ایمزٹی وی(تہران) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغان مسئلے کے حل کیلئے علاقائی ممالک میں اتفاق رائے ہوناچاہئے اور افغانستان کے پڑوسی ملکوں کوافغان مسئلے سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں پراتفاق کرنا ہوگا. ایرانی ہم منصب سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان میں امن پورے خطے پروسیع اثرات مرتب کرے گا،ہمارے تہران دورے کا مقصدافغانستان کے پڑوسیوں کوکچھ معاملات پراتفاق رائے کیلئے تیارکرنا ہے، خواجہ آصف نے کہا کہ ایک عشرے سے افغانستان میں امن کےلئے جدوجہد کررہے ہیں اورامریکی فوج افغانستان کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے،وزیر خارجہ نے کہا کہ علاقائی مسائل خطے کے ملکوں کوخودحل کرنے چاہئیں کیونکہ برآمد کئے گئے حل کارآمد نہیں ہوتے،انہوں نے کہا کہ افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں ہوسکتااسے سیاسی طور پر حل ہونا چاہئے۔
ایمزٹی وی (بنگہ دیش) بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ اے ایچ محمد علی نے بین الاقوامی برادری کی آواز میں آواز ملاتے ہوئے کہا ہے کہ میانمار کے شورش زدہ صوبے راکھین میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے ڈھاکا میں صحافیوں کو بتایا کہ ہمسایہ ملک میانمار میں جاری تازہ تشدد کے نتیجے میں کم ازکم تین لاکھ روہنگیا باشندے بنگلہ دیش پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے مغربی ممالک اور عرب ریاستوں کے سفارتکاروں سے ملاقات میں روہنگیا مہاجرین کے لیے فوری امدادی کارروائیوں کے موضوع پر بات چیت بھی کی۔
ایمزٹی وی (نیویارک) نیو یارک پر دہشتگرد حملوں کو سولہ برس گزر گئے۔ ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر ہونے والے حملے میں تین ہزار سے زائد لوگ موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔ اس حملے کو بنیاد بنا کر امریکہ افغانستان پر حملہ آور ہوا۔ گیارہ ستمبر دو ہزار ایک جسے دنیا نائن الیون کے نام سے جانتی ہے، نیو یارک کے ہوائی اڈے سے چار مسافر بردار طیارے اغوا کئے گئے۔ ان میں سے دو طیارے نیویارک میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر سے ٹکرا دیئے گئے جبکہ تیسرا طیارہ محکہ دفاع کے ہیڈ کوارٹر پینٹا گان پر گرایا گیا
جس سے عمارت کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ چوتھا جہاز وائٹ ہاوس کی طرف لے جایا جا رہا تھا جسے پنسلوانیا میں لڑاکا طیاروں کے ذریعے مار گرایا گیا۔افغانستان میں مقیم القاعدہ کی قیادت نے حملوں کی ذمہ داری قبول کی، جس کو بنیاد بنا کر امریکہ نے افغانستان پر حملہ کر دیا۔ سانحے کے رد عمل میں دنیا بھر میں بے گناہ مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے گئے۔ امریکی مسلمانوں پر زمین تنگ کر دی گئی۔ ان حملوں کے بعد پوری دنیا میں مسلمانوں کا جو تاثر خراب ہوا اس کو ابھی تک بحال نہیں کیا جا سکا۔
ایمزٹی وی (میانمار) میانمار کی ریاست رخائن میں سرگرم باغیوں نے یکطرفہ طور پر جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔ ارکان روہنگیا سالویشین آرمی کے مطابق جنگ بندی اس وجہ سے کی جارہی ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا آغاز ہوسکے۔ روہنگیا باغیوں نے میانمار کی ریاست رخائن میں یک طرفہ طور پر ایک ماہ کیلیے جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ریاست میں حکومتی فوجی آپریشن کی وجہ سے سیکڑوں افراد ہلاک جبکہ3 لاکھ بے گھر افرادنے بنگلادیش نقل مکانی کی ہے۔
