پیر, 13 جنوری 2025
ایمزٹی وی (اسلام آباد)محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج خیبرپختونخو، فاٹا، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد، بہاولپور ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواﺅں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
ترجمان محمد ایاز کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان، ژوب ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواﺅں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے ساحلی علاقوں میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اوربوندا باندی کا امکان ہے اس کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا ۔
گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش بہاولپور(سٹی17، ائیرپورٹ06)، لاہور(سٹی14، پنجاب یونیورسٹی11، ائیرپورٹ06)، کوٹ ادو 11، ڈی جی خان، جوہرآباد 09، قصور 07، میانوالی، اوکاڑہ03، ملتان، لیہ بہاولنگر02، بھکر، گوجرانولہ01، مالم جبہ 07، کاکول03، سیدو شریف، دیر 02، لوئیر دیر 01،راولاکوٹ 19، گڑھی ڈوپٹہ 09 ، استور 02 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے مزبد بتایا کہ گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت کے مطابق سبی میں 46، دالبندین،شہید بینظیر آباد45 ، دادو 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 

ایمزٹی وی (تجارت)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا ) نے بجلی سستی کرنے کی منظوری دیدی ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق نیپرا نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1روپیہ 90پیسے کمی کی منظوری دیدی جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔
 
بجلی کی قیمتوں میں کمی مئی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت کی گئی ہے جس کے بعد صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں ریلیف فراہم کیا جائے گا ۔

 

 

ایمزٹی وی (لاہور)جعلی ڈگری رکھنے کے الزام میں شوکت بھٹی کو الیکشن کمیشن نے نااہل قرار دے دیا۔
کیس کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کی سر براہی میں5رکنی بینچ نے سنایا۔
واضح رہےشوکت بھٹی حلقہ پی پی۔ \4 راولپنڈی 4 سےرکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت)صدر پاکستان ممنون حسین قومی اسمبلی کے منظور کردہ فنانس بل 2017 پر آج دستخط کر دیں گے ان کے دستخطوں کے ساتھ ہی فنانس بل 2017ایکٹ 2017بن کر ملک بھر میں نافذ کردیا جائے گا۔
سیلز ٹیکس کے تین ایس آر او کسٹم ڈیوٹی کے گیارہ نئے ایس آر آج جاری کر دے گا جو فنانس ایکٹ میں شامل ہیں البتہ فنانس ایکٹ 2017کی بہت سی شقوں کا اطلاق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے اعلان کے مطابق یکم جولائی 2017سے کیا جائے گا ایف بی آر نے پیر کی شام اسلامی بنکاری کے متعلق انکم ٹیکس آرڈیننس مجریہ 2001میں نئی ترامیم کا سرکلر نمبر ایک آف 2017 جاری کیا ہے جس کا نوٹیفکیشن نمبر 4(3) آئی ٹی۔بجٹ 2017 مجریہ 19جون 2017 جاری کر دیا ہے جس میں انکم ٹیکس آرڈیننس مجریہ2001 کی اسلامی بنکنگ کے متعلق متعدد پروویژن کی وضاحت کی گئی ہے اس کے پیراگراف نمبر
3 میں کہا گیا ہے کہ اسلامک بنکنگ پروڈکٹس کے ساتھ منصفانہ اور بلا امتیاز سلوک کرنے کی گارنٹی دی گئی ہے

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی کو پانی فراہم کرنے والے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاﺅن سے 72 انچ کی پائپ لائن پھٹ گئی جس کے نتیجے میں شہر کو آئندہ 48 گھنٹے تک 150 ملین گیلن پانی فراہم نہیں ہو سکے گا۔
 
ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق کراچی کو پانی فراہم کرنے والے اہم ترین دھابیجی پمپمنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاﺅن سے 72 انچ کی لائن پھٹ گئی ،پائپ لائن پھٹنے سے دو کلو میٹر کا علاقہ زیرِ آب آگیا۔
 
دوسری جانب ایم ڈی واٹر بورڈ کی ہدایت پر بھاری مشینری و عملہ پمپنگ اسٹیشن پر مرمت کے لئے پہنچا دیا گیا ہے۔۔لائن کی مرمت میں 48 گھنٹے لگ سکتے ہیں اور واٹر بورڈ متبادل لائنوں سے پانی فراہم کر رہا ہے

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین رجیحات میں شامل ہیں،بنیادی سہولیات کی فراہمی میں پینے کے صاف پانی ،صحت تعلیم اور ینفرا اسٹرکچر کی بحالی شامل ہیں.

