بدھ, 15 جنوری 2025
ایمزٹی وی (اسلام آباد)الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی جس میں عمران خان نے جواب جمع کرانے کے بجائے اپنا وکیل تبدیل کرلیا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ عمران خان سے توہین عدالت کی درخواست پر جواب مانگا گیا تھا، وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے نیا جواب تیار کرلیا گیا ہے جو نئے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ ہم نے عمران خان کو آئندہ سماعت پر جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا، رکن الیکشن کمیشن جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر نے استفسار کیا کہ بابر اعوان کا وکالت نامہ کہاں ہے جس پر وکیل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بابر اعوان خود اپنا وکالت نامہ پیش کریں گے۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ ہم کل اس پر سماعت کرکے فیصلہ کریں گے جس پر پی ٹی آئی کے وکیل کی جانب سے سماعت آئندہ ہفتے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی جس پر چیف الیکشن کمشنر برہم ہوگئے اور کہا کہ آپ نے اب تک جواب تیار نہیں کیا، وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان چترال میں ہیں اس لیے وقت دیا جائے، چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ عمران خان کبھی چترال میں ہوتے ہیں کبھی نتھیا گلی میں، جس پر وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان قومی لیڈر ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ تو کیا ہم قومی ادارہ نہیں، ہمیں عمران خان کے جواب کی ضرورت نہیں اب صرف حکم سنائیں گے۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے الیکشن کمیشن سے سماعت 10 جولائی تک ملتوی کرنے کی استدعا کی جس پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر فیصلہ سنایا جائے گا تاہم پی ٹی آئی وکیل کی مسلسل استدعا پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت 10 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔
بعد ازاں پی ٹی آئی کے وکیل شاہد گوندل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا بنیادی حق ہے کہ وہ اپنی مرضی کا وکیل کر یں، موٹو گینگ کے ذریعے عمران خان کو بلیک میل کرنے کے لیے پٹیشن دائر کی گئی، 10 جولائی کے یوم حساب سے یہ گھبرا چکے ہیں ، یہ ذاتی حملے کر کے عمران خان کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد)جوڈیشل اکیڈمی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی نے کہا ہے کہ قطری شہزادے کا بیان شامل کیے بغیر جے آئی ٹی رپورٹ کی کوئی اہمیت نہیں ہوگی اور نامکمل تصور کی جائے گی۔
آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ قطر کے شہزادے نے جے آئی ٹی سے سوالنامہ مانگا اور کہا کہ وہ جواب ارسال کردیں گے، لیکن جے آئی ٹی نے شہزادے کو سوالنامہ بھیجنے سے انکار کردیا، یہ انصاف کو قتل کردینے کے مترادف ہے، تحقیقات میں انصاف کے تقاضے پورے ہوتے نظر آنے چاہئیں، ہم انصاف چاہتے ہیں۔
 
معاون خصوصی نے سوال اٹھایا کہ کیا سوالنامہ بھیجنے سے انکار سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین نہیں؟، اس طرح سے قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں ۔
 
(ن) لیگ کے رہنما نے کہا کہ عمران خان قوم کو بدظن کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور مخالفین کیس سے متعلق قوم کو گمراہ کررہے ہیں، جے آئی ٹی کی تشکیل پر خوشی اس لیے منائی تھی کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو نااہل نہیں کیا تھا، ہمارا ایک چہرہ ہے لیکن عمران خان اور ان کےساتھی اپنے چہرے پر کئی چہرے سجالیتے ہیں اور یوٹرن لیتے رہتے ہیں۔
آصف کرمانی نے عمران خان کے یوٹرن لینے پر گانے کے بول بھی پڑھے کہ ’’جب بھی چاہیں ایک نئی صورت بنالیتے ہیں لوگ، ایک چہرے پر کئی چہرے سجالیتے ہیں لوگ‘‘۔

 

