منگل, 14 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی)آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات کا تعلق سرحد پار سے ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات کا تعلق سرحد پار سے ہے لہذا پاک افغان سرحد پر نگرانی اور سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے جب کہ غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ پارا چنار میں دو دھماکوں میں 30 جب کہ کوئٹہ میں خود کش دھماکے سے 6 پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوئے۔ دوسری جانب کراچی میں فائرنگ کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے۔

 

 

ایمزٹی وی (پارہ چنار) چمکنی کے علاقے شاہ پور میں سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی کر کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پشاورمیں چمکنی کے علاقے شاہ پور میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 2 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کے ایک ساتھی کو گرفتار کر لیا۔
ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت خلیل عرف عارف کے نام سے ہوئی ہے جو کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر تھا۔ ہلاک دہشتگرد کمانڈر بیوی اور 4 بچوں کے ہمراہ بند مل کی عمارت میں رہائش پذیر تھا، فورسز نے اس کے بیوی بچوں کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔
قبل ازیں شاہ پور کے علاقے میں ہی ایک مکان پر چھاپے کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کردی، فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور موقع پرہلاک ہوگئے جبکہ پولیس کے 5 اہلکار اور فوج کے 2 جوان زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد
کے لئے سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے۔
 
آئی جی خیبرپختونخوا صلاح الدین محسود نے بتایا کہ ہلاک دہشتگرد منظم نیٹ ورک کا حصہ تھے، دہشت گرد گروہ پولیس پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور بم حملوں میں بھی ملوث تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں فوج کی بھرپورمدد حاصل رہی جبکہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں بکتربند گاڑیاں، کمانڈوز بھی شریک تھے۔
سی سی پی او پشاور طاہر خان کا کہنا ہے کہ فلور مل میں چھپے دہشت گرد بم بنا رہے تھے جو عید کے دوران تخریب کاری کے لئے استعمال کیا جانا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(مکہ مکرمہ)سعودی وزارت داخلہ کے سیکیورٹی ترجمان منصور الترکی کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مسجد الحرام کی سیکیورٹی کو گزند پہنچانے والا ایک منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق مقام مقدس کو نقصان پہنچانے کی غرض سے تیار منصوبہ دراصل تین مختلف مقامات پر موجود دہشت گرد گروپوں نے تشکیل دیا تھا۔ ان میں ایک گروپ جدہ گورنری جبکہ دو مکہ المکرمہ میں موجود تھے۔ دہشت گرد منصوبہ ناکام بنانے کے لئے سعودی سیکیورٹی اداروں نے پہلی کارروائی مکہ کی العسیلہ کالونی میں کی جبکہ دوسرا آپریشن مسجد الحرام کے نواح میں اجیاد المصافی نامی کالونی میں کیا گیا۔
اجیاد کالونی کے ایک مکان میں چھپے ایک خودکش بمبار نے سیکیورٹی اہلکاروں پر اس وقت فائر کھول دیا جب اہلکاروں نے اسے وارننگ دی کہ وہ خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کے سپرد کر دے کیونکہ اس کا محاصرہ کر لیا گیا ہے، تاہم اس نے یہ حکم ماننے سے انکار کیا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
اس واقعے میں 6 زائرین اور 5 سیکیورٹی اہلکاروں کو معمولی زخم آئے۔ سیکیورٹی فورس کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایک خاتون سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے کر ان کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہے

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیراعظم کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدرآج جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔
میڈیاذرائع کے مطابق پاناما جے آئی ٹی کا اجلاس آج واجد ضیاء کی سربراہی میں فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں ہو گا جب کہ جے آئی ٹی نے وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو طلب کررکھا ہے اور وہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوکر سوالوں کے جواب دیں گے۔
دوسری جانب جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس کی نفری جوڈیشل اکیڈمی کے باہر تعینات ہے جب کہ ن لیگی کارکن بھی جوڈیشل اکیڈمی کے سامنے پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
واضح رہے وزیراعظم نوازشریف ، ان کے دونوں صاحبزادے حسن اور حسین نواز، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف بھی جے آئی ٹی کےسامنے پیش ہوچکے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)پاکستان کو ٹی 20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیے ہوئے 8 سال مکمل ہوگئے۔ پاکستان نے 2009 میں یونس خان کی قیادت میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ میگا ایونٹ 5 سے 21 جون تک انگلینڈ میں کھیلا گیا تھا جس میں 12ٹیمیں شریک ہوئی تھیں۔ سپر ایٹ فارمیٹ کے تحت پاکستان، سری لنکا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز نے سیمی فائنلز کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔
پاکستان نے شاہد آفریدی کی شاندار کارکرد گی کی بدولت جنوبی افریقہ کو زیر کرتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی اور لارڈز میں سری لنکا کو شکست دی تھی، آئی لینڈرز نے 6 وکٹ پر 138رنز اسکور کئے تھے، گرین شرٹس نے شاہد آفریدی کی دھواں دار اننگز کی بدولت 8 وکٹ سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹرافی پر قبضہ جمایا تھا۔ بوم بوم نے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی ایک وکٹ بھی حاصل کی تھی اور مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔
واضح رہے کہ 18 جون کو قومی ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوئی اور پاکستان کیلیے ٹائٹل کے 8 سالہ قحط کو ختم کیا۔

 

 

ایمزٹی وی (نئی دہلی)بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان تمام تنازعات کو بات چیت سے حل کرنے کا خواہاں ہے لیکن بھارت سے مذاکرات کی بھیک نہیں مانگ رہے، نئی دہلی نے پیشگی شرائط رکھی تو مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکیں گے ۔
کشمیری جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا چاہیے تاہم پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بھیک نہیں مانگ رہا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال توجہ طلب ہے اور مسئلے کے حل کے لیے بات چیت کی ضرورت ہے
 