انہوں نے کہا کہ لیاری قدیم تہذیب کی حامل بستی ہے مگر اسے گینگ وار کی وجہ سے جو شہرت دی گئی وہ بد نامی کا سبب بنی،لیاری میں بےپناہ ٹیلنٹ موجود ہے،لیاری کے نوجوانوں کو ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری میں افطار عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام مسلم لیگ (ن) لیاری نے کیا تھا جبکہ اس موقع پر بڑی اسکرین کے ذریعے پاک بھارت کرکٹ میچ دکھانے کا اہتمام کیا گیا تھا

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت سندھ کی خوشحال کے وژن پر کار بند ہیں،امن و امان کے قیام کے بعد کراچی میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور نجی سیکٹر کے فعال کردار سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمے مین مدد مل رہی ہے،کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنتا جارہا ہے،لیاری کی رونقیں بحال کریں گے

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ پہلے میچ میں لڑکے بہت دباﺅمیں آگئے تھے۔ٹیم انتظامیہ مینجمنٹ نے بہت محنت کی اور ٹیم نے کم بیک کیا۔سینئرزنے زبردست پرفارم کیا،آنے والے وقت میں مزید اچھی پرفارمنس دیں گے۔ چیمپئنز ٹرافی میں فتح ٹیم اسپرٹ کا نتیجہ ہے اور اس فتح کو بڑے عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔”اہل وطن کو مبارک ہو، دعائیں رنگ لے آئیں“۔
چیمپئنزٹرافی کے فائنل میں بھارتی ٹیم کو عبرت ناک شکست دینے والے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمدنے کراچی میں اپنی رہائش گاہ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہرشعبے میں اچھی کارکردگی دکھائی جس کی وجہ سے ٹیم کی فتح ہوئی۔ لڑکے جس طرح کھیلے ان کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، یہ پاکستان کرکٹ کے لیے اچھا اشارہ ہے۔قومی ہیروز کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا ۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارت سے شکست کے بعد ہماری فیلڈنگ، بیٹنگ، بولنگ سب میں بہتری آئی۔اچھی بات ہے کہ عوام ٹیم کو بہت زیادہ سپورٹ کرتی ہے، زیادہ سے زیادہ کوشش کررہے تھے کہ سوشل میڈیا سے دور رہیں۔سرفراز احمد اور رومان رئیس کچھ دیر پہلے کراچی پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
کپتان سرفرازاحمد اور رومان رئیس ایئرپورٹ لاﺅنج سے باہر آئے تو گورنر سندھ زبیر احمد اور میئر کراچی وسیم اختر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کیے۔پھولوں کے ہار پہنائے اور اجرک پیش کی گئی۔ ا س موقع پر صوبائی وزیر کھیل اور دیگر وزرا موجود تھے۔
قومی ہیرو کو دیکھ کر ایئرپورٹ پاکستان زندہ باد اور جیوے جیوے پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھا۔ لوگوں نے قومی ہیروز کے ساتھ تصاویر بنوائیں او رسیلفیاں لیں۔سرفرازاحمدکے ساتھ ان کے اہل خانہ بھی ان کے ساتھ کراچی پہنچے ہیں۔
کراچی ایئرپورٹ پر استقبال کے لیے آئے گورنر سندھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فخرکی بات ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پوری قوم کے لئے رمضان کاتحفہ ہے، کراچی کاکھلاڑی قومی ٹیم کی قیادت کررہاہے۔
محمد زبیر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے قومی ٹیم کانیاٹیلنٹ سامنے آیا،پی ایس ایل کااگلافائنل کراچی میں ہوگا، اگرنہیں ہواتم ہم چھین کرلیں گے۔بعد ازاں کپتان سرفراز احمد ایئرپورٹ سے گاڑی میں اپنے گھر بفرزون پہنچے تو قومی ہیرو پر گل پاشی کی گئی۔اس موقع پر محلے میں جشن کا سماں تھا، سرفراز احمد کے گھر پر مداحوں کا سمندر امڈ آیا۔ مداح کپتان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے چھتوں تک پر موجود تھے۔
گسرفراز احمد نےگھر کی بالکونی سے مداحوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا اور انہیں ٹرافی دکھائی۔مداحوں کی جانب سے ”موقع موقع“ گانے پر سرفراز احمد نے بھی ان کا ساتھ دیا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس کے کپتان سرفراز احمد ہوں گے۔ٹیم میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو بطور کھلاڑی شامل کیا گیاہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2017 ءمیں شرکت کرنے والی ٹیموں کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل آئی سی سی چیمپئنزٹرافی 2017ءٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں پاکستان، بھارت، برطانیہ، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں میں سے کھلاڑیوں کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017ءٹیم کے انتخاب کے لیے 6رکنی جیوری تشکیل دی گئی تھی جس کے چیئرمین آئی سی سی کے جنرل منیجر تھے، دیگر اراکین میں سابق کرکٹرز سارو گنگولی، رمیض راجہ، مائیکل ایتھرسن اور لارنس بوتھ شامل تھے۔
جیوری نے کارکردگی کی بنیاد پر ایک متوازن ٹیم منتخب کی ہے جس میں ٹورنامنٹ کے علاوہ مجموعی کارکردگی کو بھی پرکھا گیا ہے اور ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے تمام کھلاڑی ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔
اس ٹیم میں 4 پاکستانی، 3بھارتی، 3برطانوی اور ایک بنگلہ دیشی کھلاڑی شامل ہے جب کہ بارہویں کھلاڑی کے طور پر نیوزی لینڈ کین ولیم سن شامل ہیں۔
ان کھلاڑیوں میں شیکھر دھون، فخر زمان، تمیم اقبال، ویرات کوہلی،جوئے روٹ ،بین سٹوکس،عادل رشید، سرفراز احمد، جنید خان، بھونیشور کمار، حسن علی، کین ولیم سن کو شامل کیا گیا ہے

