ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی سائنسدانوں نے ایک ایسا طبی کیمرہ تیار کر لیا ہے جس کی مدد سے انسانی جسم کے اندر کا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یونیورسٹی آف ایڈنبرگ کے شعبہ مالیکیولر امیجنگ اینڈ ہیلتھ کیئر ٹیکنالوجی کے پروفیسر کیف دھالیوال کا کہنا ہے کہ اس کیمرے کی تیاری طب کے شعبے میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیوں اس کی مدد سے باآسانی انسانی جسم کے اندر دیکھا جا سکے گا۔ پروفیسر کیف دھالیوان نے بتایا کہ اس کیمرے کو تیار کرنے کا بنیادی مقصد انسانی جسم کے اندرونی اعضاء کے معائنے میں ڈاکٹرز کی معاونت کرنا ہے۔ ان کے مطابق عام طور پر انسان کے اندرونی اعضاء کے معائنے کے لیے ڈاکٹرز مختلف طبی آلات جسم کے اندر داخل کرتے ہیں جسے اینڈواسکوپی کہا جاتا ہے تاہم ان کے لیے یہ پتہ لگانا مشکل ہوتا ہے کہ وہ آلہ کہاں تک پہنچا اور اس کی پوزیشن کیا ہے۔ اینڈواسکوپی کے دوران پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ڈاکٹرز کو ایکس رے اور دیگر مہنگے طریقے استعمال کرنے پڑتے ہیں۔ تاہم اب اس نئے کیمرے کی مدد سے ڈاکٹرز اینڈواسکوپی کے دوران آلے کی بالکل درست پوزیشن سے فوری طور پر واقف ہو سکیں گے اور بہتر طریقے سے مریض کا معائنہ مکمل کر سکیں گے۔ یہ کیمرہ عام حالات میں 20 سینٹی میٹر کی بافت کے اندر موجود روشنی کا پتہ لگا سکتا ہے اور چونکہ ایندواسکوپی میں استعمال ہونے والی ٹیوب میں لائٹس لگی ہوتی ہیں لہٰذا یہ کیمرہ ٹیوب کی پوزیشن کا فوری طور پر پتہ لگا لیتا ہے۔ واضح رہے کہ سائنسدان پھیپھڑوں سے متعلق بیماریوں کی تشخیص اور ان کے علاج کے لیے جدید آلات تیار کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور یہ کیمرہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
ایمزٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک)آسٹریلوی ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ صبح سویرے صرف چڑیاں ہی نہیں چہچہاتیں بلکہ پانی میں مچھلیاں بھی ایک ساتھ مل کر آوازیں نکالتی ہیں جنہیں مچھلیوں کی چہچہاہٹ سے تشبیہ دی جاسکتی ہے۔ اب تک خشکی اور پانی میں پائے جانے والے جانوروں کی 800 سے زیادہ ایسی انواع دریافت ہوچکی ہیں جو خاص طرح کی آوازیں نکال کر آپس میں باتیں کرتی ہیں، ایک دوسرے کو دھمکیاں دیتی ہیں، مدد کے لیے پکارتی ہیں اور اپنے مُردوں کا ماتم تک کرتی ہیں لیکن یہ پہلا موقعہ ہے جب مچھلیوں کا زیرِ آب ’’چہچانا‘‘ دریافت کیا گیا ہے۔ کرٹن یونیورسٹی پرتھ میں ماہرینِ حیاتیات نے 18 ماہ تک مچھلیوں کی مختلف اقسام کا مطالعہ کیا اور دریافت کیا کہ صبح طلوع آفتاب اور شام میں سورج غروب ہوتے وقت مچھلیاں ایک ساتھ مل کر (پانی کے اندر) خاص آوازیں پیدا کرتی ہیں جیسے سورج کی آمد و رخصت کا اعلان کررہی ہوں۔ پانی میں ہونے کی وجہ سے ان کی آوازیں ایسے لگتی ہیں جیسے مکھیاں بھنبھنا رہی ہوں۔ مطالعے کے دوران انہوں نے ایسی 7 آوازیں ریکارڈ کیں جن میں زیرِ آب ایک ساتھ (یعنی کورس میں) چہچہاتی ہوئی مچھلیوں کی آوازیں صاف سنی جاسکتی ہیں۔ مثلاً کلاؤن فش کی آواز جھینگر کی جھائیں جھائیں سے مماثلت رکھتی ہے جب کہ اوئسٹر ٹوڈفش کہلانے والی مچھلیوں کی آواز مینڈک کی ٹرٹراہٹ سے مشابہت رکھتی ہے۔ ان میں سے بعض مچھلیاں اپنے دانٹ کٹکٹاتی ہیں جب کہ کچھ اقسام کی مچھلیاں آوازیں پیدا کرنے کے لیے پھیپھڑوں کا استعمال کرتی ہیں۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آئندہ سال دورہ انگلینڈ کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ گرین کیپس مختصر ٹور میں 2 ٹیسٹ میچ کھیلیں گے، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی پریس ریلیز کے مطابق پہلا ٹیسٹ 24 مئی سے لارڈز میں شروع ہوگا، دوسرے کا آغاز یکم جون کو ہیڈنگلے میں ہوگا۔ واضح رہے کہ 2016 میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز 2-2 سے برابر رہی تھی جبکہ ون ڈے سیریز میں گرین شرٹس کو 4 میچز میں شکست ہوئی اور صرف ایک میں کامیابی حاصل ہوسکی۔
