منگل, 14 جنوری 2025

 

 
ایمزٹی وی (اسلام آباد)پاکستان نے ملک کی مختلف جیلوں میں قید بھارتی شہریوں کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کردی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق قونصلررسائی کے معاہدہ کے مطابق 21 مئی 2008 کی شق کے تحت دونوں ممالک کو سال میں دو مرتبہ یکم جنوری اوریکم جولائی کوفہرستوں کا تبادلہ کرنا ہوتا ہے۔ معاہدے کے تحت دفترخارجہ نے مختلف جیلوں میں قید بھارتی شہریوں کی فہرست بھاتی ہائی کمیشن کے حوالے کردی ہے اور اسی طرح کی ایک فہرست بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کو بھی موصول ہوئی ہے۔
بھارتی ہائی کمیشن کو فراہم کی گئی فہرست کے مطابق اس وقت پاکستان کی مختلف جیلوں میں 546 بھارتی مختلف جرائم کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ ان قیدیوں میں سمندر حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 494 ماہی گیر اور 52 عام شہری شامل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے 6 جنوری کو 219 ماہی گیروں کو رہا کیا گیا جب کہ مزید 78 ماہی گیر رواں ماہ ہی بھارت بھیجے جائیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم/پشاور) پشاور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میٹرک نتائج کا اعلان 6جولائی کو کریگا‘۔
تفصیلات کے مطابق بورڈ انتظامیہ کے مطابق ایک خصوصی تقریب میں جماعت نہم ودہم امتحانات 2017ءکے نتائج جاری کیے جائینگے‘ تقریب میں بورڈ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر فضل الرحمن ‘ کنٹرولر امتحانات حمیداﷲ جان مروت اور دوسرے بورڈ کے عہدیداران پوزیشن ہولڈر طلبہ اور ان کے والدین شرکت کرینگے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) فٹبالر لیونل میسی نے اپنی بچپن کی محبت، اینٹولینا روکوزو کے ساتھ پنے آبائی شہر روزاریو میں شادی کر لی۔30 سالہ میسی کی 29 سالہ روکوزو کے ساتھ ملاقات ان کے بارسلونا جانے سے قبل ہوئی تھی جب میسی کی عمر صرف 5 برس تھی۔ روکوزو میسی کے سب سے قریبی دوست لوکس سیگلیا کی کزن ہیں جو خود بھی پروفیشنل فٹ بالر ہیں۔
شادی کی یہ تقریب روزاریو شہر کے ایک عالیشان ہوٹل میں منعقد ہوئی جسے ارجنٹینا کے ایک اخبار کے مطابق 'ویڈنگ آف دی سنچری' بھی کہا جا رہا ہے۔ اس تقریب میں 260 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی جس میں سے ایک بڑی تعداد میسی کے ساتھی کھلاڑیوں اور دوسری مشہور شخصیات کی تھی۔شادی کی تقریب میں میسی کے فٹبال کلب بارسلونا کے کئی ساتھی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ میسی کے فٹبال کلب بارسلونا میں ان کے ساتھ کھیلنے والے لیﺅس سواریز، نیمار، ڑاوی، جیرارڈ پیقے اور ان کی گلوکارہ بیوی شکیرا اور دیگر نے شرکت کی۔
بن بلائے مہمانوں کو روکنے کے لیے تقریب کا انعقاد کرنے والے ہوٹل کی سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے اور 150 صحافیوں کو شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے پاسز دیے گئے تھے لیکن وہ صرف مخصوص حصے تک محدود تھے

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے پاناما کیس کی تحقیق کرنے والی جے آئی ٹی کو مریم نواز کی طلبی پر کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جے آئی ٹی نے مریم بی بی کے تقدس کا خیال نہ رکھا تو اسے خمیازہ بگھتنا ہو گا ، مریم نواز کی طلبی مشرقی اور اسلامی روایات کے خلاف ہے۔
میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ خواتین کو بلایا جانا لوگ مناسب تصور نہیں کرتے ،مریم نواز کی طلبی جےآئی ٹی کے متنازع وجود میں آخری کیل ثابت ہوگی،جےآئی ٹی کس کو دکھانے کےلیے یہ سب کر رہی ہے؟۔انہوں نے کہا کہ تقدس اور احترام کے تقاضے ہیں ،میں یہ سمجھتا ہوں کہ جے آئی ٹی کو ملحوظ خاطر رکھنا ہو گا ،اگر وہ نہیں رکھیں گے تو پھر اس کے نتائج بھی انہی کو بگھتنا ہوں گے ۔
 
