جمعہ, 17 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (مانیٹنگ ڈیسک)والدین کو بچوں کے کپڑے خریدنے کی پریشانی سے چھٹکارا مل گیا بچوں کے لیے ہر چند ماہ بعد کپڑوں کے بارے میں فکرمند رہتے ہیںجس کی وجہ سے ایک جانب تو اس میں وقت ضائع ہوتا ہے تو دوسری جانب مہنگے کپڑے خریدنے میں مشکل پیش آتی ہے۔
لیکن اب پیٹٹ پلی نامی ایک کمپنی نے ایسا اسمارٹ لباس بنایا ہے جسے ایک مرتبہ خریدنے کے بعد دو سال تک بچوں کے لیے دوسرا لباس خریدنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
پیٹٹ پلی کے مطابق پیدائش کے دو سال تک بچے سات مرتبہ جسامت بڑھاتے ہیں اور ان کے لیے سات مرتبہ کپڑے خریدنے پڑتے ہیں۔ اس کمپنی نے جو لباس بنایا ہے وہ 4 سے 36 ماہ تک کے بچوں کے لیے فٹ بیٹھتا ہے۔
کمپنی کے سربراہ ریان ماریو یاسین پیشے کے لحاظ سے انجینیئر ہیں اور انہوں نے کہا کہ بچے کو بار بار نیا سائز پہنا کر ہم زمین کے وسائل خرچ کر رہے ہیں اور دوسری جانب آبادی اس پر بڑی رقم خرچ کرتی ہے۔ ان کا تیار کردہ لباس واٹر پروف، ہوا پروف، پائیدار اور بار بار دھونے کے قابل ہے۔
اس لباس کے اندر خاص لچکدار مٹیریل شامل کیا گیا ہے اور جب انہیں کھینچا جاتا ہے تو کپڑا پتلا ہونے کی بجائے موٹا ہو جاتا ہے اور یہ خاصیت بلٹ پروف لباسوں میں پائی جاتی ہے۔ اس ایجاد کو برطانیہ میں جیمز ڈائسن ایوارڈ دیا گیا ہے اور اب سالانہ ڈیزائن مقابلے کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔ تاہم کمپنی اپنی مصنوعات کو مارکیٹ میں لانا چاہتی ہے خواہ وہ مقابلہ جیتے یا ہارے۔
تصاویر میں لباس کا ایک ماڈل دکھایا گیا ہے لیکن اگلے مرحلے میں لباس کو مزید خوبصورت، آرام دہ اور دیدہ زیب بنایا جائے گا۔ اسطرح امید ہے کہ شیر خوار بچوں کے لیے بار بار کپڑے خریدنے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔

 

 

ایمزٹی وی (آستانہ)صدرمملکت ممنون حسین اور ترک صدر رجب طیب اردگان نے آستانہ میں او آئی سی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لئے صدر مملکت ممنون حسین ان دنوں قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں موجود ہیں جہاں انہوں نے کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔
آستانہ میں صدر مملکت ممنون حسین کی ترک صدر رجب طیب اردگان کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں دونوں سربراہان نے پاک ترک دیرینہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار اور تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا اعادہ کیا۔
دفترخارجہ کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ امور، خطے کی موجودہ صورتحال بالخصوص افغانستان اور میانمار میں پیدا ہونے والے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں پاکستان کے پرامن کردار کو سراہتے ہوئے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ترکی افغانستان میں امن کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی) اربوں روپے کی کرپشن اوردہشت گردوں کی سہولت کاری کے مقدمات میں نامزد ڈاکٹرعاصم حسین جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز ای کے 601 سے علاج کے لیے لندن روانہ ہوگئے ہیں۔ ڈاکٹرعاصم کا نام سپریم کورٹ کے حکم کے بعد ای سی ایل سے نکال دیا گیا تھا۔
ڈاکٹرعاصم کے خلاف کرپشن اور دہشتگردوں کے علاج کے کیسز زیرِ سماعت ہیں تاہم شیڈول کے مطابق وہ 7 اکتوبر کو وطن واپس لوٹیں گے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹرعاصم کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن اوردہشت گردوں کی سہولت کاری کے الزام ہیں تاہم اس وقت وہ ضمانت پرہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی) شہر قائد میں تین ماہ کے دوران 55 افراد سمندر کی بے رحم لہروں کی نذر ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی کے ساحلی علاقوں میں 3 ماہ کے دوران سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 55 ہوگئی ہے۔ ایدھی ویلفیئر کے مطابق ہاکس بے کے سمندر میں سب سے زیادہ 40 شہری ڈوبے، جب کہ منوڑا، حب ڈیم اور گڈانی میں 15 افراد سمندر کی لہروں کی نظر ہوگئے۔
ایدھی کے لائف گارڈز نے امدادی کارروائیوں کے دوران 14 شہریوں کو ڈوبنے سے بچایا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ہی ہاکس بے پر سعودی ڈپٹی قونصل جنرل کے بیٹے سمیت 3 افراد نہاتے ہوئے ڈوب کر ہلاک ہوگئے تھے، جب کہ 2014 میں کلفٹن کے ساحل پر عید کے روز 60 افراد ڈوب گئے تھے۔

 

 

ایمزٹی وی (بنوں)جماعت اسلامی نے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے میانمار کے سفیر کو ملک بدر اور سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی نے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف بنوں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شرکا نے میانمار حکومت کیخلاف نعرے لگائے اور مسلمانوں پر مظالم بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ پاکستان کی کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے برما اور کشمیر کے مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں، بے حس حکمرانوں نے امریکا کے خوف کے باعث میانمار کے سفارتحانے کے ارد گرد رکاوٹیں کھڑی کردیں۔
مظاہرین نے حکومت سے میانمار کے سفیر کو ملک بدر اور سفارتی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میانمار میں مسلمانوں پر بدترین ظلم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، طاغوتی قوتیں چن چن کر مسلمانوں کی نسل کشی کر رہے ہیں اور اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اانٹرنیشنل)صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند صدیوں سے مسلم دنیا علمی شعبے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دے سکی تاہم اسلامی دنیا کا سیاسی، سماجی، اقتصادی اور سائنس کے شعبے میں ترقی کرنا ضروری ہے۔
سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق او آئی سی کے سربراہ اجلاس میں خطاب کے دوران صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند صدیوں سے مسلم دنیا علمی شعبے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دے سکی، اسلامی دنیا کو نہ صرف سیاسی، سماجی اور اقتصادی شعبے میں خود کفالت اختیار کرنا ضروری ہے بلکہ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کرنا بھی ضروری ہے جب کہ فیصلوں پر عملدرآمد سے مسلم دنیا کامیاب رہے گی۔
صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ دکھ ہے ہم دنیا سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں، سائنس کی حیرت انگیز ترقی کے باعث دنیا تبدیل ہو رہی ہے، عمرانی علوم میں بھی تحقیق کی ضرورت ہے، مسلم دنیا کی ترقی و خوشحالی، آنے والی نسلوں کے لیے ضروری ہے اور پاکستان اس معاملے میں اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کرے گا۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) ورلڈ الیون کی آمد سے قبل پریکٹس میچ کے دوران عماد وسیم الیون نے سرفراز الیون کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ الیون کے ساتھ ٹاکرے سے پہلے قوم ٹیم کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ ایل سی سی اے گراﺅنڈ میں قومی ٹیم پریکٹس میچ کھیل رہی ہے جس میں چیمپیئن کپتان سرفراز احمد اور عماد وسیم کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں۔ عماد وسیم الیون نے پریکٹس میچ کی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، اور اب تک اس کے تین کھلاڑی آﺅٹ ہوچکے ہیں۔
پریکٹس میچ اور ورلڈ الیون کی آمد کے پیش نظر قذافی اسٹیڈیم کی سکیورٹی انتہائی سخت رکھی گئی ہے اور پولیس کی بھاری نفری اسٹیڈیم کے اطراف تعینات ہے جبکہ سیف سٹی پراجیکٹ کے کیمروں کے ذریعے بھی سٹیڈیم کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ شائقین پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے منتظر تھے امید ہے آزادی کپ سے پاکستان میں عالمی کرکٹ کے دروازے کھلیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھاکہ ورلڈ الیون کیخلاف پاکستانی ٹیم کی کوچنگ میرے لئے اعزاز ہے ،ہم سیریز کو ہلکا نہیں لے رہے جیتنے کی کوشش کریں گے،ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ ہم 2019ورلڈ کپ پربھی فوکس کررہے ہیں،ورلڈ الیون کےخلاف سیریزہمارے لئے بہت اہم ہے اورٹی 20 سیریز سے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا پتہ چلے گا۔

 

 

ایمزٹی وی (ترکی)ترکی کے ہیکرز نے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے میانمار کی متعدد ویب سائٹس ہیک کرلیں۔
 
میانمار حکومت کے مطابق ترکی کے ہیکرز نے روہنگیا مسلمانوں پر جاری مظالم کیخلاف بطور احتجاج متعدد سرکاری و غیرسرکاری ویب سائٹس ہیک کرلیں۔
 
میانمار کے ڈائریکٹر آئی ٹی اور سائبر سیکورٹی ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر یو نائنگ موئی نے کہا کہ سائبر حملوں کا آغاز 31 اگست سے ہوا جو تاحال جاری ہے جس کے نتیجے میں متعدد ویب سائٹس ہیک ہوچکی ہیں، شبہ ہے کہ یہ مہم ترک ہیکرز کی جانب سے چلائی جارہی ہے، ویب سائٹس کو ہیک کرنے کے بعد ان پر روہنگیا مسلمانوں پر مظالم بند کرنے کے پیغامات درج کیے گئے ہیں۔
میانمار کے آئی ٹی حکام نے بتایا کہ ہیک ہونے کے تھوڑی دیر بعد ویب سائٹس کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا گیا ہے اور مزید حملوں سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرلیے گئے ہیں۔ برمی میڈیا کے مطابق میانمار کے ہیکرز نے بھی جواب میں ترکی کی سرکاری و غیرسرکاری ویب سائٹس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی/تعلیم) ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید نےکراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو دہشت گرد بنانے میں تعلیمی اداروں کا کوئی کردار نہیں، جامعہ کراچی سے طلبہ کا کوئی ڈیٹا نہیں مانگا، انصارالشریعہ کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کی شناخت ہو چکی ہے، اس گروپ نے رواں سال کے آغاز میں کراچی میں قتل وغارت شروع کی، دہشتگردی کے خلاف بڑا آپریشن کرنے کیلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ بنالیا ہے۔
ڈی جی رینجرز نے بتایا کہ انصارالشریعہ بنانے والے کا تعلق القاعدہ سے ہے، گرفتار دہشت گردوں سے القاعدہ کا لٹریچر برآمد ہوا، اس تنظیم نے دوسرے گروپوں کی وارداتوں کی ذمہ داری بھی قبول کی، ایک دو دہشت گردوں کے بارے میں ان کے والدین جانتے تھے، والدین اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں۔
میجر جنرل محمد سعید کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی سمیت تمام ادارے بہترین کام کر رہے ہیں، دہشت گرد بعض اوقات خبروں کا فائدہ اٹھاتے ہیں، ایک دہشت گرد نے ٹی وی پر خبریں چلتی دیکھی تو گھرسے فرارہوگیا۔