ایمزٹی وی(شیامین)بھارت نے چین سے تعلقات میں بہتری کے لیے سرحد پر امن کو ضروری قرار دے دیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین سے بہتر تعلقات کیلیے سرحدوں پر امن قائم کرنا لازمی شرط ہے۔
چین کے شہر شیامین میں برکس ممالک کے اجلاس کے موقع چینی اور بھارتی وزیراعظم کے درمیان ملاقات کے بعد بھارتی وزارت خارجہ نے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ صدر شی جن پنگ اور نریندر مودی کے درمیان ملاقات تعمیری رہی، دونوں رہنماؤں نے اختلافات کو تنازع نہ بننے دینے پر اتفاق کیا اور باہمی اعتماد بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی،
تاہم انسداد دہشتگردی معاملے پر بات نہیں ہوئی۔ بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ چینی اور بھارتی وفود کی ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں سرحدی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس )بھارتی ون ڈے کپتان ویرات کوہلی نے سری لنکا کیخلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں 330 رنز بنا کر ون ڈے کرکٹ کی رینکنگ میں اپنی ٹاپ پوزیشن مزید مضبوط کرلی۔ ٹی ٹوئنٹی میں بھی سرفہرست پوزیشن کے مالک بھارتی بیٹسمین نے آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کیخلاف اپنی بارہ پوائنٹس کی برتری کو 26 تک پہنچا دیا اور مجموعی طور پر 887 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سب سے بہترین بھارتی بیٹسمین بھی قرار پائے اور اسی دوران انہوں نے سچن ٹنڈولکر کا سابقہ ریکارڈ بھی برابر کر دیا جو 1998ء میں 887 ریٹنگ پوائنٹس کے مالک بنے تھے ۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹیمنٹ) بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف نئی آنے والی فلم ریس 3 میں مرکزی اداکار نبھانا چاہتی تھیں جس کے لیے ان کا نام بھی لیا جارہا تھا تاہم اب وہ فلم کی کاسٹ سے باہرہوگئیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ میں نئی آنے والی فلم ریس 3 میں سلمان خان تومرکزی کردارادا کرہی رہے ہیں تاہم مرکزی اداکارہ کے لیے اداکارہ جیکولن فرنانڈس کا نام فائنل کیا گیا ہے جب کہ اس سے قبل اداکارہ کترینہ کیف کا نام سامنے آرہا تھا۔ کترینہ کیف کا نام فلم ریس 3 کی کاسٹ سے اس لیے نکالا گیا کیونکہ سلمان خان ان کے ساتھ نئی آنے والی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ میں جلوہ گرہوں گے جس کے بعد سلو میاں نہیں چاہتے کہ ایک ہی وقت میں کترینہ کے ساتھ دودوفلموں میں کام کریں۔ اس حوالے سے میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کترینہ اپنا نام فلم کی کاسٹ سے جوڑنے پربہت غصہ ہوئیں ہیں جب کہ انہوں نے فلم کا مرکزی کردارنبھانے کی باتوں کی بھی تردید کردی ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ اس طرح کی میڈیا رپورٹس من گھڑت اورجھوٹی ہیں کہ میں فلم میں مرکزی کردار ادا کرنا چاہتی تھی، میں ایک پروفیشنل اداکارہ ہوں جب کہ ہرمعاملے میں میرا نام گھسیٹا بہتر نہیں۔ اداکارہ کے دفاع میں مزید کہا گیا کہ وہ بہت محنتی اداکارہ ہیں جو آج کل اپنی نئی آنے والی فلموں کے پراجیکٹس میں بہت مصروف ہیں۔
ایمزٹی وی (کراچی)سندھ ہائیکورٹ میں مردم شماری کےنتائج کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ عدالتی کمیشن کی زیرِنگرانی مردم شماری کرائی جائے۔ سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں چیئرمین مشترکہ مفادات کونسل، سیکرٹری وزارت اعدادوشمار اور چیف سیکرٹری سندھ کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ مردم شماری کے سرکاری نتائج کسی طور پر دُرست نہیں جب کہ زبان، نسل اور مذہب کی بنیاد پر حقوق سلب نہیں ہونے چاہئیں۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی کمیشن کی زیرِنگرانی مردم شماری کرائی جائے اور مردم شماری کے نتائج پر عدالتی فیصلے تک عام انتخابات نہ کرائے جائیں جب کہ مشترکہ مفادات کونسل کا مستقل سیکریٹریٹ قائم کرکے مردم شماری کرائی جائے۔