 امیدہے پاکستان اور بھارت کے درمیان مستقبل قریب میں مذاکرات پھر شروع ہوں گے تاہم اگر نئی دہلی نے پیشگی شرائط کی رٹ جاری رکھی تو مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔
 
انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں کیا جا سکتا، مسئلہ کشمیر کو عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

 

 

ایمزٹی وی (کابل) افغانستان میں کابل بینک کے قریب کار دھماکے سے 29افراد شہید جبکہ 50سے شدید زخمی ہو گئے جن میں افغان فوج کے جوان بھی شامل ہیں ۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے صوبے ہلمند کے شہر لشکر گاہ میں کابل بینک کے قریب بارود سے بھری گاڑی میں زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 29افراد شہید جبکہ 50سے زائد شدید زخمی ہو گئے ۔

دھماکے کے فوری بعد افغان سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ امدادی ٹیمیں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر رہی ہیں ۔بتا یا جا رہا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں افغان فوج کے اہلکار بھی شامل ہیں

 

 

ایمز ٹی وی (لاہور) جوں جوں عید قریب آرہی ہے بازاروں میں عید کی خریداری کا رش بڑھتا جارہا ہے۔پہلے افطاری کے بعد رش ہوتا تھا لیکن اب دن کے وقت بھی رش میں اضافہ ہونے لگا ہے۔جہاں پارکنگ کے مسائل پیدا ہورہے ہیں وہاں خواتین من چلے نوجوان کے ستانے سے پریشان دکھائی دیتی ہیں،بازاروں میں رش کی وجہ سے جیب کتری بھی اپنا کام دکھارہے ہیں ۔
دکانداروں نے منہ مانگیں دام وصول کرنا شروع کردیئے ہیں۔تنخواﺅں کے ملنے کے بعد خریداری میں تیزی آگئی ہے۔رش میں اضافہ کی وجہ بچوں کا اپنی پسند سے خریداری کرنے کے رجحان میں اضافہ ہے، سب سے زیادہ رش ریڈی میڈ ملبوسات کی دکانوں اور جوتوں کی خریداری میں دیکھنے میں آرہا ہے۔سڑکوں پر پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک بلاک ہوجاتی ہے بازاروں کی رونق میں چوڑیوں ، جیولری اور مہندی کے سٹالز بھی سج گئے جبکہ خواتین اور لڑکیوں نے عید پر خوبصورت اور حسین دکھنے کے لئے بیوٹی پارلرز کا رُخ کر لیاہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) آج بائیس جون ہے اور آج سال کا طویل ترین دن ہو گا ۔
ذرائع کے مطابق آج سال کا طویل ترین دن ہو گا جس کے بعد دن چھوٹے ہونا شروع ہو جائیں گے۔
بائیس جون یعنی آج دن تقریباُُ14گھنٹے پر مشتمل ہو گا جس کے بعد دن چھوٹے اور راتوں کا دورانیہ بڑھنا شروع ہو جائے گا ۔
 

 

 

ایمزٹی وی (تجارت)فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے غیر ضروری اور لگژری آئٹمز کی درآمدات پر سالانہ خرچ ہونے والے اربوں ڈالر کی بچت کیلئے 508اشیاء پر 5فیصد سے لیکر35فیصد تک ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کر دی ہے ، یہ ڈیوٹی کسٹمز ڈیوٹی، سیلز ٹیکس اور ود ہولڈنگ ٹیکس کے علاوہ ہوگی،جو ان اشیاء پر پہلے سے لاگو ہے ، اس ضمن میں ایف بی آر نے ان اشیاء پر ڈیوٹی کی وصولی کیلئے فہرست ملک بھر کی بندر گاہوں اور ایئر پورٹس کو روانہ کر دی ہے۔
امپورٹڈ اشیا کھانے والوں کے لئے بری خبر، امپورٹڈ ٹن فوڈ مہنگا ہوگیا ،ڈبوں میں بند امپورٹڈ خوراک پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں پانچ فی صد اضافہ کر دیا گیا،پالتوں جانوروں کی خوراک پر ڈیوٹی 15 سے بڑھا کر 20 فی صد،امپورٹڈ پائن اپیل پر ڈیوٹی 15 سے بڑھا کر 20 فی صد ، امپورٹڈ سوئیٹ کارن پر ڈیوٹی 15 سے بڑھا کر 20 فی صد جبکہ امپورٹڈ مشروم پر ڈیوٹی 15 سے بڑھا کر 20 فی صد کردی گئی ہے ،ایف بی آر کے نوٹی فکیشن کے مطابق امپورٹڈ ریڈ چیری پر ڈیوٹی 20 فی صد کردی گئی ،امپورٹڈ بلیو اور بلیک بیری، رس بھری پر ڈیوٹی میں 5 فی صد اضافہ کردیا گیا ،امپورٹڈ جوسز پر ڈیوٹی 20 فی صد،امپورٹڈ منرل واٹر، وٹامن واٹر پر بھی ڈیوٹی 20 فی صد کردی گئی، امپورٹڈ انرجی ڈرنکس پر ڈیوٹی میں 20 فی صد اضافے کی تجویز ہے ،امپورٹڈ کپڑے ، جوتے اور پرس پر ڈیوٹی بڑھادی گئی ہے ،امپورٹڈ کراکری اور دیگر کچن آئٹم پر ڈیوٹی 20 فی صد،امپورٹڈ سگار اور تمباکو پر ڈیوٹی 20 فی صد جبکہ امپورٹڈ سرامکس اور باتھ روم فٹنگز پر بھی ڈیوٹی 20 فی صد کردی گئی ہے جن کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ،