جمعہ, 17 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (مالدیپ)مالدیپ نے روہنگیا مسلمانوں پرجاری مظالم کے تناظر میں میانمارکے ساتھ تجارتی تعلقات ختم کردیے۔ مالدیپ کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میانمار سے تجارتی تعلقات روہنگیا مسلمانوں پر جاری مظالم کے تناظر میں ختم کیے جب کہ مالدیپ نے اقوام متحدہ سے میانمار کی صورتحال کا نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ مالدیپ کے وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ میانمارمیں مسلمانوں کا قتل عام روکا جائے۔ دوسری جانب دنیا بھر کے 3 لاکھ سے زائد افراد نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموش آنگ سان سوچی سے نوبل انعام واپس لینے کا مطالبہ کردیا، روہنگیا مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اب تک اس پٹیشن پر دنیا بھر سے 3 لاکھ سے زائد افراد دستخط کرچکے ہیں۔ واضح رہے کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر ریاستی ظلم ڈھائے جارہے ہیں اور اب تک ہزاروں افراد کو قتل کیا جاچکا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(بنگلور)بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں نامعلوم افراد نے 55 سالہ صحافی گوری لنکیش کو گولی مار کر قتل کردیا۔ گوری لنکیش بائیں بازو کے نظریات کی حامل معروف صحافی اور ہفت روزہ اخبار لنکیش پتریکے کی ایڈیٹر تھیں۔ وہ بھارت میں بڑھتی انتہا پسندی کے خلاف بھی سرگرم عمل تھیں۔ پولیس کو بنگلورو میں گوری کے گھر کے باہر خون میں لت پت ان کی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق گوری گزشتہ شب دفتر سے گھر واپس آئیں اور گاڑی سے اتر کر گھر میں داخل ہورہی تھیں کہ اتنے میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار حملہ آور ان پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ گوری کو سینے اور سر میں گولی لگی۔ وزیراعلیٰ کرناٹک نے گوری کے قتل کو جمہوریت کا قتل قرار دیا ہے۔ گذشتہ سال بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ پراہلاد جوشی نے مضمون شائع کرنے پر گوری پر ہتک عزت کا دعوی کیا تھا جس میں انہیں 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم انھوں نے فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی اور ضمانت پر رہا تھیں۔ گوری کا تعلق معروف خاندان سے تھا اور ان کے والد شاعر و ادیب تھے جب کہ فلم ساز کویتا لنکیش ان کی بہن ہیں۔ بھارت میں انسانی حقوق کے کارکنوں کے مطابق ہندو انتہاپسند افراد اپنے مظالم کیخلاف آواز بلند کرنے والے صحافیوں کو چن چن کر قتل کررہے ہیں۔ اس سے قبل معروف اسکالر ایم کلبرگی، انتہا پرستی کے خلاف سرگرم کارکن نریندر دابھولکر اور سیاست دان گووند پانسرے کو بھی ہلاک کیا جا چکا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (بحیرہ روم)بحیرہ روم میں لاکھوں مہاجرین کو ڈوبنے سے بچانے والا بحری جہاز روہنگیا مسلمانوں کی مدد کے لیے میانمار کی جانب روانہ کردیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بحیرہ روم میں مالٹا کی امدادی تنظیم مائیگرنٹ آفشور ایڈ اسٹیشن (ایم او اے ایس) نے اعلان کیا ہے کہ اس کا بحری جہاز جو اب تک بحیرہ روم میں تارکین وطن کی امداد اور انہیں سمندر میں ڈوبنے سے بچانے کے آپریشن پر مامور تھا اب ایشیا کی جانب روانہ کردیا گیا ہے جہاں میانمار اور بنگلا دیش کی سرحد کے درمیان سمندری حدود میں مہاجرین کا بحران پیدا ہوچکا ہے۔ اس بحری جہاز کا نام ’’فیونکس‘‘ ہے جو اب تک بحیرہ روم میں لاکھوں تارکین وطن کو اسمگلرز اور دیگر خطرات سے بچاچکا ہے اور یہ وہاں 2014 سے موجود تھا۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان میانمار سے بنگلا دیش کی جانب ہجرت کرچکے ہیں جبکہ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر یومیہ 15 ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان بنگلا دیش کا رخ کررہے ہیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس کی امدادی تنظیموں کو خوراک اور دیگر اشیاء متاثرہ علاقوں تک پہنچانے سے روکا جارہا ہے جبکہ وہاں موجود امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ان کے گوداموں میں موجود سامان کو لوٹ لیا گیا ہے۔ ایم او اے ایس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس نے لیبیا کے ساحل کے قریب اپنا آپریشن معطل کردیا ہے اور امدادی بحری جہاز خلیج بنگال کی جانب روانہ کردیا ہے۔ خیال رہے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر ریاستی ظلم ڈھائے جارہے ہیں اور اب تک ہزاروں افراد کو قتل کیا جاچکا ہے۔ دنیا بھر کے 3 لاکھ سے زائد افراد نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموش آنگ سان سوچی سے نوبل انعام واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے، مالدیپ نے بھی احتجاجاً میانمار سے تجارتی تعلقات منقطع کردیے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)ٓپاکستان کے 52ویں یوم دفاع پر آزادکشمیر کے صدر آزاد کشمیرسردار مسعود کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ 6 ستمبر کا دن ہماری قوم کے اتحاد کا نشان بن چکا ہے، ستمبر 1965 کے واقعات قابل فخرہی نہیں ایمان افروزاورسبق آموزبھی ہیں، کشمیری عوام بھارتی مظالم کامقابلہ کر رہے ہیں اور کشمیریوں پر ظلم و ستم بند ہونے تک پاک بھارت مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکتے۔ وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج وطن کے دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہی ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بین الاقوامی سطح پر مثبت پیش رفت ہوئی لیکن بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہا ہے۔ وزیراطلاعات مشتاق منہاس نے کہا کہ وطن عزیز کیلئے قربانیاں پیش کرتے رہیں گے، کشمیری عوام اپنی منزل کے قریب پہنچ چکے ہیں اور بھارت جتنا بھی ظلم کرے کشمیری منزل حاصل کر کے رہیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)سپریم کورٹ نے پاناما جے آئی ٹی کے رکن اور ڈی جی نیب بلوچستان عرفان نعیم منگی کی کارکردگی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو کی ناقص کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کرپشن کا سہولت کار بن چکا ہے۔ جسٹس دوست محمد نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عرفان نعیم منگی کیخلاف کل انکوائری ہو رہی تھی آج وہ ہیرو بن گیا ہے، محض عدالتی فیصلے کے باعث عرفان نعیم منگی پر ہاتھ نہیں ڈال سکتے۔ سپریم کورٹ نے گندم کرپشن کیس میں گرفتار بلوچستان حکومت کے سابق وزیر خوراک اسفند یار خان کاکڑ کی پچاس لاکھ کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔ اس موقع پر عدالت عظمیٰ نے ڈی جی نیب بلوچستان اور پاناما جے آئی ٹی کے رکن عرفان نعیم منگی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس فائز عیسی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کیوں نہ ڈی جی نیب بلوچستان کو بھی شریک ملزم بنایا جائے، نیب اہلکاروں کیخلاف مقدمات بنیں گے تو ہی بہتری آئے گی، نیب کرپشن کا سہولت کار بن چکا ہے، بلوچستان میں کئی اہم مقدمات تاخیر کا شکار ہیں۔ بلوچستان میں رنگے ہاتھوں پکڑا جانے والا بھی چھوٹ جاتا ہے، نیب نے کرپشن مقدمات کو مذاق بنا رکھا ہے، قومی احتساب بیورو نے 30 دن میں ٹرائل مکمل کرنا ہوتا ہے جو 30 ماہ میں بھی نہیں ہوتا، قوم کے پیسے سے تنخواہ لے کر قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، قوم کے 771 ملین چوری ہوگئے اور نیب سو رہا ہے، قومی احتساب بیورو نے آج تک تیس دن میں کوئی ٹرائل مکمل نہیں کیا۔

