ھفتہ, 18 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (تجارت)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی استحقاق میں وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک نے گزشتہ5 برسوں میں سیاستدانوں کے بینکوں سے لیے جانے والے قرضوں کی تفصیلات پیش کرنے سے انکار کردیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ قرض لینے والوں کی تفصیلات ان کیمرا سیشن یا چیئرمین سینیٹ کے چیمبر میں پیش کی جاسکتی ہیں،تاہم بینکنگ قوانین کے تحت صارفین کا ڈیٹا کسی کو فراہم نہیں کیا جاسکتا ۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی استحقاق میں سیاستدانوں کو 5 سالوں میں بنکوں سے دیئے گئے قرضوں کی تفصیلات فراہمی کامعاملہ زیربحث آیا۔
کمیٹی نے حکام سے استفسار کیا کہ ڈیڑھ سال سے سیاستدانوں دئیےگیے قرضوں کی تفصیلات مانگ رہےہیں کیوں فراہم نہیں کرتے؟ جس پروزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کے حکام نے قرضوں کی تفصیلات کمیٹی میں پیش کرنے سے صاف انکار کردیا۔
اس حوالے سے موقف اختیار کیا گیاکہ بینکنگ لاء اور صارفین کے ڈیٹا کےتحفظ کےقوانین کےتحت ان کی معلومات افشاء نہیں کرسکتے، ایسا کیاتو لوگ عدالتوں میں چلےجائیں گے۔
سابق گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود کا کہناتھاکہ پہلے بھی کمیٹی میں طے ہوا تھا کہ یہ تفصیلات کمیٹی نہیں ،چیئرمین سینیٹ کے چیمبر میں پیش کئے جائیں گی، تاہم قرضوں کا ریکارڈ چیئرمین سینیٹ کے چیمبر میں نہیں رکاجاسکتاہے۔
اسٹیٹ بینک حکام تفصیلات خود چیمبر میں لے آئیں گے ،جس سینیٹر نے دیکھنا ہو وہ ریکارڈ دیکھ سکتا ہے،ادارے کا ریکارڈ لانے والا بندہ خود آئےگااور ریکارڈ اپنے ساتھ واپس لے جائے گا۔
چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ آپ قرضوں کی تفصیلات پارلیمنٹ سے نہیں چھپا سکتے، کمیٹی نےقرضوں کی تفصیلات کی فراہمی کا معاملہ چیئرمین سینیٹ کو بھیج دیا۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)بھارتی بلے باز کالی آندھی کے سامنے ڈھیر ہوگئے۔ چوتھے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کے189رنز کے جواب میں بھارتی سورما صرف 178رن بناکر چلتے بنے۔ پانچ میچز کی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیزکی جانب سے لیوئس اور کائل ہوپ نے35،35 رن کی اننگزکھیلی ۔ بھارت کے یمیش یادھو نے 36 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جس کےجواب میں بھارت کی ٹیم 178 رنز بنا کرآوٹ ہوگئی۔ بھارت کے اجنکیا راہانے91 گیندوں پر 60 رنز اور ایم ایس دھونی نے54 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر پانچ وکٹیں حاصل کرکے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پانچ میچوں کی سیریز میں بھارت کو دو ایک کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کا آخری ون ڈے جمعرات کو کنگسٹن میں کھیلا جائے گا۔

 

 

5جو لائی سےعملی امتحانات کا آغاز ایمزٹی وی (تعلیم/ کراچی) انٹر بورڈ نے جنرل گروپ کے عملی امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کردیا۔ بو ر ڈ آف انٹر میڈیٹ ایجو کیشن کرا چی کے اعلا میہ کے مطا بق ہیو منیٹیز جنرل گرو پ ریگو لر (part I) اور (part II) کے سالا نہ پریکٹیکل 5جو لائی کو ہو نگے ۔ طالب علمو ں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس سلسلے میں وہ اپنے متعلقہ کالجز سے فوری را بطہ کریں

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم/ جامشور)جامعہ سندھ نے ایم اے فائنل کے نتائج کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ناظم امتحانات (سالانہ) جامعہ سندھ جامشورو نے ایم اے (پاس) فائنل 2016ء کے امتحان کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ جاری کردہ نتائج کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر5311 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں 285 امیدوار فرسٹ کلاس، 3071 امیدوار سیکنڈ کلاس اور 490 امیدوار تھرڈ کلاس میں کامیاب قرار دیئے گئے۔

 

 

 

ایمزٹی وی (صحت)یونیورسٹی آف کیلیفورنیا لاس اینجلس (یو سی ایل اے) میں سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے دریافت کیا ہے کہ پیٹ میں موجود بیکٹیریا ہماری سوچ اور جذبات پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں اور ان کی وجہ سے ہمارا موڈ خراب یا خوشگوار ہو سکتا ہے۔ اب سے پہلے یہ تحقیق جانوروں پر کی گئی تھی لیکن یو سی ایل اے میں کرسٹن ٹیلش کی سربراہی میں یہ مطالعہ 40 صحت مند خواتین پر کیا گیا جن کی عمریں 18 سے 55 سال کے درمیان تھیں۔ ان تمام خواتین سے فضلوں کے نمونے لیے گئے اور ان میں دو اقسام کے جرثوموں کی موجودگی کا جائزہ لیا گیا جبکہ اس کے فوراً بعد انہیں مختلف (یعنی مثبت اور منفی) جذباتی ردِعمل پیدا کرنے والی تصاویر دکھائی گئیں اور ایم آر آئی کی مدد سے ان میں دماغی سرگرمیوں کا تجزیہ کیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ جن خواتین کے فضلے میں ’’بیکٹیریوئیڈز‘‘ قسم کے جرثوموں کی مقدار زیادہ تھی وہ اپنی یادداشت اور جذباتی کیفیات کے اعتبار سے زیادہ سرگرم تھیں اور تصاویر دکھائے جانے پر ان کے دماغ میں زیادہ ردِعمل دیکھا گیا۔ اس کے برعکس وہ خواتین جن کے فضلے میں ’’پریوٹیلا‘‘ جرثومے زیادہ تھے وہ جذباتی طور پر خاصی غیر سرگرم تھیں اور تصاویر دیکھنے پر ان کے دماغوں میں پیدا ہونے والی تحریک بھی خاصی کم تھی۔ البتہ اس تحقیق پر بھی کئی اعتراضات موجود ہیں مثلاً یہ کہ اس میں صرف 40 خواتین شریک تھیں اور اتنی کم تعداد کی بنیاد پر انسانوں کی بڑی تعداد کےلیے کوئی حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا۔ علاوہ ازیں یہ مطالعہ صرف خواتین ہی پر کیا گیا تھا اور ہوسکتا ہے کہ مردوں میں پیٹ کے جرثوموں کے اثرات بالکل مختلف ہوں لیکن اس پہلو کو یکسر نظرانداز کردیا گیا۔

 

 

 

 