رخائن میں مسلح کارروائیاں کرنے والا عسکری گروہ خود کو ارکان روہنگیا سالویشین آرمی کے نام سے پکارتا ہے اور اس نے یہ پیغام ٹویٹر پر جاری کیا ہے۔ پیغام میں میانمار کی سرکاری فورسز سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ بدلے میں بلا امتیاز تمام متاثرین کی مدد کریں۔ میانمار حکومت کی طرف سے ابھی اس حوالے سے کوئی بھی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ بین الاقوامی امدادی ادارے ریڈ کراس نے میانمار میں روہنگیا باغیوں کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کو بڑی مثبت پیش رفت قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس سے متاثرین کی امداد کیلیے محفوظ رسائی مل سکے گی۔
یہ بات آئی سی آر سی کے اہلکار جوئے سنگہال نے گفتگو میں کہی۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ امدادی تنظیموں کو میانمار سے جان بچا کر بھاگنے والے روہنگیا کی مدد کیلیے فوری طور پر7کروڑ 70 لاکھ ڈالر درکار ہیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ خوراک، پانی اور طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ ترکی کے ہیکرز نے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف جوابی کارروائی میں میانمار کی متعدد سرکاری ویب سائٹس ہیک کرلی ہیں۔ میانمار کے آئی ٹی اور سائبر سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر یو نائنگ موئی نے کہا کہ سائبر حملوں کا آغاز31 اگست سے ہوا جو تاحال جاری ہے اور اب تک متعدد ویب سائٹس ہیک ہوچکی ہیں۔
ادھر امریکا نے کہا ہے کہ برما سے بے دخل ہو کر بنگلادیش کی جانب رخ کرنے والے متاثرہ افراد کی مالی اعانت کی جا رہی ہے۔میانمار حکومت نے مسلمانوں کے حقوق کی جنگ لڑنے والی روہنگیا سالویشن آرمی کی جنگ بندی کومسترد کردیا ہے، حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ جنگجوؤں سے مذاکرات نہیں کریں گے۔
ایمزٹی وی(فلوریڈا) بحراوقیانوس میں بننے والا خوفناک سمندری طوفان ’’ارما‘‘ امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں اب تک 3 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ریاستی انتظامیہ نے سیلاب کے خطرے کے پیش نظر 63 لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کردی تھیں اور کہا تھا کہ طوفان کے دوران ساحلی علاقوں میں رہنا خودکشی کرنے کے مترادف ہے۔ تیز ہواؤں اور بارش کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے جبکہ 6 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہیں۔
فلوریڈا میں ’’ارما‘‘ طوفان کی وجہ سے انتظامیہ نے ریاست کی ایک تہائی آبادی کو انخلا کرنے کا حکم دیا جس کے بعد 63 لاکھ افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے۔ طوفان کی وجہ سے شدید بارش ہورہی ہے اور 130 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا کے تیز جھکڑ چل رہے ہیں جو اپنی زد میں آنے والی ہر شے کو تہس نہس کررہے ہیں جب کہ ساحل پر بھی سطح سمندر میں اضافہ ہوگیا ہے اور 5 سے 10 فٹ تک لہریں بلند ہورہی ہیں جس کے باعث سیلاب کا خدشہ ہے۔
