جمعہ, 17 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (لاہور)واہگہ اور گنڈا سنگھ والا بادڑپر قومی پرچم اتارنے کی تقریب میں فضا نعرہ تکبیر کے نعروں سے گونج اٹھی،عوام کاجو ش و خروش دیکھنےکےقابل تھا
ملک بھر میں آج 52واں یو م دفاع بھر پور ملی جوش و جذبے سے منا یا جا رہا ہے ،واہگہ اورگنڈا سنگھ والا بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی پروقار تقریب جا ری ہے ،جس میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے ،جن کا جوش و جزبہ دیدنی ہے ۔پوری فضا میں پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے فلگ شگاف نعرے گونج رہے ہیں۔پریڈ دیکھنے آنے والوں میں بچے ،بوڑھے،جوان اور خواتین سب شامل ہیں،جو پنڈا ل میں قومی پرچم لہرا رہے ہیں۔
پریڈ میں رینجرز کی جوانوں کا رعب و دبددبہ ملک دشمنوںکے لئے ایک واضح پیغام ہے کہ یہ قوم ایک ہے اوراپنے ملک کا دفاع میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

 

 

ایمزٹی وی (لاہور)یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں تقاریب کا سلسلہ جاری ہے اور شہدا کی یادگاروں پر پھول بھی چڑھائے جا رہے ہیں۔ دشمن کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرکے نشانِ حیدر پانے والے شہدا کے مزاروں پر خصوصی تقاریب بھی منعقد کی گئی ہیں جہاں اعلیٰ سول و فوجی حکام کے علاوہ عام لوگوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہو رہی ہے۔
1971 میں جام شہادت نوش کرکے نشانِ حیدر پانے والے میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر بھی خصوصی تقریب ہوئی جس میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ راحیل شریف نے شہید کے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ، اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی دی۔ اس کے علاوہ میجر شبیر شریف شہید کے بیٹے تیمور اور خاندان کے دیگر افراد نے بھی شہید کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
واضح رہے کہ میجر شبیر شریف شہید سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کے بڑے بھائی تھے، انہوں نے 1971 کی جنگ میں بھارت کے خلاف جنگ میں دشمن کے چھکے چھڑا دیے اور جام شہادت نوش کیا، جس پر انہیں سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔
 

 

 

ایمزٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک)حال ہی میں پیناسونک کمپنی نے ایک چھوٹا چلنے پھرنے والا فریج متعارف کرایا ہےجو ایپ یا آواز کے حکم پر آگے بڑھ کر آپ کو پسندیدہ مشروبات اور کھانے کی اشیا پہنچاسکتا ہے۔
پینا سونک کے اسمارٹ ریفریجریٹر کا عملی مظاہرہ حال میں جرمنی میں ایک ٹیکنالوجی نمائش میں کیا گیا ہے۔ یہ فریج آرام سے باورچی خانے کے ایک کونے میں سمائے رہتا ہے اور آپ اسے جب بلاتے ہیں تو یہ دھیرے دھیرے آگے بڑھتا ہے آپ کے پاس پہنچ جاتا ہے۔
اس میں نصب اسمارٹ کیمرہ 15 سینٹی میٹر آگے تک دیکھ سکتا ہے اور از خود کمرے کا نقشہ بناکر رکاوٹوں کو نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھتا رہتا ہے۔ اس کے علاوہ ایک مخصوص ایپ سے بھی یہ مکمل طور پر کنٹرول ہوسکتا ہے۔ پورے گھر کو سمجھنے کے بعد یہ ازخود مڑتا ہے اور اپنے مقام تک پہنچ جاتا ہے۔ اس میں نصب بیٹری اس کے تمام کاموں کو کنٹرول کرتی ہے اور جب بیٹری ختم ہونے لگتی ہے تو فریج ازخود اپنے جارچنگ اسٹیشن سے جاکر منسلک ہوجاتا ہے۔ اس کی دوسری اہم بات یہ ہے کہ اس کے اندر موجود اشیا کی تفصیل سے یہ اچھی طرح واقف رہتا ہے۔