ایمزٹی وی (صحت) ایلوویرا کو ہربل کی دنیا میں ایک خاص اہمیت حاصل ہے اسے مختلف دواؤں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے ماہرین صحت کے مطابق ایلوویرا کھانے کے لیے بھی اہم چیز ہے جب کہ اس کا شعبہ طب سمیت کاسمیٹیکس میں بھی استعمال ہے۔ایلوویراکا یک گلاس جوس روزانہ پینے کے فوائد سے آپ یقیناً لاعلم ہوں گے اس لیے ہم آپ کو ایسے 7 فوائد بتارہے ہیں جو آپ کی صحت کے لیے مفید ہیں۔ ایلوویرا کے حوالے سے کی جانے والی کئی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہےکہ اس کا جوس پینے سے بلڈ شوگر بھی قابو میں رہتی ہے۔ وٹامن سے بھرپور: ایلوویرا کا جوس وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتا ہے جس میں موجود اینٹی آکسیڈینٹس ہمارے جسم کے لیے بنیادی طور پر ضروری ہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق اس کا جوس آملا، تلسی اور کریلے کے جوس کے ساتھ بھی پیا جاسکتا ہے۔ خون کی کمی دور کرنے میں مؤثر: ماہرین صحت کا کہنا ہےکہ ایلوویرا نہ صرف آپ کے معدے کے لیے مفید ہے بلکہ یہ جگر کی خرابی میں بھی انتہائی مؤثر ثابت ہوتا ہے۔ جسم میں خون کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ یہ یرقان کے مریضوں کے لیے بھی بہترین ہے۔ جب کہ ایلوویرا کے جوس کا استعمال پتے میں موجود زہریلے مادوں کو بھی ختم کرتا ہے جو پتے کے لیے انتہائی مفید ہے۔ ہاضمے کے لیے مفید: ایلوویرا کے جوس کا روزانہ کی بنیاد پر استعمال آپ کے ہاضمے کو بہتر کرتا ہے اور نظام ہاضمہ میں پیدا ہونے والے امراض سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔ ایلوویرا کے جوس سے معدے کی تیزابیت اور گیس کی شکایت سے بھی محفوظ رہا جاسکتا ہے جب کہ یہ وزن کم کرنے میں بھی مددگار ہے۔ جرثوموں کے خاتمے میں مددگار: صبح سویرے ایلوویرا کا جوس پینے سے آپ کے جسم میں موجود ایسے جرثوموں کا خاتمہ ہوتا ہے جو خون کے خلیوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ اس کے علاوہ صبح ایلوویرا کے جوس کا استعمال معدے کے مسائل کو حل کرتے ہوئے اسے صاف کرتا ہے۔ بالوں اور جلد کیلیے انتہائی مفید: ایلوویرا جہاں پیٹ کے امراض کے لیے مفید ہے وہیں اس کے فوائد چہرے کی جلد اور بالوں پر بھی دیکھے گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس کا استعمال بالوں کو تیزی سے بڑھنے میں مدد دیتا ہے جب کہ ایلوویرا چہرے کے داغ دھبوں اور جھائیوں کو بھی دور کرتا ہے۔ اسے جلد پر کریم کی طرح بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ قوت مدافعت بڑھائے: صحت بھری غذائیت سے بھرپور ایلوویرا کا جوس آپ کے جسم میں قوت مدافعت میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق خاص طور پر اسے آملہ اور تلسی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو یہ اور بھی فائدہ مند ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایلوویرا کے جوس کو نہار منہ پینا سب سے زیادہ فائدہ مند ہے۔ روزانہ نہار منہ ایک گلاس پانی میں 20 ملی لیٹر ایلوویرا کا جوس استعمال کرنا چاہیے جب کہ آپ اسے کسی بھی جوس میں ڈال کر پی سکتے ہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد ویسٹ انڈیز سے ایک روزہ میچ میں عبرتناک ناکامی نے بھارتی میڈیا کو کرکٹ ٹیم پر انگلیاں اٹھانے کا موقع فراہم کردیا تاہم اس کی زد میں سب سے زیادہ سابق کپتان ایم ایس دھونی ہیں جن کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ دھونی کو ایک کامیاب فنشر کھلاڑی قرار دیا جاتا ہے جو چئمپئنز ٹرافی میں بھارتی شائقین کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکے اور 5 جولائی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں بھی وہ محتاط کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوئے جس پر بھارتی کرکٹ شائقین سمیت میڈیا بھی ان سے ناراض ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف دھونی 114 گیندوں پر 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ انہوں نے اپنی اننگز میں صرف ایک چوکا لگایا، جب تک دھونی کریز پر موجود رہے تو یہی گمان کیا جارہا تھا کہ بھارتی ٹیم میچ جیت جائے گی لیکن انڈین ٹیم 190 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ نشریاتی ادارے نے دھونی کے متبادل کا نام تجویز کرتے ہوئے کہا کہ دہلی سے تعلق رکھنے والے رشب پانت دھونی کے متبادل کے طور پر موزوں امیدوار ہیں جو موقع کی تلاش میں ہیں جو نہ صرف بڑے شارٹس کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ وہ کئی لوگوں کو متاثر کرچکے ہیں تاہم بھارتی ٹیم مینجمنٹ حیران کن طور پر ان سے ناراض دکھائی دیتی ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)چیف آپریٹنگ آفیسر ، لیثر لیگز سید اسحاق شاہ نے ڈی ایچ اے راحت اسٹیڈیم پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معروف غیرملکی فٹبالرز کی آمد سے ملک میں فٹبال کے کھیل کو نئی زندگی ملے گی اورپاکستان کے حوالے سے دنیا بھر میں مثبت تاثرجائیگا۔ نئے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے ان کو انٹرنیشنل سطح پر روشنا س کرایا جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ یورپ بھر میں فٹبال کے میدان میں نام کمانے والے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے دورئہ پاکستان سے ملک میں اس کھیل کو ایک نیا رخ ملے گا،ان کے کامیاب دورے سے پورت عالم میں پاکستان کے حوالے سے پیدا شدہ منفی تاثر بھی دور ہوگا، انھوں نے کہاکہ انٹر نیشنل فٹبالرزاورآفیشلز کے دورئہ پاکستان کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے جائیں گے جبکہ لاہور اورکراچی میں ان کے اعزاز میں شایان شان تقریبات کا بھی انعقاد ہوگا، مزید براں اس موقع پرثقافتی شوز کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے جس کے لیے 100رکنی خصوصی دستہ بھی پاکستان پہنچ رہا ہے۔

