پیر, 13 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (انقرہ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر ترکی پہنچے جہاں انہوں نے مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی جب کہ مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے ترکی کی بری فوج کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا جہاں ان کا استقبال ترک بری فوج کے کمانڈر جنرل صالح ذکی نے کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، ہیڈکوارٹرز میں جنرل قمر باجوہ کو علاقائی سلامتی کی صورت حال اور ترک فوج کی تربیت اور مختلف آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
پاک ترک دفاعی تعلقات کے فروغ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی خدمات کے اعتراف میں انہیں پروقار تقریب کے دوران ترکی کے فوجی اعزاز ’’لیجن آف میرٹ‘‘ سے بھی نوازا گیا۔ تقریب سے خطاب میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ترکی پاکستانیوں کے دلوں میں بستا ہے جب کہ انہوں نے خود کو ملنے والے ایوارڈ کو پاکستان اور ترک افواج کے شہداء کے نام کردیا۔
بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے ترک ہم منصب جنرل ہلوسی آکار سے ملاقات کی اور خطے کی سلامتی اور امن و استحکام کے لیے دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے کردار پر تبادلہ خیال کیا، پاک ترک فوجی سربراہان نے دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، ترک فوجی قیادت نے دہشت گردی اور قیام امن کے آپریشنز میں پاکستان آرمی کے کردار کو بھی سراہا۔

 

 

ایمز ٹی وی(میرپورخاص) شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 64ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے
 
ذرائع کے مطابق سابق وزیرِ اعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے مقامی شادی لان میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے،جہاں افطار کے وقت سالگرہ کا کیک کاٹا جائے گا۔
 
پیپلز پارٹی کے ضلعی پریس سیکرٹری عبدالسلام کے مطابق تقریب میں پارٹی کے ایم این ایز، ایم پی ایز، سینیٹر اور دیگر پارٹی رہنما شرکت کریں گے۔

 

 

ایمزٹی وی (سری نگر)بھارت کیخلاف پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جیت پر مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز بھی جشن جاری رہا، مختلف پرائیویٹ اور سرکاری اسکولوں کے طلبہ نے پٹاخے چھوڑ کی پاکستان کی فتح کی خوشی منائی۔
کئی جگہوں پر بھارتی فورسز نے جشن منانے والوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق سرینگر کے علاقوں فتخ کدل اور سیکہ ڈافر میں بھارتی فورسز نے لوگوں پر آنسو گیس کے گولے داغے اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی۔
حریت رہنما میرواعظ عمر فاروق نے کہا بھارت کشمیرمیں جاری جدوجہدآزادی کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہونے کا پروپیگنڈا کر رہا ہے اور کشمیری نوجوان بھارت کے اسی پروپیگنڈے کا جواب دے رہے ہیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوج کی پاکستان کی فتح کا جشن منانے والے کشمیریوں کے خلاف کاروائی آزادی اظہار کی کھلی خلاف ورزی ہے، بھارتی کرکٹرز نے بھی پاکستان کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔
بھارت کو اس کامیابی کو صرف ایک کھیل کے طور پر لینا چاہیے۔
بھارت جبر کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتا۔ مدھیہ پردیش میں بھارتی پولیس نے پاکستان کی فتح پر جشن منانے پر 15 بھارتی مسلمان نوجوانوں کو بغاوت کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ ان افراد کا تعلق برہان پور ضلع سے ہے ان پر پاکستان کے حق اور بھارت کیخلاف نعرے لگانے کا الزام ہے۔ ریاست راجستھان کے ضلع بیکانیر میں بھی پانچ مسلمان نوجوانوں کو جشن منانے پر حراست میں لے لیا گیا۔ ان افراد کیخلاف کارروائی انتہا پسند ہندو تنظیم ویشوا ہندو پریشد کی شکایت پر کی گئی۔

 

 