 

ایمزٹی وی(تجارت) قطر پر سعودی عرب سمیت 4 عرب ممالک کی پابندیوں کے نتیجے میں پاکستانیوں کی چاندی ہوگئی ہے۔ 4 عرب ممالک کی جانب سے قطر پر سمندری، زمینی اور فضائی پابندیاں عائد کرنے کے باعث قطری حکومت نے دیگر ایشیائی ممالک سے تجارتی تعلقات بہتر بنانے شروع کردیے جن میں پاکستان سرفہرست ہے۔ سرکاری قطری کمپنی میلاہا نے رواں ہفتے سے کراچی تا دوحہ تیز رفتار براہ راست بحری سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پہلا بحری جہاز قطر کی حماد پورٹ سے چار روز کا سفر طے کرنے کے بعد 11 ستمبر پیر کے روز کراچی پہنچے گا۔ میلاہا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم تاجروں، برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لیے قطر اور ایشیا کی اہم مارکیٹوں کے درمیان کاروبار کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس سے پہلے کراچی سے شپمنٹس دبئی جاتی تھیں تاہم اب براہ راست دوحہ جائیں گی۔ قطر پاکستان سے کھانے پینے کی اشیا خریدے گا جبکہ پیٹروکیمیکلز مصنوعات فروخت کرے گا۔ پاکستانی تاجروں نے اسے زبردست اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ قطر سے کاروبار میں اضافہ ہوگا۔ اعداد و شمار کے مطابق 2017 کی پہلی سہہ ماہی میں قطر نے پاکستان سے 2 کروڑ ڈالر کی اشیا خریدیں اور اسے 35 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی مصنوعات بشمول ایل این جی فروخت کی۔ واضح رہے کہ سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام لگا کر اس سے تمام سفارتی و تجارتی تعلقات منقطع کرلیے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (انٹرٹینمنٹ) نامور پاکستانی اداکار ہمایوں سعید کا کہنا ہے کہ انہیں بالی ووڈ میں کرینہ کپور بہت پسند ہیں اور اگر انہیں موقع ملا تو وہ کرینہ کپور کے ساتھ فلموں میں کام کرنا چاہیں گے۔ پاکستان شوبز انڈسٹری کے صف اول کے اداکار ہمایوں سعید ان دنوں اپنی فلم ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ کی کامیابی کاجشن منارہے ہیں، عید کے موقعے پر ریلیز ہونے والی فلم ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ میں ہمایوں سعید کے علاوہ مہوش حیات اور عروہ حسین نے مرکزی کردارادا کیے ہیں۔ ایک انٹرویو کے دوران فلم کی کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ پنجاب نہیں جاؤں گی کی پوری ٹیم نے فلم کو بنانے میں کڑی محنت کی تھی جس کا ہمیں بہت اچھا نتیجہ حاصل ہوا ہے، فلم کو شائقین کی جانب سے بے حد پزیرائی مل رہی ہے، لوگ ہمیشہ اچھی اورمعیاری فلمیں دیکھنا پسند کرتے ہیں اورہماری فلم میں یہ سب کچھ موجود ہے۔ پاکستان کی تقریباً تمام بڑی اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنے والے اداکارہمایوں سعید سے جب پوچھا گیا کہ اب وہ مزید کس اداکارہ کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ وہ کرینہ کپورخان کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔ ہمایوں نے مزید کہا کہ کرینہ بہت اچھی اور باصلاحیت اداکارہ ہیں ، کرینہ کے علاوہ انہوں نے بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف کے ساتھ بھی کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کترینہ بے انتہا خوبصورت ہیں جب کہ ایشوریا رائے بھی اس فہرست میں شامل ہیں، ایشوریا رائے کی آنکھیں بہت خوبصورت ہیں لہٰذا اگر انہیں موقع ملا تو وہ ان تین اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنا چاہیں گے۔ واضح رہے کہ عید الضحیٰ کے موقعے پر پاکستان کی دو بڑی فلمیں ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ اور ’’نامعلوم افراد2‘‘ ریلیز ہوئی تھیں، دونوں فلمیں ریلیز کے ابتدائی دنوں میں مجموعی طور پر 8 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی تھیں۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پی آئی اے کے لیے عنقریب بیل آئوٹ پیکج کا اعلان کریں گے اس کے لیے وہ وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے منظوری لیں گے۔ پی آئی اے کا بیل آئوٹ پیکج کم وبیش 20 ارب روپے کا ہوگا اور یہ خطیر رقم پی آئی اے کو متعدد مراحل میں ملے گی۔ اس بیل آئوٹ پیکج کی رقم سے پی آئی اے نصف درجن کے لگ بھگ جدید مسافر بردار طیارے 6سے 8سال کی ڈرائی لیزپر حاصل کرے گی۔ اسی پیکج سے پی آئی اے کے زیراستعمال طیاروں کے لیے ضروری اوریجنل سپیئر پارٹس اور ایکوئپمنٹ خریدے گی جبکہ قومی ایئر لائن میں سٹیٹ آف دی آرٹ آئی ٹی انفراسٹرکچر بھی ڈویلپ کیا جائے گا۔ پی آئی اے کے پاس اس وقت 37 طیارے ہیں جن میں سے ویت نام ایئر لائن سے مختصر ویٹ لیز پر حاصل کئے گئے 4 طیارے 31 اکتوبر تک واپس کر دیئے جائیں گے۔ اس کے نتیجے میں پی آئی اے کے زیراستعمال طیاروں کی تعداد 33 رہ جائے گی ان میں سے ایک بوئنگ777 طیارہ ،ایک ایئر بس اے320 طیارہ، ایک اے ٹی آر طیارہ نارمل اوورہالنگ اور ٹیسٹ کے لیے فی الحال گرائونڈ ہیں۔ یہ تینوں طیارے اے کیٹگری کے ٹیسٹوں کے لیے ایک ہفتے تک گرائونڈ ہیں جو آئندہ ہفتے پی آئی اے کے زیراستعمال میں آجائیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی (انٹرٹینمنٹ) ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بننے والی بھارتی فلم ’گل مکئی‘ کا پوسٹر سوشل میڈیا پر جاری کردیا گیا۔ لڑکیوں کی تعلیم اور انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والی پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر مبنی فلم پوسٹ پروڈکشن کے مرحلے میں ہے جس کی ہدایت کاری امجد خان دے رہے ہیں جب کہ فلم میں ملالہ کا کردار بھارتی چائلڈ اسٹار ریم شیخ ادا کر رہی ہیں، فلم اسٹار دیویا دت اور آنجہانی بھارتی اداکار اوم پوری فلم کے نمایاں کرداروں میں شامل ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کے پروڈیوسر آنند کمار کا کہنا ہے کہ اوم پوری کی آواز میں ریکارڈ کیا ہوا گانا بھی فلم میں شامل ہے جو اُن کی یادوں کو تازہ کر دے گا جب کہ ریم شیخ نے کہا کہ وہ ملالہ کا کردار نبھاتے ہوئے بہت نروس تھیں کیونکہ ملالہ یوسف زئی عالمی شہرت کی حامل شخصیت ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم)سربراہ انصار الشریعہ ڈاکٹرعبداللہ ہاشمی نے تحقیقات کے دوران سنسنی خیزانکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انصارالشریعہ نے 2015 کے آخرمیں تنظیم کاآغازکیا، ان کا گروپ 10 سے 12 اعلیٰ تعلیم یافتہ لڑکوں پر مشتمل ہے،تمام لڑکے کراچی یونیورسٹی،این ای ڈی،داؤدیونیورسٹی سے تعلیم یافتہ ہیں اورافغانستان کے علاقے شراوک سے تربیت لےکرآئے ہیں. میڈیا کے مطابق ڈاکٹر عبداللہ ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ ہلاک ملزم حسان عرف ولیدکی عمر 27سال اور وہ گلزارہجری کارہائشی تھا،حسان الیکٹریکل انجینئرتھااوراین ای ڈی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کررہاتھا۔ سربراہ انصار الشریعہ نے بتایا کہ القاعدہ سے الحاق کےلئے عبداللہ بلوچ سے رابطہ کیاگیااورسپورٹ کرنے کی درخواست کی گئی جس پر عبداللہ بلوچ نے اپنی مددآپ کے تحت کام کرنے کوکہا، عبداللہ ہاشمی نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ عبداللہ بلوچ 2012 میں کراچی میں تھا،2012میں چھاپے کے دوران عبداللہ کے ٹھکانے سے اسلحہ اوربارودملاتھاجس کے بعد وہ افغانستان فرارہوگیا،سربراہ انصار الشریعہ نے انکشاف کیا کہ کرا چی میں اپنے آپ کومنوانے کیلئے پولیس کی ٹارگٹ کلنگ کی۔