 

اسحاق شاہ نے کہا کہ یورپ میں مختصر طرز کی 5 اے سائیڈ اور7 اے سائیڈ لیگ کی مقبولیت فٹبال کودوام بخش رہی ہے، ورلڈ گروپ کے تحت کی جانے والی کاوشوں سے پاکستان میں بھی اس طرز کی فٹبال کو فروغ دیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ پہلے سیزن کے دوران لیگ کو بہترین اور ابھرتے ہوئے فٹبالرز کی ایک بڑی کھیپ سامنے آئی، منتخب فٹبالرزکواپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں کھیلنے کا موقع ملے گا جبکہ فٹبال کے مداح نامور اسٹارزکواپنے درمیان پائیں گے۔

 

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ لیگ کے حوالے سے منفی پروپیگنڈہ درست نہیں، لیگ کا مقصد پاکستان میں فٹبال کو ترقی دینا اور فٹبالرز کی بہبود ہے، ویمن فٹبال کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ اسٹریٹ چلڈرنزکی بھی رہنمائی کریں گے، ا یک اور سوال کے جواب میں اسحاق شاہ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کراچی کا قدیم علاقہ لیاری کھیلوں خاص طور پر فٹبال کا گڑھ ہے جس نے ماضی میں نامور کھلاڑی دنیا کو دیے، ورلڈ گروپ لیاری کے ٹیلنٹ کو بھی مناسب مواقع فراہم کرے گا جبکہ لیاری میں اس کھیل اور کھلاڑیوں کے حوالے سے جلد ہی ایک بہترین پیکج کا اعلان کیا جائیگا۔

 

واضح رہے کہ رونالڈینہو اینڈ فرینڈز کی ٹیم کیخلاف 8 جولائی کو ایدھی ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کی بلو ٹرف پر شیڈول نمائشی فلڈ لائٹ میچ کے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

 

 

 

 