انہوں نے کہا کہ پاناما کی یہ انکوائری کر رہے ہیں لیکن پاناما یہ گئے ہی نہیں ،فلٹیس کی انکوائری کر رہے ہیں لیکن یہ لندن بھی نہیں گئے اور نہ ہی قطری شہزادے کے پاس گئے ہیں تو پھر سوال پیدا ہوتا ہے کہ یہ کس کی انکوائری کر رہے ہیں ؟۔انہوں نے کہا کہ قطری شہزادے کیلئے وڈیو لنک ہے تو مریم کیلئے کیوں نہیں۔فون ٹیپ کرنا جےآئی ٹی کا مینڈیٹ نہیں، سپریم کورٹ نے ایکشن لینا ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی (بہاولپور) بہاولپور کی علاقے احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر حادثہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےامیر جماعت اسلامی مولانا سراج الحق نے کہا ہے کہ بہاولپور میں برن سینٹر ہوتا تو آئل ٹینکر حادثے میں جھلنسے والوں کی جانیں بچائی جا سکتی تھیں، پنجاب میں 9بر ن سینٹر ہیں جبکہ ضلع بہاولپور میں ایک بھی برن سینٹر نہیں ۔ کیا بہاولپور کے عوام پاکستان کے شہری نہیں ؟ اتنے بڑے سانحے کے بعد وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ نے بہاولپور کیلئے برن سینٹر کے قیام کا اعلان نہیں کیا ۔
انہو ں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بہاولپور میں برن سینٹر بننے نہیں دیا ۔ حکومت بڑے بڑے نعروں کے باوجود عوام کی حالت تبدیل نہیں کرپائی ۔بہاولپور میں غربت کی ذمہ داربھی حکومت ہے ۔ انتظامیہ صورت حال کنٹرول کر تی تو ہلاکتیں کم ہو سکتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے دل پتھر اور لوہے کے بنے ہیں جنہوں نے اپنی سات نسلوں کیلئے اتنے اثاثے اور جائیدادیں بنا لی ہیں کہ انہیں کوئی پرواہ نہیں ۔ہم سانحہ بہاولپور سے متاثرہ افراد کیلئے سینیٹ ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں آواز اٹھائیں گے ، ڈاکٹروں اور امدادی اداروں نے لوگوں کو بچانے کی کوشش کی مگر انتظامیہ کہیں نظر نہیں آئی ۔بہاولپور کے عوام کی حالت افریقی عوام سے بھی بدتر ہے۔
مولانا سراج الحق نے کہا کہ آج بھی کئی افراد لاپتہ ہیں جن کا اہل خانہ کو کچھ پتہ نہیں ، کچھ لوگوں کے گھوڑے بھی ایئر کنڈیشن ہالز میں مزے کرتے ہیں ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان میں عید کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہو گا ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں ۔ پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہو رہا ہے ۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن اجلاس کی صدارت کریں گے ۔سیکورٹی خدشات کے پیش نظر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کا مقام تبدیل کر دیا گیا ۔
اجلاس اب پشاور میں نہیں اسلام آباد میں ہوگا ۔ ملک کے مختلف شہروں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوں گے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شوال کا چاند آج نظر آنے کے واضح امکانات ہیں ۔ شوال کے چاند کی پیدائش گزشتہ صبح 7 بجکر 31 منٹ پر ہو چکی ہے ۔ آج شام چاند کی عمر 50 گھنٹے کے قریب ہوگی ۔ ماہرین کا کہنا ہے چاند کی عمر 30 گھنٹے سے زائد ہو تو نظر آنے کا امکان بڑھ جاتا ہے ۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے ہیرو اظہرعلی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
اوپننگ بلے باز اظہر علی نجی ائیرلائن کی پرواز ای کے 622 کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچے جہاں ان کے خاندان والوں اور دیگر احباب نے شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر علی کا کہنا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی میں پہلی مرتبہ کامیابی میں مجھ سمیت سب کی محنت شامل ہے۔
ٹورنامنٹ میں ابتدائی میچ میں ہار کے بعد جنوبی افریقہ سے میچ کے بعد جیت کا ردھم بنا اور اللہ کی مہربانی اورقوم کی دعاوں سے کامیاب ہوئے جس پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)کراچی میں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران موسم گرم و خشک رہنے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے ۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے ۔
مغربی یا جنوب مغربی ہوا 10 سے 20 ناٹ فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے کا امکان ہے ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہا

 

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی)احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر میں آگ بھڑکنے سے 123افراد کے جاں بحق ہونے پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسوس کا اظہار کیا ہے .
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے آفیشل اکاونٹ سے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر آرمی چیف نے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے زخمیوں کو امداد دینے کے لیے سول اور عسکری اداروں ہدایت جاری کردی ہے ۔پاک فوج نے زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر بھی روانہ کردیا گیا ہے جبکہ ہسپتالوں میں بھی ایمر جنسی نافذ کردی گئی ہے ۔
واضح رہے کہ احمد پور شرقیہ میں قومی شاہراہ پر ٹائر پھسلنے سے آئل ٹینکر الٹ گیا ،جس کے بعد مقامی لوگوں نے ٹینکر سے بہتا پیٹرول جمع کرنا شروع کردیا اور اسی دوران دھماکے کے ساتھ ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 123افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