ایمزٹی وی (لاہور)لاہور ہائی کورٹ بار سے خطاب کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی بدقسمتی ہے کہ وہ 8 سو کروڑ کے فلیٹ کے کیس میں پکڑے گئے ہیں، جس عمر میں ہمارے بچوں کا شناختی کارڈ نہیں بنتا ، اس عمر میں ان کے بچوں نے انہیں ایک ایک ارب روپے تحفے میں دیے۔ اسحاق ڈار کاغذات تبدیل کرنے کے ماہر ہیں ان کی کوئی قابلیت نہیں جب کہ مریم نواز کے دستخط بھی اسحاق ڈار نے کیے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت میں میرٹ کی کوئی جگہ نہیں، انہوں نے اداروں کو تباہ کیا جب کہ نواز شریف کو فوج کو تباہ کرنے کا ایجنڈا دیا گیا ہے جب کہ اس اہم کیس میں اب غیر ملکی دباؤ بھی شامل ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ میں ہمیشہ تاریخیں دیتا ہوں، پچھلی دفعہ میرا خیال تھا کہ قربانی سے پہلے قربانی ہو جائے گی لیکن قصائی بھاگ گیا تاہم اب قانون کے ترازو میں پاکستان کے 5 عظیم ججوں نے انصاف کا فیصلہ لکھنا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ اس وقت ملک میں 2 حقیقی اپوزیشن لیڈر ہیں ایک عمران خان اور دوسرا شیخ رشید، اس وقت جمہوریت کے چیمپئن بننے کی کوشش کرنے والوں سے ہی جمہوریت کو خطرہ ہے جب کہ موجودہ حکومت چاہتی ہے کہ آمر آئے اور نظام لپیٹ دے تاہم یہ پاکستان کے میک اینڈ بریک کا وقت ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (چترال)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا افتتاح کردیا۔
چترال کے علاقے دروش میں ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پانی کی عدم فراہمی اور بجلی پاکستان کے دو بڑے مسئلے ہیں، ملک میں درآمد شدہ تیل سے بجلی بنائی جارہی ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت بڑھتی ہے تو بجلی کی قیمت بھی بڑھ جاتی ہے، اسی طرح کوئلے سےبننے والی بجلی سے آلودگی ہوتی ہے جب کہ پانی سے بننے والی بجلی سے آلودگی نہیں ہوتی، چین نے کوئلہ سے بننےوالے16پاور پراجیکٹ بند کردیے ہیں، پاکستان کے ہر مسئلے پر پیچھے کرپشن ہے، ہمارے حکمران اپنے کمیشن کے لیے کوئلہ اورفرنس آئل کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔
عمران خان نے پاکستان کے ہر مسئلے پر پیچھے کرپشن ہے، بڑے بڑے مگر مچھوں کو پکڑنے سے چوری رکتی ہے، ملک پر اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا کرم ہونیوالا ہے، پاکستان کی تاریخ بدلنے جا رہی ہے، ملک میں پہلی بار بڑے بڑے ڈاکوؤں کا احتساب ہورہا ہے، نوازشریف اور اسحاق ڈار کے بچے اربوں پتی ہوگئے، یہ لوگ چوری کر کے مظلوم شکل بنا کر تاثر دیتے ہیں کہ ہم پر ظلم ہورہا ہے، کل مریم نواز جے آئی ٹی میں آرہی ہیں، مسلم لیگ (ن) کو جے آئی ٹی میں مریم سے سوال کرنے پر اعتراض ہے، جنہیں مریم کی پیشی پر اعترض ہے ، وہ یہ بھول گئے ہیں کہ ماضی بےنظیر بھٹو کو بلاتے رہے ہیں۔ (ن) لیگ کہتی ہے کہ بچے کی جے آئی ٹی میں پیشی کی تصویر جاری ہوئی ، جسے بچہ کہتے ہیں وہ 45 سال کا ہے اور اس کے بھی 7 بچے ہیں.
چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ قوم کی تعمیر میں مرداورخواتین دونوں اپنا کرداراداکرتے ہیں، سب سے زیادہ پاکستان میں گندا پانی پینے سے بچے مرتے ہیں، ریاست کی ذمے داری ہے کہ پینے کا صاف پانی فراہم کرے. تعلیم، صحت، اسپتال اور پولیس کا نظام ریاست کا بنیادی کام ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ 2 ہزار 900 میگا واٹ ہائیڈل بجلی پلانٹ کی فیزیبلیٹی بھی تیار کرلی ہے، اب تک 200 سے زیادہ مائیکرو ہائیڈل منصوبے بنا چکے ہیں، 1000 سے زائد چھوٹے چھوٹے ہائیڈل منصوبےبنانے ہیں، بھاشا ڈیم پر پہلے کام ہوجاتا تو پنجاب
کےلوگوں کا گرمی میں برا حال نہ ہوتا جب کہ تختی لگا کر یہ کہنا کہ ہم نے منصوبے کا افتتاح کردیا ہے یہ عوام سے دھوکا ہے۔
 