ایمزٹی وی(جدہ)سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بھتیجے محمد بن نائف کو برطرف کر کے بیٹے محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو ولی عہد مقرر کر دیا۔
سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق شاہ سلمان نے ولی عہد محمد بن نائف کو عہدے سے برطرف کر کے نائب ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو ولی عہد مقرر کر دیا ہے جو ملک کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع بھی ہیں۔
سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد بن نائف جو عرصہ دراز سے مملکت سعودیہ کے انسداد دہشت گردی کے وزیر تھے اور انہوں نے 2003 سے 2006 تک القاعدہ کے خلاف بڑی مہم چلائی تھی، ان سے تمام عہدے واپس لے لئے گئے ہیں جبکہ کچھ برسوں سے محمد بن سلمان ہی سعودی عرب کی جنگ کی پالیسی چلا رہے اور توانائی و تیل کے حوالے سے شاہ سلمان کو تمام منصوبے پیش کر رہے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط نے بھارتی میڈیا کوانٹرویودیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اوربھارت کودہشت گردی سمیت مسائل پر رابطے میں رہنا چاہیے، پاکستان کے لئے اب دہشت گردی بھی بڑا مسئلہ بن چکا ہے، پاکستان سمجھتا ہے مذاکرات اور پیشگی شرائط اکٹھے نہیں چل سکتے، 40 سال سے باہمی مذاکرات نتیجہ خیز نہیں ہو سکے جب کہ بھارتی حکومت کی جانب سے مزاکراتی عمل کے آغاز کی کوئی کوشش نہیں ہو رہی، پاک بھارت جامع مذاکرات کے آغاز کے حوالے سے پرامید ہوں اورسفارتکاری میں تمام ممکنات کیلئے دروازے کھلے رکھنا ہوتے ہیں۔
عبدالباسط نے کلبھوشن یادیوکے حوالے سے کہا کہ عالمی عدالت سے کلبھوشن کیس پر فیصلے تک سزا پرعملدرآمد نہیں ہوگا، کلبھوشن یادیو کے پاس سزا کے خلاف آرمی چیف اورصدرکے پاس اپیل کا حق ہے جب کہ اپیل مسترد ہونے کے بعد آرمی چیف یا صدرسزا پرنظر ثانی کرسکتے ہیں۔
عبدالباسط کا کھیل کے حوالے سے کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں کرکٹ سمیت دیگر کھیل ہونے چاہیے، تعلقات بہتری تک کھیلوں کے مقابلے بھی چھوڑدینا دانشمندی نہیں، کھیلوں کے مقابلے باہمی بات چیت کیلئے بہتر فضا قائم کر سکتے ہیں جب کہ کھیلوں کو سیاست سے الگ کردینا چاہیے۔
عبدالباسط کا حرہت کانفرنس کے حوالے سے کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے حریت کانفرنس سے رابطے میں رہا ہے، ہماری حریت لیڈروں سے ملاقاتوں کو مثبت انداز میں دیکھا جانا چاہیے، حریت لیڈروں سے ملاقات سے دیرینہ تنازعہ کشمیرکے بہتر حل کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے، پاکستان حریت کانفرنس کو ہی مقبوضہ کشمیر کے عوام کی نمائندہ تسلیم کرتا ہے۔
عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر کو تمام مسائل کی جڑسمجھتے ہیں، پاکستان کوباہمی مذاکرات مفید نہ ہونے پرباقی دنیا سے بات کرنا پڑتی ہے جب کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی بیک چینل کام نہیں کررہا۔

 

 

ایمزٹی وی (انٹرٹینمنٹ) نامور گلوکار اور سابق پاکستانی شہری عدنان سمیع کے دل میں اپنے وطن سے محبت ایک بار پھر جاگ اٹھی ہے، آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کی فتح پر وہ بھی میدان میں آگئے او ر شاہینوں کی فتح پر انہیں مبارکباد پیش کردی ۔
 
 
سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کے ذریعے نامور گلوکار اور سابق پاکستانی شہری عدنان سمیع نے شاہینوں کی فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ لوگو! یہ صرف ایک کھیل ہے اور ساتھ ہی بھارتی کرکٹر ز کو اپنی غلطیاں سدھارنے کا مشور ہ بھی دے دیا۔
 
ایک اور ٹوئٹ میں عدنان سمیع کا کہنا تھا کہ جیت مبارک پاکستان، شاہینو تم نے کھیل کے ہرمیدان میں ایک بہترین کردار ادا کیا، تمھیں جیت بہت بہت مبارک ہو۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) پاکستان کرکٹ کے فاسٹ بالر جنید خان لندن سے دبئی کے راستے اسلام آباد ایئر پورٹ پر پہنچ گئے جہاں لوگوں نے انکا والہانہ استقبال کیا ، پھول نچھاور کیے اور گلدستے بھی پیش کیے۔ اس موقع پر مداحوں نے جنید خان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔
جنید خان نے اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوشی ہی بہت ہے کہ میں جیت کر آیا ہوں ، لوگوں کے استقبال پر زیادہ خوشی ہے اور آئندہ بھی اسی طرح جیت کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔
اسلام آباد سے صوابی انٹر چینج پہنچے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنید خان نے کہا کہ قومی فاسٹ بالر جنید خان نے کہا ہے کہ ٹیم بھارت کیخلاف نیچر ل گیم کھیلی اور کامیاب رہی کیونکہ ہمارے پاس ہارنے کو کچھ نہیں تھا ۔ فائنل کھیلے تو سارے غم بھول گئے ۔بھارت کیخلاف میچ سے قبل ٹیم نے مشاورت کی تھی ۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ٹارگٹ بھارت کے سارے کھلاڑی تھے کیونکہ ہمارا مقصد میچ جیتنا تھا۔چیمپئنز ٹرافی میں جس طرح ٹیم نے پرفارمنس دکھائی کسی اور ٹیم نے نہیں دکھائی ۔”چیمپئنز ٹرافی جیتنا بڑے اعزاز کی بات ہے“۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف میچ سے پہلے ٹیم پر پریشر تھا مگر کھلاڑیوں نے مثبت سوچ کیساتھ میچ کھیلا ۔ کسی کے گمان میں بھی نہیں تھا کہ ہم ٹرافی جیت کر آئیں گے مگر ہم سب یہی کہتے تھے کہ جیت کر واپس جانا ہے۔بھارت کیخلاف میچ دباﺅ کے بغیر کھیلے ۔
فاسٹ بالر جنید خان نے کہا کہ بھارت سے پہلا میچ ہارنے پر افسوس تھا ، ٹرافی جیتے کے بعد امید ہے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ جلد واپس آجائے گی کیونکہ میچ جیتنے کے بعد غیر ملکی لیجنڈ کھلاڑی بھی پاکستان کے بارے اچھے ریمارکس دے رہے تھے کہ پاکستان میں کرکٹ نہیں ہو رہی پھر بھی ٹیم جیت گئی ۔