امریکا کے محکمہ موسمیات کے مطابق ’’ارما‘‘ سے انتہائی خطرناک اور جان لیوا صورتحال کا اندیشہ ہے۔ طوفان کو درجہ 4 میں رکھا گیا ہے جو اس کے انتہائی خطرناک ہونے کی علامت ہے۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہر گزرتے لمحے کے ساتھ ’’ارما‘‘کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے فلوریڈا میں ایسی تباہی کا اندیشہ ہے جو ایک نسل میں کبھی نہیں دیکھی گئی۔ ماہرین موسمیات کے مطابق فلوریڈا کے آس پاس واقع جزیرے مکمل طور پر پانی میں غرق ہونے کاخدشہ ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، نائب صدر مائک پنس سمیت دیگر حکام کو طوفان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس کے بعد ٹرمپ نے ٹوئٹر پر وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ طوفان خوفناک تباہی مچاسکتا ہے۔ کیوبا میں تباہی مچانے کے بعد طوفان ’’ارما‘‘ کی شدت 5 سے کم ہوکر 3 ہوگئی تھی لیکن پھر فلوریڈا کی طرفبڑھتے ہوئے اس نے دوبارہ زور پکڑنا شروع کردیا۔ واضح رہے کہ ارما طوفان سے کیریبین علاقے میں 25 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
ایمزٹی وی (تجارت) وزارت پوسٹل سروسز نے اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت لاجسٹکس کمپنی پوسٹ لاگ کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا۔ لاجسٹک کمپنی کے قیام کے لیے 6کمپنیوں کی شارٹ لسٹنگ کر لی گئی جو حتمی منظوری کے لیے ستمبر میں اسٹیئرنگ کمیٹی میں پیش کی جائے گی۔ منظوری کے بعد کمپنی کو پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ بعد ازاں اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔ پوسٹ لاگ کمپنی کے قیام سے پاکستان پوسٹل سروسز کو 10سال کے دوران 12ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل ہوگا۔ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے دور میں پاکستان پوسٹ کو خسارے کے پیش نظر اس میں اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے تحت پاکستان پوسٹ کی ری برانڈ نگ
موبائل منی سلیوشن اور لاجسٹک کمپنی کے قیام عمل میں لایا جانا تھا۔ میڈیا کو موصول دستاویز کے مطابق اس منصوبے پر عملدرآمد کرتے ہوئے وزارت پوسٹل سروسز نے لاجسٹک کمپنی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں رجسٹر کروالی ہے۔ اس لاجسٹک کمپنی کا نام پوسٹ لاگ رکھا گیا ہے اور پوسٹل سروسز کی جانب سے لاجسٹک کمپنی کا نام اور لوگوآئی پی او (انٹیلکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن) میں رجسٹرڈ بھی کروا لیا گیا۔ دستاویز کے مطابق پاکستان پوسٹ کے اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت پوسٹل سروسز کی جانب سے اس منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کر لی گئی ہے۔
پوسٹ لاگ کمپنی نجی شراکت (جوائنٹ وینچر) کے تحت قائم کی جائے گی جس کے لیے پاکستان پوسٹ کی جانب سے 6کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ اس کمپنی کے قیام سے پاکستان پوسٹل سروسز کو 10سال کے دوران 12ارب روپے سے زائد کا اضافی ریونیو حاصل ہو گا۔ واضح رہے کہ پوسٹ لاگ لاجسٹک کمپنی کے ذریعے پاکستان کے دور دراز علاقے بھی مستفید ہو سکیں گے۔ مذکورہ کمپنی کے قیام کے لیے کام مکمل کرنے کے بعد ستمبر2017 اسٹیئرنگ کمیٹی میں منصوبہ عملدرآمد کے لیے پیش کیا جائے گا جس کے بعد کمپنی کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ بعد ازاں اس کا دائرہ کار بڑھا دیاجائے گا۔