کے پی کے پولیس کے حوالے عمران خان نے کہا کہ جیسی پولیس خیبرپختونخوا کی ہے ویسے پورے ملک میں کہیں نہیں، اس سال کےآخرتک خیبرپختونخوا میں نو ہزار ڈاکٹرز ہوں گے۔ کے پی کے میں جتنے ہم درخت لگائیں گے موسم میں گرمی نہیں ہوگی اور سیلاب نہیں آئیں گے، شجرکاری چترال کے لیے بے حد ضروری ہے اورہم نے 80 کروڑ درخت تین سال میں لگائے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (تجارت)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی استحقاق میں وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک نے گزشتہ5 برسوں میں سیاستدانوں کے بینکوں سے لیے جانے والے قرضوں کی تفصیلات پیش کرنے سے انکار کردیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ قرض لینے والوں کی تفصیلات ان کیمرا سیشن یا چیئرمین سینیٹ کے چیمبر میں پیش کی جاسکتی ہیں،تاہم بینکنگ قوانین کے تحت صارفین کا ڈیٹا کسی کو فراہم نہیں کیا جاسکتا ۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی استحقاق میں سیاستدانوں کو 5 سالوں میں بنکوں سے دیئے گئے قرضوں کی تفصیلات فراہمی کامعاملہ زیربحث آیا۔
کمیٹی نے حکام سے استفسار کیا کہ ڈیڑھ سال سے سیاستدانوں دئیےگیے قرضوں کی تفصیلات مانگ رہےہیں کیوں فراہم نہیں کرتے؟ جس پروزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کے حکام نے قرضوں کی تفصیلات کمیٹی میں پیش کرنے سے صاف انکار کردیا۔
اس حوالے سے موقف اختیار کیا گیاکہ بینکنگ لاء اور صارفین کے ڈیٹا کےتحفظ کےقوانین کےتحت ان کی معلومات افشاء نہیں کرسکتے، ایسا کیاتو لوگ عدالتوں میں چلےجائیں گے۔
سابق گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود کا کہناتھاکہ پہلے بھی کمیٹی میں طے ہوا تھا کہ یہ تفصیلات کمیٹی نہیں ،چیئرمین سینیٹ کے چیمبر میں پیش کئے جائیں گی، تاہم قرضوں کا ریکارڈ چیئرمین سینیٹ کے چیمبر میں نہیں رکاجاسکتاہے۔
اسٹیٹ بینک حکام تفصیلات خود چیمبر میں لے آئیں گے ،جس سینیٹر نے دیکھنا ہو وہ ریکارڈ دیکھ سکتا ہے،ادارے کا ریکارڈ لانے والا بندہ خود آئےگااور ریکارڈ اپنے ساتھ واپس لے جائے گا۔
چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ آپ قرضوں کی تفصیلات پارلیمنٹ سے نہیں چھپا سکتے، کمیٹی نےقرضوں کی تفصیلات کی فراہمی کا معاملہ چیئرمین سینیٹ کو بھیج دیا۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)بھارتی بلے باز کالی آندھی کے سامنے ڈھیر ہوگئے۔ چوتھے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کے189رنز کے جواب میں بھارتی سورما صرف 178رن بناکر چلتے بنے۔ پانچ میچز کی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیزکی جانب سے لیوئس اور کائل ہوپ نے35،35 رن کی اننگزکھیلی ۔ بھارت کے یمیش یادھو نے 36 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جس کےجواب میں بھارت کی ٹیم 178 رنز بنا کرآوٹ ہوگئی۔ بھارت کے اجنکیا راہانے91 گیندوں پر 60 رنز اور ایم ایس دھونی نے54 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر پانچ وکٹیں حاصل کرکے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پانچ میچوں کی سیریز میں بھارت کو دو ایک کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کا آخری ون ڈے جمعرات کو کنگسٹن میں کھیلا جائے گا۔