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)چمپینز ٹرافی اپنے نام کرنے والے پاکستانی کھلاڑی اپنے اپنے آبائی علاقوں میں پہنچ گئے جبکہ کچھ کھلاڑیوں نے لندن میں ہی قیام کیا ہے ۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور رومان رئیس کراچی ائیر پورٹ پہنچے جہاں گورنر سندھ محمد زبیر نے ان کا استقبال کیا
۔اس موقع پر سرفراز احمد نے مداحوں کے اصرار موقع موقع گانا بھی گا یا جس سن کر حاضرین میں مزید جوش و ولولہ پیدا ہو گیا ۔حسن علی ،بابر اعظم ،احمد شہزاد ،حسن علی اورفہیم اشرف لاہور ائیر پورٹ پہنچے تولوگوں نے پھول برسا کر ان کاوالہانہ استقبال کیا ۔عماد وسیم اور شاداب خان بے نظیر انٹر نیشنل ائیر پورٹ پہنچے تو لو گوں نے ان کا بھی شاندار استقبال کیا ۔اس موقع پر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ ہم ایک ٹیم بن کر کھیلے اور کامیابی حاصل کی ۔فخر پاکستان پشاور کے باچا خان ائیر پورٹ پہنچے جہاں پر لوگوں نے ان کا شاندار استقبال کیا اور اس موقع پر پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے ۔
فخر ز مان پشاور ائیر پورٹ سے جب اپنے آبائی علاقے مردان میں کاٹلنگ اپنی رہائش گاہ پر پہنچے تو اہل علاقہ اور اہل محلہ نے ان کا والہانہ استقبال کیا ۔گھر پہنچ کر میڈ یا نے فخر زمان سے گفتگو کی اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں فخر زمان نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں میری کار کردگی فائنل میچوں میں بہت اچھی رہی ہے ،جب بھارت کے خلاف تین سکور پر کیچ ہوا تو میں باہر جا رہا تھا ،اس وقت بہت برا لگ رہا تھا لیکن جب ایمپائر نے روکااور ایمپائر نے نو بال دی تو بہت خوشی ہوئی اور اس کے بعد سوچ لیا تھا کہ جارحانہ کھیل کھیلنا ہے ،ہر میچ سے قبل والدین سے دعائیں لیتا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے کھلاڑیوں نے کھیل میں اچھی سپرٹ دکھائی لیکن ہماری ٹیم نے فائنل میں بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ۔
دوسری جانب پی سی بی کا کہنا ہے کہ محمد عامر ،جنید خان ،شعیب ملک اور اظہر علی لندن میں ہی رکے ہوئے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم/لاہور) صوبائی وزیرِ اسکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال بجٹ میں شعبہ تعلیم میں مجموعی طور پر 345ارب روپے کی رقم مختص کردہ فنڈز سے تقریبا33ارب روپے سے زیادہ ہے۔اسکول ایجوکیشن کے شعبے کے ترقیاتی پروگرم آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 53ارب36 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔
یہ بات انہوں نے اساتذہ کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے نئے نظام کے تحت یکم جنوری 2017 سے صوبہ بھر میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کا قیام عمل میں مجموعی طور پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کیلئے 230ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔اسی طرح آئندہ مالی سال میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو 36.6 فیصد وسائل مہیا کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے"بڑھو پنجاب " کے انقلابی کو آئندہ مالی سال میں بھی اسی جوش و جذبے سے جاری رکھا جائیگا۔ اس پروگرام کے تحت18-2015تک کے اہداف میں کلاس رومز میں بلند معیار تعلیم کو یقینی بنانا،مثالی تدریسی ماحول،بہتر رہنمائی اور موثر احتساب کا نظام،عالمی معیار کی کتب کی مفت فراہمی۔بچوں کا اسکول میں 100فیصد یقینی داخلہ اور early childhood educationپروگرام شامل ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ 2018ءتک 100فیصد شرح داخلہ کے اہداف کو حاصل کرلیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ فروغِ تعلیم کے اقدامات سے معاشرے میں مثبت تبدیلی رونما ہوتی ہے۔