ایمزٹی وی(تجارت)ہائیڈل سے بجلی کی پیدوار میں گزشتہ سال کی نسبت 5.13فیصد کمی ہوئی ہے، ڈیزل سے بجلی کی پیدوار میں ایک سال کے دوران 2 فیصد سے زائد کا اضافہ ہواہے۔ ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی پیدوار کیلیے مہنگے وسائل پر انحصار جاری ہے جبکہ پانی سے بجلی کی پیدوارمیں کمی کا رجحان جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک سال کے دوران آبی وسائل سے بجلی کی پیدوار35.92 فیصد سے کم ہو کر 30.37فیصد ہو گئی ہے۔
گزشتہ سال کے نسبت اس سال بجلی کی پیدوار کم ہو کر 3847 میگاوا ٹ رہی۔ ذرائع کے مطابق ایک سال کے دوران ڈیزل سے بجلی کی پیدوار میں 2.09 فیصد کا اضافہ ہو ا ہے۔ گزشتہ سال ڈیزل سے بجلی کی پیدوار .60فیصد تک محدود تھی تاہم اس سال اس میں اضافہ ہواہے۔ ہائیڈل اور ایٹمی ذرائع سے پیدا کی جانے والی بجلی دیگر تمام ذرائع کے سستی ہے جبکہ ڈیزل اور فرنس آئل بجلی پیدا کرنے والے مہنگے ترین ذرائع ہیں۔ موجود حکومت نے بر سر اقتدار آنے کے بعد بجلی کی پیدوار پر تو توجہ دی مگر انرجی مکس کو بہتر نہ کیاجاسکا اور ابھی تک بجلی کی پیداوار کا زیادہ انحصار مہنگے فرنس آئل ڈیزل اوردرآمدی ایل این جی پر ہے۔
ذرائع کے مطابق اس تیل وگیس سے61 فیصد بجلی پیدا کی جا رہی ہے اورایٹمی ذرائع سے 5 فی صد جبکہ ہوا اور شمسی ذرائع سے 4 فیصد بجلی پیدا کی جار ہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل بجلی کی پیداوار کا مہنگا ترین ذریعہ ہے اور ڈیزل سے پیدا ہونے والی بجلی کی قیمت 14 روپے فی یونٹ ہے فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کی قیمت 9روپے سے زائد، کوئلے سے پیداہونیوالی بجلی کی لاگت 4 روپے اور گیس سے بجلی کی قیمت 4 روپے تک پڑتی ہے۔
بگاس سے پیدا ہونیوالی بجلی کی قیمت 6 روپے 18 پیسے فی یونٹ ہے بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل کی سماعت کے دوران چیئرمین نیپرا طارق سدوزئی اور دیگر ممبران نے مہنگے ذرائع سے بجلی پیدا کرنے اور سستے پلانٹس کو زیر استعمال نہ لانے پر متعدد مرتبہ سی پی پی اے حکام کی سرزنش کی ہے تاہم ابھی تک بجلی کی پیداوار کے لیے سستے ذرائع کو قابل استعمال نہ بنایا جا سکا۔ترجمان پاورڈویژن نے بتایا کہ حکومت انرجی مکس بہترکرنے کے حوالے سے کام کررہی ہے جس کے مثبت اثرات جلدسامنے آئیں گے اورعوام کوسستی بجلی فراہم کی جائیگی۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) انگلش فاسٹ بولرجیمزاینڈرسن نے ویسٹ انڈیزکیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے نہ صرف اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنارکیا بلکہ 500 وکٹوں کی تکمیل کے ساتھ اننگز میں 42 رنز کے عوض 7 وکٹوں کی کیریئر بیسٹ پرفارمنس بھی دی، اس شاندارکارکردگی کی بدولت ایک درجے ترقی سے انھوں نے ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی جبکہ دوسرے نمبر پر موجود رویندرا جدیجا پر انھیں 12 پوائنٹس کی سبقت بھی مل گئی، دوسری سے چوتھی پوزیشنز اسپنرز کے ہی قبضے میں ہیں جن میں جڈیجا، ایشون اور رنگانا ہیراتھ شامل ہیں۔