 

 

5جو لائی سےعملی امتحانات کا آغاز ایمزٹی وی (تعلیم/ کراچی) انٹر بورڈ نے جنرل گروپ کے عملی امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کردیا۔ بو ر ڈ آف انٹر میڈیٹ ایجو کیشن کرا چی کے اعلا میہ کے مطا بق ہیو منیٹیز جنرل گرو پ ریگو لر (part I) اور (part II) کے سالا نہ پریکٹیکل 5جو لائی کو ہو نگے ۔ طالب علمو ں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس سلسلے میں وہ اپنے متعلقہ کالجز سے فوری را بطہ کریں

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم/ جامشور)جامعہ سندھ نے ایم اے فائنل کے نتائج کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ناظم امتحانات (سالانہ) جامعہ سندھ جامشورو نے ایم اے (پاس) فائنل 2016ء کے امتحان کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ جاری کردہ نتائج کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر5311 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں 285 امیدوار فرسٹ کلاس، 3071 امیدوار سیکنڈ کلاس اور 490 امیدوار تھرڈ کلاس میں کامیاب قرار دیئے گئے۔

 

 

 

ایمزٹی وی (صحت)یونیورسٹی آف کیلیفورنیا لاس اینجلس (یو سی ایل اے) میں سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے دریافت کیا ہے کہ پیٹ میں موجود بیکٹیریا ہماری سوچ اور جذبات پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں اور ان کی وجہ سے ہمارا موڈ خراب یا خوشگوار ہو سکتا ہے۔ اب سے پہلے یہ تحقیق جانوروں پر کی گئی تھی لیکن یو سی ایل اے میں کرسٹن ٹیلش کی سربراہی میں یہ مطالعہ 40 صحت مند خواتین پر کیا گیا جن کی عمریں 18 سے 55 سال کے درمیان تھیں۔ ان تمام خواتین سے فضلوں کے نمونے لیے گئے اور ان میں دو اقسام کے جرثوموں کی موجودگی کا جائزہ لیا گیا جبکہ اس کے فوراً بعد انہیں مختلف (یعنی مثبت اور منفی) جذباتی ردِعمل پیدا کرنے والی تصاویر دکھائی گئیں اور ایم آر آئی کی مدد سے ان میں دماغی سرگرمیوں کا تجزیہ کیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ جن خواتین کے فضلے میں ’’بیکٹیریوئیڈز‘‘ قسم کے جرثوموں کی مقدار زیادہ تھی وہ اپنی یادداشت اور جذباتی کیفیات کے اعتبار سے زیادہ سرگرم تھیں اور تصاویر دکھائے جانے پر ان کے دماغ میں زیادہ ردِعمل دیکھا گیا۔ اس کے برعکس وہ خواتین جن کے فضلے میں ’’پریوٹیلا‘‘ جرثومے زیادہ تھے وہ جذباتی طور پر خاصی غیر سرگرم تھیں اور تصاویر دیکھنے پر ان کے دماغوں میں پیدا ہونے والی تحریک بھی خاصی کم تھی۔ البتہ اس تحقیق پر بھی کئی اعتراضات موجود ہیں مثلاً یہ کہ اس میں صرف 40 خواتین شریک تھیں اور اتنی کم تعداد کی بنیاد پر انسانوں کی بڑی تعداد کےلیے کوئی حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا۔ علاوہ ازیں یہ مطالعہ صرف خواتین ہی پر کیا گیا تھا اور ہوسکتا ہے کہ مردوں میں پیٹ کے جرثوموں کے اثرات بالکل مختلف ہوں لیکن اس پہلو کو یکسر نظرانداز کردیا گیا۔