 

 

ایمزٹی وی (لاہور)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم کسی ملک میں مداخلت نہیں چاہتے اور نہ اس بات کی اجازت دے سکتے ہیں کہ پاکستان کی جغرافیائی حدود میں مداخلت کی جائے، قوم دفاع پاکستان کے لیے متحد ہے اور پاکستان کی مسلح افواج طاقتور اور منظم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برما میں مسلمانوں پر جو قیامت توڑی جارہی ہے اس کو بند کیا جائے، برمی مسلمانوں کی آواز عالمی فورم پر پہچانے کے لیے حکومت اپنا کردار ادا کرے گی۔
سعد رفیق نے کہا کہ آج یہاں نواز شریف نے شہدا کی یادگار پر چادر چڑھانی تھی تاہم وہ اہلیہ کی بیماری کی وجہ سے ملک سے باہر ہیں، (ن) لیگ دہشت گردی کی جنگ میں اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے، سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور قربانیاں دے رہے جب کہ (ن) لیگ شہدا کی عظمت کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ شہدا کی عظمت کو سلام پیش کرتی ہے، پاکستان کے دشمن سن لیں دفاع پاکستان کے لیے پوری قوم متحد ہے جب کہ پاکستان کو ڈو مور کی ہدایت کرنے والے ہماری قربانیوں کا اعتراف کریں۔
سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے پاک فوج طاقتور فوج ہے لہذا جغرافیائی حدود کی طرف میلی نظر دور رکھی جائے، امریکی فوج کو افغانستان سے واپس جانا ہوگا، وہاں لوگ اپنے مسائل خود حل کر سکتے ہیں جب کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہ ملنے تک امن ایک خواب رہے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(میانمار) نوبل انعام یافتہ میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی نے اپنے جاری کردہ بیان میں انتہائی ڈھٹائی اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روہنگیا مسلمانوں پر جاری مظالم کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ برمی حکومت ریاست راکھائن میں ہر شخص کو تحفظ فراہم کررہی ہے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان سے فون پر گفتگو میں سوچی نے مسلمانوں پر ریاستی تشدد کی تردید کی۔ آنگ سان سوچی نے مظالم کے تمام ثبوت، ویڈیوز، تصاویر، اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کے بیانات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں پر مظالم سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں جس کی وجہ سے مختلف برادریوں کے درمیان مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔
سوچی نے برمی فوج کی ریاستی دہشت گردی پر آنکھیں بند کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کی خبروں سے دہشت گردی بڑھے گی جو جلتی پر تیل کا کام کریں گی۔ ترک صدر اردوان نے سوچی سے بات چیت میں روہنگیا مسلم اقلیت کے خلاف طاقت کے بے جا استعمال کو روکنے اور عام شہریوں کو نقصان پہنچانے سے باز رہنے کا کہا۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق دو ہفتوں میں سوا لاکھ روہنگیا مسلمان میانمار سے ہجرت کرکے بنگلہ دیش منتقل ہوچکے ہیں، جب کہ برمی فوج کے ہاتھوں سیکڑوں افراد شہید اور ہزاروں زخمی ہیں۔