اینڈرسن اس سے قبل اگست 2016 میں بھی ٹاپ پوزیشن پر فائز ہوئے تھے، وہ جولائی 2009 میں مرلی دھرن کے بعد یہ اعزاز پانے والے معمر ترین بولر ہیں جبکہ میک گرا کے جنوری 2006 میں ٹاپ پوزیشن پر قابض ہونے کے بعد وہ سب سے زیادہ عمروالے فاسٹ بولر بھی ہیں۔ بولرز میں پاکستان کے یاسر شاہ بدستور 15 ویں نمبر پر براجمان ہیں، ٹاپ20 بولرزمیں ان کے سوا اورکوئی بھی پاکستانی شامل نہیں ہے۔
اسی طرح 20 ٹاپ بیٹسمینوں میں بھی صرف ایک ہی پاکستانی اظہرعلی موجود ہیں جوکہ ساتویں پوزیشن کو آندھیوں سے بچائے ہوئے ہیں۔ ٹاپ بیٹسمین کا اعزاز آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ حاصل ہے، انگلینڈ کے کپتان جوئے روٹ دوسرے اور نیوزی لینڈ کے قائد کین ولیمسن کے پاس ہے۔ ویرات کوہلی چھٹے نمبر پر ہیں، انگلینڈکی ویسٹ انڈیزپر2-1 سے فتح کے باوجود دونوں ٹیموں کی رینکنگ پرکوئی فرق نہیں پڑا، ان کے سیریزسے قبل کے بالترتیب 105اور 75 پوائنٹس برقرار ہیں۔ پاکستان ٹیم چھٹے نمبر پر موجود ہے۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہورکو مکمل طور پر رینجرز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم ، نشتر اسپورٹس کمپلیکس، اسٹیڈیم کے گرد تمام علاقے کو نو گو ایریا بنا دیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم کے اردگرد سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ اسٹیڈیم کے گرد ریسٹورنٹ اور دکانوں کو 15ستمبر تک بند کر دیا گیا ہے جبکہ ریسٹورنٹ اور دکانوں کے کوائف پولیس کو جمع کروادیے گئے ہیں۔ اسٹیڈیم کے اطراف تمام دکانوں کو سیل کر دیا گیا، تمام دکانوں سے ایل پی جی اور گیس سیلنڈر ہٹا دیے گئے ہیں۔
اسٹیڈیم کو آنے والے تمام راستوں پر جدید کیمرے پہلے سے نصب کر دیے گئے ہیں۔ ورلڈالیون اور پاکستان کے درمیان میچ 13،12 اور 15 ستمبر کو کھیلے جائیں گے، امپائرز پینل کا پہلے ہی اعلان کیاجا چکا ہے۔ نامور امپائر علیم ڈار اور احسن رضا پہلا میچ سپروائز کریںگے۔ دوسری جانب ورلڈ الیون سے مقابلے کیلیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں
کھلاڑیوں نے قذافی اسٹیڈیم میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی خوب پریکٹس کی جبکہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون کے کھلاڑی دبئی پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، غیر ملکی کرکٹرز دبئی میں انٹرنیشنل ہوٹل میں مختصر قیام کریںگے اور آج پاکستان آئیں گے۔ واضح رہے کہ اسٹیڈیم میں صفائی اور رنگ و روغن کا کام تو پہلے ہی مکمل ہو چکا تھا۔ اب گراؤنڈ میں وکٹ کی تیاری اورگھاس کی کٹائی بھی مکمل ہوگئی ہے۔ تاریخی کرکٹ سیریزکیلیے پی سی بی نے تمام تیاریوںکو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) اسپینش فٹبال لیگ میں بارسلونا کے لیونل میسی نے ہیٹ ٹرک داغ دی۔ ارجنٹائنی اسٹرائیکر کی عمدہ پرفارمنس کی بدولت بارسلونا نے ایسپانویل کو 5-0 سے شکست دے دی، میسی نے 26، 35 اور67ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دکھائی، 87 ویں منٹ میں گیرارڈ پیکیو نے فاتح ٹیم کیلیے چوتھا گول بنایا جبکہ اختتامی لمحات میں یوروگوئن اسٹرائیکر لوئس سواریز نے بھی گیند کو جال کے سپرد کردیا۔ خیال رہے کہ لالیگا میں بارسلونا اب تک تینوں ابتدائی میچزجیت کرمکمل 9 پوائنٹس لیکر ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہے۔