 

 

 

 

ایمزٹی وی (صحت) ایلوویرا کو ہربل کی دنیا میں ایک خاص اہمیت حاصل ہے اسے مختلف دواؤں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے ماہرین صحت کے مطابق ایلوویرا کھانے کے لیے بھی اہم چیز ہے جب کہ اس کا شعبہ طب سمیت کاسمیٹیکس میں بھی استعمال ہے۔ایلوویراکا یک گلاس جوس روزانہ پینے کے فوائد سے آپ یقیناً لاعلم ہوں گے اس لیے ہم آپ کو ایسے 7 فوائد بتارہے ہیں جو آپ کی صحت کے لیے مفید ہیں۔ ایلوویرا کے حوالے سے کی جانے والی کئی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہےکہ اس کا جوس پینے سے بلڈ شوگر بھی قابو میں رہتی ہے۔ وٹامن سے بھرپور: ایلوویرا کا جوس وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتا ہے جس میں موجود اینٹی آکسیڈینٹس ہمارے جسم کے لیے بنیادی طور پر ضروری ہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق اس کا جوس آملا، تلسی اور کریلے کے جوس کے ساتھ بھی پیا جاسکتا ہے۔ خون کی کمی دور کرنے میں مؤثر: ماہرین صحت کا کہنا ہےکہ ایلوویرا نہ صرف آپ کے معدے کے لیے مفید ہے بلکہ یہ جگر کی خرابی میں بھی انتہائی مؤثر ثابت ہوتا ہے۔ جسم میں خون کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ یہ یرقان کے مریضوں کے لیے بھی بہترین ہے۔ جب کہ ایلوویرا کے جوس کا استعمال پتے میں موجود زہریلے مادوں کو بھی ختم کرتا ہے جو پتے کے لیے انتہائی مفید ہے۔ ہاضمے کے لیے مفید: ایلوویرا کے جوس کا روزانہ کی بنیاد پر استعمال آپ کے ہاضمے کو بہتر کرتا ہے اور نظام ہاضمہ میں پیدا ہونے والے امراض سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔ ایلوویرا کے جوس سے معدے کی تیزابیت اور گیس کی شکایت سے بھی محفوظ رہا جاسکتا ہے جب کہ یہ وزن کم کرنے میں بھی مددگار ہے۔ جرثوموں کے خاتمے میں مددگار: صبح سویرے ایلوویرا کا جوس پینے سے آپ کے جسم میں موجود ایسے جرثوموں کا خاتمہ ہوتا ہے جو خون کے خلیوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ اس کے علاوہ صبح ایلوویرا کے جوس کا استعمال معدے کے مسائل کو حل کرتے ہوئے اسے صاف کرتا ہے۔ بالوں اور جلد کیلیے انتہائی مفید: ایلوویرا جہاں پیٹ کے امراض کے لیے مفید ہے وہیں اس کے فوائد چہرے کی جلد اور بالوں پر بھی دیکھے گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس کا استعمال بالوں کو تیزی سے بڑھنے میں مدد دیتا ہے جب کہ ایلوویرا چہرے کے داغ دھبوں اور جھائیوں کو بھی دور کرتا ہے۔ اسے جلد پر کریم کی طرح بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ قوت مدافعت بڑھائے: صحت بھری غذائیت سے بھرپور ایلوویرا کا جوس آپ کے جسم میں قوت مدافعت میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق خاص طور پر اسے آملہ اور تلسی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو یہ اور بھی فائدہ مند ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایلوویرا کے جوس کو نہار منہ پینا سب سے زیادہ فائدہ مند ہے۔ روزانہ نہار منہ ایک گلاس پانی میں 20 ملی لیٹر ایلوویرا کا جوس استعمال کرنا چاہیے جب کہ آپ اسے کسی بھی جوس میں ڈال کر پی سکتے ہیں۔