 

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی)پاک فوج نے 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر جنرل ہیڈکوارٹرز میں ہونیوالے خصوصی پروگرام کا پروموجاری کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یوم دفاع کی مرکزی تقریب آج رات 8 بجے شروع ہوگی جو براہ راست نشرکی جائیگی۔

 

;

پرومومیں آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کے کے لہوگرمادینے والے بیان کا کچھ حصہ بھی شامل ہے جس میں آرمی چیف نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن جومشرق یامغرب میں ہیں وہ میری یہ بات جان لیں کہ ان کے بارود اور گولیاں ختم ہوجائیں گی لیکن ہمارے جوانوں کی چھاتیاں ختم نہیں ہوںگے

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)یوم دفاع پاکستان پر اپنے پیغام میں ایئر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ یوم دفاع بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جوانوں نے مثالی حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جب کہ قوم مادر وطن کی خاطرجانیں نچھاور کرنے والوں کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ ائیر چیف مارشل نے کہا کہ غیر معمولی مشکلات اسی جذبہ قومیت کے احیاء کے متقاضی ہیں کہ سب یک جان ہو کر ان حالات کا مردانہ وار مقابلہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب عہد مصمم کریں کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے جب کہ پاک فضائیہ نے فضائی سر حدوں کے دفاع کے لیے بیش بہا قربانیاں دیں ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)پاکستان بھر میں 52 واں یوم دفاع6 ستمبر یعنی آج انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ یوم دفاع کے موقع پر شہدا کی یاد گاروں پر پھول چڑھائے جائیں گے اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ یوم دفاع کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہو گی جس میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ یوم دفاع کا دن یعنی 6ستمبر 1965کو افواج پاکستان کے بہادر سپوتوں نے دشمن کو کاری ضرب لگا کر منہ توڑ جواب دیا اور ثابت کیا کہ پاک فوج وطن کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ دن کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی، ترقی اورخوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوگاجبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31،صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی جائےگی۔ یوم دفاع کے موقع پر پاک فضائیہ کی جانب سے نور خان ائیر بیس پر پاک فضائیہ کے ائیر کرافٹ کی نمائش ہو گی جبکہ تمام کنٹونمنٹس کے ساتھ مختلف شہروں میں پروقار تقاریب کا اہتمام کیاجائے گا ۔ 6 ستمبر 1965کی جنگ میں جام شہادت نوش کرنے والے شہداکی یاد گاروں پر پھول چڑھائے جائیں گےتاہم میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر)، میجر عزیز بھٹی شہید ( نشان حیدر) سمیت دیگر شہدا کی آخری آرام گاہوں پربھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) عمران طاہر کو پاکستانی ویزے کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ گیا پاکستانی نژاد عمران طاہر نے ملک میں سلیکٹرز کی جانب سے نظرانداز کیے جانے کے بعد جنوبی افریقہ میں سکونت اختیار کرلی تھی،انھیں پروٹیز ٹیم میں شمولیت کا موقع ملا تو لیگ اسپن بولنگ کی دھاک بٹھا دی، رواں ماہ شیڈول ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے عمران کو ورلڈ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے، نامور کرکٹر کو اپنے آبائی شہر لاہور آمد کیلیے ویزا درکار ہے، وہ اپنی فیملی کے ہمراہ ویزے کیلیے برمنگھم میں پاکستانی ہائی کمیشن گئے تو تجربہ خوشگوار نہیں رہا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ کا سہارا لیتے ہوئے عمران طاہر نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا،انھوں نے لکھا کہ مجھے اہل خانہ کے ہمراہ 5 گھنٹے تک انتظار کی سولی پر لٹکائے رکھنے کے بعد یہ کہہ کر نکال دیا گیا کہ دفتر بند کرنے کا وقت ہوگیا، بعد میں ہائی کمشنرکے مداخلت کرنے پر ویزے جاری کردیے گئے۔ عمران طاہر نے کہا کہ پاکستان سے آبائی تعلق، جنوبی افریقی انٹرنیشنل کرکٹر اور ورلڈ الیون میں شامل ہونے کے باوجود ہائی کمیشن کے اسٹاف کا ناروا سلوک بڑا افسوسناک ہے، میں ہائی کمشنر کو سلام پیش کرتا ہوں جنھوں نے مجھے اس اذیت سے نجات دلاتے ہوئے ویزوں کا حصول ممکن بنایا۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)یوم دفاع پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دفاع وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتےہیں۔ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے 6ستمبر کی اصل روح برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ 6ستمبر کو اہل پاکستان نے بےمثال قومی اتحاد کا مظاہرہ کیا جو دشمن کی جارحیت کے خلاف مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے۔ یہ دن دفاع وطن کے لیے ہر قسم کے خطرات کے خلاف ہمارا عزم مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن ردالفساد ملک کےمختلف حصوں میں کامیابی سےجاری ہے اور یہ آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ دنیا کی کسی قوم نےدہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان جتنی قیمت ادانہیں کی ہے۔ دوسری جانب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستانی افواج نے دہشت گردی کے خلاف دُنیا کا سب سے بڑا اور مشکل معرکہ لڑ کر اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا ثبوت دیا ہے جبکہ آپریشن ضربِ عضب، ردالفساد اور خیبر 4نے دشمن کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دن دنیا کو پیغام دیا پاکستانی قوم کسی بھی جارحیت سےنمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس روز پاک فوج نے بےمثال جرأت و بہادری سے دشمن کی آرزوؤں پر پانی پھیر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہم ایک ایٹمی قوت ہیں، ہماری افواج پہلے سے زیادہ تربیت یافتہ اور چوکس ہیں جبکہ ہماری معیشت کا شمار دنیا کی اُبھرتی ہوئی معیشتوں میں ہورہا ہے