائل اور اسمارٹ شفاخانوں کی تعداد 50 سے زائد ہوچکی ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ڈاکٹہرز وہاں کام کررہا ہے جہاں ڈاکٹر نہیں پہنچ پاتے۔ اس طرح اب تک 3000 سے زائد دوردراز گاؤں اور دیہات میں ان کا دائرہ کار وسیع ہوچکا ہے۔
کیلیفورنیا: اگر آپ کے فون میں فیس بک نہیں اور آپ صرف میسنجر استعمال کرنا چاہتے ہیں تو اب اس کے لیے فیس بک اکاؤنٹ لازمی درکار ہوگا۔
 
تاہم اس سے قبل صرف ایک فون نمبر سے ہی میسنجرتک رسائی حاصل کی جاسکتی تھی۔ سوشل میڈیا کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے اب اعلان کیا ہے کہ میسنجر ایپ کے لیے بھی فیس بک اکاؤنٹ یا پروفائل کی معلومات درکار ہوں گی۔
 
اس کی وجہ یہ ہے کہ فیس بک میسنجر پر آنے والے افراد کی بھی مکمل شناخت چاہتا ہے اور اسی وجہ سے میسنجر ایپ کا سلسلہ بھی فیس بک اکاؤنٹ سے ہی وابستہ کردیا گیا ہے۔ ساتھ ہی فیس بک آپ کے سوشل نیٹ ورکنگ پروفائل تک رسائی بھی چاہتا ہے۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق فیس بک نےیہ قدم اس لیے اٹھایا ہے کہ مزید لوگ سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی جانب متوجہ ہوں۔
 
اس سے قبل میسنجرمیں سائن اپ کے لیے صرف فون نمبر درکار تھا۔ فیس بک کی جانب سے نئے اقدام کی پیشگوئی کئی ویب سائٹ نے پہلے ہی کردی تھی۔ دوسری جانب فیس بک نے میسنجر کے لیے فیس بک اکاؤنٹ کی شرط پر اپنا مؤقف دیا ہے کہ وہ میسنجر کو انسٹاگرام اور واٹس ایپ سے جوڑنا چاہتا ہے اور اسی بنا پر یہ تبدیلی کی گئی ہے۔ اس طرح ہر طرح سے پیغامات کو محفوظ بنانے کے لیے یہ اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔

کراچی:  قومی ادارہ برائے امراض قلب کی دوسری منزل پرلگنے والی آگ پرقابو پالیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کراچی میں قومی ادارہ برائے امراض قلب کی دوسری منزل پرشارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ پرقابوپالیا گیا۔ فائربریگیڈ کی دوگاڑیوں نے آگ بجھائی۔ فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ 40 منٹ کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا تاہم عمارت میں پھیلنے والے دھویں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔

ڈاکٹر حمیداللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آگ ایمرجنسی کے آئی سی یو میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، بروقت کارروائی کرتے ہوئے مریضوں کو باہر نکال لیا گیا تھا، تمام مریض خیریت سے ہیں، خطرے کی کوئی بات نہیں جب کہ آگ پربھی قابو پالیا گیا ہے