ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین ٹی 20 سیریز کے لوگو کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔ قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ اسپانسرز نے ہمیشہ پی سی بی کے ہر ایونٹ کیلیے بھرپور ساتھ دیا ہے جس پر ان کے شکر گزار ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی بہتری لانے کیلیے کوشاں ہیں، ٹاپ 4 ریجنز کی ٹیموں کیلیے بھی سپانسرز تلاش کر رہے ہیں، ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان کرکٹ کیلیے بہت بڑا قدم ہے، تنقید برائے تنقید نہ کی جائے، کچھ بھی کہنے یا لکھنے سے پہلے قومی مفاد کو مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون کے میچز کے انعقاد کیلیے بہت مشکلات تھیں، سکیورٹی ٹیم کو مطمئن کرنا بڑا چیلنج تھا، بین الاقوامی پلیئرز کی بہت سی ڈیمانڈز ہیں، کرکٹرز اور بورڈز کے مسائل رہے، ورلڈ الیون کیلیے مختصر وقت میں متوازن ٹیم بنانا تھی جس میں زیادہ سے زیادہ ممالک کے صف اول کے پلیئرز شامل ہوں۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد)نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں شریف خاندان کے خلاف 3 اور اسحاق ڈار کے خلاف ایک ریفرنس منظوری کےلیے پیش کردیا گیا۔ میڈیاذرائع کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس جاری ہے جس کی صدارت چیئرمین قمر زمان چوہدری کر رہے ہیں ذرائع کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 4 ریفرنس پیش کیے گیے ہیں، جن میں شریف خاندان کے خلاف 3 اور اسحاق ڈار کے خلاف ایک ریفرنس شامل ہیں۔ نیب نے چاروں ریفرنس سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے تیار کیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد یہ ریفرنسز مختلف شہروں کی احتساب عدالتوں میں دائر کردیئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ شریف فیملی اور اسحاق ڈار کے خلاف پاناما ریفرنسز عدالت بھجوانے کے لئے نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس گزشتہ دن ہونا تھا تاہم ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر اجلاس ایک دن کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔
ایمزٹی وی(راولپنڈی)جنرل ہیڈ کوارٹرمیں یوم دفاع کی پر وقارتقریب کی بھرپور کوریج کرنے پر آرمی چیف نےمیڈیا کا شکریہ ادا کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ریاستی پالیسیوں کو فروغ دینے میں میڈیا کا اہم کردار ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم کی تعمیر و ترقی میں میڈیا نمایاں طور پر حصہ لیتا ہے، یوم دفاع پر بھرپور کوریج کرنے پر میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز یوم دفاع پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں متعدد تقریبات منعقد ہوئیں جن میں ملک و قوم کی خاطر فوجی جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ یوم دفاع کے موقع پر میڈیا نے ذبردست کوریج کی اور جوانوں کی قربانیوں کو اجاگر کیا۔
ایمز ٹی وی (تجارت)سونے کی قیمتوں میں بدھ کو بھی اضافہ ہوا اور تولہ قیمت 52 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی۔ سونے کی عالمی قیمت بڑھنے کی وجہ سے گزشتہ روز مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی تولہ قیمت 800 روپے کے مزید اضافے سے 52ہزار 200 روپے تک پہنچ گئی جبکہ 10 گرام قیمت742 روپے بڑھ کر 44 ہزار 742 روپے پر پہنچ گئی، بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت مزید 9 ڈالر کے اضافے سے 1339 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی جو کم وبیش ایک سال کی بلند ترین سطح ہے۔ بدھ کو چاندی کی مقامی قیمتیں عالمی نرخ بڑھ جانے کے باوجود برقرار رہیں، مقامی مارکیٹ میں چاندی کی تولہ قیمت 750 اور 10گرام 642.85 روپے رہی، بین الاقوامی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت 5 سینٹ کے معمولی اضافے سے 17.90 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے ہائیڈروجن بم دھماکے کے بعد مزید میزائل تجربے کرنے کے انتباہ اور امریکا کی جانب سے خطرے کی صورت میں فوجی کارروائی کی دھمکی دینے کے بعد سے سرمایہ کار اپنے سرمائے کو محفوظ بنانے کے لیے سونے میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، سونے کی طلب بڑھنے سے قیمتیں بھی اوپر کی جانب جا رہی ہیں۔
ایمزٹی وی(لاہور) بینظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔میڈیا ذرائع کے مطابق سابق سی پی اوسعود عزیز اور سابق ایس پی خرم شہزاد نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں اپیلیں دائر کی ہیں جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ انسدادد ہشتگردی کی عدالت نے ان کی طرف سے پیش کیے جانے والے شواہد کو نظر انداز کیا، انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا غیر قانونی ہے لہذا سزاؤں کو کالعدم قرار دیا جائے اور انہیں بری کیا جائے۔ واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اڈیالہ جیل میں بے نظیر قتل کیس میں سابق سی پی او سعود عزیز اور ایس پی خرم اشفاق کو 17، 17 سال قید کی سزا سنائی تھی جب کہ عدالت نے پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے سابق صدر کو اشتہاری قرار دیا تھا، عدالت نے کیس میں ملوث دیگر پانچوں ملزمان کو باعزت بری کر دیا تھا جن میں رفاقت، حسنین، رشید احمد، شیر زمان اور اعتزاز شاہ شامل ہیں۔