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو عبرتناک شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں تقریب آج وزیر اعظم ہاؤس میں سجائی جائے گی، وزیر اعظم ہاؤس میں تقریب کیلیے کھلاڑی اور آفیشلزاسلام آباد میں اکٹھے ہونگے، کھلاڑی اسلام آباد پہنچ کر مقامی ہوٹل میں قیام کرینگے جہاں سے انھیں فول پروف سیکیورٹی انتظامات میں وزیراعظم ہاؤس پہنچایا جائیگا۔
عالمی رینکنگ میں 8ویں پوزیشن کے ساتھ میگاایونٹ میں مہم کا آغاز کرنے والے گرین شرٹس سے کوئی سیمی فائنل میں رسائی کی بھی توقع نہیں کررہا تھا، بھارت کے ہاتھوں گروپ میچ میں شکست کے بعد تو رہی سہی امیدوں پر بھی پانی پھرتا نظر آنے لگا، مگر سرفراز احمد کی قیادت میں ٹیم نے ناقابل یقین انداز میں نہ صرف کم بیک کیا بلکہ ٹائٹل پر بھی قبضہ جمالیا، اس کامیابی پر حکومت کی جانب سے کرکٹرز کو انعامات سے نوازنے کا اعلان کیا گیا تھا، کاؤنٹی کرکٹ کیلیے انگلینڈ میں موجود پیسر محمد عامر شریک نہیں ہوسکیں گے،ان کا چیک پی سی بی کا کوئی عہدیدار یا ساتھی کرکٹر وصول کرے گا، کوچ مکی آرتھر و دیگر غیرملکی کوچز بھی اپنے اپنے ملک میں موجودگی کے سبب نہیں آ سکیں گے ۔
تقریب میں شرکت کیلیے پاکستان میں متعین غیر ملکی سفیروں، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرز،اعلیٰ حکومتی ارکان کو بھی دعوت دی گئی ہے،پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان،ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی،چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور یونس خان سمیت سابق کرکٹرز بھی موجود ہوںگے،گورننگ بورڈ کے ارکان کو بھی دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اظہرعلی، احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، سرفراز احمد، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، رومان رئیس، حسن علی، جنید خان، فہیم اشرف اور وہاب ریاض کو وزیر اعظم کی طرف سے اعلان کردہ ایک ایک کروڑروپے دیے جائیں گے۔ ہیڈکوچ مکی آرتھر، فٹنس اینڈ فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن، بولنگ کوچ اظہر محمود کیلیے50،50 لاکھ روپے کا اعلان ہوا ہے، ٹیم منیجر طلعت علی، میڈیا منیجر رضا راشد، سوشل میڈیا منیجر عون زیدی، انچارچ ٹور آپریشنز شاہداسلم، اینالسٹ طلحہ اعجاز،سیکیورٹی منیجر اظہر،فزیوتھراپسٹ شان ہیز اور مساجر ڈونلڈ ڈیو البرٹ کو25،25 لاکھ روپے ملنے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (سرگودھا)انسداددہشت گردی سرگودھا کی خصوصی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں گرفتار رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی ضمانت منظور کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ مقدمے کی سماعت 13جولائی تک ملتوی کردی گئی ۔
رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کیخلاف تھانہ سول لائن مظفرگڑھ میں درج مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی سرگودھا کی خصوصی عدالت میں ہوئی۔
جمشید دستی کے وکلا کی جانب سے عدالت میں درخواست ضمانت دائر کی گئی اور ایک وڈیو کلپ بھی پیش کیا گیا، عدالت نے وکلا کی بحث کے بعد ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض جمشید دستی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم سنایا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طارق سلیم نے مقدمے کی مزید سماعت 13 جولائی تک ملتوی کردی۔
ضمانت پر رہائی کی اطلاع ملتے ہی عدالت کے باہر موجود جمشیددستی کے حامیوں نے نعرے بازی کی۔
اس موقع پر جمشید دستی کی والدہ اور بہن کو مٹھائی بھی کھلائی گئی۔